Tag: PPP

  • جو کچھ اعظم سواتی سے ہورہا ہے کل کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، لطیف کھوسہ

    جو کچھ اعظم سواتی سے ہورہا ہے کل کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، لطیف کھوسہ

    کراچی : پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آج اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ کل کسی اور ممبر کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے مین گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کیخلاف ملک بھر میں ایف آئی آرز کا اندراج انتہائی غلط اقدام ہے، لوگوں کو دھمکیاں دینا اور بلاوجہ گرفتاریاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ واضح حکم دے چکی ہے کہ ایک واقعے کی ایک ہی ایف آئی آر درج ہوگی، جس کے بعد ملک بھر میں ایف آئی آرز درج ہونا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کی گرفتاری پر بلوچستان ہائی کورٹ نے واضح حکم دیا تھا کہ ان کیخلاف بلوچستان میں تمام کیسز ختم کیے جائیں، بلوچستان میں رہائی کے بعد سندھ پولیس کا اعظم سواتی کو لے جانا غلط ہے، یہاں تو پولیس والوں کو گاڑی نہیں ملتی, اعظم سواتی کیلئے ان کو پورا جہاز مل گیا۔

    لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ایوان بالا مضبوط ہے لیکن میں حیران ہوں کہ اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر چیئرمین سینیٹ نے جاری کیوں نہیں کیے، اعظم سواتی کو سندھ پولیس نے بھی گرفتار کیا ہے تو غلط کیا ہے، آج اعظم سواتی کے ساتھ ہوا ہے کل کسی اور ممبرپارلیمان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ امید ہے بلوچستان ہائیکورٹ کی طرح سندھ ہائیکورٹ بھی سینیٹر اعظم سواتی کو ریلیف ضرور دے گی، عدالتیں آزاد ہیں، درجن بھر مقدمات کے معاملے کا نوٹس لیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ارشد شریف شہید نےصدر اور چیف جسٹس کو جان کے خطرے سے متعلق خطوط لکھے تھے، ان کےخطوط پرتوجہ ہی نہیں دی گئی اور وہ جان سے چلے گئے، ان کا کیس منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔

  • جلد انتخابات سے ملک و قوم کو کیا فائدہ ہوگا؟ بلاول بھٹو

    جلد انتخابات سے ملک و قوم کو کیا فائدہ ہوگا؟ بلاول بھٹو

    کراچی : وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صرف عمران خان کی ضد پر قبل از وقت انتخابات کیوں کروائیں؟ جلد انتخابات سے ملک و قوم کو کیا فائدہ ہوگا؟

    یہ بات انہوں نے غیرملکی نیوز چینل الجزیرہ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات کا فائدہ صرف عمران خان کو ہی ہوگا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، پاکستان کے پارلیمانی نظام کیلئے یہی بہتر ہے کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں۔ میرا نہیں خیال جلد الیکشن سے جمہوریت کو کوئی فائدہ ہوگا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں نے بھی عمران خان کے دور حکومت میں لانگ مارچ کیا اور جلد الیکشن کا مطالبہ کیا تھا لیکن عمران خان نے جلد الیکشن کا مطالبہ نہیں مانا۔

    انہوں نے بتایا کہ تحریک عدم اعتماد سے عمران خان کی حکومت ختم کی اب وہ جلد الیکشن کی ضد کررہا ہے، عمران خان کو یہ حقیقت تسلیم کرلینی چاہیے کہ عدم اعتماد سے ہی ان کی حکومت گئی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان نے سازشی تھیوریز گھڑیں مگر اب دنیا یہ حقیقت جان چکی ہے، پی ڈی ایم اتحاد تقسیم کے بجائے ملکی اتفاق کی واضح مثال ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا آپشن کھلا ہے، پیپلز پارٹی ہم خیال جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔

  • سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا، امتیازشیخ

    سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا، امتیازشیخ

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما اور وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ نے کہا ہے کہ اگر سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان صدف عبدالجبار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سیاست ہے ہی مذاکرات کا نام اس میں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، عمران خان مشروط مذاکرات کی بات کریں گے تو ایسے میں بات کیسے ہوسکتی ہے؟

    امتیازشیخ نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات سے کوئی انکار نہیں کرتا، لیکن پی ٹی آئی مذاکرات سے دور بھاگ رہی ہے اورالزامات لگاتی ہے، الزامات پہلے ہی لگادیئے جائیں تو ایسے میں کوئی بات نہیں ہوتی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ متعین ہے پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو آئے بات کرے، معیشت سے متعلق فیصلے عوام پر چھوڑ دیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مانتے ہیں مشکل حالات ہیں لیکن یہ ہمیں ورثے میں ملے ہیں، پی ٹی آئی نے8ماہ سے پورے ملک میں انتشار پھیلایا ہوا ہے،معیشت میں غیریقینی صورتحال پیدا کی گئی جس کی ذمہ دار صرف پی ٹی آئی ہے۔

    امتیازشیخ نے کہا کہ پہلے جب ہم الیکشن کا مطالبہ کیا کرتے تھے اس وقت تو عمران خان بھاگتے تھے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ صرف عمران خان کے مطالبے پر الیکشن کرادیں، حکومت نے فیصلہ کرنا ہے الیکشن کس وقت ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کہتی ہے بات کریں تو دوسری طرف اسمبلیاں توڑنے کی دھمکی دیتی ہے، پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑنی ہے تو توڑ دیں ہمارے پاس جواب بھی ہے۔

    امتیازشیخ کامزید کہنا تھا کہ پرویزالٰہی عمران خان پرحملے کا مقدمہ درج نہیں کراسکے اسمبلی کیا توڑیں گے، سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا۔

  • سابق صدر آصف زرداری اہم مشاورت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے

    سابق صدر آصف زرداری اہم مشاورت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدرآصف علی زرداری کراچی سے بذریعہ جہاز اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

    پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اسلام آباد ایئرپورٹ سے زرداری ہاؤس پہنچ گئے، آصف زرداری اسلام آباد میں جاری سیاسی صورت حال کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے۔،

    پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر زرداری کی سیاسی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، موجودہ سیاسی حالات اہم قومی مسئلہ ہیں۔

    آصف زرداری نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے اہم مشاورت کا حصہ ہوں گے، سابق صدر اتحادی جماعتوں سربراہان سے حتمی مشاورت بھی کرینگے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اہم تعیناتی کے مسئلے پر ان کی رائے طلب کی گئی تھی، واضح رہے کہ آصف زرداری نے طبیعت خرابی کے باعث سیاسی سرگرمیاں کئی ماہ سے ترک کی ہوئی تھیں۔

    مزید پڑھیں : چند دنوں میں آرمی چیف کی تعیناتی ہوجائے گی، رانا ثناء اللہ

    یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے گزشتہ دنوں ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آنے والے چند دنوں میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی ہوجائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ نئے سپہ سالار کی تعیناتی سے متعلق فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف ہی کریں گے، تاہم مشاورت سب سے کرنی چاہئے کیونکہ مشاورت ایک عمل کی نفاست اور مضبوطی کا باعث ہے۔

  • پیپلز پارٹی نے نئے سینیٹر کی تلاش شروع کر دی، ڈاکٹر عاصم، مرتضیٰ وہاب مضبوط امیدوار

    پیپلز پارٹی نے نئے سینیٹر کی تلاش شروع کر دی، ڈاکٹر عاصم، مرتضیٰ وہاب مضبوط امیدوار

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے نئے سینیٹر کی تلاش شروع کر دی، ڈاکٹر عاصم، مرتضیٰ وہاب مضبوط امیدوار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر کی خالی نشست پر سینیٹر کے انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی نے نئے سینیٹر کے لیے امیدوار کی تلاش شروع کر دی۔

    ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نئے سینیٹر کے لیے مختلف رہنماؤں کے ناموں پر غور کر رہی ہے، جن میں ڈاکٹر عاصم حسین، اسلام الدین شیخ، مرتضیٰ وہاب، اور وقار مہدی کے نام شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین اور مرتضیٰ وہاب سینیٹر بننے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

    یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے مصطفیٰ نواز کھوکھر 10 نومبر کو سینیٹ سے مستعفی ہو گئے تھے، وہ پی پی کے ٹکٹ پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

  • ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان بلدیاتی معاہدہ کھٹائی میں پڑگیا

    ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان بلدیاتی معاہدہ کھٹائی میں پڑگیا

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پیپلزپارٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کا معاملہ لٹک گیا، بلدیاتی معاہدے پر تاحال کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز قبل ہونے والی رہنماؤں کی ملاقات میں بلدیاتی قانون میں ترامیم پر دونوں جماعتوں کا اتفاق ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ ترامیم کے حوالے سے آج پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان بات چیت کا اگلا مرحلہ ہونا تھا لیکن آج بھی اس معاملے پر پیش رفت نہ ہوسکی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد نہ ہونے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت سے نکلنے کے علاوہ اور دیگر آپشنز پر بھی غور کرنا شروع کردیا ہے۔

    اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اپنے تمام سینیٹرز، ایم این ایز اور اراکین صوبائی اسمبلی کو ہنگامی طور پر اتوار کو کراچی طلب کیا ہوا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کل بروز اتوار کو ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد دفتر میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں ان آپشنز پر رائے اور اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان ہونے والا معاہدہ کئی معاملات پر تعطل کا شکار ہے اور گزشتہ روز اس معاہدے کے حوالے سے گزشتہ روز دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی دو ملاقاتوں میں بھی اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

  • اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا حامی ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ

    اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا حامی ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا حامی اور، شہرقائد کے مسائل کو بہت اچھے طریقے سے سمجھتا ہوں۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں خود کراچی میں پیدا ہوا ہوں، آج سے20سال پہلے تک کراچی کا ہر کونہ جانتا تھا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، ہمارا کام ہے کہ ہم کسی کو غلط کام نہ کرنے دیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مربوط و موثر منصوبہ بندی نہ ہونے سے کراچی کے مسائل تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نقل مکانی کی وجہ سے آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوا، اختیارات کی نچلی سطح پرمنتقلی کا حامی ہوں۔

    تجاوزات کے خلاف کارروائی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نسلہ ٹاورمیں سندھ حکومت کی غلطی نہیں تھی، اتنی اچھی14منزلہ عمارت تھی جو گرادی گئی۔

  • ایم کیو ایم اور پی پی نے کراچی کے لیے کوئی کام نہیں کیا، خرم شیر زمان

    ایم کیو ایم اور پی پی نے کراچی کے لیے کوئی کام نہیں کیا، خرم شیر زمان

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پی پی نے کراچی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا کارنامہ یہ ہے کہ آج کراچی دنیا کے بدترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے عالمی رپورٹ پیپلز پارٹی کے 15سالہ بد ترین دور حکومت کی نالائقی کا بڑا ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہر قائد پر قبضہ کرنے اور کرپشن کے علاوہ پیپلزپارٹی نے کوئی کام نہیں کیا، پاکستان کا سب سے بڑا شہر پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر تباہ کردیا۔

    پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ سندھ حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ صرف مال بنانے کے لیے اپنا اپنا ایڈمنسٹریٹر لگانا چاہ رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کراچی کی عوام کیلئے کوئی بنیادی سہولت موجود نہیں ہے، دونوں سیاسی جماعتوں نے شہر کو رہنے کے قابل نہیں چھوڑا۔

  • بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے کتنے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے؟

    بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے کتنے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جب کہ پہلے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 788 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

    پیپلز پارٹی نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اسے بڑی کامیابی نصیب ہوئی ہے، جس سے پارٹی کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق شہید بینظیر آباد سے 132، جیکب آباد سے 114، کشمور سے 103، شکار پور سے 42، میرپور خاص سے 70، عمر کوٹ سے 71، خیرپور سے 63، نوشہرو فیروز سے 59 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔

    سانگھڑ سے 67، لاڑکانہ سے 13، قمبر شہدادکوٹ سے 67، گھوٹکی سے 35، سکھر سے 28، جب کہ تھرپارکر سے 21 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔

    پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے ہی میں عوام نے ہمارے مخالفین کو مسترد کر دیا ہے، اور اس جیت سے تنقید کرنے والے سندھ حکومت کی کارکردگی کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، پولنگ شروع

    واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبے بھر کے 14 اضلاع میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

    14 اضلاع میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، شکار پور، خیر پور، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، کشمور، کندھ کوٹ، گھوٹکی اور تھر پارکر شامل ہیں۔

  • پی پی نے سینیٹر سکندر میندھرو کی خالی نشست پر ٹکٹ الاٹ کر دیا، میت امریکا سے کل پہنچے گی

    پی پی نے سینیٹر سکندر میندھرو کی خالی نشست پر ٹکٹ الاٹ کر دیا، میت امریکا سے کل پہنچے گی

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹر سکندر میندھرو کی خالی نشست پر ٹکٹ الاٹ کر دیا، مرحوم کی میت امریکا سے کل کراچی پہنچے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے مرحوم سکندر علی میندھرو کی بیوہ خالدہ میندھرو کو ٹکٹ الاٹ کر دیا، خالدہ میندھرو ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گی۔

    یہ نشست ڈاکٹر سکندر میندھرو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، خالدہ میندھرو کے کورنگ امیدوار ڈاکٹر کریم خواجہ ہوں گے۔

    دوسری طرف خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سکندر میندھرو کی میت کل صبح امریکا سے کراچی پہنچے گی، ان کی نماز جنازہ بدین میں پڑھائی جائے گی، ان کی بیوہ خالدہ میندھرو فیملی سمیت کراچی پہنچ گئی ہیں۔

    پیپلزپارٹی کے لئے بُری خبر، اہم رہنما کا امریکا میں انتقال

    یاد رہے کہ سینیٹر سکندر میندھرو 11 جون کو گردے میں کینسر کے باعث 78 سال کی عمر میں امریکا میں انتقال کر گئے تھے، وہ دو ماہ سے امریکا کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    ڈاکٹر سکندر میندھرو 7 جولائی 1943 کو بدین میں پیدا ہوئے تھے، وہ سندھ کے وزیر صحت بھی رہے، 4 بار رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں، سکندر میندھرو نے سندھ یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی تھی۔

    2018 میں وہ ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر صوبہ سندھ سے ایوان بالا کے رکن بنے، ان کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم ترین رہنماؤں میں کیا جاتا ہے۔