Tag: preparations

  • سینیٹ کا پہلا اجلاس کب ہوگا ؟ تیاری شروع

    سینیٹ کا پہلا اجلاس کب ہوگا ؟ تیاری شروع

    اسلام آباد : سینیٹ کا پہلا اجلاس 9 اپریل کو بلانے کی سمری ارسال کرنے کے بعد اجلاس کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے۔

    اس حوالے سے ذرائع پارلیمانی امور کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سمری ارسال کرنے کے بعد اجلاس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بھی ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق سینیٹ کے پہلے اجلاس میں نومنتخب سینیٹرز کی حلف برداری اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ایک ہی روز کیا جائےگا۔

    یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ کے پہلے اجلاس کیلئے وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو آر او مقرر کرچکے ہیں۔

    پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کی نشست کیلئے یوسف رضا گیلانی کو امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ کے پی اسمبلی میں سینیٹ کی11نشستوں کیلئے نیا انتخابی شیڈول بھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔

  • رمضان المبارک: عمرہ زائرین کے لیے مزید سہولیات کی فراہمی

    رمضان المبارک: عمرہ زائرین کے لیے مزید سہولیات کی فراہمی

    ریاض: رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب کے مقامات مقدسہ پر 12 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو عمرہ کرنے والے زائرین کو بہترین سہولیات و خدمات فراہم کریں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان کے دوران زائرین کی خدمت کے لیے 12 ہزار تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے ہیں۔

    حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں 10 ہزار سے زائد شعبوں میں 8 ہزار سے زیادہ اہلکار رمضان کے دوران زائرین کو 2 لاکھ سے زیادہ گھنٹے رضا کارانہ طور پر خدمات فراہم کریں گے۔

    معمر افراد اور معذوروں کو رمضان کے دوران تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، 10 ہزار وہیل چیئرز 24 گھنٹے مہیا ہوں گی۔ مسجد الحرام پہنچنے سے قبل وہیل چیئرز بک کروائی جا سکیں گی۔ انتظامیہ نے تتقل ایپ کے ذریعے بکنگ کی سہولت مہیا کی ہے۔

    خیال رہے کہ ادارہ امور حرمین نے رمضان کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے آپریشنل پلان تیار کیا ہے۔

    کرونا وبا کے بعد اس سال رمضان کے دوران نہ صرف مملکت بلکہ دنیا بھرسے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین مملکت آئیں گے جس کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے تاکہ زائرین کی آمد و رفت کو منظم کیا جائے۔

    رمضان کے دوران صحن مطاف صرف عمرہ کرنے والوں کے لیے مخصوص ہوگا جبکہ طواف کے لیے بالائی منازل کومخصوص کیا گیا ہے، سنت طواف ادا کرنے کے لیے مقامات مخصوص کیے گئے ہیں تاکہ طواف کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ ہو۔

    زائرین کی سہولت اورکراؤڈ کنٹرولنگ کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے، اسی طرح زائرین کی آمد و رفت کے مقامات پررہنما گائیڈز بھی فراہم کیے ہیں۔

  • وزیر خزانہ کی حج انتظامات کے لیے تعاون کی یقین دہانی

    وزیر خزانہ کی حج انتظامات کے لیے تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد: وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات ہوئی، وزیر خزانہ نے حج انتظامات کے لیے وزارت مذہبی امور کو تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں حج پالیسی، اسپانسر شپ اسکیم، سعودیہ میں رقوم کی ادائیگی اور فاٹا اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خزانہ نے معاشی صورتحال کے باوجود حجاج کے لیے زر مبادلہ کے انتظام کا عندیہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔

    اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ اللہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔

    وزیر خزانہ نے حج انتظامات کے لیے وزارت مذہبی امور کو تعاون کی یقین دہانی بھی کروا دی۔

    ذرائع کے مطابق حج اسپانسر شپ اسکیم صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے عزیز و اقارب کے لیے ہے، غیر ملکی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے، اسپانسر شپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازم ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹہ 50 فیصد مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے، دیگر 50 فیصد حج کوٹہ سرکاری اور نجی حج اسکیم کے لیے مختص کیا جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ریگولر حج اسکیم کے تحت پاکستانی نامزد بینکوں میں حسب سابق حج درخواستیں جمع ہوں گی، ڈالر ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

    وزیر مذہبی امور اگلے ہفتے کابینہ سے منظوری ملتے ہی حج درخواستوں کی وصولی کا اعلان کریں گے، سرکاری حج اسکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کرنے کا امکان ہے۔

  • ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان، محکموں کو الرٹ کردیا گیا

    ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان، محکموں کو الرٹ کردیا گیا

    اسلام آباد / کراچی: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بارشوں کے پیش نظر محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، کراچی میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مون سون کے موجودہ اسپیل میں توسیع کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ 24 سے 48 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے، ہفتے کے آخر تک اس میں مزید شدت آسکتی ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں 7 جولائی تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے بعض علاقوں میں 50 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے، شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا، 9 جولائی تک یہ سسٹم فعال ہے۔ اربن فلڈنگ کے حوالے سے متعلق اداروں کو آگاہ کر دیا ہے۔

  • ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جلد ہوگا، جاپان میں تیاریاں جاری

    ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جلد ہوگا، جاپان میں تیاریاں جاری

    ٹوکیو : جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں تاخیر کے باعث اخراجات میں اربوں ڈالرز کا اضافہ ہوگیا ہے، ملتوی شدہ ٹوکیو اولمپکس و پیرالمپکس کے منتظمین کو کورونا وائرس کی وباء کے باعث ان کھیلوں کے سلسلے میں مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔

    ٹوکیو اولمپکس و پیرالمپکس کے انعقاد میں صرف 7 ماہ رہ گئے ہیں۔2020ٹوکیو گیمز کو عالمگیر وباء کے باعث ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

    ان کھیلوں کو ملتوی کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے، اب ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک ہوں گے، اس کے علاوہ پیرالمپکس (معذور کھلاڑیوں کا اولمپک) 24 اگست 2021 سے 5 ستمبر 2021 تک ہوں گے۔

    اولمپک مشعل ریلی کا آغاز مارچ سے ہوگا۔ منتظمین موسم بہار میں یہ طے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ کھیلوں کے مقامات پر کتنے شائقین کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔

    تاخیر سے ہونے والے ٹیسٹ ایونٹس کا انعقاد انسداد کورونا وائرس کے اقدامات کے ساتھ مارچ سے مئی کے درمیان ہوگا۔ منتظمین کو یہ طے کرنا ہے کہ غیرملکیوں سمیت کھیل دیکھنے کے لیے کتنے شائقین کی حد مقرر کی جائے۔

    انہیں کھیلوں کے لیے طبی امداد کا نظام بھی اختیار کرنا ہوگا جو وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے کے لیے ایک بوجھ ثابت ہوسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جاپان میں رواں برس 24 جولائی سے 9 اگست تک کیا جانا تھا جس کیلئے جاپان میں بڑے پیمانے پر انتظامات بھی کیے جا رہے تھے لیکن کورونا کے باعث یہ ایک سال کیلئے ملتوی کردیے گئے۔

  • حزب اللہ سے نمٹنے کیلئے گولان میں اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں‌ کی تیاریاں

    حزب اللہ سے نمٹنے کیلئے گولان میں اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں‌ کی تیاریاں

    بیروت/تل ابیب : اسرائیلی فوجیوں نے حزب اللہ سے نمٹنے کے لیے گولان میں ہبشان کے عسکری اڈے پر 100 اسکرین نصب کردی جس پر شام میں ہونے والے معاملات برائے راست نشر ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شامی اراضی سے راکٹوں اور میزائلوں کے داغے جانے کے سلسلہ جاری رہنے کے بعد اسرائیلی کے اس موقف کو تقویت ملی ہے کہ ایران، شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے ذریعے جنوبی لبنان کا تجربہ دہرانے اور گولان کے علاقے میں لڑائی کا سرگرم محاذ کھولنے کے درپے ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے خاموشی سے رینگنے کا مقابلہ کرنے کے لیے اسرائیل مقبوضہ گولان میں ایک ضخیم انٹیلی جنس نظام کے قیام کی تکمیل کر رہا ہے، اس نظام میں اسرائیل کے مختلف انٹیلی جنس ادارے اور ایجنسیاں شریک ہیں۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ گولان میں ہبشان کے عسکری اڈے سے اس نظام کو چلانے والے خفیہ آپریشن روم میں 100 اسکرین لگی ہوئی ہیں، شام میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ان اسکرینوں پر براہ راست نشر کیا جاتا ہے، ساتھ ہی جنوبی سرحدی علاقے پر بھی خصوصی توجہ مرکوز ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق رواں سال کے اوائل میں اسرائیلی انٹیلی جنس نے ایک شخص کی شناخت نشر کی تھی جس کے بارے میں یہ دعوی کیا گیا کہ ابو حسن ساجد نامی شخص کو حزب اللہ نے گولان میں محاذ قائم کرنے کی ذمے داری سپرد کر رکھی ہے۔

    مزید یہ کہ ابو حسین حزب اللہ کے درجنوں کمانڈروں کے ساتھ مل کر سرحدی دیہات میں سیکڑوں شامیوں کو بھرتی کر رہا ہے تا کہ شامی حزب اللہ تشکیل دی جا سکے۔

    اسرائیلی عسکری ذرائع کے مطابق یہ فورس ابھی زیر تشکیل ہے، اس نے آگے کے ٹھکانوں کا کنٹرول لینا شروع کر دیا ہے اور مختلف نوعیت کے ہتھیار حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، وہ زمینی مشقیں کر رہی ہے۔ اس کے کمانڈروں نے سرحدی علاقوں کے دورے شروع کر دیے ہیں تا کہ گولان میں اسرائیلی فوج کی تعیناتی کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کر سکیں۔

    اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ یہ زیر تشکیل گروپ شامی فوج کے عسکری لباس میں ملبوس ہو کر معلومات جمع کرتا ہے، بالکل اسی طرح جیسے جنوبی لبنان میں حزب اللہ ملیشیا کے ارکان لبنانی فوج کی عسکری وردیاں پہن لیتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس کے مقابل ایران اور حزب اللہ نے گولان کے شمال میں جبل الشیخ کے علاقے سے لے کر مقبوضہ گولان کے جنوب میں الحمہ کے علاقے تک جاسوسی کا ایک مربوط نظام قائم کر لیا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل ایران نے گولان پر 32 میزائل داغے تھے، اس کے بعد اسرائیل نے وسیع پیمانے پر حملوں کے ذریعے ایرانی جاسوسی کے ٹھکانوں کی ایک بڑی تعداد کو نشانہ بنایا۔

    اسرائیل نے گولان کے محاذ کے قیام کو سبوتاڑ کرنے کے لیے کئی ایرانی جنرلوں اور حزب اللہ کے افسران کو موت کی نیند سُلا دیا مگر وہ عسکری اور انٹیلی جنس طور پر ہر چیلنج کرنے والی ایرانی کوششوں کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

  • ہماری دفاعی تیاریاں سدراہ ہیں، جنگ کیلئے نہیں، پینٹاگون

    ہماری دفاعی تیاریاں سدراہ ہیں، جنگ کیلئے نہیں، پینٹاگون

    واشنگٹن : قائم مقام امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کی طرف سے خطے کو درپیش خطرات کے تدارک کےلئے کام کر رہی ہے، ہمارا مقصد ایران کےخلاف جنگ چھیڑنا نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شاناھن نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کی طرف سے دھمکی آمیز بیانات کے بعد مشرق وسطیٰ میں اپنی فوج تعینات کر دی ہے۔

    کانگریس کو ایران کی طرف سے دھمکیوں کے بارے میں بریفنگ کے بعد قائم مقام امریکی وزیردفاع نے کہا کہ ہم نے خلیج میں اپنی فوج تعینات کرکے ایران کو حملوں سے روک دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری توجہ ایران کی طرف سے غلط فیصلوں پرعمل درآمد اور جنگ کے خطرات سے نمٹنے پر مرکوز ہے۔

    پیٹرک شاناھن نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کی طرف سے درپیش خطرات کے تدارک کے لیے کام کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد ایران کے خلاف جنگ چھیڑنا نہیں۔ قبل ازیں انہوں نے کانگریس کو ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بارے میںبریفنگ دی۔

    جنرل شاناھن نے مزید کہا کہ ہماری دفاعی تیاریاں ”سد راہ“ ہیں، جنگ کے لیے نہیں۔ ہم ایران کے خلاف جنگ کی طرف نہیں جا رہے ہیں۔ صحافیوں سے بات چیت سے قبل انہوں نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ایک بند کمرہ اجلاس میں بھی ملاقات کی۔

    امریکی کانگریس کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے باور کرایا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں کرنا چاہتے تاہم انہوں نے تہران کے خلاف آخری آپشن کے طورپر فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔

    امریکی قائم مقام وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کی جانب سے شام، لبنان اورعراق میں معاندانہ پالیسیاں جاری ہیں۔ کانگریس نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ایران کی طرف سے درپیش خطرات کے بارے میں بھی بریفنگ سنی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران پر جنگ مسلط نہیں کرے گا مگر ایران کی طرف سے کسی بھی خطرے کا پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، رکن کانگریس کا کہنا تھا کہ مائیک پومپیو نے یمن اور سعودی پر ایرانی ایجنٹوں کے حملوںکے بارے میںبھی بریفنگ دی۔