Tag: present

  • کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد 72 سالہ شخص کے لیے گاڑی کا تحفہ

    کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد 72 سالہ شخص کے لیے گاڑی کا تحفہ

    ریاض: سعودی عرب میں 72 سالہ شخص کے کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد اس کے بیٹے اور خاندان نے انہیں گاڑی تحفے میں دی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    سعودی وہب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کے ایک خاندان نے اپنے والد 72 سالہ محسن قصادی کو کرونا وائرس سے صحت یابی پر نئی گاڑی کا تحفہ دیا ہے۔

    محسن قصادی کے بیٹے موسیٰ نے بتایا کہ والد کے وبائی مرض سے صحت یابی کی خوشی میں احسان مندی کے اظہار کے لیے گاڑی کا تحفہ دیا ہے۔

    موسیٰ نے کہا کہ میرے والد 2 ہفتے سے موت و حیات کی کشمکش میں تھے، والد نے ہماری تعلیم و تربیت میں اپنی ساری توانائیاں لگا دیں۔ اولاد کا بھی فرض ہے کہ جب ماں باپ بوڑھے ہوجائیں تو وہ انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔

    تحفے میں دی گئی گاڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تو صارفین نے اس کی غیر معمولی پذیرائی کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کو خوب سجایا گیا تھا، گاڑی کی چابی لیتے وقت محسن قصادی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے۔

  • آرٹیکل 35 اے کی متوقع سماعت، کشمیر میں‌ مزید 10 ہزار بھارتی فوج تعینات

    آرٹیکل 35 اے کی متوقع سماعت، کشمیر میں‌ مزید 10 ہزار بھارتی فوج تعینات

    سرینگر : مقبوضہ وادی میں آرٹیکل 35 اے کی سماعت کے موقع پر حریت رہنما کی احتجاج کی کال پر بھارتی حکام کو بوکھلاہٹ میں مبتلا کردیا، کشمیر میں مزید 10 ہزار بھارتی فورس تعینات کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر حملے کے بعد قابض فوج ہوش و حواس کھو بیٹھی ہے اور ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے حریت رہنماؤں کے خلاف شدید کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب سے آرٹیکل 35 اے کی متوقع سماعت کے موقع پر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی اور یاسین ملک کی جانب سے احتجاج کی کال کی دی گئی ہے۔

    بھارتی فورسز نے حریت رہنماؤں کی احتجاج کی اپیل کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں مزید دس ہزار فوجی بھیج دئیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کشمیر میں بھر میں آرٹیکل 35 اے کی منسوخی اور حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے جبکہ سری نگر میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

    میر واعظ عمر فاروق نے حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کی ریاستی دہشت گردی، غیر آئینی اور پُرتشدد اقدامات سے حقائق میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی، بھارتی فورسز جتنا طاقت کا استعمال کریں گے صورتحال اتنی بگڑتی جائے گی۔

    میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی کے مظلوم شہری آرٹیکل 35 اے میں کسی قسم کی تبدیلی کو قبول نہیں کریں گے۔

    خیال رہے کہ آرٹیکل 35 اے کے تحت جموں و کشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کے نوکری حاصل کرنے، ووٹ دینے اور غیر منقولہ جائیداد خریدنے پر پابندی عائد ہے اور اس دفعہ کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں سماعت ہورہی ہے۔

    مزید پڑھیں : حریت رہنما یاسین ملک کو گرفتار کرلیا گیا

    یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر حملے کے بعد قابض فوج ہوش و حواس کھو بیٹھی ہے اور ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ مقبوضہ فوج کی جانب سے حریت رہنما یاسین ملک کو ان کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا۔

    واضح رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے دھماکے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ واقعے کے بعد قابض فورسز نے متعدد کشمیریوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب آج  سانحہ ساہیوال جے آئی ٹی رپورٹ پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیں گے، ذرائع

    وزیراعلیٰ پنجاب آج سانحہ ساہیوال جے آئی ٹی رپورٹ پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیں گے، ذرائع

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سانحہ ساہیوال کی جےآئی ٹی رپورٹ پروزیراعظم عمران خان کو اعتماد میں لیں گے جبکہ رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج دورہ راجن پور کے دوران سانحہ ساہیوال کی جےآئی ٹی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کودیں گے اور اعتماد میں لیں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سانحہ ساہیوال پرجےآئی ٹی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کوموصول، وزیراعلیٰ پنجاب رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کالائحہ عمل طےکریں گے، ماضی کی حکومتوں کےمقابلےمزیدکوئی جےآئی ٹی نہیں بنائی جائےگی اور جےآئی ٹی کی سفارشات میڈیااورعوام دونوں کےسامنےرکھی جائیں گی۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان آج راجن پور میں ہیلتھ کارڈ اسکیم کا افتتاح کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز جےآئی ٹی نے سانحہ ساہیوال کی تحقیقات پر اپنے رپورٹ مکمل کرلی تھی ، رپورٹ میں مقتول خلیل اور ا س کے اہل خانہ کو بے گناہ اور جبکہ ذیشان کو مشکوک سرگرمیوں ملوث قرار دیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : سانحہ ساہیوال: جے آئی ٹی رپورٹ میں خلیل اور اہل خانہ بے گناہ قرار

    رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ذیشان کےفون پرمشکوک افرادسےرابطوں کے درجنوں پیغامات ملے ہیں جبکہ ذیشان کے بھائی احتشام نے خود مشکوک افراد کےگھر آنے کی تصدیق کی ہے، ذیشان مشکوک افراد کوگھرمیں پناہ دیتا تھا۔

    جےآئی ٹی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کو ملنے والی انٹیلی جنس رپورٹ بھی ذیشان سے متعلق تھی، کارروائی میں خلیل اور اس کے اہل خانہ کو بچایا جاسکتا تھا لیکن سی ٹی ڈی نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔

    واضح رہے کہ 19 جنوری کو ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے جبکہ ایک بچہ اور دو بچیاں بچ گئی تھیں، عینی شاہدین اور سی ٹی ڈی اہل کاروں‌ کے بیانات میں واضح تضاد تھا۔

    واقعے پر ملک بھر سے شدید ردعمل آیا، جس پر وزیر اعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا۔ جی آئی ٹی نے خلیل اور اس کے خاندان کے قتل کا ذمہ دار سی ٹی ڈی افسران کو ٹھہرایا تھا جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ذیشان کو دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔

  • توہین عدالت کیس، فیصل رضاعابدی کو مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    توہین عدالت کیس، فیصل رضاعابدی کو مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    اسلام آباد : عدلیہ مخالف بیانات کیس میں عدالت نے ملزم فیصل رضاعابدی کو مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق سینیٹر فیصل رضاعابدی کے خلاف عدلیہ مخالف بیانات کیس کی سماعت ہوئی، سینئرسول جج عامرعزیزخان کیس کی سماعت کی، فیصل رضاعابدی کوڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔

    ایف آئی اے کی جانب سے فیصل رضاعابدی کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی گئی، وکیل ایف آئی اے نے کہا ہم پتہ کرناچاہتےہیں یہ مہم کیوں چلائی گئی۔

    وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں کہا ایک ہی ایشوپر3،3ایف آئی آردرج کرائی گئیں، سیکشن6 اورسیکشن7 کسی صورت میں موکل پراپلائی نہیں ہوتا، موکل کوئی دہشت گرد نہیں، سابق سینیٹر، انجینئر اور ایک اچھا شہری ہے۔

    وکیل صفائی کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی، جس میں کہا گیا کہ فیصل رضاعابدی سانس کی بیماری میں مبتلاہیں جیل میں ماحول مناسب نہیں۔

    عدالت نے مزید ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا ، اور بعد میں سناتے ہوئے فیصل رضاعابدی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    گذشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رہنما اورسینیٹرفیصل رضا عابدی کی گرفتارکے خلاف تحریک کا آغاز کیا گیا اور تحریک کاپہلااحتجاج کراچی میں پرانی نمائش چورنگی پر ہوا۔

    فیصل رضاعابدی کے والد نیئررضانے پرانی نمائش چورنگی پرنیوزکانفرنس کی، جس میں فیصل رضا عابدی فری مومومنٹ کے آغاز کااعلان کیا،ان کاکہناتھاکہ ان کے بیٹے کوجھوٹے الزامات میں گرفتار کیا گیا اوراس کے ساتھ دوہرا معیارانصاف قائم کیا گیا۔

    یاد رہے 13 اکتوبر فیصل رضا عابدی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصرکے روبرو پیش کیا گیا تھا ، عدالت نے توہین گرفتار فیصل رضا عابدی کوجوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : گرفتار فیصل رضا عابدی کوجوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجنے کاحکم

    اس سے قبل 11 اکتوبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیف جسٹس کے خلاف نازیباالفاظ کے استعمال کیس میں پولیس کی رپورٹ کے بعد عبوری ضمانت منسوخ کردی تھی اور فیصل رضا عابدی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

    ریمانڈ سے ایک روز قبل فیصل رضا عابدی توہین عدالت کیس میں جب سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد عدالت سے باہر آئے تو پولیس نے انہیں گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا تھا۔

    واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ بولنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف 21 ستمبر کو سائبرکرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    اسلام آباد کے تھانہ سیکٹریٹریٹ میں مقدمہ سپریم کورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔ ایف آئی آر میں مذکورہ پروگرام کے اینکر کا نام بھی درج کیا گیا ہے اور اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ فیصل رضا عابدی سنہ 2009 سے 2013 تک پی پی کے سینیٹر رہے۔ اس دوران وہ کئی قائمہ کمیٹیوں کے رکن بھی رہے۔

  • سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے خلاف سلامتی کونسل میں ثبوت پیش کردیئے

    سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے خلاف سلامتی کونسل میں ثبوت پیش کردیئے

    ریاض : سعودی عرب نے سلامتی کونسل میں حوثیوں کے خلاف سعودی عرب کی شہری آبادی پر میزائل داغنے کے ثبوت پیش کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے حکام کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو حوثی باغیوں کے خلاف خط ارسال کیا گیا ہے جس میں یمن سے سعودی شہریوں اور الحدیدیہ کے اسپتالوں کو نشانہ بنانے کے ثبوت پیش کیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں تعینات سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ المعلمی کے ذریعے پہنچائے جانے والے پیغام میں ریاست نے مطالبہ کیا تھا کہ حوثی جنگنجوؤں ملیشیاء کے خلاف فوری کارروائی کرکے ان سے اسلحہ لیا جائے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے یمن میں آئینی حکومت کی حمایت میں عرب اتحاد قائم کیا تھا، عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا ہے کہ الحدیدہ شہر پر داغے گئے مارٹر گولے حوثیوں کی جانب سے تھے۔

    عرب اتحاد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثیوں باغیوں کی جانب سے درجنوں یمنی شہریوں نشانہ بنایا تھا جس کا الزام عرب اتحاد پر لگایا تھا، عرب اتحاد نے یمنی شہریوں پر کوئی بمباری نہیں کی۔

    خیال رہے کہ سعودی اتحادی افواج اور یمن کی سرکاری فوج کی جانب سے یمنی بندر گاہ الحدیدہ پر گذشتہ ماہ سے ایک بڑا آپریشن جاری ہے جس کا مقصد حوثی باغیوں کو بندرگاہی شہر سے خالی کرانا ہے۔

    واضح رہے کہ یمن میں سعودی عرب کے اتحادی افواج کی جانب سے جاری آپریشن میں اب تک 145 حوثی باغی ہلاک جبکہ متعدد گرفتار ہوچکے ہیں، ہلاک حوثی باغیوں کی لاشیں مقامی اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہیں۔

  • نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ، نیب کی جانب سے 15دن جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا، پیشی کے موقع پر عدالت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور پولیس کی بھاری نفری بھی احتساب عدالت میں تعینات کی گئی۔

    احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے فواد حسن فواد کے 15 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    وکیل نیب نے دلائل میں کہا کہ فوادحسن فواد نے غیر قانونی طور پر نجی کمپنی کا معاہدہ معطل کیا، معاہدہ معطل کرنے سے پنجاب حکومت کو6 لاکھ جرمانہ دینا پڑا، نجی کمپنی کو ڈیڑھ ارب کا ٹھیکہ منسوخ کرادیا گیا اور ڈیڑھ ارب کے بجائے 4ارب کا پیراگون کی کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا۔

    جس پر فواد حسن فواد نے کہا کہ میں نے کسی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کیا نہ کسی نئی کمپنی کو دیا، آشیانہ اقبال ٹھیکہ میں بے ضابطگیاں تھیں، جس پر انکوائری کا حکم دیا، میں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر انکوائری کا حکم دیا، انکوائری کے آرڈر پر اینٹی کرپشن نے آج تک کارروائی نہیں کی۔

    وکیل فوادحسن فواد کا کہنا تھا کہ فواد حسن فواد کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے، عدالت فواد حسن فواد کا میڈکل چیک اپ کرائے۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد فواد حسن فواد کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    بعد ازاں احتساب عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فواد حسن فواد کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو گرفتار کیا تھا اور ڈی جی نیب نےگرفتاری کی تصدیق کردی تھی۔


    مزید پڑھیں : آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل ، نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد گرفتار


    ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ فواد حسن فواد کو آج آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کرپشن اسکینڈل میں طلب کیا گیا تھا، تفتیشی ٹیم نے فواد حسن فواد پر لگنے والے کرپشن الزامات کے حوالے سے تفتیش کی، فواد حسن فواد برہم ہوئے اور سوالوں کا جواب نہ دے سکے، جس پر نیب نے انہیں گرفتار کر لیا۔

    نیب حکام نے فواد حسن فواد پر کرپشن الزامات کی چارج شیٹ بھی جاری کی تھی، فواد حسن فواد پر بطور سیکٹری صحت موبائل اسپتال خریداری میں بڑے پیمانے پربے ضابطگیوں کے الزام ہیں جبکہ انھوں نے وزیر اعلی کے سیکٹریری کے طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دیا،جس سے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

    فواد حسن فواد نے حکومتی اجازت کے بغیر ستمبر 2015 سے جولائی 2016 تک بنک الفلاح میں نوکری کی، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 9 سی این جی سٹیشن ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں غیر قانونی طور پر منتقل کیے۔

    خیال رہے کہ آشیانہ اقبال اسکیم میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق سربراہ احد چیمہ بھی زیرحراست ہیں، احد چیمہ شہبازشریف کے منظور نظر بیورو کریٹ سمجھے جاتے ہیں، احد چیمہ کے بعد فواد حسن فواد کا گرفت میں آنا دوسری بڑی گرفتاری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔

    پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی، مذکورہ اسکیم سے روابط کے الزام پرپی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کو عہدے سے برطرف کرنے کیلئے قرار داد بھی جمع کرائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں