Tag: president arif alvi

  • صدر عارف علوی کی نئے نیول چیف کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار

    صدر عارف علوی کی نئے نیول چیف کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار

    اسلام آباد : صدر ڈاکٹرعارف علوی نے نئے نیول چیف کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمدامجدخان کی ملاقات ہوئی ، جس میں صدرڈاکٹرعارف علوی نے نئےنیول چیف کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

    صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی بحری حدودکےدفاع میں پاکستان نیوی کاکلیدی کردارہے جبکہ پاک نیوی گوادرپورٹ اور سی پیک سیکیورٹی میں اہم کردارادا کررہی ہے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے چیف آف نیول اسٹاف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا نیوی ایڈمرل امجدخان نیازی کی قیادت میں سمندری چیلنجزپر قابو پائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی تھی، ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ ہیں۔

    ایڈمرل امجدخان نیازی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں، وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے سنہ 1985 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور کمیشننگ کےموقع پر پی این اے سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔

    امجد خان نیازی متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدے پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں بھی فرائض انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی بھی رہ چکے ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق محمد امجد خان نیازی چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکریٹری اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ٹریننگ اینڈ ایوالیوایشن کے عہدے پر بھی رہے جبکہ ڈی جی نیول انٹیلی جنس کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔

    محمد امجد خان نیازی اس وقت چیف آف اسٹاف آپریشنز کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے جبکہ انہیں فرانس کی جانب سے شیویلئے (نائٹ) میڈل سے بھی نوازا گیا۔

  • کراچی اور سندھ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، صدر عارف علوی

    کراچی اور سندھ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، صدر عارف علوی

    اسلام آباد : صدرعارف علوی کا کہنا ہے کہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں کو تنہانہیں چھوڑیں گے ، کراچی صورتحال پروفاقی اورصوبائی حکومت کاتعاون مثبت پیش رفت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کے ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کراچی صورتحال پروفاقی اورصوبائی حکومت کاتعاون مثبت پیش رفت ہے، وفاقی اورصوبائی حکومت مل کربحرانی صورتحال میں بہتری لاسکتے ہیں۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ کراچی اورسندھ کےدیگرعلاقوں کوتنہانہیں چھوڑیں گے، پینے کے پانی کی فراہمی،نکاسی آب اوردیگرمسائل کوحل کرنااہم ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پوری قوم کو بارش سے کراچی کے عوام درپیش تکالیف کا احساس ہے، وفاقی اورصوبائی حکومت مل کرکراچی کے 3بڑے مسائل کے حل پر کام کریں گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں ایک مثبت پیش رفت سامنےآئی ہے، نالوں کی صفائی کے ساتھ تجاوزات کو مکمل ہٹایا جارہا ہے، کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ نکاسی آب کا بھی مستقل حل نکالیں گے جبکہ کراچی کےعوام کوپینے کے پانی کی فراہمی کےاہم مسئلے کا حل نکالیں گے۔

  • بحیرہ اسود میں گیس کے ذخائر ملنے پر صدر عارف علوی کی ترک صدر کو مبارکباد

    بحیرہ اسود میں گیس کے ذخائر ملنے پر صدر عارف علوی کی ترک صدر کو مبارکباد

    اسلام آباد : صدر عارف علوی نے بحیرہ اسود میں گیس کے ذخائر ملنے پر ترک صدر رجب طیب اردگان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا دوست کی خوشی دوست کی ترقی اور خوشحالی میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بحیرہ اسود میں گیس کے ذخائر ملنے پر ترک عوام اور صدر رجب طیب اردگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا دوست کی خوشی دوست کی ترقی اور خوشحالی میں ہے۔

    گذشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردوان نے بحیرہ اسود میں تاریخ کی سب سے بڑی گیس دریافت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بحیرہ اسود سے 320 بلین مکعب میٹر قدرتی گیس دریافت ہوئی ہے، 2023 میں قدرتی گیس کے ان ذخائر سے قوم کو فراہمی شروع کریں گے۔

    اس سے چند دن قبل ترک صدر نے قوم کو خوش خبری دینے کی بات کی تھی اور کہا تھا کہ یہ توانائی پر انحصار کرنے والے ملک کو نئے دور میں داخل کر دے گی۔

    ترکی کا ڈرلنگ کرنے والا بحری جہاز فاتح گزشتہ ایک ماہ سے مغربی بحیرہ اسود میں ٹونا وَن سیکٹر میں گیس تلاش کرنے کے لیے آپریشن کر رہا تھا، یہ سیکٹر اس جگہ سے قریب ہے جہاں رومانیہ کو بھی گیس کے ذخائر ملے تھے۔

  • ‘صدر مملکت عارف علوی  کراچی کے لئے فکرمند  ‘

    ‘صدر مملکت عارف علوی کراچی کے لئے فکرمند ‘

    کراچی : پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ صدر مملکت کراچی کے لئے فکرمند اور مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں، کراچی کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے صدر اپنا کردار ادا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی سے پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں کراچی کے مسائل اور حالیہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    خرم شیرزمان نےصدرمملکت کوکراچی کی صورتحال سےآگاہ کیا اور بجلی کےمسائل ،پانی کی قلت سمیت گرین لائن پر بھی گفتگو ہوئی۔

    اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ معاشی حب کراچی کو ان حالات سے نکالنا ہوگا، کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، صدر مملکت کراچی کے لئے فکرمند ہیں، اور کراچی کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں، گرین لائن آئندہ سال تک شروع ہو جائے گی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ کراچی کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے صدر اپنا کردار ادا کریں گے۔

    گذشتہ روز صدرعارف علوی سےانجمن تاجران سندھ کےوفد کی ملاقات ہوئی تھی، گورنرہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں تاجروفد کی سربراہی محمد جاوید قریشی  نے کی۔

    وفدنےصدرکوکوروناکےبعدتاجربرادری کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا اور حکومت کےمعاشی پیکج،ایس اوپیز کیساتھ کاروبار کھلارکھنے کے فیصلے کی تعریف کی۔

    صدرمملکت عارف علوی نے پبلک مقامات پرایس اوپیزپرعمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا حکومت عام آدمی،معاشرےکےکمزورطبقےکےمسائل سے پوری طرح آگاہ ہے، کورونامیں دیہاڑی دار طبقے کیلئے معیشت کو کھلا رکھنا حکومت کا جرات مندانہ فیصلہ تھا۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ ، گھروں کی تعمیر سے متعلق اہم خبر آگئی

    نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ ، گھروں کی تعمیر سے متعلق اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے صدر عارف علوی سے ملاقات میں کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت چند ماہ میں بڑے پیمانے پر گھروں کی تعمیر کا آغاز ہو جائے گا، جس پر صدر نے منصوبے میں نجی شعبے کو سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق صدرعارف علوی سے وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید کی ملاقات ہوئی، جس میں بلدیاتی انتخابات اورمجموعی سیاسی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران محمود الرشید نے پنجاب میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا پنجاب میں چند ماہ میں بڑے پیمانے پر گھروں کی تعمیر کا آغاز ہو جائے گا۔

    میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے نجی سیکٹرکاتعاون بھی حاصل کیا جارہا ہے، ہاؤسنگ سےمتعلق پالیسیاں اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت سےمرتب کی جارہی ہیں۔

    صدر مملکت کی نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں نجی شعبے کوسہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    یاد رہے رواں سال فروری میں نیاپاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرض کی فراہمی کے لئے معاہدہ طے پایا تھا ، جس کے تحت 5 لاکھ روپے قرض3 مرلہ پلاٹوں کے مالکان کوفراہم کیاجائے گا۔

    خیال رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 15 جولائی 2019 کو کیا تھا،جس کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔

    یاد رہےوزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ موجودہ حکومت کا سب سے اہم پراجیکٹ ہے، منصوبے سے رہائشی سہولت، معاشی سرگرمیوں میں تیز ی آئے گی، ہاؤسنگ، تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کریں گے اور سہولیات کی فراہمی سے تعمیرات کے شعبے کو فروغ ملے گا۔

  • ‘دنیا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پرتوجہ دے’

    ‘دنیا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پرتوجہ دے’

    اسلام آباد : صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ دنیامقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پرتوجہ دے ، مودی،آرایس ایس اپنا قبضہ برقرار رکھنے کیلئے کیا کچھ نہیں کررہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پرتوجہ دے ، قتل ،زیادتی، پیلٹ گن سے لوگوں کو نابینا کرنا، گرفتاریاں، مودی،آرایس ایس اپنا قبضہ برقرار رکھنے کیلئے کیا کچھ نہیں کر رہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کررہی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں نسل کشی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، میں دہرا رہا ہوں،بھارت توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کرےگا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ قابض افواج نے گزشتہ روزسرینگرمیں15گھروں کو جلادیا، 9 لاکھ بھارتی فوجی کشمیریوں پر مظالم ڈھارہے ہیں، مودی سرکار کی جانب سے کشمیرمیں آبادی کاتناسب بدلنےکی کوشش جنیواکنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

    خیال رہے پاکستان نے او آئی سی ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں منظم طریقے سے مسلم کش پالیسیوں پر کام ہورہا ہے، بھارتی سرکار ہندوستان سے مسلم شناخت مٹانا چاہتی ہے اور اسی لیے مودی سرکار کی جانب سے مہلک ترین کرونا وائرس کی آڑ میں بھی مسلمان آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے

  • بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی، صدر مملکت

    بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی، صدر مملکت

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث پاکستانی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی، درخواست ہے کہ مخیر حضرات خیرات کا سلسلہ جاری رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے راشن تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نےاحساس پروگرام شروع کیا ،1 کروڑ 20لاکھ لوگ مستفید ہوں گے ، ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو 12ہزار روپے پروگرام سے مل رہے ہیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس ملک کو چوری اور بے ایمانی کے ذریعے دیمک کی طرح کھایا گیا، ہماری قوم بہت کم ادوار میں کئی مشکلات کا سامنا کرچکی ہے، پڑوسی ممالک کے لوگوں کو بھی ہم نے دل کھول کر جگہ دی، افغان جنگ کے دوران 40لاکھ افغان باشندے پاکستان آئے۔

    عارف علوی نے کہا کہ کوئی شک نہیں لاک ڈاؤن سے معیشت ، روزگار پر اثرات پڑے ہیں ، ترقی یافتہ ممالک نے کورونا سے نمٹنے کیلئے اربوں کے فنڈ رکھے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک خیال تھا اس سے پاکستان میں ابتک کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پاکستانی قوم آزمائشوں سے نکلتی جارہی ہے ، کورونا کے باعث پاکستانی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

    صدر مملکت نے مزید کہا کہ بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی ، درخواست ہے کہ مخیر حضرات خیرات کا سلسلہ جاری رکھیں ، کورونا سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہیں۔

  • کرونا وائرس ، صدرِ پاکستان کی نمازِ جمعہ کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل

    کرونا وائرس ، صدرِ پاکستان کی نمازِ جمعہ کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل

    اسلام آباد : صدرِ پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نماز جمعہ کے دوران احتیاطی تدابیراختیارکریں ، اگر آپ کو کھانسی، بخار یا زکام ہے تو مسجد جانے کے بجائے گھر پرنماز پڑھیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹرعارف علوی سماجی رابطے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیغمبرِ اسلام کا فرمان ہے کہ بیماراورتندرست لوگوں کوقریبی میل جول سےاجتناب کرنا چاہیے۔ نمازجمعہ کےدوران احتیاطی تدابیراختیارکی جائیں، اگرآپ کو کھانسی، بخار یا زکام ہے تو مسجد جانے کے بجائے گھر پرنماز پڑھیں۔

    صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ اگر آپ مسجد جارہے ہیں تو جائے نماز یا کوئی کپڑا ساتھ لے کر جائیں ، ہاتھ ملانے، بغلگیر ہونے اور قریبی میل جول سے گریز کریں جبکہ کھانسی اور چھینک کے دوران ٹشو کا استعمال کریں۔

    عارف علوی نے مزید کہا مسجد سے فرض نماز کے بعد جلد روانہ ہو، سنت اور نوافل نماز گھر پر ادا کریں، یاد رکھیں کہ کیونکہ آپ اپنا اور دوسروں کا خیال کر رہے ہیں، اس میں بھی انشاللہ ثواب ملے گا اور اللہ تعالیٰ معاف فرمائے گا۔

  • کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، مساجد میں علما کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں، ماسک مہنگے ہوں تو کاغذ سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، کرونا 50 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اللہ ہماری مدد کرے گا، یہاں وائرس نہیں پھیلے گا۔ خطرہ ہوا تو قوم تیار ہے، ہم تمام وسائل استعمال کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے عمرہ بند کر دیا ہے، یہی صورتحال رہی تو حج سے متعلق ہدایات بھی آسکتی ہیں۔ ایران میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 2، 3 روز کے لیے اسکول بند کیے گئے ہیں، جاپان میں اپریل تک اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماسک مہنگے ہوں تو پیپر سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔ مساجد میں علما بھی کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔ ہم نے قوم کو کرونا وائرس کے خدشات سے متعلق جلدی تیار کر لیا ہے۔

  • صدر عارف علوی بھی نوجوانوں کی ترقی کے لئے میدان میں آگئے

    صدر عارف علوی بھی نوجوانوں کی ترقی کے لئے میدان میں آگئے

    اسلام آباد : صدر عارف علوی بھی نوجوانوں کی ترقی کے لئے میدان میں آگئے ، وزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات میں ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت اےآئی پروگرام پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی نوجوانوان کو اسکل ڈویلپمنٹ کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے صدر عارف علوی سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں صدر پاکستان نے آرٹیفشل انٹیلی جنس پروگرام شروع کرنے پر مشاورت کی اور ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت اے آئی پروگرام پر مل کرکام کرنے پر اتفاق کیا، ایک لاکھ نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سےمتعلق تربیت دی جاسکے گی۔

    اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا ترقی یافتہ ممالک تیزی سےآرٹیفشل انٹیلی جنس پرمنتقل ہو رہے ہیں، مصنوعی ذہانت مستقبل ہے، نوجوانوں کو جدید طریقے اپنانے ہوں گے۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کی زبردست پذیرائی حکومت کےلیےخوش آئند ہے ، کامیاب جوان کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی سرپرستی کریں گے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے ہنر مند پاکستان پروگرام کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا وزیراعظم اور صدر پاکستان کا تعاون نوجوانوں کے لیےخوش آئند ہے، وزیراعظم کی ہدایات پرمصنوعی ذہانت میں عملی قدم رکھ رہے ہیں، کوشش کریں گےاپنے نوجوانوں کو عالمی طرز کی تربیت فراہم کریں۔

    یاد رہے 9 جنوری کو وزیراعظم عمران خان نے ہنر مندپاکستان منصوبے کا افتتاح کیا تھا ، ہنرمند جوان پروگرام کےتحت لاکھوں نوجوانوں کوفنی تربیت دی جائے گی۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ نوجوانوں پر خرچ کرکے ملک کو سپر پاور بناسکتے ہیں، نوجوانوں پر خرچ کرنے کے لیے ہنرمند پاکستان پروگرام پہلا قدم ہے، پہلے فیز میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو ہنر سکھایا جائے گا، ہنر مند پاکستان پروگرام میں 500 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کھولے جائیں گے۔