Tag: president alvi

  • صدر مملکت نے گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی

    صدر مملکت نے گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی

    سلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد بلیغ الرحمٰن کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی۔
    تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی کی جانب سے منظوری وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 101 (1) کے تحت دی گئی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کی دوسری سمری ایک ہفتہ قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کی تھی۔

    اس سے قبل، رواں ماہ 7 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کے لیے صدر مملکت کو ارسال کیا گیا تھا، تاہم صدر مملکت نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی سمری کو مسترد کر دیا تھا۔

    صدر مملکت نے کا کہنا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آئین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت “گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا، موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں۔

    لہذا وزیراعظم شہباز شریف آئین کے آرٹیکل 48 (1) کے مطابق گورنر پنجاب کی تقرری کے حوالے سے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔

    نامزد گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی حلف برداری کی تقریب کل گورنر ہاؤس میں 2 بجے ہوگی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بلیغ الرحمان حلف سے گورنر کا حلف لیں گے۔

  • ‘صدر علوی کو ہینڈل کرلیں گے، مراسلہ عمران خان کا سیاسی ڈراما ہے’

    ‘صدر علوی کو ہینڈل کرلیں گے، مراسلہ عمران خان کا سیاسی ڈراما ہے’

    سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے مراسلہ نہیں پڑھا لیکن وہ عمران خان کا سیاسی ڈراما ہے جب کہ ہم صدر علوی کو ہینڈل کرلیں گے۔

    پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی پریس کانفرنس میں ان دنوں ملک میں زیربحث بیرونی سازش پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اتنی سازش ہوتی رہی کہ ہمارےخون میں آگیا کہ ہر چیز میں سازش تلاش کرتے ہیں، میں نے مراسلہ نہیں پڑھا لیکن یہ سب عمران خان کا سیاسی ڈراما ہے۔

    آصف زرداری نے کہا کہ امریکی صدر بائیڈن میرا دوست ہے ایسی بات ہوتی تو وہ مجھے فون کرتا، اگر یہ بات تھی تو کیا ہمیں کہیں سے فائدہ ہوا، ایسا نہیں ہے، ہمیں تو کوئی پیکج نہیں ملا وہ خود اسوقت معاشی مسائل سے دوچار ہیں، امریکا کو کیا پڑی کیا اسکے پاس ہمارے لئے اتنا وقت ہے، امریکا کو تو خود اس وقت ڈالر پر دباؤ اور روس یوکرین جنگ کی صورتحال کا سامنا ہے۔

    ان کا کہنا مراسلے کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ عام طورپر امریکی اہلکار ایسی زبان استعمال نہیں کرتے اور میرا نہیں خیال اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا اہلکار ایسی غیرسفارتی گفتگو کرسکتا ہے، یہ سفارتی گفتگو ہوتی ہے، مراسلہ سراسر سیاسی بیانیہ ہے اور یہ کہانی انہوں نے خود گھڑی ہے کیونکہ ان کی مدت پوری نہیں ہورہی تھی بلکہ سسک رہی تھی۔

    صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے حوالے سے آصف علی زرداری نے کہا کہ علوی صاحب ڈینٹسٹ ہیں ان کی سوچ کم ہے ان کو کیا پتہ سیاست کیا ہے، ہم علوی صاحب کو ہینڈل کرلیں گے۔

  • صدر کا حکومت میں تبدیلی لانے کے لیے مبینہ سازش کی تحقیقات  پر زور

    صدر کا حکومت میں تبدیلی لانے کے لیے مبینہ سازش کی تحقیقات پر زور

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خط کا جواب دے دیا ہے جس میں حکومت میں تبدیلی لانے کیلیے مبینہ سازش کی تحقیقات پر زور دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو ان کے لکھے گئے خط کا جواب دے دیا ہے جس میں صدر نے مبینہ سازش کی تحیقات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت میں تبدیلی کی مبینہ سازش کی مکمل تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان کا خط وزیراعظم پاکستان اور چیف جسٹس کو بھیج رہا ہوں، چیف جسٹس معاملے کی تحقیقات اور سماعت کیلیے بااختیار عدالتی کمیشن قائم کریں۔

    صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیراعظم کو خط کے دیے گئے جواب میں کہا ہے کہ عوام کو وضاحت دینے اور معاملات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلیے حالات پر مبنی شواہد ریکارڈ کرنے کی ضرورت ہے۔

    صدر مملکت نے اپنے جواب میں بتایا ہے کہ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر کی طرف سے بھیجی گئی سائفر کی کاپی پڑھی ہے جس میں ڈونلڈ لو کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے میں ہونے والی ملاقات کی باضابطہ سمری موجود تھی، سائفر کی رپورٹ میں مسٹر لو کے بیانات شامل ہیں جن میں خاص طور پر وزیراعظم کے خلاف ‘عدم اعتماد کی تحریک’ کا ذکر کیا گیا ہے۔

    صدر علوی کا مزید کہنا تھا کہ سائفر میں تحریک کی کامیابی کی صورت میں ‘معافی’، ناکامی کی صورت میں سنگین نتائج کا بھی ذکر ہے اور قومی سلامتی کمیٹی کے دو اجلاسوں میں اس بات کی توثیق بھی کی گئی کہ یہ بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول اور صریح مداخلت کے مترادف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان نے بجا طور پر ڈی مارش جاری کیا، دھمکیاں خفیہ اور ظاہراً دونوں طرح سے ہوسکتی ہیں اور اس خاص معاملے میں غیر سفارتی زبان میں واضح طور دھمکی دی گئی۔

    صدر پاکستان نے یہ بھی کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نے اپنے خط میں دھمکی پر ممکنہ ردعمل اور اثرات کا ذکر کیا، اس دھمکی سے ایک خودمختار، غیور اور آزاد قوم کے وقار کو شدید ٹھیس پہنچی ہے اس لیے معاملے کی تفصیلی جانچ اور تحقیقات کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے عمران خان کے خط کے جواب میں اس بات کی بھی نشاندہی کی ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں بہت سی سازشوں کی تحقیقات بے نتیجہ رہی ہیں جب کہ عالمی سطح پر بھی سازشوں کی تصدیق عشروں بعد خفیہ دستاویزات جاری کرنے کے بعد ہوتی ہے جب کہ طویل عرصے بعد خفیہ دستاویزات جاری کرنے تک ملکوں کو شدید نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی دھمکی پر پاکستانی سفیر کے موصول مراسلے کی تحقیقات کے معاملے پر سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف جسٹس آف پاکستان کو گزشتہ ماہ الگ الگ خط تحریر کیے تھے۔

    مزید پڑھیں: عمران خان کا صدر مملکت اور چیف جسٹس کو خط ، دھمکی آمیز مراسلے کی تحقیقات کا مطالبہ

    عمران خان نے خط میں صدر سے بطور سربراہ ریاست اور کمانڈر انچیف افواجِ فوری کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری و جمہوریت کو لاحق خطرے کی عوامی تحقیقات کی استدعا کی تھی۔

  • صدرمملکت عارف علوی 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    صدرمملکت عارف علوی 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد:صدر مملکت  عارف علوی 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ، پارلیمانی سال کا آغاز صدر مملکت کے خطاب سے ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں صدر کے خطاب، قانون سازی ،نئے پارلیمانی سال کے کلینڈر پر گفتگو کی گئی۔

    ڈاکٹر بابر اعوان نے بتایا کہ 13ستمبرکوپارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلایا جائے گا ، مشترکہ اجلاس سےصدرمملکت علوی خطاب کریں گے، پارلیمانی سال کا آغاز صدر مملکت کے خطاب سے ہو گا۔

    اسپیکر اسدقیصر نے کہا موثرقانون سازی سےدرپیش چیلنجزپرقابو ،درپیش مسائل کوحل کیاجا سکتا ہے،چوتھےپارلیمانی سال میں زیر التواقوانین کی منظوری دی جائےگی اور عوامی فلاح وبہبودسےمتعلق قوانین ترجیحی بنیادپرمنظوری کیلئےپیش کئے جائیں۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تیسرےپارلیمانی سال میں عوامی فلاح و بہبود کےمتعدد بلز منظور کئےگئے ، بجٹ اور عوامی اہمیت کے حامل امور پر سیر حاصل بحث کی گئی، قومی اسمبلی کی تین سالہ کارکردگی قابل ستائش ہے ، کریڈٹ حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کوجاتا ہے۔

    بابر اعوان نے کہا نئے پارلیمانی سال کا کیلنڈر تیار کر لیا گیا ہے ، کیلنڈرہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

  • ‌دورہ پاکستان پر آئے ترک وزیر خارجہ کیلئے  ‘ہلالِ پاکستان’ کا اعزاز

    ‌دورہ پاکستان پر آئے ترک وزیر خارجہ کیلئے ‘ہلالِ پاکستان’ کا اعزاز

    اسلام آباد : صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی کے وزیرخارجہ کو ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا دیا، ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ ترکی پاکستان کیساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کاخواہاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی کے وزیر خارجہ کو ہلالِ پاکستان ایوارڈ سے نوازا۔

    تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی۔

    بعد ازاں صدرمملکت عارف علوی سے ترکی کے وزیرخارجہ کی ملاقات ہوئی ، جس میں تجارت وثقافت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    صدر عارف علوی نے کہا کاروبارمیں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن میں بہتری آئی ، پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے ترک سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

    عارف علوی نے مسئلہ کشمیر پر حمایت پر ترک قیادت کا شکریہ اور ترک صدر کے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کورونا سے نمٹنے میں ترکی کےعالمی کردارکی بھی تعریف کی۔

    ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ ترکی پاکستان کیساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی کریں گے، ترقی بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

    ترک وزیرخارجہ نے مزید کہا آذربائیجان کی حمایت پرترکی پاکستان کےتعاون کوسراہتے ہوئے اسلاموفوبیا،نفرت انگیز تقاریرسےنمٹنےکیلئےملکرکام کرنےکی ضرورت پرزور دیا۔

  • پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا بڑا تقاضا پورا کردیا، گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن

    پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا بڑا تقاضا پورا کردیا، گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ2020کی توثیق کردی ، انسدادمنی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ 2020 فوری نافذ العمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا بڑا تقاضا پورا کردیا، انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی بل باقاعدہ قانون بن گیا۔

    صدر مملکت نے انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ2020کی توثیق کردی ، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے بھی صدر کے دستخط کی تصدیق کردی ہے۔

    انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ 2020 فوری نافذ العمل ہوگا ، نئے قانون کے تحت منی لانڈرنگ میں ملوث افراد ،اداروں کو سخت سزائیں ہوں گی اور قومی ادارے مل کر دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات کریں گے۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں جبکہ صدر مشترکہ اجلاس میں منظور ہونیوالے باقی 7بلز پر پہلے ہی دستخط کر چکے ہیں۔

    یاد رہے اس سے قبل انسداد دہشت گردی ترمیمی بل اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل ترمیمی بل منظور کئے گئے تھے ، منظور شدہ بل میں دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنیوالوں کیخلاف سنگین قوانین متعارف کرائے گئے ہیں ، قوانین ایف اے ٹی ایف کی ہدایات کی روشنی میں تیارکئے گئے ۔

    انسداد دہشتگردی ایکٹ اورتعزیرات پاکستان میں ترامیم متعارف کرائی گئی تھی ، منظورشدہ بل میں ترمیم میں کہا گیا مشتبہ دہشت گرد کو قرض دینےوالے شخص کو ڈھائی کروڑجرمانہ ہوگا جبکہ مشتبہ دہشت گرد کو قرض دینے والے ادارے کو 5 کروڑروپےجرمانہ ہوگا۔

  • صدرعارف علوی اور شاہ سلمان ملاقات، تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

    صدرعارف علوی اور شاہ سلمان ملاقات، تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

    ریاض:‌ صدرعارف علوی کی خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات ہوئی ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات میں پاکستان سعودی عرب تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا.

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ سلمان نے صدرمملکت کا گرم جوشی سےاستقبال کیا اور الیکشن میں‌کامیابی پرمبارک باد دی.

    شاہ سلمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات تمام سطح پربہترین ہیں، انھوں نے سعودی عرب کی ترقی اور تعلقات کی بہتری کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا.

    اس موقع پر صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے کے اہم ایشوز پرایک مؤقف رکھتے ہیں، آئندہ آنے والے دنوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے.


    مزید پڑھیں: صدر مملکت سعودی عرب کے دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے


    صدرعارف علوی نےسعودی عرب کی ویژن 2030 کے مطابق کارکردگی پرسراہا اور کہا کہ  سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی کے لئے کردار ادا کریں گے.

    صدرمملکت نےشاہ سلمان سےشہزادی الجوارہ بنت فیصل السعودکی وفات پرتعزیت کی.

  • صدر، وزیراعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی کی الوداعی ملاقات

    صدر، وزیراعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی کی الوداعی ملاقات

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے الوادعی ملاقات کی، صدر، وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی خدمات کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی آئی ایس لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے الوداعی ملاقات کی، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے بہترین خدمات انجام دیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ایس آئی کا مادر وطن کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف اہم کردار ہے۔

    صدر عارف علوی نے بھی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار 25 اکتوبر 2018 کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہورہے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر آئی ایس آئی کے نئے سربراہ مقرر

    فرنٹیئر فورس رجمنٹ کے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر موجودہ ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) ہیں اور اس سے پہلے انہوں نے سیاچن میں ڈویژن کمانڈ کی ہے۔ وہ آپریشنل ایریا میں بریگیڈ کی کمان سنبھال چکے ہیں۔

    عاصم منیر پاکستان ملٹری اکیڈمی یعنی پی ایم اے کے فارغ التحصیل نہیں بلکہ انھوں نے آفیسرز ٹریننگ اسکول سے فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔

  • پروٹوکول دو گاڑیوں‌ کا تھا، باقی پیچھا کرتی رہیں: صدر پاکستان کی وضاحت

    پروٹوکول دو گاڑیوں‌ کا تھا، باقی پیچھا کرتی رہیں: صدر پاکستان کی وضاحت

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ  پروٹوکول کے لیے صرف 2 گاڑیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی باقی تمام سرکاری گاڑیاں میرا پیچھا کرتی رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی آمد کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پروٹوکول کی ویڈیوز اور تصاویر دیکھ کر صدر پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وضاحت پیش کی۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹ کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ میں نے ایئرپورٹ پر موجود حکام کو ہدایت کی تھی کہ پروٹوکول کے لیے  ایک یا دو گاڑیاں اور  سیکیورٹی کے پیش نظر 2 گاڑیاں فراہم کردیں اور لاؤ لشکر دے کر مجھے شرمندہ نہ کریں۔

    صدر پاکستان کہنا تھا کہ ہدایت کے باوجود پروٹوکول کے علاوہ سرکاری گاڑیوں کی لمبی قطار میرا پیچھا کرتی رہیں، ہمیں اس کو ہر صورت روکنے کی کوشش کرنی ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈاکٹر عارف علوی کی 30 گاڑیوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

    ایک صارف کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ جس جگہ میں ساری زندگی رہا اب وہاں کے پڑوسیوں کے لیے زحمت نہیں بن سکتا، جب عام آدمی کے لیے پروٹوکول یا سیکیورٹی تکلیف دہ ہو تو ہمیں فرق لانا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر عارف علوی کراچی پہنچے تھے، صدر پاکستان نے وفاقی دارلحکومت سے کراچی تک بغیر پروٹوکول سفر  کیا اور اپنے بورڈنگ پاس وغیرہ بھی خود ہی حاصل کیے، البتہ آج صبح جب انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی تو اُن کے ہمراہ 30 گاڑیوں کا قافلہ تھا۔

  • ڈاکٹر عارف علوی کی 30 گاڑیوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

    ڈاکٹر عارف علوی کی 30 گاڑیوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

    کراچی : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزار قائد پر حاضری کے دوران دو درجن سے زائد گاڑیوں کا پروٹوکول لے کر وزیر اعظم عمران خان کے پروٹوکول نہ لینے کے دعوؤں کی دھجیاں اڑا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کی کراچی آمد کے موقع پر شہریوں کو سڑکوں کی بندش کا سامنا کرنا پڑگیا، ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کے پروٹوکول نہ لینے کے دعوؤں کی دھجیاں اڑا دی۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حلف برداری کے بعد آج کراچی کا باقاعدہ دورہ کررہے ہیں، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی، لیکن مزار قائد پر حاضری کے دوران بھی اطراف کی سڑکیں بن رہی۔

    قائد اعظم کے مزار کے موقع پر ان کے ہمراہ اگورنر سندھ عمران اسمعٰیل اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود ہے، ان کے علاوہ بھی شہر کی کئی معزز شخصیات نے صدرِ مملکت کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔

    دورہ کراچی کے موقع پر صدر مملکت کے قافلے میں30 کے قریب گاڑیاں پروٹوکول میں شامل تھیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو  میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی کراچی کے عالمی ہوائی اڈے سے دو درجن سے زائد گاڑیوں کے پروٹوکول میں اپنے گھر جارہے ہیں جبکہ آج صبح مزار قائد پر حاضری کے موقع پر صدر مملکت کے ہمراہ بھاری پروٹوکول تھا اور اطراف کی سڑکیں بھی بند تھیں۔

    اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 13 ویں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پروٹوکول لیے جانے پر شہریوں کی تنقید کا جواب سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے حکام کو بھاری پروٹوکول دینے سے منع کیا تھا تاہم انہوں نے میری بات نہ مانی‘۔