Tag: President House

  • ایوان صدر نے 10 کروڑ روپے کی بجلی بچائی

    ایوان صدر نے 10 کروڑ روپے کی بجلی بچائی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بجلی کی بچت کے حوالے سے اجلاس میں شرکا کو بتایا گیا کہ ایوان صدر نے توانائی کی مد میں گزشتہ 2 سال میں 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بچت کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بجلی کی بچت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں گرین پریذیڈنسی منصوبے کے تحت بجلی، پانی اور گیس کی بچت کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ایوان صدر نے توانائی کی مد میں گزشتہ 2 سال میں 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بچت کی۔

    انہوں نے کہا کہ ایوان صدر کا ماحول دوست منصوبہ پورے ملک کے لیےایک بہترین مثال ہے، ایوان صدر مکمل طور پر 1 میگا واٹ کے شمسی توانائی منصوبے پر چل رہا ہے۔

    صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایوان صدر نے 1 لاکھ 12 ہزار یونٹس قومی گرڈ میں دیے۔

  • صدرمملکت نے شیخ تمیم الثانی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نواز دیا

    صدرمملکت نے شیخ تمیم الثانی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نواز دیا

    اسلام آباد: امیر قطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازا۔

    تفصیلات کے مطابق امیر قطرشیخ تمیم بن حمدالثانی کا ایوان صدر میں پرتپاک استقبال کیا گیا ، امیر قطر وفد کے ہمراہ کو ایوان صدر پہنچنے پر بچوں نے پھول بھی پیش کیے۔

    امیر قطر کو نشان پاکستان سے نوازنے کی تقریب کے موقع پر ایوان صدر میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری، وفاقی وزیر علی زیدی ،شیخ رشید، فردوس عاشق اعوان، عمر ایوب و دیگر وفاقی وزرا اورمہمان بھی ایوان صدر میں موجود ہیں۔

    صدر عارف علوی اور امیر قطر کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدرمملکت نے ایوان صدر میں امیر قطر کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازنے کی تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے ترانوں کی دھن بجاکر ہوا۔

    یاد رہے کہ  امیر قطرشیخ تمیم بن حمدالثانی گزشتہ روز پاکستان پہنچنے تھے جہاں وزیر اعظم پاکستان عمران خان ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا، شیخ تمیم بن حمدالثانی کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی تھی۔

    امیر قطر کا شایان شان استقبال، وزیر اعظم سے ملاقات، تین معاہدوں پردستخط

    امیر قطرکو مسلح افواج کےدستےنے گارڈآف آنر پیش کیا۔  وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر کاوفاقی وزرا سےتعارف کرایا۔

    امیر قطر نےوزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا۔ امیرقطرکوجےایف17تھنڈرطیاروں کی جانب سے سلامی دی گئی۔

  • سینئر اینکر پرسن ارشد شریف سمیت دیگر شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا گیا

    سینئر اینکر پرسن ارشد شریف سمیت دیگر شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا گیا

    اسلام آباد : یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شخصیات کو اعلیٰ کارکردگی پر سول اعزازات سے نوازا گیا، ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوارڈز تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابقصدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان پر اپنے شعبہ جات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سول ایوارڈز تقسیم کیے، ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں مختلف شخصیات کو نشان امتیاز، ہلال امتیاز، ستارہ شجاعت اور صدارتی ایوارڈ برائےحسن کارکردگی کے اعزازات سے نوازا گیا۔

    انویسٹی گیٹو جرنلزم پر اے آر وائی نیوز کے سینئراینکر ارشد شریف کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا، نشان امتیاز حاصل کرنے والوں میں شعیب سلطان اور ستارہ پاکستان کیلئے رومانیہ کی وجیہہ حارث، محمد الیاس آزاد جموں و کشمیر حق دار قرار پائے۔

    ظہیر ایوب بیگ، غلام اصغر، پروفیسر ڈاکٹر تصورحیات، کرکٹر وسیم اکرم، وقاریونس، مائیکل جینسن اور، ڈاکٹرعبدالباری کو ہلال امتیاز دیا گیا۔

    اس کے علاوہ شہید محمد ادریس، شہید نوابزادہ سراج رئیسانی، شہید اسدعلی، شہید انجینئر معراج احمد عمرانی کو بھی ستارہ شجاعت کا اعزاز دیا گیا۔

    ستارہ امتیاز کا ایوارڈ پانے والوں میں ڈاکٹر عنایت اللہ، عطااللہ عیسیٰ خیلوی، شمیم احمد شیخ (کینڈا)، ڈاکٹرآصف ندیم رحمان (امریکا) ضیاء الحسن پاکستان، اسٹیون جے بورین(امریکا)، جیمزاے نیے (امریکا) ثمرعلی خان، عقیل کریم ڈھیڈی، صائمہ شہباز، نیلوفرسعید، سید ابو احمد عاکف اور پیر محمد دیوان شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کا اعزاز انویسٹی گیٹو جرنلزم پر اے آر وائی نیوز کے سینئراینکر ارشد شریف، انجینئر ڈاکٹر ناصر محمود، عشرت فاطمہ، ریماخان اور لقمان علی افضل کو دیا گیا۔

  • سعودی ولی عہدکو پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشانِ پاکستان سےنواز دیا گیا

    سعودی ولی عہدکو پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشانِ پاکستان سےنواز دیا گیا

    اسلام آباد : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو کو پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشانِ پاکستان سےنواز دیا گیا جبکہ سعودی ولی عہد  نے  ایوان صدر میں آرمی چیف اور صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات کی ۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ، ظہرانے میں شرکت کے لئے وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد روایتی بگھی میں ایوان صدر پہنچے، جہاں صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی نےسعودی ولی عہدکااستقبال کیا اور بچوں نےگلدستے پیش کیے، سعودی ولی عہد کے استقبال کیلئے وزیرخارجہ اور وزیراطلاعات بھی موجود تھے۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ ایوان صدر پہنچ چکے ہیں جبکہ دیگر مہمانوں کی آمد جاری ہے۔

    سعودی ولی عہد کی آرمی چیف جنر ل قمرجاویدباجوہ سے ملاقات


    سعودی ولی عہد کی ایوان صدر میں آرمی چیف جنر ل قمرجاویدباجوہ سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں باہمی تعلقات ،فوجی تعاون پربات چیت ہوئی اور خطےکی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر اعظم ہاوس میں ہونیوالی ملاقات میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور اور سعودی شاہی خاندان کی اہم شخصیات بھی موجودتھیں۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک میں دفاعی و فوجی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا، دو طرفہ دفاعی و فوجی تعاون اور اسڑٹیجک شراکت داری پر بھی بات چیت کی گئی اور  شہزادہ محمد بن سلمان نے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

     

    سعودی ولی عہد کی صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات


    سعودی ولی عہد سے صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی کی ایوان صدرمیں ملاقات ہوئی، ، ملاقات میں دو طرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

     سعودی ولی عہدکو پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشان پاکستان سےنواز دیا گیا


    ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کو نشانِ پاکستان عطاکرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب کےآغازسےقبل دونوں ممالک کےقومی ترانےبجائے گئے ، جس کے بعد  تلاوت کلام پاک سے تقریب کا  آغاز ہوا، تقریب میں صدرپاکستان عارف علوی نے سعودی ولی عہدکو پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشان پاکستان سےنوازا۔

    ئقریب میں وزیراعظم عمران خان سمیت چیئرمین سینیٹ ،اسپیکرقومی اسمبلی اورکابینہ ارکان ، تینوں مسلح افواج کےسربراہان اورچیئرمین جوائنٹ چیفس شریک تھے۔

    خیال رہے محمد بن سلمان دوسرے سعودی شہزادے ہیں، جنہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشان پاکستان سےنوازا گیا ہے، اس سے قبل  2006 میں سعودی بادشاہ عبد اللہ بن عبد العزیز کو نشانِ پاکستان دیا گیا تھا۔

    محمد بن سلمان دورہ پاکستان کی تکمیل پر سہ پہرکےبعدروانہ ہوں گے، وزیراعظم عمران خان اور کابینہ اراکین شاہی مہمان کو الوداع کہیں گے۔

    ایوانِ صدر میں مہمان کے اعزاز میں خصوصی تقریب


    ایوان صدر میں سعودی ولی عہدکےاعزاز میں ظہرانہ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،  ظہرانےمیں وزیراعظم عمران خان بھی شریک ہوئے۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا،سعودی ولی عہدکےلئےظہرانےکااہتمام میرےلیےاعزازہے ، سعودی عرب اورپاکستان تاریخی رشتےمیں بندھےہیں۔

    سعودی ولی عہد کی واپسی کیلئے نور خان ایئربیس پر انتظامات مکمل


    دوسری جانب سعودی وفود کی واپسی کیلئے نور خان ایئربیس پر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، چار ٹرکوں پر مشتمل سعودی شاہی خاندان کا سامان نور خان ایئر بیس پہنچا دیاگیا جبکہ سعودی ایئرلائن کی خصوصی پروازایس وی 7391نور خان ایئربیس پہنچ گئی ہیں ، پرواز کو وی وی آئی پی لاؤنج کے سامنے پارک کردیا گیا ہے۔

  • ایوان صدر بھی عام شہریوں کے لئے کھول دیا گیا، سکیورٹی کے سخت انتظامات

    ایوان صدر بھی عام شہریوں کے لئے کھول دیا گیا، سکیورٹی کے سخت انتظامات

    اسلام آباد : حکومت نے گورنر ہاؤسز کے بعد ایوان صدر کو بھی عام شہریوں کے لئے کھول دیا، شہری اپنی شناخت دکھا کر ایوان صدر میں داخل ہوسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق ایوانِ صدر کے دروازے عام شہریوں کے لیے کھول دیئے، اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے ہدایات دی گئیں ہیں کہ شہری اپنا شناختی کارڈ لازمی ساتھ لائیں بصورت دیگر شہریوں کو ایوان صدر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ایوان صدر صبح نو سے شام چار بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا، ایوان صدر میں شہریوں کا داخلہ اسمبلی گیٹ کی جانب سے ہو گا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ اہم سرکاری عمارتوں تک عوام کی رسائی کو آسان بنائے گی۔

    مزید پڑھیں: لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا

    اس سلسلے میں سب سے پہلے گورنر ہاؤس پنجاب، گورنر ہاؤس مری، گورنرہاؤس خیبرپختونخوا اور گورنر ہاؤس سندھ کو عام شہریوں کے لیے کھول دیا گیا۔

    اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ اگر ہماری حکومت آئی تو تمام گورنر ہاؤسز کو فلاحی کاموں کے لیے استعمال میں لائیں گے۔

  • ڈاکٹرعارف علوی – طلبہ سیاست سے ایوانِ صدرتک

    ڈاکٹرعارف علوی – طلبہ سیاست سے ایوانِ صدرتک

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ رفیق ڈاکٹرعارف علوی آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے صدر منتخب ہوگئے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی پاکستان کے 13 ویں صدر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک کی قومی اسمبلی ، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں ملک کےآئندہ صدر کے لیے انتخابات کا انعقاد ہوا، ڈاکٹر عارف علوی کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے چوہدری اعتزازاحسن اورمتحدہ اپوزیشن کے مولانا فضل الرحمن میدان میں تھے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے مجموعی طورپر 212 ووٹ حاصل کیے،  پنجاب سے 186، سندھ سے 56، بلوچستان سے 45 اور خیبرپختونخواہ سے 78ووٹ حاصل کیے ، مجموعی طور پر ڈاکٹرعارف علوی نے ووٹ حاصل کیے۔

    ڈاکٹرعارف علوی – تعلیم سے صدارت تک


    ایک عرصے تک پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل رہنے والے عارف علوی کا شمار پاکستان کے ممتاز ڈینٹسٹ میں ہوتا ہے۔انھوں نے ”پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن“ کے پلیٹ فورم سے فعال کردارادا کیا۔ اِس کے صدر بھی رہے۔ ’ورلڈ ڈینٹل فیڈریشن‘ کے منتخب کونسلر بھی رہے۔ وہ اِس منصب پر فائز ہونے والے پہلے پاکستانی تھے۔

    تعلیم

    وہ اپنے زمانے کے معروف ڈینٹسٹ اور سیاست داں، ڈاکٹر الٰہی علوی کے بیٹے ہیں، جو تقسیم سے قبل یوپی کی سطح پر مسلم لیگ کے صدر تھے۔بٹوارے کے بعدیہ خاندان کراچی آگیا۔ یہیں 29 اگست 1949 کو دو بہنوں، چار بھائیوں میں سب سے چھوٹے عارف علوی کی پیدایش ہوئی۔

    کراچی سے انٹر کرنے کے بعد ڈینٹل کالج لاہور کا رخ کیا۔ سنہ 1970ءمیں بی ڈی ایس کا مرحلہ طے کیا۔ 75ءمیں یونیورسٹی آف مشی گن، امریکا سے Prosthodontics میں ماسٹرز کیا۔ 1982ءمیں سان فرانسسکو سے یونیورسٹی آف پیسفک سے Orthodontics میں ماسٹرز کا مرحلہ طے کیا۔ واپس آنے کے بعد وہ والد کے کلینک میں پریکٹس کرتے رہے۔ بعد ازاں ’علوی ڈینٹل ہاسپٹل‘ کی بنیاد ڈالی۔

    سیاست کی ابتدا

    سیاست کی جانب ابتدا ہی سے رجحان تھا، مولانا مودودی اور بھٹو صاحب سے متاثر تھے۔ اسٹوڈنٹ سیاست کرتے رہے۔ ایوب خان کے خلاف چلنے والی طلبا تحریک میں بھی پیش پیش رہے۔ 7 جنوری 1977ءکو جب بھٹو صاحب نے الیکشن کا اعلان کیا، تووہ ایک بار پھر متحرک ہوگئے۔1979ءمیں جماعت اسلامی نے اُنھیں اپنا صوبائی امیدوار نام زد کیا تھا، لیکن الیکشن منعقد نہیں ہوئے۔

    دھیرے دھیرے جماعت سے دور ہوگئے۔1996ءمیں پی ٹی آئی کے قیام کے وقت زیادہ پرامید نہیں تھے، مگر عمران خان سے ملاقاتوں کے بعد اس کا حصہ بنے اور1997ءمیں تحریک انصاف، سندھ کے صدر منتخب ہوگئے۔

    سنہ 1997ءمیں وہ ڈیفنس سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کھڑے ہوئے، نومولود جماعت کو ناکامی ہوئی۔2001 میں وہ تحریک انصاف کے نائب صدر ہوگئے۔ 2007 میں سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز ہوئے۔ پارٹی کا آئین تشکیل دینے والی دس رکنی کمیٹی میں بھی شامل رہے۔

    سنہ 2013 کے انتخابات میں این اے 250سے، خاصے تنازعات کے بعد انھوں نے کامیابی حاصل کی، 2018 کے الیکشن میں کراچی کے حلقے این اے 247 سے انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست دی تھی۔

  • یومیہ اخراجات: وزیراعظم ہاؤس 25 لاکھ، ایوان صدر کے لیے 12.5 لاکھ مختص

    یومیہ اخراجات: وزیراعظم ہاؤس 25 لاکھ، ایوان صدر کے لیے 12.5 لاکھ مختص

    اسلام آباد: نئے مالی سال کے بجٹ میں وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات کی مد میں یومیہ 25 لاکھ اور ایوان صدر کے لیے یومیہ ساڑھے 12 لاکھ روپے مختص کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحق ڈار نے نئے مالی سال 2017-18 کا وفاقی بجٹ پیش کیا جس میں دیگر اخراجات کے ساتھ ساتھ وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر کے یومیہ اخراجات کی مد میں مختص رقم میں اضافہ کردیا گیا۔

    بجٹ دستاویزات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کے گزشتہ مالی سال کے یومیہ اخراجات 24 لاکھ 30 ہزار 584 روپے تھے سالانہ حساب سے یہ رقم 88 کروڑ 95 لاکھ 94 ہزار روپے بنتی تھی تاہم اس رقم پر نظر ثانی کی گئی تھی اور یہ رقم بڑھ کر 95 کروڑ 6 لاکھ 13 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

    اس بجٹ میں یہ رقم 24 لاکھ یومیہ سے بڑھا کر 25لاکھ روپے یومیہ کردی گئی ہے جو کہ سالانہ اعتبار سے 91 کروڑ 67 لاکھ 22 ہزار روپے بنتے ہیں۔

    امکان ہے کہ اس بار بھی مالی سال کے اختتام پر ان اخراجات پر نظر ثانی کردی جائے گی اور یہ اخراجات ایک ارب روپے تک پہنچ جائیں گے۔

    اسی طرح ایوان صدر کے لیے مختص یومیہ رقم میں اضافہ کردیا گیا ہے اور اب ایوان صدر کے لیے یومیہ ساڑھے بارہ لاکھ روپے مختص کردیے گئے ہیں جو کہ سالانہ 45 کروڑ 75 روپے بنتے ہیں۔

    اسی سے متعلق: پانچ ہزار 310 ارب کا بجٹ پیش، تنخواہ و پنشن میں‌ 10 فیصد اضافہ