Tag: President

  • صدر مملکت نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کی منظوری دیدی

    صدر مملکت نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کی منظوری دیدی

    اسلام آباد(31 اگست 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری نے انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل دوہزار پچیس کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کا نیا قانون سکیورٹی اداروں کی دہشت گردی روکنے کی صلاحیت مضبوط بنائے گا، اب یہ سیکشن تین سال کے لیے (2025 سے 2028 تک) نافذ العمل ہو گا۔

    اعلامیے کے مطابق قانون میں شفافیت اوراحتساب کو یقینی بنایا گیا ہے، بل میں 3 سالہ سن سیٹ کلاز شامل ہے تاکہ مدت محدود رہے، قانون میں عدالتی نگرانی اورحفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں، یہ قانون پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اہم قدم ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل سینیٹ نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دی تھی، جمعیت علماء پاکستان (جے یو آئی) ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے اس بل کی دونوں ایوانوں سے منظوری کو آئین اور جمہوریت کے منہ پر طمانچہ قرار دیا تھا۔

    پاکستان میں انسداد دہشت گردی ایکٹ ترمیمی بل کیا ہے؟

    انسداد دہشت گردی ایکٹ (Anti-Terrorism Act – ATA) 1997 پاکستان کا ایک اہم قانون ہے جو دہشت گردی کی روک تھام، تفتیش، مقدمہ چلانے اور سزا دینے کے لیے بنایا گیا تھا، یہ قانون 20 اگست 1997 کو قومی اسمبلی سے منظور ہوا اور صدر فاروق لغاری نے اس پر دستخط کیے تھے۔

    انسداد دہشت گردی ایکٹ ترمیمی بل

    بل کے متن کے مطابق ٹھوس شواہد کے بغیر کسی بھی شخص کو حراست میں نہیں لیا جا سکےگا، اس میں زیر حراست شخص کی 3 ماہ سے زائد مدت کی حراست کے لیے معقول جواز لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    بل کے تحت سیکشن 11 فور ای کی ذیلی شق ایک میں ترمیم کر دی گئی۔ ترمیمی بل کے مطابق مسلح افواج یا سول آرمڈ فورسز کسی بھی شخص کو 3 ماہ تک حفاظتی حراست میں رکھنےکی مجاز ہوں گی۔ ملکی سلامتی، دفاع، امن و امان کے لیےکسی بھی شخص کو حراست میں رکھا جاسکےگا۔ اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کسی بھی شخص کو حراست میں رکھا جاسکےگا۔

  • فرنٹیئر کانسٹیبلری ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل، آرڈیننس جاری

    فرنٹیئر کانسٹیبلری ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل، آرڈیننس جاری

    اسلام آباد (14 جولائی 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن آرڈیننس 2025 جاری کر دیا۔

    آرڈیننس کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری اب فیڈرل کانسٹیبلری کہلائے گی، ملک بھر میں ایف سی کا دائرہ اختیار بڑھانے کا آرڈیننس جاری کیا جا رہا ہے، ایف سی ایکٹ 1915ء میں ترامیم منظوری کے بعد آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔

    آرڈیننس کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری چاروں صوبوں، اسلام آباد میں کام کرنے کا اختیار رکھے گی، فیڈرل کانسٹیبلری کوآزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان میں بھی کام کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔

    فیڈرل کانسٹیبلری کا انسپیکٹر جنرل وفاقی حکومت تعینات کرے گی، فیڈرل کانسٹیبلری سے متعلق قواعد بنائے جائیں گے اور ہر ڈویژن میں ایک ونگ کمانڈر تعینات کیا جائے گا۔

    ڈویژنل ونگ کمانڈر کا رینک ڈپٹی انسپیکٹر جنرل کے برابر ہوگا، وفاقی حکومت لاء اینڈ آرڈر کے حصول کے لیے وفاقی ریزرو فورس بھرتی کر سکے گی، فیڈرل کانسٹیبلری کی ذمہ داری فسادات کنٹرول، داخلی سیکیورٹی، کاونٹر ٹیررزم اور تحفظ کی ہو گی۔

    آرڈیننس کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کا ایک سیکیورٹی ڈویژن اور دوسرافیڈرل ریزرو ڈویژن ہوگا، فیڈرل کانسٹیبلری میں بھرتی  کے لیے ملک بھر میں دفاتر قائم کیے جائیں گے اور تنظیم نو فریم ورک کے تحت فیڈرل کانسٹیبلری کی کمانڈ پولیس سروس کے افسران کرینگے۔

  • جنوبی کوریا کے صدر مارشل لا لگانے پر عہدے سے برطرف

    جنوبی کوریا کے صدر مارشل لا لگانے پر عہدے سے برطرف

    جنوبی کوریا کی آئینی عدالت نے صدر یون سک یول کو مارشل لا لگانے پر عہدے سے برطرف کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی کوریا کی آئینی عدالت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں 60 دن کے اندر صدارتی انتخابات کرائے جائیں۔

    واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے سابق صدریون سک یول نے اپنے مواخذے کی کارروائی رکوانے کیلئے 3 دسمبر کو ملک میں مارشل لاء لگا دیا تھا۔

    سابق صدر پر 3 دسمبر کو ملک میں مختصر مارشل لاء لگانے پر فرد جرم عائد کر دی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن نے ان پرفردِ جُرم عائد کرنے کی سفارت کی تھی۔

    سابق صدر نے اپوزیشن جماعتوں اور عوام کے شدید ردعمل کے باعث کچھ گھنٹوں بعد ہی مارشل لاء کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے سابق صدر کے خلاف بغاوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کر رکھی تھیں اور سابق صدر کو چند روز قبل حراست میں بھی لے لیا تھا۔

    تفتیش کار ایک ہزار کے قریب اہلکاروں کے ساتھ صدارتی محل پہنچے تھے، اس دوران تفتیش کاروں اور صدارتی محافظوں کے درمیان جھگڑا بھی ہواتھا۔

    برطانیہ نے ٹرمپ کے ٹیرف کے بعد بھی تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانے کا

    سابق صدر کے ہزاروں حامیوں کی جانب سے ڈھال بننے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا تھا جبکہ یون سک یول کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

  • صدر مملکت، وزیراعظم کا یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام

    صدر مملکت، وزیراعظم کا یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام

    یوم استحصال کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

    یوم استحصال کے موقع پر صدر مملک آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر پربھارتی غیر قانونی قبضہ مستحکم کرنے کی مہم کو پانچ سال مکمل ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی ڈومیسائل کا اجرا، ووٹر لسٹوں میں عارضی رہائشیوں کا اندراج، اسمبلی کے حلقوں میں تبدیلیاں اور زمین وجائیداد کی ملکیت کے قوانین میں ترامیم بھی اس مہم کا حصہ ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ایسے تمام اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، جن کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے، بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔

    صدر مملک آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی جانب سے اپنے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدارامن، جموں وکشمیر کے تنازع کے حل پر منحصر ہے، آج کا دن پانچ اگست 2019 کے تاریک دن کی یاد دلاتا ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں شکنجہ مضبوط کرنے کیلئے گھناؤنے اقدامات شروع کیے، عالمی قوانین، تاریخی حقائق بھارت کے جھوٹ پر مبنی دعوؤں کا پردہ فاش کرتے ہیں۔

    یوم استحصال کشمیر کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ریاست کے تمام ادارے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے، پاکستانی حکومت مسئلہ کشمیر کا مقدمہ دنیا بھر میں لڑرہی ہے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے خلاف کوئی بھی کیاگیا فیصلہ قابل قبول نہیں، 5سال قبل بھارت نے آئین میں ترمیم کرکے غیر آئینی اقدام کیا۔

    اس کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقویٰ نے یوم استحصال کشمیر پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم استحصال کشمیر پر پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے ہر شہید کو سلام ہے، بھارت نے 5 اگست 2019 کو کشمیر کو کھلی جیل میں بدل کر جبرو استبداد کی نئی مثال قائم کی۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ دنیا کب تک آنکھیں بند کر کے بیٹھے گی، کب تک کشمیری جبر و بربریت کا شکار ہوتے رہیں گے؟ پاکستان دنیا کے ایوانوں میں کشمیریوں کی آواز اٹھاتا رہے گا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے یوم استحصال کشمیر پرجاری پیغام میں کہا کہ 5 اگست سیاہ دن ہے اس دن کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا گیا، کشمیریوں کی زمینیں چھین کر انتہا پسندوں کو آباد کیا جارہا ہے، عالمی برادری کو بھارتی ریاستی اداروں کے ظلم کا نوٹس لینا چاہئے۔

  • صدر مملکت، وزیر اعظم ودیگر کی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد

    صدر مملکت، وزیر اعظم ودیگر کی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف زدراری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے خصوصی پیغام جاری کر دیا ہے۔

    اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، اس سلسلے میں گرجا گھروں میں عبادات کا اہتمام کیا گیا۔

    اس موقعے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار امید، محبت اور خوشحالی کا پیغام لاتا ہے، مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، انہوں نے ملکی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

    صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہیں، آئین تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کو مذہبی آزادی سمیت سیاسی، سماجی، معاشی حقوق حاصل ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر پیار، رواداری اور عفوودر گزر کی اقدار اپنانے کا موقع فراہم کرتا ہے، ان اقدار کو اپنا کر تنازعات سے بھری دنیا کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان، ملکی ترقی میں مسیحی برادری کے اہم کردار پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مسیحی برادری ملکی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی، ہمیں فخر ہے پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر کا تہوار خوشیاں تقسیم کرنے کا دن ہے، مسیحی برادری امن پسند اور  قابلِ احترام ہے، پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابل ستائش ہے۔

    اس کے علاوہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسٹر کا امید، تجدید کا پیغام سیاسی میدان میں بھی اہمیت کا حامل ہے، مسیحی برادری کی غیر متزلزل حب الوطنی پر فخر ہے، ان کی مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات ہیں۔

  • صدر مملکت آصف علی زرداری کا چینی صدر کو خط

    صدر مملکت آصف علی زرداری کا چینی صدر کو خط

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں  نے شکریہ ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے تہنیتی پیغام پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    صدر آصف علی زرداری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ چین کے ساتھ سدا بہار شراکت داری مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان اور چین محض پڑوسی نہیں بلکہ آہنی بھائی ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کی مضبوط دوستی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے کلید کی حیثیت رکھتی ہے، پاکستان اور چین نے  دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی۔

    صدر مملکت نے کہا کہ تاریخ نے پاکستان اور چین کو ایک منفرد رشتے میں جوڑا ہے مشترکہ خیالات سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

     صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ عملی تعاون مزید مستحکم  بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے صدر آصف زرداری کو پاکستان کے 14ویں صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔

    اپنے پیغام میں شی جن پنگ نے کہا تھا کہ چین اور پاکستان اچھے پڑوسی، دوست، شراکت دار اور بھائی ہیں اور دونوں ممالک کی آہنی دوستی دونوں عوام کے لیے قیمتی خزانہ ہے۔

  • اعصام الحق پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر بن گئے

    اعصام الحق پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر بن گئے

    اسلام آباد: پاکستان ٹینس اسٹار اعصام الحق پاکستان ٹیسن فیڈریشن کے صدر بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹینس فیڈریشن کی نٸی باڈی منتخب کرنے کے لیے آج انتخابات ہوئے جہاں طویل عرصے تک ملک کا نام روشن کرنیوالے ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی صدر کے عہدے پر فائز ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹینس فیڈریشن کے الیکشن میں ٹینس اسٹار 8-7 کی لیڈ سے  جیتے ہیں، اس انتخابات میں آرمی، ایئرفورس، نیوی، پی او ایف واہ سمیت دیگر اداروں اور صوبوں نے اعصام الحق کی سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    انتخابات میں جیت کے بعد اعصام الحق نے کہا کہ جس طرح میں نے پوری دنیا میں کھیلتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کیا اسی طرح ایک صدر کے طور پر بھی کام کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے 25 سالوں میں جو کچھ سیکھا ہے وہ اپنے جونیئر کو ڈیلیور کروں گا، کس طرح سے کام کرنا ہے سب سوچ لیا ہے۔

  • پاکستانی ماہر تعلیم ڈاکٹر عادل نجم تحفظ جنگلی حیات کے عالمی ادارے کے سربراہ مقرر

    پاکستانی ماہر تعلیم ڈاکٹر عادل نجم تحفظ جنگلی حیات کے عالمی ادارے کے سربراہ مقرر

    پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر تعلیم اور پالیسی ایکسپرٹ ڈاکٹر عادل نجم جنگلی حیات اور ماحولیات کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) انٹرنیشنل کے صدر مقرر کردیے گئے۔

    ڈاکٹر عادل نجم صدر ڈبلیو ڈبلیو ایف انٹرنیشنل کا عہدہ یکم جولائی 2023 سے سنبھالیں گے۔

    ڈاکٹر عادل نجم گزشتہ کئی دہائیوں سے ماحولیات، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر کام کرتے رہے ہیں، وہ بین الاقوامی پالیسی سازوں میں ایک انتہائی با اثر شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

    وہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں جبکہ کئی بین الاقوامی جامعات میں بطور لیکچرر اور پروفیسر تعلیم دے چکے ہیں۔

    درجنوں مقالات لکھنے والے ڈاکٹر عادل نجم اب تک عالمی و قومی معیشت و ماحولیات پر کئی کتابیں بھی تحریر کر چکے ہیں۔

    ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر عادل 8 سال تک ادارے کے بین الاقوامی بورڈ میں بطور ٹرسٹی خدمات انجام دے چکے ہیں، 2010 میں ڈاکٹرعادل نجم کو صدر پاکستان کی طرف سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

    اپنی تقرری کے بعد ڈاکٹر عادل نجم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ یہ تقرری ان کے لیے باعث اعزاز ہے اور انہیں اس کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں مل رہے۔

    خیال رہے کہ سنہ 1961 میں قائم کیا جانے والا سوئس ادارہ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ پاکستان سمیت دنیا بھر میں تحفظ جنگلی حیات اور ماحولیات کے لیے کام کر رہا ہے۔

  • انسانی حقوق کا عالمی دن: مقبوضہ کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عہد

    انسانی حقوق کا عالمی دن: مقبوضہ کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عہد

    اسلام آباد: انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر توجہ دلائی اور کشمیریوں کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ میں منظور کردہ انسانی حقوق کے شاندار عالمی منشور کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کا آئین بھی اسی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم بحیثیت قوم مساوی حقوق اور وقار کے ساتھ یکساں اور آزاد پیدا ہوئے ہیں، ہر پاکستانی کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے کہ وہ اپنے شہری فرائض کو نہ بھولے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج کے دن مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو نہیں بھولنا چاہیئے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری نہتے کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے، پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے اس وژن کی ترجمانی کرتا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ سال پاکستان کے لیے خاصا مشکل رہا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں اور دہشت گردی کے خطرات کی وجہ سے عوام نے بہت نقصان اٹھایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی حقوق پر مرکوز حکمت عملی اپنانے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے، ہمیں پائیدار ترقی کے ایجنڈے 2030 کے تحت یکجہتی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیئے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لازم ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا بغور جائزہ لیں، حق خود ارادیت لوگوں کی اجتماعی اور انفرادی آزادی کا نام ہے، فوجی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے حق آزادی کو کچلنے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا بھی عہد کرتا ہے، نہ صرف آج بلکہ ہر دن حکومت سب کے لیے انصاف، مساوات، وقار اور انسانی حقوق کے لیے کام کرتی رہے گی۔

  • وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی صدر پاکستان سے ملاقات

    وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی صدر پاکستان سے ملاقات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے، استعفوں کے معاملے اور عام انتخابات پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی و اقتصادی معاملات پر بات چیت ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے، استعفوں کے معاملے اور عام انتخابات پر بات چیت ہوئی۔

    ملاقات کے دوران ملک میں درآمدی بل کم کرنے کے لیے پنجاب اور پختونخواہ سے تعاون پر گفتگو ہوئی، آئی ایم ایف معاہدے پر عمل درآمد کے لیے بھی اپوزیشن سے تعاون مانگا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت اور وزیر خزانہ کے درمیان ملاقات میں سیاسی استحکام لانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف سے تعاون پر بھی بات چیت ہوئی، صدر پاکستان نے پارٹی قیادت سے بات چیت کرنے کا وعدہ کیا۔

    گفتگو میں ملک بھر میں بازار شام 6 بجے بند کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔