Tag: president Dr arif alvi

  • آج الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہوتی تو پاکستان اس بحران سے بچ جاتا: صدرعارف علوی

    آج الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہوتی تو پاکستان اس بحران سے بچ جاتا: صدرعارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔

    عام انتخابات 2024 کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار کی زیادہ تعداد اب تک کامیاب ہوئی ہے۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دیر سے نتائج آنے پر سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کیلئے ہماری طویل جدوجہد کو یاد رکھیں، ای وی ایم میں کاغذی بیلٹ کیساتھ سادہ الیکٹرانک کیلکولیٹر بھی تھ۔

    صدرمملکت عارف علوی نے ٹوئٹ میں کہا کہ اس سادہ الیکٹرانک کیلکولیٹر میں ہر ووٹ بٹن دبانے کیساتھ گنا بھی جا سکتا تھا، ہر امیدوار کا نتیجہ پول ہونے کے 5 منٹ کے اندر دستیاب ہوتا اور پرنٹ بھی ہو جاتا۔

    صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ ہماری یہ جدوجہد جس کے لیے ایوان صدر میں 50 سے زائد میٹنگ ہوئیں وہ ناکام کی گئی، آج ای وی ایم ہوتی تو میرا یہ پیارا پاکستان اس بحران سے بچ جاتا۔

  • صدر مملکت کا بینک فراڈ سے متاثرہ صارفین کو رقم ادائیگی کا حکم

    صدر مملکت کا بینک فراڈ سے متاثرہ صارفین کو رقم ادائیگی کا حکم

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینک فراڈ کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے اور فراڈ کے متاثرین کو 2.74 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دو نجی بینکوں کی جانب سے دائر دو الگ الگ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے بینک فراڈ کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے اور بینکوں کو فراڈ کے متاثرین کو 2.74 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

    اتوار کو ایوانِ صدر پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بینکنگ فراڈ میں ملوث افراد کی بلیک لسٹگ کیلئے بینکنگ محتسب معاملہ اسٹیٹ بینک کے سامنے اٹھائے، بینکنگ فراڈ پر ضروری ایس او پیز جاری کیے جائیں، فراڈ کرنے والے افراد کو بینکنگ/ مالی سہولیات نہ دی جائیں۔

    صدر مملکت نے دو نجی بینکوں کی جانب سے دائر دو الگ الگ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے حکم جاری کیا کہ بینک فراڈ سے متاثرہ 2 صارفین کو 19 لاکھ اور 7 لاکھ 44 ہزار روپے ادا کیے جائیں۔

    نجی بینک کے صارف قیصر محمود کو بینک کی ہیلپ لائن سے مشابہہ نمبر سے کال موصول ہوئی، کالر نے قیصر محمود کو اپنی معطل شدہ ڈیجیٹل بینکنگ ایپ فعال کرنے کا کہا

    ،شہری کے ایپ فعال کرنے کے بعد اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے منتقل کر دیے گئے، بریگیڈیئر (ر) محمد عارف شیخ سے جعل سازوں نے کال کرکے اکاؤنٹ کی تکنیکی خامیاں دور کرنے کے بہانے بینکنگ تفصیلات مانگیں ، بریگیڈیئر ریٹائرڈ عارف شيخ کے اکاؤنٹ سے 19 ٹرانزیکشنز کے ذریعے 994,000 روپے کی رقم نکال لی گئی، شہریوں نے اپنے متعلقہ بینکوں سے رقم واپس کرنے کو کہا لیکن انہیں ریلیف نہ مل سکا۔

    بعد ازاں شہریوں نے ریلیف حاصل کرنے کے لیے بینکنگ محتسب سے رابطہ کیا، محتسب نے بینکوں کو ہدایت کی کہ صارفین کو کھوئی ہوئی رقوم واپس کریں۔ بعد ازاں بینکوں نے صدر مملکت کے سامنے محتسب کے فیصلوں کے خلاف علیحدہ علیحدہ اپیلیں دائر کیں۔

    صدر مملکت نے مقدمات کی ذاتی سماعت کی اور فریقین کو سننے اور دستیاب ریکارڈ دیکھنے کے بعد فیصلہ شکایت کنندگان کے حق میں کردیا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ بینکوں نے جعلی ٹرانزیکشنز کا پتہ لگانے کے لیے نگرانی کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل نہیں کی، لگاتار اور متعدد لین دین کیے گئے لیکن سسٹم الرٹ نہیں ہوا اور رقم کو سسٹم سے گزرنے دیا گیا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ بینک ادائیگی کے نظام اور الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفرز ایکٹ 2007 کے سیکشن 41کے مطابق لین دین کی قانونی حیثیت قائم کرنے میں بھی ناکام رہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ بینک اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل کا کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے، بینکوں کی بدانتظامی ثابت ہوئی، بینک شکایت کنندگان کا مالی نقصان پورا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ مذکورہ دونوں نجی بینک اکاؤنٹ ہولڈر قیصر محمود اور بریگیڈیئر (ر) عارف شیخ کو بالترتیب 1,998,500 اور 744,000 روپے ادا کریں۔

  • ’’صدرعلوی کیخلاف پروپیگنڈا حقائق دھندلانے کی کوشش قرار‘‘

    ’’صدرعلوی کیخلاف پروپیگنڈا حقائق دھندلانے کی کوشش قرار‘‘

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کیخلاف نفرت انگیز حکومتی پروپیگنڈہ انہیں جھکانے اور زمینی حقائق دھندلانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجوہ سیاسی صورتحال پرغور وخوص کیا گیا۔

    اجلاس میں آرمی ایکٹ، آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترامیم کے مسودہ جات پر صدر مملکت کے ٹوئٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے صدر کیخلاف نفرت انگیز حکومتی پروپیگنڈہ انہیں جھکانے اور حقائق دھندلانے کی کوشش قرار دے دیا۔

    کورکمیٹی اراکین کا کہنا ہے کہ صدر کے غیر معمولی ٹوئٹ کے بعد پوری قوم شدید اضطراب میں مبتلاہے، واقعے کے اصل حقائق کا تعین کرنا اور سربراہ ریاست کے منصب کو نیچا دکھانے والوں کا محاسبہ کیا جانا اہم ہے۔

    اراکین نے کہا کہ دھونس اور جبر کی بنیاد پر کسی کو معاملہ الجھانے یا ذمہ داروں کو بچانے کی اجازت نہیں دیں گے، عدالت عظمیٰ آئین و ریاست کے وسیع تر مفاد میں غیرمعمولی معاملے کو بلاتاخیر اٹھائے۔

    اجلاس میں کور کمیٹی نے بٹگرام حادثے کا شکار ہونے والی چیئر لفٹ اور جاری ریسکیو آپریشن پر غور کرتے ہوئے چیئر لفٹ میں پھنسے نونہالوں، ٹیچرز کی مکمل سلامتی اور بحفاظت ریسکیو کیلئے خصوصی دعا کی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آفیشل سیکرٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بلوں پر دستخط کی تردید کرتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ قوانین سے متفق نہیں تھا، عملے کو ہدایت دی کہ دونوں بلوں کو بغیر دستخط واپس بھجوا دیں، اب پتا چلا میرا عملہ میری مرضی اور حکم کے خلاف گیا، ان سے معافی مانگتا ہوں جو اس قانون سے متاثر ہوں گے۔

  • خاتون کو ہراساں کرنیوالے 6 پی ٹی وی ملازمین کیخلاف بڑا اقدام

    خاتون کو ہراساں کرنیوالے 6 پی ٹی وی ملازمین کیخلاف بڑا اقدام

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پی ٹی وی کے6 ملازمین کی ترقی 2 سال تک روکنے کے احکامت جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق مذکورہ ہدایات ایک خاتون کیمرہ مین کو ہراساں کرنے اس کیلئے غیرمحفوظ اور جارحانہ ماحول پیدا کرنے پر دی گئیں۔

    صدر مملکت نے خاتون کیمرہ مین کی سروس سے برطرفی کو بھی کالعدم قرار دے دیا، خاتون کیخلاف ضابطے کی پیروی کیے بغیر، غیر ذمہ دارانہ تادیبی کارروائی کی گئی۔

    صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر کام کی جگہ پر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تعلیم اور روزگار تک بہتر رسائی سے لاکھوں پاکستانی خواتین کام کر رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کو ہراساں کرنا پاکستان کے آئین میں موجود بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، آئین تمام معاملات میں قانون کے یکساں تحفظ اور مساوات کی ضمانت دیتا ہے۔

    صدر مملکت نے پی ٹی وی ملازمین عبدالرشید، ضیاءالرحمان، مقبول شاہ، محمد منور، اور کنول مسعود کی اپیلیں مسترد کردیں۔

    وفاقی محتسب نے خاتون کو چارج شیٹ کرنے، معطلی، تبادلے پر ترقی روکنے اور 1لاکھ روپے جرمانہ سزا سنائی تھی۔ صدر مملکت نے ملوث ملازمین پر محتسب کی جانب سے عائد کردہ جرمانے کی سزا مسترد کردی۔

  • صدرعارف علوی نے فوجداری قوانین ترمیمی بل کی منظوری دے دی

    صدرعارف علوی نے فوجداری قوانین ترمیمی بل کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فوجداری قوانین ترمیمی بل 2023 کی منظوری دے دی۔

    صدر مملکت کی جانب سے فوجداری قوانین ترمیمی بل 2023 کی منظوری دے دی گئی، انسداد الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 میں ترمیم کی گئی۔

    ایوان صدر کے پریس ونگ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق بل کا مقصد انسداد الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 ، پاکستان پینل کوڈ 1860 اور قانون شہادت 1984 میں ترامیم کرنا ہے

    صدر مملکت کی جانب سے مذکورہ بل کی منظوری آرٹیکل 75 کے تحت وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر دی گئی۔

  • ڈاکٹرعارف علوی حج کی ادائیگی کیلیے حجاز مقدس پہنچ گئے

    ڈاکٹرعارف علوی حج کی ادائیگی کیلیے حجاز مقدس پہنچ گئے

    جدہ : صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس پہنچ گئے

    جدہ میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، مکہ مکرمہ ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ بندر بن سلطان بن عبدالعزیز اور دیگر حکام نے انہیں خوش آمدید کہا۔

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کے ہمراہ پاکستانی سفیراحمد فاروق، قونصل جنرل خالد مجید کے علاوہ سفارتی افسران بھی موجود تھے۔

    صدر مملکت کی روانگی کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

    واضح رہے کہ مناسک حج کا آغاز آج بروز پیر سے ہوگا جبکہ رکن اعظم وقوف عرفات منگل کے روز ادا کیا جائے گا۔ سعودی وزارت حج کے مطابق اس سال دنیا بھر سے 20 لاکھ افراد فریضہ حج ادا کریں گے اور حج کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

  • یوم تکبیر پر صدر مملکت عارف علوی کا قوم کے نام پیغام

    یوم تکبیر پر صدر مملکت عارف علوی کا قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکے طاقت کے توازن کیلئے ضروری تھے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی کا یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ بھارت کے دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے آج کے دن ایٹمی دھماکے کئے، یہ دھماکے خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے ناگزیر تھے۔

    انہوں نے کہا کہ جوہری صلاحیت کا حصول واقعی ایک قابل ذکر کارنامہ تھا، سائنسدانوں، انجینئرز، سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    پاکستانی سائنس دانوں نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنایا۔

    انہوں نے کیا کہ اپنے لوگوں کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری،سائبر سیکیورٹی مضبوط بنا کر پاکستان کو محفوظ ملک بنانے کا عہد کریں۔

    صدرمملکت نے مزید کہا کہ امید ہے کہ اپنی اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

  • صدر پاکستان نے بینک فراڈ متاثرین کی بڑی مشکل آسان کردی

    صدر پاکستان نے بینک فراڈ متاثرین کی بڑی مشکل آسان کردی

    اسلام آباد : صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آن لائن فراڈ کا شکار ہونے والے شہریوں کا بڑا مسئلہ حل کردیا، نجی بینکوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ فراڈ متاثرین کو ان کے لاکھوں روپے واپس کیے جائے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نجی بینکوں کو فراڈ متاثرین کو 5 لاکھ 64 ہزار روپے سے زائد رقم واپس دینے کی ہدایت کردی، متاثرین سے فنڈز کی آن لائن منتقلی اور اے ٹی ایم فراڈ کے ذریعے رقوم ہتھیالی گئی تھیں۔

    صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کے 3 فیصلوں کے خلاف الائیڈ بینک، یونائیٹڈ بینک اور ایک شہری کی اپیلیں نمٹا دیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری تفصیلات کے مطابق شکایت کنندگان محمد سلیم ظفر، ہدایت اللہ اور غلام محمد بالترتیب لاہور میں الائیڈ بینک لمیٹڈ، ضلع کرک میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور پشاور میں الائیڈ بینک لمیٹڈ میں الگ الگ اکائونٹس تھے۔ سلیم ظفر کو الائیڈ بینک لمیٹڈ کی ہیلپ لائن سے ملتے جلتے ایک نمبر سے کال موصول ہوئی اور کال کرنے والے نے اپنا تعارف بینک کے نمائندے کے طور پر کرایا۔

    سلیم ظفر نے کال کرنے والے کے ساتھ اپنی بینکنگ کی معلومات شیئر کیں، جس کے بعد ان کے اکائونٹ سے کل 348,500 روپے نکال لئے گئے۔ اسی طرح ہدایت اللہ نے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ ڈیجیٹل ایپ کا استعمال کرتے ہوئے کسی نامعلوم شخص نے 170,969 روپے نکال لئے حالانکہ اس نے نہ تو الیکٹرانک فنڈز ٹرانسفر سہولت کے لیے درخواست کی تھی اور نہ ہی اس کا استعمال کیا تھا۔

    اسی طرح غلام محمد کا کارڈ اے ٹی ایم مشین میں پھنس گیا تھا اور بعد میں انہیں پتہ چلا کہ کچھ جعل سازوں نے دھوکہ دہی کے ذریعے ان کا کارڈ استعمال کرتے ہوئے ان کے اکائونٹ سے غیر مجاز طریقے سے 45,000 روپے کی رقم نکال لی۔

    شکایت کنندگان نے ریلیف کے لیے بینکوں سے رجوع کیا لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا، اس کے بعد انہوں نے علیحدہ علیحدہ بینکنگ محتسب سے رجوع کیا جس نے سلیم ظفر اور ہدایت اللہ کے کیسز میں انہیں کھوئی ہوئی رقم واپس کرنے جبکہ غلام محمد کا کیس شکایت بند کرنے کا حکم دیا۔

    بعد ازاں بنکنگ محتسب کے فیصلوں کے خلاف صدر مملکت کو اپیلیں کی گئیں جنہوں نے بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ بینک فراڈ کے تینوں متاثرین کو فراڈ کی گئی رقم ادا کریں۔

    صدر مملکت نے سلیم ظفر اور ہدایت اللہ کے معاملات میں اپنے فیصلوں میں قرار دیا کہ متعلقہ بینکوں نے صارفین کی رضامندی اور علم کے بغیر الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفر کی سہولت کھولی، علم اور رضامندی کے بغیر فنڈ ٹرانسفر سہولت کھولنا اسٹیٹ بینک کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، شکایت کنندگان نے ایسے چینلز کھولنے کی کوئی درخواست نہیں کی۔

    صدر مملکت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بینک فنڈز کی منتقلی کی شرائط کو واضح انداز میں صارفین کو بتانے کے متعلق کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے، بینکوں کی جانب سے بدانتظامی ثابت ہوئی ہے اس لئے متاثرین کو فراڈ کی رقم واپس کی جائے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ غلام محمد کے کیس میں ثابت ہوا ہے کہ جعلسازوں نے دھوکہ دہی کے ذریعے صارف کا کارڈ حاصل کیا، صارفین کے مفادات کا تحفظ بینک کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

    صدر نے بینکنگ محتسب کے کیس کو بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اے بی ایل کو ہدایت کی کہ بینک غلام محمد کو اس کی کھوئی ہوئی 45 ہزار کی رقم واپس لوٹائے۔

  • صدرعارف علوی نے الیکشن ترمیمی بل بغیر دستخط کے واپس کردیا

    صدرعارف علوی نے الیکشن ترمیمی بل بغیر دستخط کے واپس کردیا

    اسلام آباد : صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے الیکشن ترمیمی بل بغیر دستخط کے واپس کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ ای وی ایم اور اوورسیز کے ووٹنگ کے معاملے سےدہائی سے منسلک ہوں۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ حکومتوں، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں معاملے کی پیروی اور آئین کی پاسداری کرتا رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ادراک ہے کہ آئین بل پر دستخط نہ کرنے کے باوجود اسے قانون کی شکل دے گا، بحیثیت صدر مجلس شوریٰ کے منظور کردہ بل پر دستخط نہ کرنا ذاتی طور پر تکلیف دہ امر ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے اپنے دلائل اور خیالات قلمبند کرنا چاہتا ہوں، مجوزہ قوانین کی نوعیت رجعت پسندانہ ہے، ٹیکنالوجی، ای وی ایم کےاستعمال میں بہت سے مسائل کا حل موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی متنازع اور چیلنج شدہ انتخابی عمل میں ابہام کو کم کر سکتی ہے، ٹیکنالوجی کا استعمال انتخابی عمل میں شفافیت لانے کیلئےمدگار ثابت ہوگا، انتخابی مرحلے میں اوورسیز کی شرکت کیلئے بھی مدگار ثابت ہوگا۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی منصفانہ الیکشن کے ہمارے ادھورے خواب کو پورا کرسکتی ہے، چاہتا ہوں پاکستان مستقبل میں تیزی سے کامیابی کی طرف بڑھے، آج کے مسائل کو جدید اور نئے سائنسی طریقوں سے حل کرناچاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اور مستقبل کی حکومتوں اور پارلیمان کو دو چیزوں کا انتخاب کرنا ہوگا، اس طرح کے بہت سے مشکل فیصلوں کا ہمیں مستقبل میں بھی سامنا رہے گا۔

    صدر مملکت نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جو قومیں صحیح فیصلے کرتی ہیں وہ ترقی کی منازل تیزی سے طے کرتی ہیں جو قومیں ایسا نہیں کر پاتی وہ مواقع ضائع کرتی ہیں جو کامیابی کی طرف لے جا سکیں۔

  • حصول پاکستان کا مقصد اسلامی فلاحی مملکت کا قیام تھا، عارف علوی

    حصول پاکستان کا مقصد اسلامی فلاحی مملکت کا قیام تھا، عارف علوی

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے یوم پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حصول پاکستان کا مقصد اسلامی فلاحی مملکت کا قیام تھا۔

    اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حصول پاکستان کا مقصد ایسی ریاست تھا جس میں مسلمانوں کےساتھ اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہو۔

    صدر مملکت نے کہا کہ اوآئی سی اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین کو خوش آمدید کہتا ہوں، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں عوام پر جبروتشدد کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میرے لاکھوں افغان بھائی بھوک اور بیماری سے گزر رہے ہیں، اقوام متحدہ نے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کی منظوری دی، ہر سال 15مارچ کواسلامو فوبیا سےنمٹنے کا دن منایا جائے گا۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کیخلاف قرارداد کی منظوری پر امت مسلمہ کومبارکباد پیش کرتا ہوں، او آئی سی اجلاس اسلامی ممالک کو درپیش مسائل کے حل کا موقع ہے۔

    صدر پاکستان نے کہا کہ ہم ذمہ دار ایٹمی قوت اور تمام ممالک سے امن چاہتے ہیں، ہم پرامن بقائے باہمی کے اصول پر قائم ہیں اور قائم رہیں گے، ہم اپنی سلامتی اورخودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کیخلاف کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جیسے اس سے پہلے جواب دیتے رہے ہیں۔

    صدر مملکت نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروائے، ہم اقوام متحدہ کے اقدامات کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔