Tag: Pregnant Wife

  • مٹی نہ کھلانے پر بیوی نے خلع مانگ لی، عجیب و غریب مقدمہ

    مٹی نہ کھلانے پر بیوی نے خلع مانگ لی، عجیب و غریب مقدمہ

    قاہرہ : میاں بیوی کے درمیان اختلافات ہونا ایک عام سی بات ہے، دونوں کے درمیان جھگڑا کسی معقول وجہ سے ہو تو اختلاف ہونا کوئی بڑی بات نہیں لیکن معمولی سی بات پر بات طلاق تک پہنچ جانا باعث تشویش ہے۔

    ایک ایسا ہی انوکھا واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں مقامی عدالت میں ایک بیوی نے شوہر کیخلاف خلع کا مقدمہ اس لیے دائر کردیا کہ حمل کے ایام میں اس کا شوہر اس کے کھانے کیلیے مٹی نہیں لاکر دے رہا۔

    اس حوالے سے مقدمے کے وکیل نے نہیٰ الجندی نے ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کو بتایا کہ اس کیس میں ان کا مؤکل ایک ویٹرنری ڈاکٹر ہے، وہ شادی کے بعد اپنی اہلیہ کی جانب سے "مٹی” خریدنے کی فرمائش سمیت کئی دیگر عجیب وغریب عادتوں پر حیران رہ گیا۔

    بیوی نے اس سے بار بار کھانے کے لیے مٹی مانگی جس پر شوہر اور اس کے خاندان کے دیگر افراد بھی حیران تھے۔ اس معاملے پر تحقیق کی گئی تو اسے معلوم ہوا کہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو نایاب صورتوں میں مٹی کھاتے ہیں۔

    بیوی کے حاملہ ہونے کے بعد اس کی خاص قسم کی "مٹی” کھانے کی طلب بڑھ گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا شوہر بیرون ملک سے متعدد بار آن لائن وہ مٹی منگوا چکا تھا۔

    مٹی کی قیمت میں اضافے اور مالی ذمہ داریوں کے سبب شوہر نے بیوی کے لیے "مٹی” نہ خریدنے کا فیصلہ کیا کیونکہ اسے ملک سے باہر منگوانے میں ہزاروں مصری پاؤنڈز خرچ ہو رہے تھے۔

    اس نے بیوی کو بھی سمجھایا کہ مٹی اس کی ضروریات کی بنیادی چیزوں میں سے نہیں ہے مگر بیوی نے اس کی بات نہ مانی اور طلاق لینے کے لیے عدالت پہنچ گئی۔

    میاں بیوی کے درمیان اختلافات کے بعد خاتون نے غصے میں آکر حمل کے دوران ہی شوہر کا گھر چھوڑ دیا اور خلع کا مقدمہ دائر کردیا۔

    ایڈووکیٹ نہیٰ الجندی نے بتایا کہ بیوی نے گھر چھوڑنے کے بعد حمل کے دورانیے کے اخراجات کی درخواست کے لیے ایک مقدمہ بھی دائر کیا، جس میں 9ہزار مصری پاؤنڈ مالیت کی مٹی” کی خریداری کی مد میں رقم کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

    وکیل نے بتایا کہ شوہر نے "مٹی” کے اخراجات کے لیے بیوی کے دعوؤں کے خلاف اپیل دائر کی جس میں اس نے مؤقف اختیار کیا کہ مٹی کھانے، پینے، لباس اور علاج کی بنیادی ضروریات میں شامل نہیں ہے۔ جس پر عدالت نے بیوی کی طرف سے مٹی کی خریداری کی مد میں رقم فراہم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

  • بیوی کو قتل کرنے والے لالچی شوہر کو 30 سال قید کی سزا

    بیوی کو قتل کرنے والے لالچی شوہر کو 30 سال قید کی سزا

    انقرہ : لالچی اور سفاک شوہر نے انشورنس کی رقم ہتھیانے کیلئے حاملہ بیوی کو پہاڑ سے دھکا دیا تھا جسے آج عدالت نے کڑی سزا سنادی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکی میں سفاک شوہر نے 25ہزار ڈالر کی بیمہ پالیسی کے لیے اپنی حاملہ بیوی کو پہاڑ سے دھکا دے کر مار ڈالا تھا۔

    یہ واقعہ چار سال قبل پیش آیا، ملزم نے پاؤں پھسلنے سے گرنے کا ڈرامہ رچایا تاہم جب پولیس نے روایتی انداز میں تفتیش کی تو اعتراف جرم کرلیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    خبر کے مطابق جون 2018 میں سفاک اور لالچی شوہر نے ایک ہزار فٹ کی بلندی پر پہاڑ کی چوٹی پر کھڑے ہوکر اپنی حاملہ بیوی سمرا ایسل کے ساتھ مسکراتے ہوئے ایک سیلفی لی اور اچانک اہلیہ کو دھکا دے کر نیچے پھنیک دیا۔

    بے رحم شوہر ہاکان ایسل نے غمزدہ ہونے کی اداکاری کرتے ہوئے وہاں موجود سیاحوں کو بتایا کہ اس کی بیوی کا اچانک پاؤں پھسل گیا تھا، تاہم کچھ عرصے بعد ملزم نے انشورنس کمپنی سے بیوی کی ہلاکت پر 25 ہزار امریکی ڈالر کی خطیر رقم کا کلیم جمع کرایا۔

    دوارن تفتیش پولیس کو مقتولہ سمرا کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ اونچائی سے خوف زدہ ہوتی تھی اور زندگی میں کبھی ایسی جگہ نہیں گئی تھی جہاں اونچائی ہو، ہمیں اندازہ نہیں کہ اس کا شوہر اس حالت میں جب کہ وہ حاملہ تھی اتنی بلندی پر کیوں لے کرگیا۔

    مقتولہ کے اہل خانہ کے اس بیان کے بعد پولیس کو شک گزرا اور یہ شک انشورنش کی رقم کے کلیم پر مزید گہرا ہوگیا۔

    پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور شوہر کو حراست میں لے لیا گیا جس نے پہلے تو جرم سے انکار کیا لیکن جیسے جیسے شواہد سامنے آتے گئے اس کے پاس اپنا گناہ قبول کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہ بچا۔

    عدالت نے شواہد اور گواہوں کی روشنی میں حاملہ بیوی کو 304 میٹر چٹان سے نیچے پھینک کر قتل کرنے کے جرم میں سفاک شوہر کو 30 سال قید کی سزا سنادی۔

  • عالیہ کے وزن پر بھونڈا مذاق، رنبیر کپور مشکل میں پھنس گئے

    عالیہ کے وزن پر بھونڈا مذاق، رنبیر کپور مشکل میں پھنس گئے

    معروف بھارتی اداکار رنبیر کپور اپنی حاملہ اہلیہ عالیہ بھٹ کا مذاق اڑانے پر سخت تنقید کی زد میں ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بھونڈے مذاق پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے اپنی آنے والی نئی فلم براہماسترا کی تشہیر کے لیے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو ایک ساتھ انٹرویو دیا۔

    اس لائیو شو کے دوران میزبان نے عالیہ بھٹ سے پوچھا کہ کیا آپ اپنی آنے والی فلم کی تشہیر کرتی دکھائی دیں گی؟ جس پر عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ کیوں نہیں، میں کیوں نہیں اپنی فلم کی تشہیر میں نظر آؤں گی یا اپنی فلم کو عوام میں پھیلاؤں گی۔

    انٹرویو کے دوران عالیہ بھٹ کے لفظ پھیلاؤ استعمال کیے جانے پر رنبیر کپور عالیہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بے ساختہ کہتے ہیں کہ ویسے میں دیکھ رہا ہوں کہ کوئی بہت زیادہ پھیل رہا ہے۔

    اس پر عالیہ بھٹ اپنا جواب بیچ میں ہی چھوڑ کر حیرانی سے انہیں دیکھتی ہیں اور پھر ہنسنے لگتی ہیں، رنبیر کپور فوراً عالیہ کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہتے ہیں کہ یہ صرف ایک مذاق تھا، آپ خوبصورت انداز میں پھیل رہی ہیں۔

    عالیہ کے مداحوں کو رنبیر کپور کا یہ مذاق قطعی نہ بھایا اور انہوں نے رنبیر پر خوب تنقید شروع کردی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Instant Bollywood (@instantbollywood)

    انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ رنبیر کپور نے اپنی حاملہ بیوی کے جسمانی خدو خال کا مذاق اڑایا ہے، انہیں رنبیر سے ایسے بھونڈے مذاق کی توقع نہیں تھی۔

    بعض صارفین نے کہا کہ رنبیر کپور کو شرم آنی چاہیئے، ان کی بیوی ایک مشکل وقت سے گزر رہی ہے اور ایسے میں وہ لائیو انٹرویو کے دوران ان کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

    کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ رنبیر کا یہی رویہ اپنی پچھلی گرل فرینڈز دپیکا اور کترینہ کے ساتھ بھی تھا یہی وجہ ہے کہ وہ انہیں چھوڑ کر چلی گئیں۔