Tag: PPP leader

  • متنازع تقریر پر پی پی کراچی ڈویژن کے صدر قادر پٹیل کو شوکاز نوٹس

    متنازع تقریر پر پی پی کراچی ڈویژن کے صدر قادر پٹیل کو شوکاز نوٹس

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے متنازع تقریر پر کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

    قادر پٹیل کی متنازع تقریر پر پیپلز پارٹی نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے، وزیرِ اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ قادرپٹیل کو اپنی متنازع تقریر سے متعلق پارٹی قیادت کو وضاحت پیش کرنا ہوگی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل قادر پٹیل پارٹی کی طرف سے سینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر رحمان ملک سے ناراض تھے اور رحمان ملک کے بارے میں ایک تقریر میں ان کا کہناتھا کہ ان کے فارمولے پارٹی کے کارکنوں کی سمجھ سے باہر ہیں۔

    قادر پٹیل نے اپنی تقریر میں پیپلز پارٹی کے ایم کیو ایم سے سینٹ الیکشن میں اتحاد پر پارٹی لیڈ شپ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    جس پر انہیں پارٹی کی طرف سے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

  • ذوالفقارعلی بھٹو کا 87واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

    ذوالفقارعلی بھٹو کا 87واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

    پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کی آج ستاسی ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

    سابق وزیرِاعظم ذوالفقارعلی بھٹو نے جنوری انیس سو اٹھائیس کو سندھ کے شہر لاڑکانہ کے ایسے گھرانے میں آنکھ کھولی، جہاں دولت کی ریل پیل تھی، ذوالفقارعلی بھٹو نے عوامی مسائل کے حل کے لیے خارزار سیاست کا انتخاب کیا۔

    ذوالفقار علی بھٹو نے انیس سو تہتر میں ملک کو نہ صرف پہلا متفقہ آئین دیا بلکہ ان کے دور میں ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کو بھی آج تک ان کی بڑی کامیابی قرار دیا جاتا ہے جبکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام شروع کرنے کا سہرا بھی ذوالفقار علی بھٹو کے سرجاتا ہے۔

    اتنی عوامی مقبولیت کے باوجود ذوالفقار بھٹو نے جلد بازی نہ کی اور تقریبا ڈیڑھ سال بعد عوام کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی  کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کا تاریخی نعرہ دیا۔

    پاکستان کی سياسی تاریخ میں جو مقام ذوالفقارعلی بھٹو اور پیپلزپارٹی کو ملا وہ کسی اور رہنما يا جماعت کو حاصل نہيں ہوسکا، اپنی مدت پوری کرنے کے بعد مارچ 1977 میں ہونے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے بھاری اکثریت لیتے ہوئے 155 نشستیں حاصل کیں جبکہ نو جماعتوں پر مشتمل پاکستان قومی اتحاد کے حصے میں صرف 36 نشستیں آئیں لیکن پی این اے نے انتخابی نتائج قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔

    اس دوران ذوالفقار علی بھٹو اور پی این اے کے رہ نما مفتی محمود کے درمیان دو اور تین جولائی کو مذاکرات ہوئے، جنہیں نتیجہ خیز بھی قرار دیا جاتا رہا لیکن پھر چار جولائی کو اس وقت کے آرمی چیف جنرل ضیاء الحق نے مارشل نافذ کر کے 90 دن میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔

    ذوالفقار علی بھٹو کو دو بار نظر بند کر کے رہا کر دیا گیا تاہم انہیں تیسری بار حراست میں لے کر قتل میں اعانت کا مقدمہ چلایا گیا اور پھر اس مقدمے میں 4 اپریل 1979 کو ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دیدی گئی۔

    پاکستان میں چار جرنیلوں نے بزور قوت حکومت کی مگر اپنے پیش رو حکمران کا تختہ الٹ کر قتل کے سیاسی مقدمے میں پھانسی دینے کے واقعہ 34 سال گزرنے کے بعد آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

  • دہشت گردوں کی سزائے موت پرعملدرآمد کا فیصلہ خوش آئند ہے،رحمان ملک

    دہشت گردوں کی سزائے موت پرعملدرآمد کا فیصلہ خوش آئند ہے،رحمان ملک

    لاہور : سابق وفاقی وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی سزائے موت پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ خوش آئند ہے، افغانستان سے مولوی فضل اللہ سمیت مولوی فقیراور خالد خراسانی کی حوالگی کا بھی مطالبہ کیا جائے، طالبان داعش سے مل چکے ہیں۔

    لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے چھ افراد کے ڈیٹھ وارنٹ پر دستخط کرکے اچھی شروعات کی ہے، اب دوسرے مجرموں کو بھی سزا دینے کا عمل مکمل ہونا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سزائے موت پر پابندی عالمی دباؤ پر صرف عام مقدمات میں لگائی، منشیات اور دہشت گردوں کے لیے کوئی پابندی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مالا کنڈ، سوات، باجوڑ میں فوجی آپریشن کروایا، موجودہ حکومت نے صرف ایک آپریشن ضربِ عضب کروایا، ضرورت ہے کہ لشکرِ جھنگوی کے خلاف رحیم یار خان، بہاولپور اور جھنگ میں کارروائی کی جائے۔

    رحمان ملک نے افسوس کا اظہار کیا کہ دہشت گرد اکٹھے ہوچکے ہیں، مگر سیاستدان تقسیم ہیں، نواز شریف اور عمران خان کو اکھٹے پشاور جاکر فوج سے اظہارِ یکجہتی کرنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ طالبان نے داعش کے طریقہ کار پر بچوں کو قتل کیا۔ ان کا اسلام سے کوئی تعلق ہے نہ ہی وہ انسان ہیں۔

    رحمان ملک کا کہنا تھا کہ قوم پارلیمانی کمیٹی کو مضبوط کرے ہمیں دہشت گردوں کو شک کا فائدہ دینے والے قوانین کی خامیوں کو دور کرنا ہوگا اور ججوں کو تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔

  • پی ٹی آئی کے دھرنوں میں حاضری کم ہونے پرافسوس ہے، شرمیلا

    پی ٹی آئی کے دھرنوں میں حاضری کم ہونے پرافسوس ہے، شرمیلا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ کراچی میں تحریک ِ انصاف کے دھرنوں میں حاضری توقع سے انتہائی کم رہی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صبح سے شہر کی سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی تھی، انہوں نے اس امرپرافسوس کا اظہارکیا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے عوام کی بڑی تعداد میں توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے بیشتر مقامات پر دھرنوں میں شرکاء کی تعداد پچاس سے سو تک تھی۔

    پیپلز پارٹی کی رہنماء کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص پنجاب اورسندھ کی حکومتوں کا فرق واضح محسوس کرسکتا ہے۔ سندھ پولیس نے پی ٹی آئی کو مکمل تحفظ فراہم کیا جس کے باعث کراچی جیسے حساس شہر میں پنجاب کی طرز کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔

    شرمیلا نے گفتگو کے دوران کہا کہ سندھ حکومت نے سیاسی بردباری اورتحمل کاشاندار مظاہرہ کیا ہے۔

  • میاں صاحب عمران خان کو بڑا لیڈر بنا رہے،خورشید شاہ

    میاں صاحب عمران خان کو بڑا لیڈر بنا رہے،خورشید شاہ

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنماء اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن میں سیاسی سمجھ نہیں ، میاں صاحب عمران خان کو بڑا لیڈر بنارہے ہیں ۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ میاں صاحب اگر خود فیصلے نہیں کرسکتے تو دیگرجماعتوں سے مشورے لے لیا کریں، مذاکرات میں جج عوام ہوتی ہے، حکومت کو پیغام بھیجا ہے کہ اگر آپ سے مذاکرات نہیں ہوتے تو مجھے کرنے دیں۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کی مدت چار سال کی جائے۔

  • مڈٹرم الیکشن نہیں ہو رہے، اعتزازاحسن

    مڈٹرم الیکشن نہیں ہو رہے، اعتزازاحسن

    لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے زبردستی استعفٰی لینے کے دن گزر گئے، مڈٹرم الیکشن نہیں ہوں گے۔

    لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان جلسے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی آنکھیں کھل جانی چاہیئیں، جلسے میں لاکھوں کا مجمع تھا نہ جوش و خروش، ق لیگ خیموں والی جماعت ہے، جس کے اپنے کارکن نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اچھا مہمان ہے جو جلد چلا جاتا ہے اور پھر واپس بھی آ جاتا ہے۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ دن گئے جب وزیراعظم سے زبردستی استعفٰی لیا جاتا تھا، مڈٹرم الیکشن نہیں ہو ہوں گے، عمران خان کو اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنا پڑے گا۔

  • جلسے میں بدانتظامی کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے،شرجیل میمن

    جلسے میں بدانتظامی کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے،شرجیل میمن

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنماء شرجیل انعام میمن کا کہنا یے کہ جلسے میں بدانتظامی کی ذمہ داری پی ٹی آئی انتظامی کمیٹی کی تھی۔

    ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی پی رہنماء شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملتان جلسے میں بدانتظامی کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی انتظامی کمیٹی ہے، تحریکِ انصاف کے رہنما عمران اسماعیل تسلیم کرچکے ہیں کہ جلسے کے انتظامت کی ذمہ داری پی ٹی آئی کے پاس ہی تھی۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان جلسے میں بدانتظامی کی کا الزام حکومت پر لگا رہے ہیں۔

  • عمران خان پارٹی میں معاملے کی اپنے طور پر انکوائری کروائیں،رحمان ملک

    عمران خان پارٹی میں معاملے کی اپنے طور پر انکوائری کروائیں،رحمان ملک

    لاہور: سینیٹر پیپلز پارٹی رحمان ملک کا کہنا ہے کہ ملتان میں جانیں دینے والوں کے ساتھ بہت زیادتی ہوئی ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو بھی پارٹی میں معاملے کی اپنے طور پر انکوائری کروانی چاہیے

    انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے فوری جو ڈیشل کمیشن بنوا کر معاملے کی انکوائری کروائی جائے۔

    لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ جوڈشل کمیشن بنوا کر سانحہ ملتان کی انکوائری کروائی جانی چاہیے کہ کیا یہ قصور حکومت کا تھا یا پاکستان تحریک ِ انصاف کی انتظامیہ کی غلطی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو بھی پارٹی میں معاملے کی اپنے طور پر انکوائری کروانی چاہیے، رحمان ملک نے کہا کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریند مودی کو چاہیے وہ پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں، لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور حملے بہت خطرناک ہیں، پاک فوج بھرپور جواب دے سکتی ہے۔

    انہوں نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی کہ بھارت کے خلاف بھرپور ایکشن لیں، دہشت گردی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ظالمان موسمی دہشت گردی کرتے ہیں، جلد بے نقاب کروں گا اور قوم ان کی خوب دھلائی کرے گی۔