Tag: practice matches

  • پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے قومی کھیل کی ترقی کا راز بتا دیا

    پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے قومی کھیل کی ترقی کا راز بتا دیا

    کراچی : پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کی بہتری کیلیے ضروری ہے کہ اعلیٰ معیار کے پریکٹس میچز کا انعقاد کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی ذہنی یکسوئی اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلیے پریکٹس میچز کے ساتھ ان کی مالی مشکلات بھی دور کرنا ہوں گی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے لڑکوں کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کیلیے اسکول کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دے کر بچوں کو کھلانا ہوگا اس کے علاوہ کلب لیول ہاکی کا آغاز کرنا ہوگا۔ ان ٹیموں کے صوبائی اور عالمی سطح پر مقابلے منعقد کرنا ہوں گے۔

    ان بچوں کی حوصلہ افزائی کیلیے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر انہیں انعامات دیے جائیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور ٹیم کیلیے نئے کھلاڑی میسر آسکیں۔

    مزید پڑھیں : پاکستان ہاکی ٹیم کو ایک اور بڑے ایونٹ میں شرکت کی دعوت

    واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے دعوت دی ہے۔

    ملائیشیا میں ہونے والے نیشنز کپ کی فاتح ٹیم کو پرو ہاکی لیگ کے لیے کوالیفائی کرنا تھا، فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا اور پرو ہاکی لیگ کے لیے بھی کوالیفائی کیا تھا۔

    تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم مالی مسائل کے باعث لیگ سے دستبردار ہوگئی، جس کے بعد ایف آئی ایچ نے پاکستان ٹیم کو مدعو کر لیا۔ پرو لیگ سے پاکستان کو عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا سنہری موقع مل گیا ہے۔

  • نیدرلینڈز روانگی سے قبل قومی اسکواڈ کے اہم میچز

    نیدرلینڈز روانگی سے قبل قومی اسکواڈ کے اہم میچز

    لاہور: نیدرلینڈز روانگی سے قبل قومی اسکواڈ پاکستان شاہینز کے خلاف پریکٹس میچز کھیلے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بابر اعظم کی قیادت میں اعلان کردہ قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ نیدرلینڈز روانگی سے قبل پاکستان شاہینز کے خلاف 2 پریکٹس میچز کھیلے گا۔

    پچاس اوورز پر مشتمل یہ میچز 7 اور 10 اگست کو ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے جائیں گے، جب کہ قومی اسکواڈ کا 7 روزہ تربیتی کیمپ 6 سے 11 اگست تک لاہور میں منعقد ہوگا۔

    ان میچز میں پاکستان شاہینز کی قیادت سعود شکیل کریں گے، جب کہ نیدرلینڈز کے لیے اعلان کردہ قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل عبداللہ شفیق اور زاہد محمود ان میچز میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔

    اعلان کردہ 12 کھلاڑی:

    سعود شکیل (کپتان)، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، زاہد محمود، کامران غلام، عبدالواحد بنگلزئی، قاسم اکرم، میر حمزہ، عباس آفریدی، ارشد اقبال، ابرار احمد، فیصل اکرم۔

    یہ پہلا موقع ہوگا جب قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز آمنے سامنے آئیں گے، تاہم یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، دونوں اسکواڈز کو مدمقابل لانے کا مقصد سیریز کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ پاکستان شاہینز میں شامل بیک اپ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے۔

    فاسٹ باؤلر حارث رؤف 7 اگست جب کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پہلے پریکٹس میچ کے بعد لاہور میں قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کو جوائن کریں گے، اسکواڈ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب ایمسٹرڈیم روانہ ہوگا۔

    شیڈول:

    6 اگست بروز ہفتہ، سہ پہر 3 سے شام 5 بجے تک قومی اسکواڈ کا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیٹ سیشن ہوگا، جب کہ اسکواڈ سے قبل قومی اسکواڈ کا ایک رکن میڈیا ٹاک کرے گا۔

    7 اگست بروز اتوار، صبح 9 سے شام 6 بجے تک قومی کرکٹ ٹیم بمقابلہ پاکستان شاہینز پہلا پریکٹس میچ ہوگا۔ 8 اگست بروز پیر، صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک قومی کھلاڑیوں کا نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ٹریننگ سیشن منعقد ہوگا۔

    دورۂ نیدرلینڈز، ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان

    9 اگست بروز منگل آرام کا دن ہوگا، 10 اگست بروز بدھ، صبح 9 سے شام 6 بجے تک قومی کرکٹ ٹیم بمقابلہ پاکستان شاہینز دوسرا پریکٹس میچ ہوگا۔ جب کہ 11 اگست بروز جمعرات، صبح 10 سے دوپہر 1 بجے تک قومی کھلاڑیوں کا نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں آپشنل ٹریننگ سیشن منعقد ہوگا۔ دوپہرساڑے بارہ بجے کپتان بابر اعظم پریس کانفرنس کریں گے۔