Tag: PPP

  • حافظ نعیم الرحمان کا پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام

    حافظ نعیم الرحمان کا پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام

    کراچی: حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان پیپلز پارٹی پر ضمنی بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کمپری ہینسو ہائی اسکول کے باہر احتجاج کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جعل سازی کر کے تاریخ دہرا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا پورا دن ہمارے کارکنان کے ساتھ زیادتی ہوئی ان پر تشدد کیا گیا، ہمارے متعدد کارکنان کو گرفتار کیا گیا، پیپلز پارٹی نے پولیس کے ذریعے سے یہ کام کروائے، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکالنے کی کوششیں کی گئیں، لیکن ہمارے کارکنان نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ نیو کراچی یو سی 13 اور 4 میں بدترین صورت حال رہی،

    انھوں نے کہا فارم 11 کے مطابق ہم نے یو سی 4 جیت لی ہے، لیکن نتائج کو تبدیل کیا گیا، نتائج فارم 11 کے مطابق نہیں ہیں، بار بار الیکشن کمیشن سے رابطہ کرتے رہے، لیکن نتائج جاری کرنے میں تاخیر کی گئی۔ انھوں نے مزید کہا الیکشن کمیشن نے یقین دلایا کہ درست نتائج جاری کریں گے۔

    ضمنی بلدیاتی الیکشن: کراچی میں کوئی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی

    ادھر پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی پیپلز پارٹی پر دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں، آفتاب صدیقی نے کہا پی پی دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتی، ٹھپے لگے بیلٹ پیپرز سے باکس بھرے گئے، ایم این اے اسلم خان نے کہا کہ ایک بوتھ پر 81 ووٹ کاسٹ ہوئے اور گنتی میں 481 نکلے۔

    دھاندلی کے الزامات پر صوبائی وزیر سعید غنی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جماعت اسلامی کا طرز عمل غیر سیاسی ہے، بات چیت کریں مسئلے کا حل نکالیں، میئر تو پیپلز پارٹی کا ہی بنے گا، انھوں نے کہا ہم نے بلدیاتی الیکشن کے لیے پلان کے ساتھ محنت کی تھی۔

  • سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

    سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

    کراچی: سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے چوبیس اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں 93 حلقوں پر پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ 67 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی۔

    جماعت اسلامی کو 9 نشستیں ملیں، پی ٹی آئی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور مسلم لیگ ن نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔

    ادھر کراچی کی 246 یونین کونسلز میں سے 240 میں الیکشن نتائج مکمل ہو گئے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی 98 یوسیز میں کامیابی کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے، 87 یوسیز میں کامیاب جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ پی ٹی آئی نے 43 یوسیز میں کامیابی حاصل کی۔

    ضمنی بلدیاتی الیکشن: کراچی میں کوئی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی

    پاکستان مسلم لیگ ن نے 7، جے یو آئی نے 3 یوسیز میں کامیابی حاصل کی، ایک یو سی میں ٹی ایل پی اور ایک میں آزاد امیدوار کامیاب ہوا، جن 6 یوسیز کے نتائج روکے گئے ہیں وہاں پیپلز پارٹی کامیاب قرار پائی تھی۔

    نتائج کے مطابق کراچی میں کوئی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی ہے، جس کی وجہ سے میئر لانے کے لیے اتحادی ہونا ضروری ہوگا۔

  • ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا،پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ ہمیں پنجاب اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا، ایک ہی روز الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب 25 اپریل کو احتجاج کرے گی۔

    پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ منگل کے روز وسطی پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی تنظیمیں منگل کو پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں، ہمیں پنجاب میں اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

  • مولانا فضل الرحمان نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کے مخالف نکلے، پی پی کا پیچھے ہٹنے سے انکار

    مولانا فضل الرحمان نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کے مخالف نکلے، پی پی کا پیچھے ہٹنے سے انکار

    اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کے مخالف نکلے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی نے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سیاسی جماعتوں میں نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ جاری ہیں، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کی مخالفت کر دی ہے، ان کے نزدیک ڈائیلاگ غیر ضروری ہیں۔

    پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ پر مولانا فضل الرحمان کے مؤقف پر انھیں شدید تحفظات ہیں، ان سے قومی مکالمہ کی مخالفت ہی کی توقع تھی، پارٹی قیادت کو مولانا فضل الرحمان کے مؤقف سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جو مولانا کو تحفظات سے آگاہ کرے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی پی قیادت نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ سے کسی طور پیچھے نہیں ہٹے گی، ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ ہیں، یہ سیاسی صورت حال کے پیش نظر ناگزیر ہیں، سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے جا سکتے، کیوں کہ آج کے حریف کل کے حلیف ہوتے ہیں۔

    پیپلز پارٹی ذرائع نے اپنا مؤقف دہرایا کہ سیاست میں مذاکرات کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے، انتخابات سے ہمیشہ کے لیے فرار حاصل نہیں کیا جا سکتا، پیپلز پارٹی ایک ہی دن انتخابات کرانے کے مؤقف پر قائم ہے۔

    ذرائع نے کہا کہ مذاکرات کے معاملے پر ن لیگ کے رویے میں نمایاں لچک آئی ہے، پیپلز پارٹی اتحادیوں کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے مکالمہ کرے گی۔

  • فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کر دی

    فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کر دی

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما فردوس عاشق اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بارے میں سوشل میڈیا پر ٹوئٹس ہو رہے تھے کہ انھوں نے مسلم لیگ ق سے سیاسی سفر شروع کر کے پیپلز پارٹی اور پھر تحریک انصاف کے ساتھ ناتا جوڑا، لیکن اب پھر پی پی پی کے ساتھ منسلک ہو گئی ہیں۔

    تاہم فردوس عاشق نے ایک ٹوئٹ میں رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کے مخالفین، ناقدین اور حاسدین کا نیا پروپیگنڈا ہے، انھوں نے کہا یہ لوگ ہر روز من گھڑت اور منفی پروپیگنڈا کر کے عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

    فردوس عاشق نے افواہیں پھیلانے والے عناصر سے کہا کہ انھیں شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

  • مردم شماری پر کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی کے سیاسی جماعتوں سے رابطے

    مردم شماری پر کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی کے سیاسی جماعتوں سے رابطے

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے مردم شماری کے معاملے پر کثیر الجماعتی کانفرنس کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی نے ڈیجیٹل مردم شماری پر اے پی سی بلا لی ہے، رہنما نثار کھوڑو نے سیاسی جماعتوں کو مردم شماری سے متعلق کانفرنس میں شرکت کے لیے اعتماد میں لینے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید، مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ و دیگر سے رابطہ کیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی جانب سے سیاسی رہنماؤں کو دعوت نامے بھی بھیجے جائیں گے، کثیر الجماعتی کانفرنس جمعہ کو کراچی کے ایک لگژری ہوٹل میں شام 4 بجے منعقد ہوگی۔

    رہنما پیپلز پارٹی عاجز دھامراہ نے بھی جے یو آئی رہنما راشد محمود سومرو، قادر مگسی، ایاز پلیجو، صنعان قریشی، سید جلال محمود شاہ، ریاض چانڈیو، لال جروارو اور دیگر رہنماؤں سے رابطے کیے۔

    ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ فنکشنل سمیت ادیبوں اور رائٹرز کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

    نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ کو ڈیجیٹل مردم شماری اور غیر قانونی تارکین وطن پر خدشات ہیں، ہم سیاسی جماعتوں کے مردم شماری سے متعلق نقطہ نظر کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری میں خامیاں ہیں، سندھ کے دیہی علاقوں میں سسٹم کام نہیں کر رہا، خدشہ ہے کے ڈیجیٹل مردم شماری کا آر ٹی ایس کی طرح حشر کیا جائے گا، اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کی درست آبادی گنی جائے، غیر قانونی تارکین وطن کو الگ خانے میں رکھا جائے۔

  • زرداری سیاست کو لاحق بیماری کا نام ہے، علی زیدی

    زرداری سیاست کو لاحق بیماری کا نام ہے، علی زیدی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما علی زیدی نے پی پی رہبما آصف علی زرداری کے بیان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرداری سیاست کو لاحق بیماری کا نام ہے۔

    یہ بات انہوں نے آصف زرداری کی وہاڑی میں کی جانے والی پریس کانفرنس کے جواب میں کہی، انہوں نے کہا کہ اس زرداری سے نجات جمہوریت کی بقا و سلامتی کیلئے ناگزیر ہے، حقیقی آزادی تحریک سے سب سے بڑا خطرہ زرداری کے ڈاکو راج کو ہے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ اپنا مستقبل تاریک دیکھ کر حکومت کی ڈوبتی کشتی سے کودنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، اہلیان سندھ ڈاکو راج کا سب سے کلیدی اور بنیادی نشانہ ہیں، پیپلزپارٹی کے اس بے رحم گروہ نے سیلاب متاثرین کو سفاک سیاست کی بھینٹ چڑھایا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عالمی پریس جس ڈاکو کی داستانوں سے بھرا پڑاہے وہ سیاست پر لیکچر نہیں دے سکتا، ملک بھر کی طرح اہل سندھ عمران خان کی قیادت پر یکسو ہیں۔

    اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات میں سندھ کو زرداری کے ناپاک راج سے نجات میسر آئے گی، دونوں باپ بیٹے کے کھوکھلے ڈرامے اب ان کے کسی کام نہیں آئیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے وہاڑی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس سے بات چیت نہیں کرسکتے کیونکہ عمران خان غیر سیاسی شخص ہے، سیاست میں جفاکشی کرنا پڑتی ہے اور عمران خان جفاکشی کا عادی نہیں۔

  • کراچی ضلع شرقی کے ایک یو سی میں ری کاؤنٹنگ، جماعت اسلامی سے سیٹ چھن گئی

    کراچی ضلع شرقی کے ایک یو سی میں ری کاؤنٹنگ، جماعت اسلامی سے سیٹ چھن گئی

    کراچی: شہر قائد میں ضلع شرقی کے ایک یو سی میں ری کاؤنٹنگ کے بعد سیٹ جماعت اسلامی سے چھن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں یو سی 6 پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کی سیٹ پر ری کاؤنٹنگ کرائی گئی، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین احمد خان اور وائس چیئرمین عبدالحق کا پینل کامیاب ہو گیا۔

    پیپلز پارٹی کے پینل نے 2096 ووٹ حاصل کیے، جب کہ جماعت اسلامی کا پینل 1843 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہا۔

    ریٹرننگ آفیسر نے ری کاؤنٹنگ کے بعد فارم 14 جاری کر دیا، پاکستان پیپلز پارٹی نے اس نشست پر الیکشن کمیشن سے ری کاؤنٹنگ کی درخواست کی تھی۔

  • وعدہ وفا نہ ہوا، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی میں ایک بار پھر کشیدگی

    وعدہ وفا نہ ہوا، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی میں ایک بار پھر کشیدگی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے درمیان پیدا ہونے والا ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے، سندھ حکومت کی یقین دہانی کے بعد متحدہ نے اپنا دھرنا مؤخر کردیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلزپارٹی کے درمیان مفاہمتی عمل ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے یونین کمیٹیز کی تعداد بڑھانے کا لیٹر جاری نہ ہوسکا۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے اس حوالے سے گورنر سندھ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، اب ایم کیو ایم پاکستان نے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرنا شروع کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کے تحفظات گزشتہ دنوں وزیراعظم سے ملاقات میں بھی رکھے، گورنرسندھ پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت سے بھی رابطہ کریں گے۔

    یاد رہے کہ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ کو15فروری کو24سے48گھنٹے میں لیٹر جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے اس حوالے سے فوارہ چوک پر دھرنے کی کال بھی دے رکھی تھی، تاہم پی پی کی یقین دہانی کے بعد12فروری کو مؤخر دھرنے کی نئی تاریخ نہیں دی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : ایم کیو ایم نے کاغذات نامزدگی واپس لے کیے 

    ذرائع کے مطابق حلقہ بندیوں میں یوسیز کی تعداد بڑھانے کے لیے تاحال نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پر ایم کیو ایم پیپلزپارٹی سے ناراض ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کو جواب دیا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق ڈرافٹ تیار کر رہے ہیں۔

  • دھرنا مؤخر کرنے کے باوجود ایم کیوایم کو نوٹیفکیشن کا انتظار

    دھرنا مؤخر کرنے کے باوجود ایم کیوایم کو نوٹیفکیشن کا انتظار

    کراچی : ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان اضافی یوسیز کے حوالے سے گزشتہ رات ہونے والے مذاکرات کے معاملے پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج 12فروری کو فوارہ چوک پر دیئے جانے والے دھرنے کو مؤخر کرنے کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے کوئی اقدام سامنے نہ آسکا۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کی جانب سے شہر کراچی میں53اضافی یوسی کے قیام کے نوٹی فکیشن کے مطالبے میں تاخیر ہورہی ہے جبکہ ایم کیوایم کو پیپلزپارٹی کی جانب سے یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔

    اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ ماضی کی طرح پھر مسلسل تاخیر کی جارہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہےکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آپس میں رابطے میں ہیں، دونوں شخصیات معاملہ کو خوش اسلوبی سے طے کرانے کے لئے متحرک ہیں۔

    دوسری جانب متحدہ ذرائع کہتے ہیں کہ کراچی اور حیدرآباد کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو دھرنا ہی ہمارا آخری آپشن ہے اور یہ دھرنا غیرمعینہ مدت کے لئے دیا جائے گا۔

    ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق دھرنے کے علاوہ اور بھی آپشنز ہیں جو استعمال کیے جاسکتے ہیں، ہماری اولین ترجیح پاکستان ہے اس لئے احتیاط کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

    متحدہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان کی بہتری کے لئے ہی دھرنا مؤخر کیا تھا لیکن اب 14فروری کے بعد اپنا آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔