Tag: President

  • امریکا: سمندری طوفان کا خطرہ، صدر ٹرمپ کی لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

    امریکا: سمندری طوفان کا خطرہ، صدر ٹرمپ کی لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

    واشنگٹن: انتہائی خطرناک سمندری طوفان امریکی ساحل کی طرف بڑھنے لگا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے مشرقی ساحل کی طرف ایک خطرناک سمندری طوفان بڑھ رہا ہے جس کے پیش نظر حکام نے علاقے سے تقریباً دس لاکھ لوگوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اگر مشرقی ساحل سے یہ سمندری طوفان ٹکراتا ہے تو بڑی تعداد میں نقصان ہوسکتا ہے، اس طوفان کے ساتھ دو سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز رفتار ہوائیں بھی شامل ہیں۔

    میکسیکو میں دو بڑے سمندری طوفانوں کا خطرہ، حکام کی عوام کو ہدایات جاری

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مذکورہ سمندری طوفان گذشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری محتاط رہیں اور کسی بھی قسم کے خطرات کے پیش نظر اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

    امریکی ریاست ہوائی میں طوفان کا خطرہ، ہنگامی حالت کا اعلان

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ امریکی ریاست ہوائی میں طوفان کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا تھا، اور شہریوں کو دو ہفتے کا راشن پانی جمع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں امریکی ریاست ٹیکساس میں سمندری طوفان ہاروے نے بڑی تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں 47 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، جبکہ امداری کارروائیوں کے لیے امریکی صدر نے بھاری رقوم خرچ کیے تھے۔

  • عارف علوی کے عہدہ صدارت سنبھالنے پر امریکا کی مبارک باد

    عارف علوی کے عہدہ صدارت سنبھالنے پر امریکا کی مبارک باد

    واشنگٹن: صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد عارف علوی نے آج عہدے کا حلف اٹھا لیا جس پر امریکا نے بھی مبارک باد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والے ڈاکٹر عارف علوی نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھایا جس پر امریکا کی جانب سے مبارک باد پیش کی گئی۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدر نوئرٹ کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت اور عوام عارف علوی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خطے کے امن واستحکام، اور ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

    ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    خیال رہے کہ آج ہونے والی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیرمحمود حیات شریک تھے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، گورنرسندھ عمران اسماعیل اور شاہ فرمان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر بھی ایوان صدر میں موجود تھے۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹرعارف علوی گزشتہ ہفتے ہونے والے صدراتی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر ملک کے آئندہ صدرمنتخب ہوئے تھے۔ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں، وہ پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

  • ایرانی، ترکی اور روسی صدور کی ملاقات، شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    ایرانی، ترکی اور روسی صدور کی ملاقات، شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی، روس کے سربراہ ولادی میر پیوٹن اور ترک صدر رجب طیب اردوگان کے درمیان ملاقات ہوئی اس دوران شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس، ترکی اور ایران کے سربراہان کے درمیان اہم ملاقات ایران کے دارالحکومت تہران میں ہوئی جہاں شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں تینوں ملکوں کی جانب سے متفقہ فیصلہ سامنے آیا ہے کہ شام کے حالات کا سیاسی حل ممکن ہے۔

    مذاکرات میں ایران اور روس نے شامی صوبے ادلب کو باغیوں سے چھڑانے کے لیے فوجی آپریشن کی حمایت کی جبکہ ترکی نے جنگ بندی کی اپیل کی۔

    شام کا معاملہ: ترک، ایران اور روسی سربراہان کا اہم اجلاس

    خیال رہے کہ ان دنوں شامی صوبے ادلب میں شدید خانہ جنگی کی صورت حال ہے، اسی سے متعلق تینوں ملکوں نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ شام میں باغیوں کے زیر قبضہ ادلب صوبے کے تنازعے کا فوجی حل ممکن نہیں ہے۔

    علاوہ ازیں ترک صدر رجب طیب اردوگان نے شامی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ شمال مغربی شامی صوبے ادلب میں جنگ بندی کا اعلان کرے، مسئلے کا مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل نکالا جانا چاہیے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 4 اپریل کو بدھ کے روز ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوگان کی زیر صدرات شام میں جاری بحران کے حوالے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں ایرانی صدر حسن روحانی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شرکت کی تھی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ اجلاس میں ترکی، ایران، اور روس نے شام میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں تیز کرتے ہوئے بحران زدہ ملک میں قائم حفاظتی علاقوں میں موجود شہریوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر ہر ممکن اقدامات کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

  • عارف علوی کے صدر منتخب ہونے پر رنجشیں بھلا دینی چاہئیں: اعتزاز احسن

    عارف علوی کے صدر منتخب ہونے پر رنجشیں بھلا دینی چاہئیں: اعتزاز احسن

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ آج پاکستان کے نمائندہ اداروں نے نیا صدر منتخب کیا ہے، عارف علوی کے صدر منتخب ہونے پر اب رنجشیں بھلا دینی چاہئیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اختلافات ہوسکتے ہیں مگر عارف علوی مجموعی طور پر شریف آدمی ہیں، آج ان کے صدر منتخب ہونے پر آئینی عمل مکمل ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے عارف علوی پاکستان کے لیے آئینی طور پر کردار ادا کریں گے البتہ صدر کا عہدہ زیادہ تر رسمی عہدہ ہی ہے، صدر مملکت وزیراعظم اور کابینہ سے آئین کے تحت مشورے کا پابند ہے، صدر مملکت کے عہدے کے ایک یا دو اختیارات ہیں۔

    رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ میں اور مولانا فضل الرحمان آج الیکشن ہارے ہیں کوئی بات نہیں، مولانا اچھے آدمی ہیں ہم ان کی تعریف کی ہے، ایک دوسرے کے بارے میں سخت بات کر بھی دی تو آج درگزر کر دیں، اپوزیشن کے تقسیم ہونے پر بھی مثبت چیز نظر آئی ہے، پرامن اور سلجھے ہوئے انداز سے ووٹ ڈالے گئے۔

    صدارتی امیدوار نامزد کرنے پرآصف زرداری کا شکرگزار ہوں، اعتزاز احسن

    اعتزاز احسن کا شرجیل میمن کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شرجیل میمن کا معاملہ بظاہر تو سنجیدہ ہوگیا ہے، ان کے کمرے سے بوتلیں ملنے کے بعد تصویر آئی ہے، تصویر کے ذریعے فرانزک کرکے دیکھا جاسکتا ہے کہ شراب ہے یا شہد ہے۔

    پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ روایت کے برعکس استعفیٰ دیکر بابر اعوان نے مناسب قدم اٹھایا ہے، بابراعوان ہمیں چھوڑ کر گئے رنجش ہے مگر بابراعوان نے اچھا اقدام کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اکثریت رکھتی ہے تو پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کو تحفظ دینے والی جماعت ہے، ڈی چوک پر جب شہر آباد ہوگیا تو پیپلزپارٹی نے نوازشریف کی حکومت کو سہارا دیا تھا۔

  • فلسطینی مہاجرین کی امداد بند کرنا نہتے عوام پر امریکی حملہ ہے، محمود عباس

    فلسطینی مہاجرین کی امداد بند کرنا نہتے عوام پر امریکی حملہ ہے، محمود عباس

    غزہ : فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ مہاجرین کی امداد بند کرنا فلسطینی عوام پر حملہ ہے، امریکی اقدام قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے فلسطینی مہاجرین کی امداد بند کرنے کی صدر محمود عباس نے سختی سے مذمت کی ہے، فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نے امریکی اقدام کو فلسطینی عوام کے خلاف کھلا حملہ قرار دیا۔

    ترجمان نے کہا ہے یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے، محمود عباس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس قسم کی سزا سے یہ حقیقت نہیں بدلے گی کہ امریکا کا اب خطے میں کوئی کردار نہیں اور یہ کسی حل کا حصہ بھی نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت پر مامور اقوام متحدہ کے ادارے ’اونروا‘ کی 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد روک دی۔

    اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کو امریکی امداد کی منسوخی کے بعد کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیوں کہ مذکورہ ایجنسی غزہ سمیت اردن، لبنان، شام اور غرب اردن میں واقع پناہ گزین کیمپوں میں مقیم لاکھوں فلسطینیوں کی کفالت پر مامور ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکا نے ’اونروا’ کی امداد بند کردی، فلسطینی پناہ گزین مشکل کا شکار

    فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یواین آر ڈبلیو اے کو دی جانے والی فنڈنگ بند کرنے کے اعلان پر ادارے کے ترجمان کرس گنس کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔

  • صبح تک اپوزیشن کی جانب سے اعتزاز احسن کے نام کا اعلان ہوسکتا ہے: نبیل گبول

    صبح تک اپوزیشن کی جانب سے اعتزاز احسن کے نام کا اعلان ہوسکتا ہے: نبیل گبول

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ صبح تک اپوزیشن کی جانب سے صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کے نام کا اعلان ہوسکتا ہے، کافی حد تک بات چیت ہوچکی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، نبیل گبول کا کہنا تھا کہ میری اطلاع کے مطابق اعتزاز احسن اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کنفرم نہیں کہہ سکتا مگر اطلاع کے مطابق بات چیت طے ہوگئی ہے۔

    علاوہ ازیں یوم شہدا کے حوالے سے نیبل گبول نے خصوصی پیغام بھی دیا، ان کا کہنا تھا کہ سب کو اپنے اپنے علاقوں میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے، آج پاکستان ہے تو شہدا کی قربانیوں کی بدولت ہے۔

    پی پی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، ڈیڈ لاک برقرار

    قبل ازیں پی پی رہنما راجا پرویز اشرف نے صدارتی امیدوار سے متعلق گفتگو کے لیے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات بھی کی، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ کوشش کی جارہی ہے، متفقہ صدارتی امیدوار کے معاملے کا کوئی درمیانی راستہ نکل آئے۔

    اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ آصف زرداری اور اعتزاز احسن سے ذاتی تعلقات ہیں، خواہش ہے صدارتی انتخاب کے لئے اپوزیشن کا متفقہ امیدوار ہو۔

    یاد رہے کہ آج آصف زرداری کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا تھا، جس میں‌ تمام ارکان کی جانب سے اعتزازاحسن کا نام واپس لینے کی مخالفت کی گئی۔

  • کراچی والوں‌ کا شکریہ، ووٹوں کی بدولت صدر کے لیے نامزد ہوا، عارف علوی

    کراچی والوں‌ کا شکریہ، ووٹوں کی بدولت صدر کے لیے نامزد ہوا، عارف علوی

    کراچی: تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صدر کے لیے نامزد کرنے پر عمران خان کا مشکور ہوں، صدراتی نامزدگی شہر قائد کے ووٹوں کی بدولت ممکن ہوئی، تمام ووٹرز کا شکر گزار ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں تحریک انصاف رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ جو وعدے کیے گئے وہ پورے کریں گے، ملک سے غربت کا خاتمہ ہوگا اور بے روزگاروں کو ملازمتیں ملیں گی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’میں عمران خان اورتحریک انصاف کی جانب سے صدر کے لیے نامزدگی پرشکرگزارہوں، اللہ سےدعاگوہوں کہ تحریک انصاف کو ہر قدم پر کامیابی ملے اور عمران خان جو بہتری چاہتے ہیں اُس میں کامیاب ہوں‘۔

    مزید پڑھیں: عمران خان نے ڈاکٹرعارف علوی کو صدارتی امیدوارنامزد کردیا

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم سے خطاب میں عوام کو روڈمیپ سےمتعلق آگاہ کریں گے، سندھ کے حالات ٹھیک کرنے کے لیے پی پی کو مل کر کام کرنے کی دعوت دی کیونکہ ہم سب کو مل کر مسائل حل کرنے ہیں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’کراچی کے ووٹوں کی بدولت صدر کی نامزدگی ہوئی، عوام اور عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں موقع فراہم کیا‘۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ ‘عوام سےمیراتعلق کبھی کم نہیں ہوگا، قوم ہمارا ساتھ دے جلد بڑی تبدیلی آنے والی ہے کیونکہ ہم نے عمران خان کی قیادت میں نیا سفر شروع کردیا‘۔

  • یو اے ای: صدر نے عید الضحیٰ پر 704 قیدیوں کی سزائیں معاف کردیں

    یو اے ای: صدر نے عید الضحیٰ پر 704 قیدیوں کی سزائیں معاف کردیں

    ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مختلف جرائم میں بند 704 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حاکم وقت شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر یو اے ای کی جیلوں میں بند 704 قیدیوں کی سزائیں معاف کرکے رہائی دینے کا حکم دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداارے کا کہنا تھا کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے حکم پر جن قیدیوں کو عید کے موقع پر رہا کیا جائے گا انہیں متحدہ عرب امارات کی عدالت نے مخلتف جرائم پیشہ کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزا سنائی تھی۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ امارات کے صدر اور حاکم ابوظہبی شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے اعلان کیا ہے کہ جیل سے رہا کیے جانے والے قیدیوں کے مالی مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ امور شیخ زاید النہیان دلچسپی کا حصّہ ہیں، شیخ خلیفہ قیدیوں کی سزائیں معاف کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز کرسکیں اور اپنے اہل خانہ کی غربت کو ختم کرنے کے لیے کوششیں کریں۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا کہ جس کے ذریعے غیر قانونی طور ہر یو اے ای میں مقیم افراد اپنے  گھر جاکر اہل خانہ سے ملاقات کرسکیں۔

    ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے یو اے ای حکومت نے اپنے ملک میں قائم تمام سفارت خانوں کے نمائندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے شہریوں کو وطن واپس جانے یا پھر متحدہ عرب امارات میں قیام کو قانونی بنانے کی ترغیب دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے مسائل حل ہوں۔

    عرب میڈیا کے مطابق جو غیر قانونی تارکین دبئی میں قیام کو قانونی بنانے کی استدعا کریں گے، انہیں مستقبل میں حکومت کی جانب سے عائد کیا جانے والا ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرنا ہوگا۔

    حکومت کی جانب سے متعارف کرانی جانے والی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے روز غیر قانونی طور پر رہائش پذیر پندرہ سو تینتالیس (1543) افراد نے درخواستیں جمع کروائیں تھیں ،جن میں سے اکثر کی خواہش دبئی میں ہی مزید قیام کرنا تھا جبکہ کچھ نے اپنے اپنے وطن واپس جانے کی اجازت بھی مانگی تھی ۔

  • صدر ممنون حسین نے 13اگست کوقومی اسمبلی کااجلاس طلب کرلیا

    صدر ممنون حسین نے 13اگست کوقومی اسمبلی کااجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: صدر پاکستان ممنون حسین نے 13اگست کوقومی اسمبلی کااجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان نے اجلاس  نگراں وزیراعظم ناصر الملک کی بھیجی گئی ایڈوائس پرطلب کیا۔

    واضح رہے کہ آج نگراں وزیر اعظم نے صدر پاکستان ممنون حسین کو قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سمری ارسال کی تھی.

    سمری میں قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش کی گئی،  مذکورہ اجلاس میں نومنتخب ارکان حلف لیں گے.

    واضح رہے کہ خیبرپختنونخواہ اسمبلی کا اجلاس بھی تیرہ اگست کو طلب کیا گیا ہے، پنجاب اسمبلی کااجلاس بھی تیرہ کوہی بلانےکاامکان ہے.

    فواد چوہدری کا موقف

    پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 13 اگست کو اجلاس ہوا، تو پھر وزیراعظم کا انتخاب 16 تاریخ کوممکن ہے.

    ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اسمبلی کا اجلاس بلانا حکومت وقت کا فیصلہ ہوتا ہے، نگراں حکومت نے13اگست کواجلاس کی سمری بھیجی ہے.

    مزید پڑھیں:  پاکستان تحریک انصاف کا قومی اسمبلی میں 180ممبران کی حمایت کا دعویٰ

    ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہو، تو 16 اگست کوعمران خان وزیر اعظم کا حلف اٹھا سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ آج پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی اوراتحادیوں کا قومی اسمبلی میں نمبر180 کراس کرگیا ہے، تحریک انصاف کووفاق میں بڑی کامیابی بی این پی(مینگل) کی حمایت کے بعد ملی۔

  • امریکا ایران پر پابندیاں لگا کر پچھتائے گا: حسن روحانی

    امریکا ایران پر پابندیاں لگا کر پچھتائے گا: حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر پابندیاں لگا کر پچھتائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ پر کبھی اعتماد نہیں کرسکتے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، حسن روحانی نے ایران پر امریکی پابندیوں کے اعلان پر سخت موقف اختیار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کبھی بھی قابل اعتماد نہیں ہوسکتا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ مذاکرات سے تنازع کا حل چاہتے ہیں، موجودہ حالات مذاکرات کے بجائے مزید تنازعات کو جنم دے رہے ہیں۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایک شخص کے ہاتھ میں چوقو ہو اور وہ چاقو کے ہمراہ مذاکرات کرنا چاہے تو یہ ممکن نہیں، پہلے اسے چاقو اپنی جیب رکھنا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران اقتصادی پابندیوں میں رہتے ہوئے مذاکرات نہیں کرسکتا، ٹرمپ کی جانب سے ایران جوہری معاہدے سے دست برداری کا اعلان کیا گیا اس کے بعد سے ہی ان پر بھروسہ اور اعتماد نہیں رہا۔


    ڈونلڈ‌ ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی پابندیاں‌ عائد کردیں


    حسن روحانی کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے، مگر موجودہ جو حالات ہیں ایسے میں بات چیت ممکن نہیں ہے، امریکا کو اپنے فیصلوں سے پیچھے ہٹنا ہوگا، ایران ہمیشہ سے سفارت کاری کا حامی رہا ہے۔

    خیال رہے کہ آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردئیے ہیں، آج رات 12 بجے کے بعد اقتصادی شعبے پر پابندیوں کا اطلاق ہوجائے گا، 5 نومبر کو توانائی اور تیل کی صنعتوں پر پابندیاں لگائی جائیں گی۔

    دوسری جانب یورپی یونین کی جانب سے امریکی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ایران کا ساتھ دینے کا فصیلہ کیا گیا ہے، اور اپنے کاروبار بھی ایران کے ساتھ جاری رکھنے عزم ظاہر کیا ہے۔