Tag: PPP jalsa

  • پنجاب کے جیالے مایوس نہ ہوں بھٹو کا سورج طلوع ہورہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

    پنجاب کے جیالے مایوس نہ ہوں بھٹو کا سورج طلوع ہورہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

    گوجر خان : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں بھٹو اور بی بی کے چاہنے والے مایوس نہ ہوں بھٹو کا سورج طلوع ہورہا ہے، ملک کے عوام کو حقوق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

    یہ بات انہوں نے گوجر خان میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی، پیپلز پارٹی کی جانب سے مہنگائی کیخلاف شروع کی گئی عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جانتاہوں کہ پنجاب کہ جیالے مایوس ہیں، دو سال تک بھٹو کے بغیر پنجاب میں جدوجد کرنا آسان کام نہیں تھا، بھٹو اور بی بی کے چاہنے والے مایوس نہ ہوں بھٹو کا سورج طلوع ہورہا ہے، اب آگیا بلاول پھر سے چلے کاتیر۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک ایک شدید معاشی اور سیاسی قیادت کے بحران سے گزررہا ہے، ایسا بحران اس سے پہلےنہ کبھی دیکھا نہ کبھی سنا، میں سمجھتا ہوں کہ یہ بحران حکومت کی وجہ سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اصولی اور جمہوری مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اگر حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرتی تو ہم سپورٹ کرتے، آپ سب نے دیکھا کہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا،

    بجٹ پاس کرنے کے لئےبھی دھاندلی کی گئی، کسی کو بھی نہیں پتہ کہ فائنل ووٹ کیا تھے، کتنےحق میں اور کتنےخلاف تھے، انہوں نے مزید کہا کہ اس بجٹ میں غریب عوام پر1600ارب کا ٹیکس لگا دیا گیا ہے، گیس، بجلی ،دال سب مہنگا کردیاگیا، کاروبار تباہ کردیا ہے، ڈالر آسمان پر پہنچادیا گیا ہے، چھوٹے تاجر بھی پریشان ہیں ، اب لوگوں میں زیادہ برداشت کرنے کی طاقت نہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ غریبوں کی چھت چھیننے والوں سے میں خود حساب لوں گا، پنشنرز کو تم نے دردرکی ٹھوکریں دیں، تمہاری وجہ سے کسان فاقہ کشی پرمجبورہوگئے، میں حساب لوں گا پنجاب کےعوام کی چیخوں کا، بلوچستان کے عوام کے خون کا، پختونخوا کے نوجوانوں کے آنسوؤں کا، میں حساب لوں گا سندھ کےبچوں کی پیاس کا۔

  • عمران خان کے پاس جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی صلاحیت نہیں، بلاول بھٹو

    عمران خان کے پاس جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی صلاحیت نہیں، بلاول بھٹو

    لیہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کا نام لے کر سیاست چمکانے والوں کو کچھ نہیں ملے گا، آپ اور ہم جنوبی پنجاب صوبہ چھین کر لیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان اور شوباز شریف کو غریبوں کی فکر نہیں ہے، ناکام لیگ نے صاف پانی اسکیم کے تحت 4 ارب خرچ کئے، ناکام لیگ نے چار ارب سے صاف پانی کا یاک منصوبہ تک نہیں بنایا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ خان صاحب جگہ دیکھ کر اپنا موقف بدل لیتے ہیں، کون سے 90 دن میں عمران خان نے کے پی سے کرپشن، دہشت گردی ختم کی، ان کے جھوٹے وعدے سب پہلے بھی سن چکے ہیں، عمران خان کے پاس جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی صلاحیت نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے جنوبی پنجاب کا قیام ضروری ہے، جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا حل صرف نیا صوبہ ہے، جنوبی پنجاب کی حقیقی نمائندگی صرف پیپلزپارٹی کرسکتی ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی اکیلے کچھ نہیں کرسکتی آپ کی طاقت میری طاقت بنے گی، میرا ساتھ دیں تو بھٹو شہید کے نقش قدم پر چل کر رہائشی اسکیم کا منصوبہ دوں گا، 6 اضلاع پر مشتمل تھل ڈویژن کا قیام عمل میں لایا جائے گا، پیپلزپارٹی حکومت میں آکر لیہ میں فری انڈسٹریل زون بنائے گی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جس نے پیپلزپارٹی چھوڑی وہ دوبارہ ایوان میں نہیں گیا، تاریخ گواہ ہے ہمیں بڑے بڑے لوگوں نے چھوڑا، پیپلزپارٹی کو کسانوں اور غریبوں نے نہیں چھوڑا، جب بھی حکومت میں آئے عوام کی خدمت کے لیے کام کیا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے پی ٹی آئی میں جانے والے پانچ سال اسمبلی میں خاموش رہے، اقتدار کے مزے لوٹتے رہے اور اب انہیں جنوبی پنجاب یاد آرہا ہے، عوام باشعور ہے ان کے دھوکے اور فریب میں نہیں آئے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں سے دشمنی کی جارہی ہے، اپنا حق لے کر رہیں گے، پیپلز پارٹی کراچی سے بھی جیتے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے ایف سی ایریا ٹنکی گراؤنڈ کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام کل بروز اتوار ٹنکی گراؤنڈ میں جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔

    جلسے سے بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے، سید مراد علی شاہ نے جلسے کے انتظامات کے علاوہ خصوصی طور پر سیکیورٹی سمیت دیگرانتظامات کا جائزہ لیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں پی پی کیلئے پہلے بھی کوئی نوگو ایریا نہیں تھا اوراب بھی نہیں ہے، کل بلاول بھٹو کی قیادت میں شاندارجلسہ ہوگا، جلسے کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پوراپاکستان پیپلز پارٹی کا ہے، پیپلزپارٹی پورے ملک کی طرح کراچی سے بھی جیتے گی، پیپلزپارٹی کے منشور پر عمل کرنے والے پارٹی میں آسکتے ہیں۔

    پیپلزپارٹی سے بڑے لوگ نہیں گئے، وزیراعظم سے کہا ہے کہ کراچی کے لوگوں کو سزانہ دی جائے، سندھ کے لوگوں سے دشمنی کی جارہی ہے ہم اپناحق لے کر رہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • پیپلزپارٹی آج ملتان میں جلسہ کرے گی،قمر زمان کائرہ

    پیپلزپارٹی آج ملتان میں جلسہ کرے گی،قمر زمان کائرہ

    لاہور:پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی آج ملتان میں جلسہ کرے گی، پیپلزپارٹی کچھ عرصے سے بحران میں تھی، ریاست کی کچھ قوتیں ہمیشہ پیپلزپارٹی کی مخالف رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان جلسے میں شرکت کیلئے روانگی سے پہلے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی آج ملتان میں جلسہ کرے گی، آصف زرداری اور بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔

    قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کچھ عرصے سے بحران میں تھی، ریاست کی کچھ قوتیں ہمیشہ پیپلزپارٹی کی مخالف رہیں ، فاٹا کے معاملے پر حکومت اور فضل الرحمان پھنس گئے ہیں۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ آنے والے دن عجیب و غریب ہوں گے، ایم ایم اےکی بیل آسانی سے منڈھے نہیں چڑھے گی، ایم ایم اے کی تین جماعتیں مختلف اتحادی حکومتوں میں ہیں، جماعت اسلامی تحریک انصاف کی اتحادی ہے، فضل الرحمن اور ساجد میر مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں۔

      انکا کہنا تھا  کہ قبل از وقت الیکشن غیرآئینی نہیں ہوتے، بروقت الیکشن سے جمہوری نظام پر عوام کا اعتماد بڑھتا ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نےپی ٹی آئی سےتعاون کی کبھی درخواست نہیں کی، کرپٹ لوگ عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں۔

    قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اسپیکرصاحب اپنے منصب کے مطابق کام نہیں کر رہے، خدشہ ہے تواسپیکرکو ایوان میں اپنی بات واضح کرنی چاہیے، وزیراعظم کو خود ہی یقین نہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں، وزیر اعظم کہتے ہیں میرے وزیر اعظم نواز شریف ہیں۔

    طاہر القادری کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ طاہرالقادری احتجاج کی طرف گئے تو ہم ساتھ ہوں گے، طاہر القادری کے سیاسی اتحادی نہیں بن رہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہمیشہ طاہر القادری کا ساتھ دیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئرکریں۔

  • اندر سے جیالی‘ باہر سے پولیس والی ہوں

    اندر سے جیالی‘ باہر سے پولیس والی ہوں

    حیدر آباد: پیپلز پارٹی کے جلسے میں تعینات خاتون پولیس اہلکار نے دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندر سے جیالی ہوں، باہر سے پولیس والی ہوں۔

    حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسے کی سیکیورٹی پر تعینات خاتون پولیس اہلکار نے نمائندہ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندر سے جیالی ہوں، باہر سے پولیس والی ہوں، ہم اپنی وردی کے آگے مجبور ہیں نہ ان کے نام کا نعرہ لگا سکتے ہیں، ہم پیپلزپارٹی کے تو نہیں ہیں لیکن جیالے ہم ہیں۔

    خاتون پولیس اہلکار نے انکار کے باوجود جئے بھٹو کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ ہم بلاول کی سیکیورٹی کے لیے بھی آئے ہیں اور انہیں دیکھنے کے لیے بھی آئے ہیں۔ بلاول بھٹو ہمیں بہت اچھے لگتے ہیں‘ میں ان کی پرستار ہوں۔

    ایک اور لیڈی پولیس اہلکار سے جب یہ سوال کیا گیا کہ آپ جلسے میں ڈیوٹی کے دوران کیسا محسوس کررہی ہیں؟‘ تو جواب میں خاتون اہلکار نے کہا کہ ڈیوٹی کرنا بہت اچھا لگ رہا ہے، گرمی بہت زیادہ ہے لیکن کیا کریں ڈیوٹی تو کرنی ہے‘ بھٹو کے لیے!جئے بھٹو۔

  • پاکستان پیپلز پارٹی کا دادو میں جلسہ،  بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

    پاکستان پیپلز پارٹی کا دادو میں جلسہ، بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

    دادو : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دادومیں جلسہ عام سےخطاب کریں گے، جلسے کی تیا ریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی آج دادو میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے، جلسے کی تیاریاں زوروں پر ہے، پنڈال میں30 ہزار کرسیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ قائدین کے لیے اسٹیج تیار ہوچکا ہے جبکہ جلسہ گاہ میں جگہ جگہ بینرز بھی لگ گئے ہیں۔

    فتح جنگ میں جلسے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

    جلسہ گاہ میں بلاول کی آمد ہوگی بزریعہ ہیلی کاپٹر ہوگی ، جس کے لئے جلسہ گاہ میں دو ہیلی پیڈ بنائے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی بھی سخت ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے سے خطاب کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ن لیگ نے نیشنل ایکشن پلان کو دفن کردیا، بلاول

    ن لیگ نے نیشنل ایکشن پلان کو دفن کردیا، بلاول

    فتح جنگ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سازشی منصوبے کے تحت پیپلز پارٹی کو محدود کرنےکی کوشش کی گئی، ن لیگ نے نیشنل ایکشن پلان کو دفن کردیا، ان کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فتح جنگ میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک سے متعلق بھی اچھی خبر نہیں آرہی، اب امریکا نے بھی آنکھیں دکھانی شروع کردی ہیں۔

    ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ پاکستان نےخود کونہ بدلا تو وہ ہمیں بدل دیں گے، ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، دہشت گردی جنگ میں ہزاروں قربانیوں کےباوجود ہم پرالزام لگایا جارہا ہے، الزام تو پہلے بھی لگاتے تھے مگراب امریکا دھمکی دینے پر آگیا ہے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ پاکستان سفارتی سطح پر تنہا ہوچکا ہے، دنیا ہماری بات ماننے کو تیارنہیں، ہم پر کوئی اعتبارنہیں کررہا،اس کا ذمہ دار کون ہے؟

    مخالفین دیکھ لیں پیپلزپارٹی وفاق کی جماعت ہے

    انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پی پی ایک صوبے میں سمٹ گئی ہے، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ آنکھیں کھول کر دیکھیں، پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے، سازشی منصوبے کے تحت پیپلزپارٹی کو محدود کرنےکی کوشش کی گئی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا، وہ جانتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھایا گیا، شہید محترمہ بینظیربھٹو اورہزاروں کارکنوں کو قتل کیا گیا، مگر ہم نے عوام اور غریبوں کی سیاست نہیں چھوڑی، ہم نے کبھی کسی آمر کےسامنے سر جھکایا اور نہ ہی دہشت گردوں سے ڈرے۔

    نواز لیگ کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے

    چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ اچھی یا بری ہرحکومت کی ایک خارجہ پالیسی ہوتی ہے لیکن نواز لیگ کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، میاں صاحب دنیا کے ساتھ چلنا پڑتا ہے، دنیا کو اپنے مسائل بتانے پڑتےہیں۔

    نواز حکومت نے چارسال تک کوئی وزیر خارجہ نہیں بنایا، اب اگر وزیر خارجہ بنا ہی دیا گیا ہے تو وہ دوسرے ممالک میں جانے کی بجائے جی ٹی روڈ پرکھڑا ہوگیا، وزیرخارجہ جی ٹی روڈ پرکھڑے ہوکر پوچھ رہا ہے کہ میرے قائد کوکیوں نکالا گیا؟

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ن لیگ نے نیشنل ایکشن پلان کو دفن کردیا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتیں متفق تھیں، پلان پر مکمل عمل نہیں کیا جارہا،۔

    فوجی آپریشن ایک پوائنٹ تھا، اس سے دہشت گردی ختم نہیں ہوتی، فرقہ پسندی،دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنی ہے تو قوم کو ایک کرنا ہوگا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیمیں نام بدل بدل کر سیاسی جماعتیں بنالیں اور حکومت کی مدد کیلئے اسمبلی میں آکر بیٹھ جائیں، ایسا نہیں ہونا چاہئیے۔

    خان صاحب کے تبدیلی کے دعوے سراسر جھوٹے ہیں

    انہوں نے عمران خان کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے پی کے کی حالت دیکھ کرآیا ہوں، وہاں جاکر پتا چلا کہ جھوٹ، جھوٹ اور سب جھوٹ ہے، خان صاحب کے تبدیلی کے دعوے سراسر جھوٹے ہیں، تبدیلی کے نعرے کی ضرورت پڑتی ہے تو خان صاحب پہاڑ پر چڑھ کر بیٹھ جاتے ہیں، پھراترتے ہی نہیں۔

    کے پی کے کے لوگ ڈینگی میں مبتلاہو رہے ہیں اور خان صاحب جلسوں میں تقریریں فرما رہےہیں، عمران خان صاحب دہشت گردوں سے تو ڈرتے ہی ہیں کیا اب آپ نے مچھر سے بھی ڈرنا شروع کردیا ہے؟

    کے پی کے حکومت ایک مدرسے کو کروڑوں روپے دے دیتی ہے، دنیا اندھی نہیں، وہ دیکھ رہی ہے کہ آپ کیا کررہے ہیں، آپ عوام سے جھوٹ بول سکتے ہیں مگر دنیا آپ کے دھوکے میں نہیں آئیگی۔

    ملک نازک صورت حال سے گزر رہا ہے

    انہوں نے کہا کہ اچھی طرح جانتا ہوں ملک نازک صورت حال سے گزر رہا ہے، اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، ہماری تمام معاملات پر نظر ہے، ن لیگ عوام کو اصل صورتحال نہیں بتارہی، یہ صرف کرسی کیلئے لڑ رہے ہیں، الزامات کی سیاست ہورہی ہے۔

    نوازشریف ہوں یا عمران خان ان میں ملکی مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہی نہیں ہے۔ کیونکہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے پاس کوئی منشور نہیں، یہ دائیں بازو کی سیاست کرتے ہیں، یہ رائٹرز سیاست ہیں، غریب، کسان،مزدور، عوام ان کے ایجنڈے میں نہیں۔

    ن لیگ اور پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے تووہ صرف اور صرف اقتدار میں رہنا ہے۔ یہ لوگ صرف اپنے ذاتی مفاد اور اقتدار کیلئے سیاست کرتے ہیں۔

    نااہل میاں صاحب آپ کی حکومت بھی ناکام ہے

    سابق وزیر اعظم نوز شریف کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کس بات کی ترقی کی بات کررہے ہیں، ملک میں صاف پانی کو لوگ ترس رہے ہیں، تمام حکومتوں نے اتنا قرض نہیں لیا جتنا ن لیگ نے چار سال میں لے لیا ہے۔

    صنعتوں کا یہ حال ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹریز بند ہوتی جارہی ہیں، تاجرپریشان ہیں، مزدور رات کو بھوکا سوتا ہے، بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب کیا یہ ہے آپ کی ترقی؟ کیا آپ اسے ترقی کہتےہیں ؟ نااہل میاں صاحب آپ کی حکومت بھی ناکام ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام حالات سے مایوس نہ ہوں، پی پی پی کا جھنڈا اب میں نے اٹھا لیا ہے، ہم ان حالات سے گھبرانے والے نہیں، پیپلزپارٹی کو جب اقتدار ملا جب ملک دو ٹکڑے ہوچکا تھا،90ہزار فوجی بھارتی فوج کی قید میں تھے، پھر قوم نے دیکھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے بھارتی قید سے فوجی آزاد کرائے، اپنی سرزمین بھی واپس لے لی۔

    ذوالفقار بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا، لوگوں کو روزگار دیا، کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا، سابق صدر آصف علی زرداری نے مشکل حالات میں پاکستان کھپے کانعرہ لگا کرعوامی اور جمہوری حکومت قائم کی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ضرورت پڑنے پر ملک کیلئے جانوں کے نذرانے بھی پیش کرتی ہے۔

    عوام میرا ساتھ دیں مایوس نہیں کروں گا

    بلاول بھٹو نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کی حمایت اور طاقت پر یقین رکھتا ہوں، اگرعوام میرا ساتھ دیں تو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، ملک کو آگے لے کرجاؤں گا۔

    اقتدار میں آکر ہم ملک سے غربت کا خاتمہ کردیں گے، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کو مزید وسیع کیا جائے گا، ہماری حکومت میں کسان کو فصل کی قیمت اور مزدور کو اس کا جائز حق دیا جائیگا، ہم مساوات پر مبنی معاشرہ قائم کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی پالیسی ہو یا ٹرمپ کا بیان، آپ نے گھبرانا نہیں، پیپلزپارٹی آپ کے ساتھ ہے،جو دہشت گردوں کو للکارتی ہے، پیپلزپارٹی امریکا سے بھی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی ہے۔

    پی پی نے سلالہ حملے کے بعد نیٹو سپلائی لائن، ائربیسز کو بند کردیا تھا، تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا تھا کہ امریکا نے کسی ملک سے معافی مانگی۔

  • پاکستان پیپلزپارٹی آج مانسہرہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

    پاکستان پیپلزپارٹی آج مانسہرہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

    مانسہرہ : پاکستان پیپلزپارٹی آج مانسہرہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، بلاول بھٹو جلسے سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو ن لیگ کے گڑھ مانسہرہ میں عوامی قوت کا مظاہرہ کریں گے ، مانسہرہ میں پیپلز پارٹی کے جلسے کیلئے غازی کوٹ ٹاؤن شپ کے کرکٹ کے میدان میں پنڈال سج گیا، بھٹو کے گیت نے سب کو بھٹو کے رنگ میں رنگ دیا۔

    جلسہ گاہ میں شرکا کیلئے 20 ہزار کرسیاں لگا دی گئیں جبکہ ، جلسے کا اسٹیج تیار کرلیا گیا اور قیادت کے بینرز اور بڑی تصویروں والے بورڈنصب کر دیئے گئے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلسہ عام سے خطاب کریں گے

    مانسہرہ میں پیپلز پارٹی کے جلسے کے لئے سیکیورٹی کےسخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے جیالے جلسے میں شرکت کے لیے دور دور سے آرہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان پیپلزپارٹی آج چنیوٹ میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    پاکستان پیپلزپارٹی آج چنیوٹ میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی

    چنیوٹ : پاکستان پیپلزپارٹی آج چنیوٹ میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے ۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج چنیوٹ میں کارکنوں کا لہو گرمائیں گے، جلسے کا اہتمام چنیوٹ کے اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں کیا گیا ہے، تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، شہر کو بھی سجایا جا رہا ہے۔

    اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں بارہ ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں، پنڈال میں پیپلزپارٹی کے پرچم اور بینرز بھی لگائے گئے ہیں۔

    بلاول بھٹو آج شام چھ بجے جلسے سے خطاب کرینگے، جلسہ گاہ کی سیکیورٹی کیلے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

    گذشتہ روز پیپلزپارٹی رہنما قمرزمان کائرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی کل سے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کررہی ہے، بلاول بھٹو اپنے مستقبل کا ایجنڈا بتائیں گے۔

    قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نااہل وزیراعظم اپنی قوت کا مظاہرہ کررہے ہیں، نوازشریف کاجلوس کس کےخلاف ہے، میاں صاحب کی ساری باتیں عدلیہ اور فوج کےخلاف ہیں، آپ کو کرپشن کے پیسے چھپانے پرنا اہل کردیا گیا ہے، میرے شہر کا بچہ آپ کی ریلی کی نظر ہوا، آپ کو ریلی کا حق نہیں، میاں صاحب آپ نااہل ہو چکےہیں۔

    عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے پی پی رہنما نے کہا تھا کہ خان صاحب نے اپوزیشن کو توڑا ہے، عمران خان کا نیا پاکستان کہاں گیا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • پی ایس 114: پی پی کا جلسہ، بدترین ٹریفک جام

    پی ایس 114: پی پی کا جلسہ، بدترین ٹریفک جام

    کراچی: شہر قائد کے حلقہ پی ایس 114 میں پی پی کے جلسے اور دیگر سیاسی شخصیات کی آمد کے سبب محمود آباد اور شاہراہ فیصل پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، لوگ گھنٹوں پھنسے رہے، گاڑیاں چھوڑ کر پیدل سفر عبور کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے حلقہ پی ایس 114 میں انتخابی مہم جاری ہے، پیپلز پارٹی نے جلسے کا اعلان کیا جس میں خطاب کے لیے بلاول بھٹو زرداری جب پہنچے تو وی آئی پی موومنٹ کے سبب سڑکیں بند کردی گئیں جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا جو شاہراہ فیصل تک پہنچ گیا۔

    آج یہاں صرف پی پی کے رہنماؤں کی آمد نہیں ہوئی بلکہ دیگر سیاسی شخصیات بھی انتخابی مہم چلاتی نظر آئیں جس کے باعث راستے بند رہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، لوگ ٹریفک جام کی وجہ سے طویل فاصلہ پیدل طے کرنے پر مجبور ہوگئے، وی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے جگہ جگہ پولیس نفری تعینات رہی۔

    اطلاعات ہیں کہ ٹریفک جام بڑھتے بڑھتے شاہراہ فیصل اور ڈرگ روڈ اور کالونی گیٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث لاکھوں شہری متاثر ہوئے، لسبیلہ اور جہانگیر روڈ پرسیوریج کے پانی کی وجہ سے پہلے ہی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی محمود آباد پہنچے اور پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ ریلی نکالی۔

    مزید براں پیپلز پارٹی کے جلسے میں صحافیوں کے لیے بھی کوئی انتظامات نہیں کیے گئے، مختلف ٹی وی چینلز کی 10 ڈی ایس این جیز کو کوریج سے روک دیاگیا۔

    جلسہ گاہ میں کارکنان سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات نظر آئے، صحافیوں کو بیٹھنے کی بھی جگہ نہیں ملی، ان کے لیے کرسیاں کم پڑگئیں تو وہ احتجاجاً سڑک پر بیٹھ گئے۔