Tag: prepares

  • حکومت کا سگریٹ پینے والوں کی حوصلہ شکنی کےلیے بڑا اقدام

    حکومت کا سگریٹ پینے والوں کی حوصلہ شکنی کےلیے بڑا اقدام

    اسلام آباد : حکومت نے سگریٹ پینے والوں کی حوصلہ شکنی کےلیے سگریٹ پیکٹ پرنئی تصویری وارننگ تیار کرلی ،جو یکم جون سےنافذالعمل ہوگی، تصویری وارننگ سرطان زدہ منہ کےبجائے گینگرین زدہ پیر کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے سگریٹ پینے والوں کی حوصلہ شکنی کےلیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سگریٹ پیکٹ پرنئی تصویری وارننگ تیار کر لی گئی ، نئی تصویری وارننگ وزارت قومی صحت کی تیار کردہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے وزارت صحت نےتصویری وارننگ تمباکوانڈسٹری کوجاری کر دی ہے ، نئی تصویری وارننگ یکم جون سےنافذالعمل ہو گی۔

    وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق سگریٹ پیکٹ پرتصویری وارننگ میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، تصویری وارننگ کے حجم میں 10 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ نئی تصویری وارننگ کا حجم سگریٹ پیکٹ کا60 فیصد ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سگریٹ پیکٹ پر وارننگ کی تصویر بھی تبدیل کر دی گئی ہے ، تصویری وارننگ سرطان زدہ منہ کےبجائے گینگرین زدہ پیر کی ہے۔

    مزید پڑھیں :حکومت کا سگریٹ پینے والوں پر گناہ ٹیکس لگانے کا فیصلہ

    یاد رہے اس سے قبل  دسمبر 2018  میں حکومت نے صحت کے شعبے میں ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے سگریٹ پینے والوں پر گناہ ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    بعد ازاں وزارت صحت نے گناہ ٹیکس کی سمری کابینہ ڈویژن کو ارسال  کی تھی، سمری میں سفارش کی گئی تھی کہ سگریٹ پیکٹ پر 10 روپے گناہ ٹیکس عائد کیا جائے، سگریٹ کی تمام کیٹگریز پر گناہ ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

    وزارتِ قومی صحت کے مطابق ملک میں سالانہ 4 ارب سے زائد سگریٹ کی ڈبیا فروخت ہوتی ہیں، اس طرح سِن ٹیکس کی مد میں سالانہ 50 ارب روپے تک آمدن متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سگریٹ پر گناہ ٹیکس لگانے والا دنیا کا دوسرا ملک ہے اس سے قبل فلپائن سگریٹ پر گناہ ٹیکس لگانے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

  • میکسیکو کے نئے صدر کا سابق صدرکے زیر استعمال طیارہ نیلام کرنے کا اعلان

    میکسیکو کے نئے صدر کا سابق صدرکے زیر استعمال طیارہ نیلام کرنے کا اعلان

    میکسکو : میکسیکو میں نئے صدر نے سابق صدر کے استعمال میں رہنے والا طیارہ نیلام کرنے کا اعلان کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ صدارتی طیارے سمیت ساٹھ سرکاری طیارے فروخت کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو میں صدر بدلتے ہی تبدیلی آگئی ، میکسیکو کے نئے صدر آندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے کفایت شعاری پالیسی پر عمل کرتے ہوئے سابق صدر کے زیر استعمال طیارہ فروخت کے لئے پیش کردیا، دو سو اٹھارہ ملین ڈالرمالیت کے پر تعیش صدارتی طیارے میں فلیٹ اسکرینز نصب ہیں جبکہ صدارتی بیڈ روم اور دیگر لگژری اشیا بھی موجود ہیں۔

    نئی حکومت کا کہنا ہے صدارتی طیارے سمیت ساٹھ سرکاری طیارے فروخت کرکے رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائے گی جبکہ ستر ہیلی کاپٹرز بھی فروخت کئے جائیں گے۔

    حکام کے مطابق طیارے اور ہیلی کاپٹرزفروخت کرنے کا مقصد ایلیٹ کلچر کا خاتمہ ہے۔

    یاد رہے میکسیکو کے نئے صدر آندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے یکم دسمبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، حلف برداری کی تقریب کے بعد اپنے پہلے خطاب میں مسٹر اوبراڈور کا  کہنا تھا کہ بدعنوانی ملک کے لئے ایک بڑا المیہ ہے، کسی کو بھی ملک کا خزانہ لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    خیال رہے جولائی میں میکسیکو سٹی کے سابق میئر آندرے مینوئل لوپیز اوبراڈور بھاری اکثریت سے میکسیکو کے نئے صدر منتخب ہوئے تھے۔

    بعد ازاں نئے صدر نے  اپنی ماہانہ تنخواہ میں  50 فیصد کمی کا اعلان کر تے ہوئے کہا تھا  کہ اعلی سرکاری شخصیات کو  دی جانے والی خصوصی مراعات میں بھی  کمی لائیں  گے  تاکہ  بجٹ خسارے پر قابو پایا جا سکے ۔

  • بھارت کی ریاستی دہشتگردی، آزادی کی جدوجہد کرنے والے سرکردہ کشمیریوں کی ہٹ لسٹ تیار

    بھارت کی ریاستی دہشتگردی، آزادی کی جدوجہد کرنے والے سرکردہ کشمیریوں کی ہٹ لسٹ تیار

    سری نگر : بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں کیخلاف خطرناک آپریشن آل آؤٹ ٹوئنٹی تیار کرلیا ہے، منصوبے کے تحت آزادی کی جدوجہد کرنے والے سرکردہ کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جائے گی جبکہ جنازوں کے جلوسوں پر بھی کارروائی کی ہوگی۔

    تفصیلات مطابق بھارت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کا ایک اور مکروہ منصوبہ تیار کرلیا، بھارتی فورسز کے آپریشن آل آؤٹ ٹوئنٹی پلان کے تحت آزادی کی جدوجہد کرنے والے سر کردہ کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جائے گی اور آپریشن میں قتل افراد کی لاشیں ورثا کو نہیں دی جائیں گی۔

    بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں سرکردہ کارکنان کی ہٹ لسٹ بنائی ہے، جس میں سرگرم 21 کشمیریوں کو شامل کیا گیا ہے۔

    منصوبہ میں جنازے کے جلوسوں کو بھی نہ بخشنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ وادی میں جلوس اور جنازوں پر پابندی ہوگی۔

    بھارت حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں انتہائی تربیت یافتہ کمانڈوز اور اسنائپرز تعینات کرچکا ہے۔


    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 5 کشمیری نوجوان شہید


    دوسری جانب بھارتی فورسزکی جانب سے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام میں تیزی آگئی ہے، گزشتہ روزبھارتی فورسزکی فائرنگ سے پانچ کشمیری نوجوان شہید ہوئے، شہیدوں کے جنازوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    شہدا میں داؤد صوفی، ماجد ڈار، محمد اشرف،عادل میر اور یوسف راٹھور شامل ہیں۔

    کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال جاری ہے، احتجاج اور جھڑپوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پرشاٹ گن پیلٹ اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 2 اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پر فائرنگ کرکے 20 کشمیری نوجوانوں کو شہید جبکہ 300 سے زائد افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جولائی 2016 میں حریت رہنما مظفروانی کی شہادت کے بعد سے وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور اس دوران درجنوں کشمیری نوجوان بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔