Tag: praised

  • بالی ووڈ کے تینوں خانز بھی نواز الدین صدیقی کے مداح

    بالی ووڈ کے تینوں خانز بھی نواز الدین صدیقی کے مداح

    معروف بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے اپنی منفرد اداکاری سے اپنا علیحدہ مقام بنا لیا ہے، بالی ووڈ میں ہر شخص ہی ان کے کام کا معترف ہے اور بالی ووڈ کے سپر اسٹارز تینوں خانز بھی ان میں شامل ہے۔

    نواز الدین صدیقی حال ہی میں ہدایتکار سدھیر مشرا کی فلم افواہ میں نظر آئے، لیکن نواز اس فلم کی ڈسٹری بیوشن پر غیر مطمئن نظر آ رہے ہیں، کیونکہ لوگ ان سے فلم افواہ کی محدود ریلیز کے بارے میں فون کر کے پوچھ رہے تھے۔

    ایک انٹرویو کے دوران فلم ساز پر برس پڑے، انہوں نے کہا کہ جب میکرز کوئی فلم بناتے ہیں اور اگر وہ اسے ریلیز کررہے ہیں تو انہیں ہمت سے اسے ریلیز کرنا چاہیئے۔

    نواز الدین صدیقی نے کہا کہ بہت سے لوگ مجھے فون کر کے پوچھ رہے ہیں کہ فلم کہاں ریلیز ہوئی ہے، کیا میں انہیں بتاؤں کہ یہ کہاں ریلیز ہوئی ہے؟ انڈسٹری کے لوگ بھی مجھ سے یہی پوچھ رہے ہیں اور میں یہ نہیں بتا سکتا کہ اسے کہاں ریلیز کیا گیا ہے۔

    فلم افواہ میں بھومی پیڈنیکر نے بھی مرکزی کردار نبھایا ہے، یہ فلم خطرناک افواہوں سے لڑنے اور ان کے لوگوں کی زندگیوں پر پڑنے والے نتائج کے موضوع پر مبنی ہے، رپورٹس کے مطابق فلم کی تھیٹر کی اسکرینیں کم کردی گئیں، جس کی نشاندہی لوگوں نے سوشل میڈیا پر بھی کی۔

    انٹرویو کے دوران نواز الدین صدیقی نے بالی وڈ سپر اسٹارز کے ساتھ کام سے متعلق کہا کہ تینوں خانز کے ساتھ کام کرنا ایک بہت ہی تفریحی تجربہ ہے، چاہے وہ سلمان ہو، شاہ رخ یا عامر، جب بھی کوئی فلم ہوتی ہے تو وہ مجھے فون کرتے ہیں، کیونکہ وہ مجھے اور میرے کام کو جانتے ہیں۔

    نواز کا کہنا تھا کہ وہ مجھے ذاتی طور پر جانتے ہیں اور اسی وجہ سے ان کے ساتھ مضبوط رشتہ ہے، اگر اتنا بڑا سپر سٹار اتنی عاجزی سے مجھ سے بات کرتا ہے تو یقیناً مجھے لگے گا کہ وہ مجھے اپنا سمجھتے ہیں۔

  • شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے والے نوجوان پر سعودی پولیس اہلکار نے پستول تان لیا

    شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے والے نوجوان پر سعودی پولیس اہلکار نے پستول تان لیا

    ریاض: سڑک پر ٹائر اسکریچنگ کرنے والے نوجوان کو پستول تان کر روکنے والے پولیس اہلکار کو اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا، شہری بھی مذکورہ پولیس اہلکار کی تعریف کر رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی الدرعیہ کمشنری میں ایک ٹریفک اہلکار نے مقامی نوجوان کو ٹائر اسکریچنگ اور فرار ہونے سے روکنے کے لیے پستول تان لیا، ویڈیو سوشل میڈیا پ وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان الدرعیہ میں ٹائر اسکریچنگ کر رہا ہے، پولیس اہلکار نے اسے روکا اور جب اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تو اس پر پستول تان لیا۔

    سوشل میڈیا پر صارفین نے پولیس اہلکار کے فوری اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس اہلکار ٹائر اسکریچنگ کرنے والے نوجوان کو نہ روکتا تو راہ گیروں کی جانیں خطرے میں پڑجاتیں، پولیس اہلکار نے جو اقدام کیا وہ قابل تعریف ہے۔

    اس سے قبل محکمہ ٹریفک نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاض ٹریفک پولیس نے اس گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جو الدرعیہ میں ٹائر اسکریچنگ کر رہا تھا اور راہ گیروں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالے ہوئے تھا۔

    سوشل میڈیا پر ایک اور تصویر وائرل ہے جس میں ریاض پولیس کے ڈائریکٹر میجر جنرل فہد المطیری اور ریاض ٹریفک کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈیئر محمد الدوسری ٹائر اسکریچنگ کرنے والے نوجوان کو روکنے والے ٹریفک اہلکار عبد السلام الصنیتان کو اعزاز دے رہے ہیں۔

  • موڈیز اسٹیٹ بینک کے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کی معترف

    موڈیز اسٹیٹ بینک کے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کی معترف

    اسلام آباد : عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کورونا وائرس کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آٖف پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا اقدامات کے باعث بینک زیادہ سستےقرضےدینےاورمعیشت کوسہارا دینے کےقابل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کورونا وائرس کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آٖف پاکستان کے اقدامات پر بیان میں کہا ہے کہ اقدامات پاکستانی بینکوں پرکورونا کے منفی اثرات کم کرنے میں مدد دیں گے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک نےشرح سودمیں 1.5 فیصد کی کمی کی ہے اور بینکوں کےکیپیٹل کنزرویشن بفر میں بھی ایک فیصد کی کمی کی گئی، اقدامات سے معاشی سست روی کےدوران بینکوں پر اثرات کم ہوں گے۔

    عالمی ریٹنگ ایجنسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شرح نمورواں سال 2سے2.5فیصد تک رہنے کا امکان ہے، اس سے پہلے موڈیز نے2.9فیصد شرح نمو رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔

    موڈیز نے کہا کہ شرح نمو میں کمی کی وجہ کورونا کی عالمی وبا ہے، خدمات کی کھپت پرنقل وحمل کی پابندیوں کے باعث کمی آئے گی، ایسے میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو سپلائی چین میں تعطل اورآڈرز کے مؤخر ہونے سے نقصان ہوگا۔

    شرح نمومیں کمی کی وجہ کورونا کی عالمی وبا ہے۔خدمات کی کھپت پرنقل وحمل کی پابندیوں کےباعث کمی آئے گی۔ایسےمیں ٹیکسٹائل سیکٹرکوسپلائی چین میں تعطل اورآڈرزکے مؤخرہونےسےنقصان ہوگا۔

    عالمی ریٹنگ ایجنسی کا بیان میں کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی کریڈٹ گروتھ متوازن رکھنے کا باعث بنے گی، کیپیٹل کنزرویشن بفرمیں کمی سےبینکنگ سسٹم میں 800ارب کااضافہ ہوگا۔

    موڈیز کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے اقدام سےبینکوں کی قرضےدینےکی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور قرضوں میں اصل کو مؤخر کرنے کی سہولت سے رسک میں کمی آئے گی۔

  • پاک بھارت کشیدگی: خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے، یورپی پارلیمنٹ

    پاک بھارت کشیدگی: خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے، یورپی پارلیمنٹ

    برسلز : اراکین یورپی پارلیمنٹ نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چودہ فروری کو پلوامہ میں بھارتی فوجیوں کی خودکش دھماکے میں ہلاکت کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان شدید کشیدگی چل رہی ہے جس پر یورپی پارلیمنٹ نے اظہار تشویش کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیر اعظم مودی کو خط ارسال کیا ہے۔

    پاک بھارت کے وزراء اعظم کو بھیجا گیا خط یورپی پارلیمنٹ کے رکن سجاد کریم کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے جس پر یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر سمیت 40 ارکان نے دستخط کیے ہیں۔

    [bs-quote quote=”کشمیریوں کو شریک کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”یورپی پارلیمنٹ”][/bs-quote]

    خط میں دونوں ملکوں کی قیادت پر کشیدگی کے خاتمے کےلیے مذاکرات کا آغاز کرنے پر زور دیا گیا ہے، اراکین یورپی پارلیمنٹ کا خط میں کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان کا اقدام مذاکرات اور امن کا راستہ کھولنے کا باعث بنے گا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو شریک کیے بغیر خطے میں دیرپا امن قائم نہیں ہوسکتا، یورپی پارلیمنٹ اس ضمن اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی، چینی وزیرخارجہ کا بھارتی ہم منصب کے سامنے دو ٹوک مؤقف

    یاد رہے کہ چودہ فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے خود کش حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات اٹھائے تھے۔

    بھارتی فضائیہ نے 25 اور 26 فروری کی شب پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بالا کوٹ کے مقام جبہ پر طیاروں کا ایمونیشن گرایا تھا جس کے بعد وہاں کی حکومت نے کامیابی کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے۔

    ایک روز بعد بھارت نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھرپور دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے انڈین ائیر فورس کے دو جہاز تباہ اور ایک پائلٹ کو زندہ گرفتار کیا تھا۔

    پاکستان نے مستحکم پوزیشن ہونے کے باوجود خطے میں امن کے لیے اقدامات کیے اور عمران خان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھیجنے کا اعلان کیا جس کے بعد اُسے واہگہ کے راستے بھارت واپس بھیجا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ساتھ مزید کشیدگی نہیں چاہتے: سشما سوراج

    وزیراعظم عمران خان کے جذبہ خیر سگالی کو بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں سراہا گیا، اقوام متحدہ نے بھی پاکستان کے امن و امان کے اقدامات کی تعریف کی اور اُسے سراہا بھی تھا۔

    دوسری جانب بھارت کی اپوزیشن جماعتوں اور صحافیوں نے مودی حکومت پر شدید تنقید کی تھی اور لوک سبھا کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ مودی دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے خطے کو جنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔