Tag: President Asif Zardari

  • یوم تکبیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پیغام

    یوم تکبیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پیغام

    صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر ملک کی خود مختاری اور علاقائی سا لمیت کے تحفظ کا عزم دہرایا ہے۔

    صدر مملکت نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک قابل اعتماد اورکم از کم دفاعی صلاحیت پر مبنی ہے جو امن کا ضامن ہے جس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کا خواہاں نہیں ہے اور پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے سامنے بھرپور تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایٹمی سفر کو سراہا اور ملک کو معاشی طاقت میں تبدیل کرنے کیلئے اتحاد اور پختہ عزم کی تجدید کی ضرورت پر زور دیا۔

    وزیراعظم نے اس سال یوم تکبیر کو پاکستان کی اس حالیہ کامیابی کے ساتھ منسلک قرار دیا جس میں پاکستان نے بھارت کی طرف سے مسلط کی گئی بلاجواز جنگ کے خلاف کامیابی کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔

    انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ یوم تکبیر کے ملکی دفاع کے جذبے کو معاشی ترقی کے سفر میں بھی برقرار رکھیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت بنے 27 برس بیت گئے، آج سے 27سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی جسے یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔

    بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں یکے بعد دیگرے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے جوہری قوت ہونے کا تاریخی اعلان کیا۔

    ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو ”یوم تکبیر”کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

    پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

    پاکستان اور ہندوستان نے پہلی مرتبہ1998 میں 3، 3ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے سنہ 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی تھی۔

    یوم تکبیر پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

    مئی 1998 میں جب ہندوستان نے جوہری تجربات کیے تو پاکستان کے لیے کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ وہ بھی جوہری تجربات کرے اور یوں پاکستان بھی جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہوگیا۔

  • صدر آصف زرداری کورونا میں مبتلا

    صدر آصف زرداری کورونا میں مبتلا

    کراچی: صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ صدر آصف زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ صدر آصف زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، صدر مملکت کو آئسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ ماہرین کی ٹیم آصف زرداری کی دیکھ بھال کررہی ہے، ان کی حالت بہتر ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے انھیں نجی اسپتال منتقل کر دیا گیاتھا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کو رات گئے کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، رات گئے ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی۔

    پی پی ذرائع کے مطابق صدر مملکت کا علاج جاری ہے، نجی اسپتال میں ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بخار اور انفیکشن کے لیے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، صدر مملکت کو بخار محسوس ہو رہا تھا۔

    صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت اچانک خراب، نجی اسپتال منتقل

    ذرائع کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کلفٹن کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں پولیس اور قانون نافد کرنے والے ادارے سیکیورٹی پر موجود ہیں۔

  • واقعہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا: صدر آصف زرداری

    واقعہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا: صدر آصف زرداری

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے شانگلا واقعے پر کہا ہے کہ یہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا واقعہ تھا، انھوں نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام چینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    صدر آصف زرداری نے آج بدھ کو چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے ان کا استقبال کیا، صدر مملکت نے چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

    صدر آصف زرداری نے کہا پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوش حالی اور سلامتی کے لہے ہمارے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا، غیر انسانی حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے، یہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا۔

    ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق انھوں نے کہا کہ دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک چین دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

    شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    چینی سفیر نے تعزیت کے لیے ذاتی طور پر سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، چینی سفیر نے انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر انھیں پکڑنے کی ضرورت ہے۔

    چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کے لیے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔