Tag: President

  • صدر اور وزیر اعظم کا زلزلے کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس، امدادی کارروائیوں کی ہدایت

    صدر اور وزیر اعظم کا زلزلے کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس، امدادی کارروائیوں کی ہدایت

    اسلام آباد: صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کر دی.

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے تمام متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیواور متاثرین کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کےساتھ ہے، زخمیوں کوعلاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں.

    یاد رہے کہ آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کی امدادی ٹیمیں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی سمت روانہ ہو چکی ہیں.

    خیال رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آئے ہیں، سب سے زیادہ آزاد کشمیر متاثر ہوا. 5.8 شدت کے زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی ہے.

    میرپور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔

    زلزے میں 4 افراد جاں بحق 100 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاع ہے. زلزلے کے باعث میرپوراسپتال کوبھی شدیدنقصان پہنچا.

  • ریاست تمام شہریوں کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہے: صدر آزاد کشمیر

    ریاست تمام شہریوں کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہے: صدر آزاد کشمیر

    راولاکوٹ: آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ جس معاشرے میں کمزور اور طاقتور کے درمیان کوئی تفاوت نہ برتا جاتا ہو اس معاشرے و ملک کو ترقی اور عروج حاصل کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت محروم نہیں کرسکتی۔

    ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے پاکستان بیت المال کی جانب سے آزاد کشمیر میں یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے پہلے دارالاحساس کے افتتاح کے بعد کیپٹن حسین خان شہید ڈگری کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ریاست تمام شہریوں کے لئے ماں کا درجہ رکھتی ہے اور وہ معاشرے کی کمزور، ناتواں اور نادار افراد کو ماں کی طرح پرورش اور انہیں تعلیم وتربیت سے آراستہ کرکے ایک مفید اور ذمہ دار شہری بناتی ہے جس معاشرے میں کمزور اور طاقتور کے درمیان کوئی تفاوت نہ برتا جاتا ہو اس معاشرے اور ملک کو ترقی اور عروج حاصل کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت محروم نہیں کرسکتی۔

    پاکستان اور آزاد کشمیر کا دفاع پاک فوج کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، مسعود خان

    تقریب سے پاکستان بیت المال منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی اور دارالاحساس راولاکو ٹ کی انچارچ مس شازیہ خان نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے ممبر بورڈ برائے اسلام آباد و آزادکشمیر سردار زاہد، صوبائی ڈائریکٹر سجاد اقبال، صوبائی ڈپٹی ڈائریکٹر مس صائمہ ودود اور ڈاکٹر ثاقب غوری بھی موجود تھے۔

    صدر سردار مسعود خان نے پاکستان بیت المال کی جانب سے راولاکوٹ اور ملحقہ اضلاع کے یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے دارالاحساس قائم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارہ کی انتظامیہ کو حکومت آزادکشمیر کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ راولاکوٹ نسبتاً خوشحال علاقہ ہے جہاں کے لوگ بڑی تعداد میں بیرون ملک محنت مزدوری کرتے ہیں یا پاکستان کے مختلف علاقوں میں کاروبار کرتے ہیں لیکن یہاں غربت بھی موجود ہے اور بے کس، کمزور و ناتواں لوگ بھی موجود ہیں جنہیں اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کے لئے اداروں اور خوشحال لوگوں کی مدد کی ضرورت ہے۔

  • وزیراعظم سے عالمی بینک کے صدر کی ملاقات، اعلامیہ جاری

    وزیراعظم سے عالمی بینک کے صدر کی ملاقات، اعلامیہ جاری

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان کی عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپس سے ملاقات ہوئی جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپس کی ملاقات پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی، اس موقع پر وزیر خارجہ، مشیر خزانہ، مشیر تجارت اور وفاقی وزرا کا وفد بھی ملاقات میں موجود رہا۔

    وزیراعظم کی عالمی بینک کے صدر سے ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ورلڈبینک کے صدر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور عالمی بینک کے پاکستان سے مختلف شعبہ جات میں تعاون کو سراہا۔

    اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صحت، تعلیم اور نوجوانوں سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی سے متعلق حکومتی ویژن پر بھی اعتماد میں لیا، اس دوران انہوں نے ورلڈبینک کے پاکستان کے ساتھ تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔

    اس موقع پر عمران خان نے امید ظاہر کی کہ عالمی بینک پاکستان میں جاری منصوبوں کیلئے تعاون جاری رکھے گا، حکومت پاکستان بھی عالمی بینک کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

    عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپس کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، پاکستان میں عالمی بینک کے تعاون سے کئی منصوبے مکمل ہوئے، نئے پروگرام کے بعد پاکستان معاشی استحکام کی جانب بڑھے گا۔

    پاکستان بہت جلد ایک عظیم ملک بنے گا، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا: وزیراعظم

    ان کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد مزید بڑھے گا، سماجی ترقی اور نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے پروگرام قابل ستائش ہیں، عالمی بینک وزیراعظم کے معاشی استحکام ویژن میں تعاون کرے گا۔

  • جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری صدر مملکت دیں گے، وزارت قانون

    جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری صدر مملکت دیں گے، وزارت قانون

    اسلام آباد : احتساب عدالت کے جج ارشدملک کو ہٹانےکی سفارش پر ذرائع وزارت قانون نے کہا جج ارشدملک کوعہدے سے ہٹانے کی منظوری صدر دیں گے،  منظوری پر جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ کی جانب سے جج ارشد ملک کواحتساب عدالت سے ہٹانے کی سفارش پر ذرائع وزارت قانون نے کہا جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری صدر دیں گے، خط موصول ہونے پر سمری صدر کو بھجوائی جائے گی، صدر کی منظوری پر جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

    نوٹیفکیشن کے بعد جج ارشدملک کی خدمات پنجاب ماتحت عدلیہ کوواپس ہوں گی۔

    یاد رہے مبینہ ویڈیو کے معاملے پر اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشدملک کو عہدے سے ہٹانےکا فیصلہ کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نےوزارت قانون کوخط لکھا تھا ، جس میں کہا گیا تھا جج ارشدملک کی خدمات واپس لی جائیں۔

    مزید پڑھیں : مبینہ ویڈیو کا معاملہ : جج ارشد ملک کوعہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

    اس سے قبل جج ارشدملک نے اسلام آبادہائی کورٹ کےرجسٹرارسے ملاقات کی اورمبینہ وڈیوپربیان حلفی کےساتھ جواب جمع کرایا تھا ۔

    جج ارشدملک نےجواب میں کہا تھا ان کےخلاف پروپیگنڈاکیاجا رہا ہےاورانھیں بلاوجہ بدنام کیاجارہا ہے، حلفیہ کہتا ہوں میرا اس ویڈیو سے کوئی تعلق نہیں ، ویڈیو کوایڈٹ کرکےچلایا گیاہے۔

    بعد ازاں طریقہ کارکےمطابق ارشد ملک کاجواب قائم مقام چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ عامر فاروق کو پیش کیاگیا۔

    واضح رہے مریم نواز پریس کانفرنس میں احتساب عدالت کے جج کی خفیہ کیمرے سے بنی مبینہ ویڈیو سامنے لے آئیں تھیں ، جاری کردہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو میں کہا جارہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہوئی۔

    بعد ازاں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے پریس ریلیز کے ذریعے اپنے خلاف سامنے آنے والی مبینہ ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میری ذات اورخاندان کی ساکھ متاثرکرنے کی سازش کی گئی۔

  • وینزویلا کے صدر نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی

    وینزویلا کے صدر نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی

    کراکس: وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کردی جس میں ملکی حکومت پر قتل وغارت کا الزام لگایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں وینزویلا حکومت پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ وہ عام شہریوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ اپوزیشن لیڈر جون گائیڈو کے حمایتی لوگوں کی رائے زبردستی تبدیل کرائی جارہی ہے اور ماورائے عدالت مخالفین کا قتل عام بھی جاری ہے۔

    ردعمل میں وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مچل بیچلٹ کی وینزویلا کے بارے میں تیار کردہ رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ رپورٹ حقیقت کے منافی ہے، دروغ گوئی سے کام لیا جارہا ہے، یہ رپورٹ چالبازیوں اور غیر حقیقی معلومات پر مشتمل ہے۔

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ پولیس کی جانب سے مخالفین کو گرفتار کرکے ماوارئے عدالت قتل بھی کیا جارہا ہے، اور ردعمل سے بچنے کے لیے ان پر من گھڑت الزامات عاید کیے جارہے ہیں۔

    وینزویلا بحران، حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کے لیے تیار

    وینزویلا میں اپوزیشن لیڈر جون گائیڈو کی حمایت دن بہ دن بڑھتی چلی جارہی ہے، امریکا سمیت کئی یورپی ریاستوں نے بھی جون گائیڈو کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    البتہ غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فریقین رواں ہفتے مذاکرات کی میز پر ہوں گے۔

  • اطالوی سیاست دان یورپی پارلیمنٹ کے سربراہ منتخب

    اطالوی سیاست دان یورپی پارلیمنٹ کے سربراہ منتخب

    میڈرڈ/برسلز : یورپی یونین کے سربراہوں نے اطالوی سیاست دان ڈیوڈ ساسولی کو یورپی پارلیمان کا نیاسربراہ منتخب کرلیا، ڈیوڈ ساسولی اطالوی قدامت پسند سیاستدان انتونیو تاجانی کی جگہ اسپیکر کے فرائض انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی سے تعلق رکھنے والے سوشلسٹ قانون دان ڈیوڈ ساسولی کو یورپی پارلیمنٹ کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ انہیں 751 رکنی ایوان میں 345 ووٹ حاصل ہوئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس انتخاب کے ساتھ ہی یورپی یونین کے اعلیٰ ترین منصبوں پر نئی تعیناتیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، ساسولی ڈھائی برس تک اسپیکر کے فرائض انجام دیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک اور اطالوی قدامت پسند سیاستدان انتونیو تاجانی کی جگہ منصب اسپیکر سنبھال لیا ہے۔

    پورپی پارلیمان کے نئے صدر ساسولی نے اپنی افتتاحی تقریر میں یورپ میں انتہا پسندی کے وائرس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے یورپی یونین میں اصلاحات متعارف کرانے کو وقت کی ضرورت بھی قرار دیا۔

    واضح رہے کہ یورپی یونین کے سربراہوں نے پانچ اعلیٰ سطح کے عہدوں کےلیے افراد کو نامزد کرنا تھا، جن میں سے چار افراد کی نامزدگیاں پہلے ہوچکی تھی جبکہ یورپی پارلیمان کے اسپیکر کا انتخاب گزشتہ روز ہوا۔

     یورپی یونین کے رہنماؤں نے جرمنی کی خاتون کو یورپین کمیشن کا سربراہ نامزد کرکے تاریخ رقم کردی ہے، جرمن خاتو ن وزیر ودفاع اُرسلا فان ڈیئر لایَن یورپی کمیشن کے چیف جین کلاڈ جنکر کی جگہ فرائض انجام دیں گی۔

    مزید پڑھیں : اُرسلا فان ڈیئر لایَن یورپین کمیشن کی پہلی خاتون چیف نامزد

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ حیران کن نامزدگی جین کلاڈ جنکر کے جانشین بننے والے اہم امید وار کی منسوخی کے بعد سامنے آئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی چیف کرسٹین لاگارڈ کو یورپین سینٹر بینک کی سربراہ نامزد کیا گیا ہے کرٹین لاگارڈ یورپین سینٹرل بینک کی سربراہ نامزد ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

    یورپی سربراہوں نے بیلجیئم کے وزیر اعظم چارلس مائیکل یورپی کونسل کا نیا صدر نامزد کیا جو ڈونلڈ ٹسک کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ اسپین سے تعلق رکھنے والے سیاست دان جوسیپ بوریل کو خارجہ پالیسی کا چیف مقرر کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یورپین پارلیمنٹ کے صدر کی نامزدگی آج کی جائے گی، جن میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاست دان مین فریڈویبر اور بلغاریہ کے سرگئی اسٹین شیو ممکنہ امید وار ہیں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ غیر آئینی صدر ہیں، سابق صدر جمی کارٹر

    ڈونلڈ ٹرمپ غیر آئینی صدر ہیں، سابق صدر جمی کارٹر

    واشنگٹن : سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے موجودہ صدرڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کوغیرآئینی قرار دیا ہے جس پر صدر ٹرمپ نے سخت رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے جمی کارٹر کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا ہوا صدر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا ان کودیکھو وہ (جمی کارٹر) ایک خوش گوار انسان تھے مگران کی صدارت ایک مصیبت تھی، جمی کارٹر ڈیموکریٹس ہیں اور ڈیموکریٹس ہی کے وفادار ہیں اوریہ ان کے لیے بحث کا مثالی پوائنٹ ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ جس حقیقت کو سب مانتے ہیں آپ بھی اس کا ادراک رکھتے ہیں، میں روس کی وجہ سے صدر نہیں بنا اورنہ ہی میری کامیابی میں کسی اور شخص کا ہاتھ ہے۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نے 2016ءکے انتخابات میں اس لیے کامیابی حاصل کی کیونکہ میں نے اپنی حریف ہیلری کلنٹن سےزیادہ محنت کی تھی۔

    امریکی صدر ٹرمپ نےتنزیہ جملے ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ میں جمی کارٹر کے حوالے سے بہت مایوس ہوا، ان کی جماعت نے انہیں ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا تھا‘۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ جمی کارٹر کو اس کی اپنی جماعت نے ٹھکرا دیا، میں جانتا ہوں کے سب یہی کہتے تھے کہ جمی کارٹر اچھا صدر ثابت نہیں ہوا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا میں قدم رکھنے والے پہلے صدر بن گئے

    ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا میں قدم رکھنے والے پہلے صدر بن گئے

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے سربراہ کی دعوت پر جنوبی اور شمالی کوریا کے غیر فوجی علاقے میں پہنچ گئے،ٹرمپ پہلے امریکی صدر ہیں جنہوں نے شمالی کوریا میں قدم رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ روز دو روزہ دورے پر جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول پہنچے تھے، امریکی صدر کے اس دورے کا مقصد شمالی کوریا کے ساتھ ایٹمی پروگرام ختم کرنے کے مذاکرات کی بحالی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کےچیئرمین کم جون ان نے ٹرمپ کو جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان واقع غیر فوجی علاقے میں ملاقات کی دعوت دی تھی جسے ٹرمپ نے قبول کرتے ہوئے آج صبح اُن سے ملاقات کی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی اور جنوبی کوریا کے غیر فوجی علاقےمیں ہونے والی تاریخی ملاقات کے موقع پر کہا کہ ’یہ تاریخی لمحات میرے ’قابل فخر‘ ہیں۔

    چیئرمین کم جون ان نے اپنے ٹرانسلیٹر کے ذریعے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے ملاقات کا فیصلہ پُر اعتماد اور بہادرانہ اقدام ہے‘۔

    شمالی کوریا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’دوبارہ ملاقات کرکے خوشی ہوئی، امید نہیں تھی کہ اس مقام پر ملیں گے‘۔

    اس موقع پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ’یہ بہت مثبت اور اچھی ملاقات ہے، یہ بات زیادہ اہمیت کی حامل ہے کہ ہم دونوں روز اوّل سے ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں‘۔

    دونلڈ ٹرمپ نے کم جون ان کو وائٹ ہاؤس کے دورے کی دعوت دی جس پر شمالی کوریا کے چیئرمین نے کہا کہ ہمارے تعلقات تاحال اچھے نہیں ہوئے ہیں لہذا یہ ممکن نہیں ہوپائے گا۔

  • روسی میزائل کی خریداری کا معاملہ، ترک صدر ٹرمپ سے ملاقات کے منتظر

    روسی میزائل کی خریداری کا معاملہ، ترک صدر ٹرمپ سے ملاقات کے منتظر

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوگان امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے منتظر ہیں جس میں روسی میزائل کی خریداری کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی جانب سے روس کے ایس 400 میزائلوں کی خریداری پر امریکا ترکی کو خبردار کرچکا ہے، لیکن انقرہ حکام میزائل ڈیل کرنے پر بضد ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے صدر روسی میزائلوں کی خرید پر موجود تلخی کو دور کرنے کے لیے امریکی صدر سے خصوصی طور پر ملیں گے۔

    ترکی نے روس کے ساتھ ان میزائلوں کی خریداری کیلئے ڈھائی ارب ڈالر کا معاہدہ طے کیا ہے، جس پر امریکا نے متعدد بار ترک حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    البتہ ترک حکام نے وضاحت کی ہے کہ ان میزائلوں کی خریداری کا مقصد اپنے دفاعی نظام اور مزید مؤثر بنانا اور مضبوط کرنا ہے۔

    غیر ملکی خبرمیڈیا کے مطابق ترک صدر جاپان میں جاری جی ٹوئنٹی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر سے ملاقات کریں گے، علاوہ ازیں وہ روسی ہم منصب ولادی میرپیوٹن سے بھی ملیں گے۔

    روسی میزائل سسٹم کے حوالے سے امریکا کی ترکی کو آخری وارننگ

    خیال رہے کہ امریکا نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ جدید ترین ایس 400 میزائلوں سے نیٹو کے دفاعی نظام سمیت امریکا کے جدید ترین ایف 35 لڑاکا طیاروں کو خطرات لاحق ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سال 2017 میں بعض رپورٹوں سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ انقرہ نے ایف 400 میزائل نظام کے حصول کے لیے کرملن کے ساتھ 2.5 ارب ڈالر مالیت کی ڈیل طے کی تھی۔

    اگرچہ امریکا کی جانب سے خبردار کیا جاتا رہا کہ اس نظام کی خریداری کے نتیجے میں سیاسی اور اقتصادی نتائج مرتب ہوں گے۔ترکی کو ایس 400 نظام کی خریداری سے روکنے پر قائل کرنے کے واسطے امریکی وزارت خارجہ نے 2013 اور 2017 میں پیٹریاٹ میزائل نظام فروخت کرنے کی پیش کش کی تھی۔

  • سعودی ولی عہد اور روسی صدر پوتن کے درمیان 29 جون کو ملاقات ہوگی

    سعودی ولی عہد اور روسی صدر پوتن کے درمیان 29 جون کو ملاقات ہوگی

    ماسکو : شہزادہ محمد بن سلمان روسی صدر کے آئندہ اکتوبر میں دورہ سعودیہ سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کریں گے، روسی حکام کا کہنا ہے کہ جاپان میں ’جی 20‘ اجلا س کے موقع پر 29 جون کو پیوتن اور بن سلمان ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی حکام نے کہاہے کہ جاپان میں ‘جی 20’ اجلاس کے موقع پر 29 جون کو صدر ولادی میرپوتین اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز ملاقات کریں گے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان روسی صدر کے آئندہ اکتوبر میں دورہ سعودیہ سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کریں گے۔

    جی 20 اجلاس میں شرکت کے موقع پر روسی صدر پوتین کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، برطانوی وزیراعظم تھریسا مے اور تُرک صدر رجب طیب ایردوآن سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان منگل کو جنوبی کوریا کے صدر مون جےان کی دعوت پر ایک روزہ دورے پر سیول روانہ ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ گذشتہ روز انہوں نے کوریائی لیڈر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں جنوبی کوریا اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔