Tag: ppp shaheed bhutto

  • ادارے فروخت ہوتے رہے تو ملک کیسے قائم رہ سکے گا،غنویٰ بھٹو

    ادارے فروخت ہوتے رہے تو ملک کیسے قائم رہ سکے گا،غنویٰ بھٹو

    گجرات : پیپلزپارٹی بھٹو شہید کی چیر پرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ زرداری اور نواز شریف نے سامراجی قوتوں کے ہاتھوں ملک کے تمام سرکاری ادارے فروخت کر دیئے ہیں اگر ملکی ادارے اسی طرح فروخت ہوتے رہے تو ملک کیسے قائم رہ سکے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات کے شہر ڈنگہ میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ بھٹو نے اپنی زندگی میں کہا تھا کہ پاکستان میں دو بھٹو ہیں ایک میں اور دوسرے عوام مگر آج پارلیمنٹرینز نے پیپلزپارٹی پر قبضہ کر کے اسے عوام کا دشمن بنا دیا ہے۔

    بھٹو کی پارٹی پر جنرل ضیاء الحق کے دور سے پابندی ہے کیونکہ بھٹو کا نشان تلوار تھا، انہوں نے کہا کہ میں انیس سالوں سے جبر اور ظلم برداشت کر رہی ہوں۔

    سندھ کے عوام کبھی بھی پنجاب کے مخالف نہیں رہے مگر پانی کی تقسیم پر انصاف ہونا چاہیئے، غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید نے غریب عوام کو شعور دیا روزگاردیا، بولنے کی طاقت دی بڑے بڑے ملکی اداروں کو نیشلائز کیا مگر آج زرداری اور نواز شریف نے ملک کے تمام ادارے نجکاری کے نام پر فروخت کر دیئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نام پر لوٹ مار کر کے ملک سے فرار ہونے والوں کو بھٹو شہید کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اگرعوام چاہتے ہیں تو وہ زرداری اور نواز شریف کے خلاف گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آ جائیں جب تک عوام بیدار نہیں ہوں گے اس وقت تک بھٹو شہید کا نام لینے والے پستے رہیں گے۔

  • عوام کو مرتضیٰ بھٹو کے قاتلوں کے بارے میں بتایا جائے، غنویٰ بھٹو

    عوام کو مرتضیٰ بھٹو کے قاتلوں کے بارے میں بتایا جائے، غنویٰ بھٹو

    لاڑکانہ : پیپلز پارٹی شھید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ عوام کو شہید مرتضی بھٹو کے قاتلوں کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گڑھی خدا بخش بھٹو میں پیپلز پارٹی شھید بھٹو کے بانی چیئرمین شہید مرتضی بھٹو کی 19 ویں برسی منائی گئی۔ کارکنان نے ان کے مزار پر حاضری دی، جبکہ شھداء کے مزار کے سامنے مرکزی جلسہ ہوا جس میں ملک اور سندھ بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا کہ جنرل ضیاء کے دور میں منائے گئے لوگوں کو آج فوج اور حکمران پکڑ رہے ہیں جس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ اعتراف کر رہے ہیں کہ ان کی ماضی کی جو پالیسیاں تھیں وہ غلط تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائیاں کی جائیں جو ملک کے اندر مختلف اداروں میں موجود ہیں۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کا موجودہ نظام اپنے ہی بچوں کو نگلنے والا ہے جس کو تبدیل کرنے کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو شہید مرتضی بھٹو کے قاتلوں کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا.

    اس حوالے سے سابق صدر آصف علی زرداری۔ شعیب سڈل اور دیگر افسران کو ہمارے بہت سے سوالات کے جوابات دینے ہیں اور وہ ان کے لئے ذمہ دار بھی ہیں۔ جلسے سے پارٹی کے دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔