Tag: PRESIDENT ASHRAF GHANI

  • نماز عیدالاضحیٰ کے دوران افغان صدارتی محل کے قریب راکٹ حملے

    نماز عیدالاضحیٰ کے دوران افغان صدارتی محل کے قریب راکٹ حملے

    کابل: نماز عیدالاضحیٰ کے موقع پر افغان صدراتی محل راکٹ حملوں سے گونج اٹھا۔

    افغان میڈیا کے مطابق آج افغان صدارتی محل کے قریب متعدد راکٹ حملے کئے گئے، جو کہ صدراتی محل کے قریب گرے۔

    راکٹ حملے عین اسوقت کئے گئے جب افغان صدارتی محل میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کی جارہی تھی، جس میں افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد اعلیٰ اور عسکری حکام شریک تھے۔

    افغان میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ راکٹ حملے ضلع پروان کے علاقے سے فائر کئے گئے ہیں جوکہ باغی علی مردان اور چمنِ ہزوری کے علاقوں میں گرے ،یہ علاقے صدارتی محل کے قریب واقع ہیں، فوری طور پر کسی گروہ نے راکٹ حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

    راکٹ حملوں کے بعد کابل اور اس کے اطراف سیکیورٹی فورسز کا گشت مزید بڑھادیا گیا ہے اور لوگوں کی نقل وحمل کو محدود کردیا گیا ہے۔

    گذشتہ روز افغان طالبان کے سربراہ ہیبت اللہ اخونزادہ نے افغانستان میں اپنی حکومت کا خاکہ پیش کیا تھا، ایجنڈے میں کہا گیا کہ طالبان انخلا کے بعد امریکا سمیت دنیا بھر سے سفارتی و معاشی تعلقات کے خواہاں ہیں۔

    طالبان افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اسی طرح ہمارے داخلی امور میں بھی دخل اندازی سے گریز کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کے سربراہ نے اپنی حکومت کا خاکہ پیش کر دیا

    ہیبت اللہ اخونزادہ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفارت کاروں، سفارت خانوں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تحفظ دیں گے، افغانستان ہم سب کا گھر ہے، تمام ملکی فریقوں کے لیے بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں، لیکن طالبان حقیقی اسلامی نظام چاہتے ہیں اس لیے ملکی فریق بھی اسے تسلیم کریں۔

    ایجنڈے میں یہ بھی کہا گیا کہ طالبان کی صفوں میں شامل ہونے والے سرکاری اہل کاروں اور فوجیوں سے وعدے پورے کیے جائیں گے، حکومت کے قیام اور ملک کی ترقی میں افغان اقوام کا بڑا کردار ہوگا۔

    ایجنڈے کے مطابق طالبان کے زیر اثر علاقوں میں مدارس، اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں کھلی رہیں گی۔

  • افغان صدر اشرف غنی نے قومی سلامتی کے مشیر کا استعفیٰ منظور کرلیا

    افغان صدر اشرف غنی نے قومی سلامتی کے مشیر کا استعفیٰ منظور کرلیا

    کابل : افغان صدر اشرف غنی نے قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے تین اعلیٰ عہدیداران کے استعفے منسوخ کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے سیکیورٹی امور پر اختلافات کے باعث پیش کیے گئے ملکی سطح کے تین اعلیٰ سیکیورٹی عہدیداران کے استعفے قبول کرنے سے انکار کردیا جب کہ قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر کا استعفیٰ قبول کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افغان صدر اشرف غنی کو وزیر دفاع طارق شاہ بہرامی، وزیر داخلہ وایس بارمک اور افغان خفیہ ایجنسی کے سربراہ معصوم استانکزئی نے ہفتے کے روز قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر کے مستعفی ہونے اپنے استعفے پیش کیے تھے۔

    افغان حکومت ترجمان ہارون چکنسوری کے مطابق اشرف غنی نے استعفیٰ دینے والے تینوں اعلیٰ عہدیداران کے استعفے منسوخ کرتے ہوئے کام جاری رکھنے اور سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید بہتر انداز میں کام کرنے کی ہدایات جاری کی۔

    افغانستان کے صدر اشرف غنی نے تینوں افسران کو دہشت گردوں کے تازہ حملوں سے نمٹنے کے لیے حل تلاش کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سنہ 2019 میں ہونے والے صدراتی انتخابات حصّہ لینے کا سوچ رہے تھے۔

    خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز سے ہی افغان طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے اور جنوری سے اب تک دہشت گردوں کی جانب سے افغان دارالحکومت کابل سمیت ملک کے مختلف حصّوں میں کئی بم دھماکے کیے جاچکے ہیں۔

  • وزیراعظم نوازشریف کی افغان صدرکودورہ پاکستان کی دعوت

    وزیراعظم نوازشریف کی افغان صدرکودورہ پاکستان کی دعوت

    پیرس: ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق فرانس میں منعقدہ عالمی کانفرنس کی ذیلی ملاقاتوں میں وزیراعظم نواز شریف نے افغان صدر اشرف غنی سے اہم ملاقات کی اوردہشت گردی کے خلاف ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    دونوں سربراہوں کے درمیان پیرس میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم نےافغان صدر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان افغان حکومت کو ہی قانونی سمجھتاہے اور اس سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

    وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی سرزمین کو دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے تاہم خطے میں مستقل قیام امن کے لئے افغان حکومت کاتعاون بھی درکارہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے مذاکرات اورملٹری آپریشن دونوں آپشن موجود ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اورکرتا رہے گا اور اس سلسلے میں آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہونے والی امن کانفرنس انتہائی اہم ہے۔

    وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے لئے افغانستان کے صدراشرف غنی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

    ملاقات میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون بھی موجود تھے۔