Tag: PPP ijlas

  • نواز شریف اپنے پاؤں پرکلہاڑی خود ہی مارلیتے ہیں،اعتزازاحسن

    نواز شریف اپنے پاؤں پرکلہاڑی خود ہی مارلیتے ہیں،اعتزازاحسن

    لاہور : پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنے پاؤں پر کلہاڑی اور گولی خود ہی مار لیتے ہیں. سعودی عرب اور ایران کے معاملے پر پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کا اجلاس بلاول ہاؤس لاہور میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہوا، جس میں تنظیمی معاملات زیرغور آئے۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے تنظیمی معاملات پر ہدایات دی ہیں۔

    انہوں نے ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے حکومت اپنی مدت پوری کرے لیکن نواز شریف اپنے پاؤں پر کلہاڑی اور گولی خود ہی مار لیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، اس حوالے سے اے پی سی بھی بلائی جانی چاہیئے۔

    چودھری نثار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم کے کہنے پر نہیں چلتے، ان کی پالیسیاں کہیں اور سے آتی ہیں۔ چودھری نثار کی اپنے ساتھی وزراء سے بھی نہیں بنتی۔

    کراچی آپریشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رینجرز کے بارے میں پیپلز پارٹی کے تحفظات اصولی ہیں، سارا احتساب سندھ میں ہو رہا ہے، پنجاب میں کرپشن کسی کو نظر نہیں آتی۔

    انہوں نے کہا کہ رینجرز انسداد دہشت گردی کیلئے بلائی گئی لیکن رینجرز کے ذریعے مفادات پورے کئے جا رہے ہیں۔

  • پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی سندھ میں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کابینہ میں ردوبدل کی تجاویز

    پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی سندھ میں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کابینہ میں ردوبدل کی تجاویز

    دبئی : پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے سندھ میں کارکردگی بہتر بنانےکیلئے صوبائی کابینہ میں ردوبدل کی تجاویز دے دیں، بلاول بھٹو زرداری نےجیالوں کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کی ہدایت کردی۔

    پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ورکروں کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کردی، شریک چئیرمین آصٖف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ میں اچھی طرز حکمرانی اولین ترجیح ہے۔

    دبئی میں پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹوزرداری اور شریک چئیرمین آصف علی زرداری کی زیرِصدارت پیپلزپارٹی کا اعلٰی سطح اجلاس ہوا، جس میں سندھ کی انتظامی صورتحال اور وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، وزیرِاعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبے کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ کابینہ میں ردو بدل کے فیصلے پر بھی غور کیا گیا۔

    آصف علی زرداری نے صوبے بھر میں اچھی طرز حکمرانی قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سے کیے گئے وعدے اور ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ورکروں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں رحمان ملک ،مراد علی شاہ اور شرجیل میمن سمیت دیگر رہنماء بھی شریک ہوئے۔

  • پیپلز پارٹی نے آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا

    پیپلز پارٹی نے آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے آج دو بجے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے قانونی ماہرین کی فوجی عدالتوں پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ جمعیت علمائے اسلام نے بھی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    پیپلزپارٹی کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت قائدِ حزبِ اختلاف خورشید شاہ کرینگے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے قانونی ماہرین کی فوجی عدالتوں پر بریفنگ دی جائے گی،  اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی کو بھی زیرِ غور لایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق تمام پارٹی رہنماؤں کو اجلاس میں شرکت کا عندیہ دیا گیا ہے، اجلاس میں پیپلزپارٹی کی مستقبل میں سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ ناراض اراکین کے حوالے سے بھی معاملات اجلاس میں زیرِغور آئے گا۔

    دوسری جانب اسلام آباد میں جے یو آئی ف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں طلب کرلیا گیا ہے، جس میں فوجی عدالتوں کے قیام کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔