Tag: President

  • جارجیا میں پہلی خاتون صدر منتخب

    جارجیا میں پہلی خاتون صدر منتخب

    تبلسی : جارجیا کی عوام نے صدارتی انتخابات کے دوران پہلی مرتبہ سالومے نامی خاتون کو ملک کی سربراہی کے لیے منتخب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ اور ایشیا کے درمیان واقع ملک جارجیا میں دو روز قبل صدارتی انتخابات منعقد ہوئے جس میں بڑی تعداد میں عوام اپنے سربراہ مملکت کا انتخاب کرنے اپنے گھروں سے ووٹ ڈالنے نکلے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف جارجیا نے بدھ کے روز انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا جس میں جارجیا کی پہلی خاتون صدر 66 سالہ سالومے زوربیشویلی کو سربراہ مملکت منتخب کیا گیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سالومے بیشویلی کا تعلق جارجیا کی حکمران جماعت ہے، جس نے انہیں صدارتی انتخابات کے لیے نامزد کیا تھا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سالومے کے حق میں 59 فیصد ووٹ ڈالے گئے جبکہ ان کے مخالف امیدوار کو تقریباً 40 فیصد ملے جس کے باعث سالومے صدارتی الیکشن کے میدان میں کامیاب رہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سالومے زوربیشویلی آئندہ ماہ 16 تاریخ کو سربراہ مملکت کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی سالومے کو ملک کی پہلی خاتون صدر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جارجیا کی نو منتخب صدر بطور سفارت کار بھی خدمات انجام دے چکی ہے جس کی خدمات اور ذہانت کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی جماعت نے انہیں صدارتی امیدوار نامزد کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 66 سالہ سالومے پیرس میں پیدا ہوئی تھیں، کیوں کہ 1921 میں جارجیا کا روس کے ساتھ الحاق ہونے بعد ان کے والدین پیرس فرانس منتقل ہوگئے تھے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جارجیا کے صدارتی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے والے امید وار اور حزب اختلاف کی 11 اتحادی جماعتوں نے نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔

  • پاکستان کے مثبت اقدام پر بھارتی رویہ مایوس کن ہے: صدر پاکستان

    پاکستان کے مثبت اقدام پر بھارتی رویہ مایوس کن ہے: صدر پاکستان

    کراچی: صدر  مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مثبت اقدام پر بھارتی رویہ مایوس کن ہے۔

    ان خیالات کا اظہار  انھوں نے اے آر  وائی کے پروگرا م ’’الیونتھ آور‘‘  میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  ان کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد اہم قدم ہے۔

    عارف علوی نے کہا کہ بھارت اوپرسے کچھ اور اندرسےکچھ اور ہے، 20سال ہوگئے، بھارتی رویےمیں تبدیلی نہیں آئی، بھارت میں عوام کی اکثریت میں مسلم منافرت پائی جاتی ہے۔

    صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ جو کام اسرائیل نےفلسطین کےساتھ کیا، بھارت وہی پاکستان سے کر رہا ہے، کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملےمیں بھارت بھی ملوث ہوسکتا ہے، بھارت کا بلوچستان میں انتشارپھیلانےمیں بھی ہاتھ رہاہے، کلبھوشن کو پاکستانی عدالتی نظام سے گزار کر سزائے موت تک پہنچانا چاہیے، میرے پاس کلبھوشن کی رحم کی اپیل آئی، تو حکومت جومشورہ دے گی، وہ کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں’’مودی کایار‘‘جیسے نعرےعوام میں جلدی مقبول ہوتے ہیں، ہماری حکومت بھارت سے امن کےلئے بیتاب ہے، کرتار پور کے معاملے پرپاکستان نے بہت اچھا اقدام کیا۔ 

    ایک سوال کے جواب میں صدر پاکستان نے کہا کہ وہ حکومت کو10میں سے9نمبردیں گے، 100روزہ پلان یہ نہیں تھا کہ فوری تبدیلی آ جائے گی، اہم معاملات کی وجہ سےجنوبی پنجاب صوبے پربات آگے نہیں بڑھ سکی۔ نیا صوبہ بنانا آسان کام نہیں،امید ہے کہ اس حکومت کے آدھےدورتک نیاصوبہ بن جائے گا۔


    مزید پڑھیں: کراچی کی فکر کرتا ہوں، اس کے مسائل ترجیحی بنیادوں‌ پر حل ہونے چاہییں:‌صدرعارف علوی


    صدرعارف علوی نے کہا کہ ممکن ہےعمران خان کی پرویزالہٰی کےبارےمیں رائےاب تبدیل ہوگئی ہو، خواہش تھی پارلیمنٹ لاجزمیں رہوں، مگراسپیکر نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ زرداری صاحب سےمتعلق جومیری پارٹی کاموقف ہےوہی میرا ہے،زرداری صاحب کےزمانے کی طرح اب ایوان صدرسیاسی سرگرمیوں کامرکزنہیں، زرداری صاحب نے58ٹو بی کاخاتمہ کرکےاچھا کام کیا، اٹھارویں ترمیم کی کچھ چیزوں کوبہتربنانےمیں کوئی حرج نہیں۔

    صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی پر جس نے بھی حملہ کیا غلط کیا، اسےسزا دینی چاہیے۔

    صدر پاکستان نے کہا کہ میرے لئے دو کمروں کا گھر ہی کافی تھا، ایوان صدر کے رہائشی حصے میں کفایت شعاری سے رہ رہا ہوں، فیصلہ کیا ہے کہ ذاتی دوروں پرسرکاری خزانہ استعمال نہیں کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاق اورصوبوں کےدرمیان پل کا کردار ادا کروں گا، صدر نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے استثنیٰ نہیں ملناچاہیے، ہم ہمیشہ پرتشدد ایم کیو ایم کے خلاف رہے۔

  • صدر مملکت کی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد

    صدر مملکت کی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے ماہ بابرکت ہمارے لیے باعث خیروبرکت ہو۔

    اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے نبیﷺ کو پوری انسانیت کے لیے کامل رہنما اور معلم بنا کر بھیجا ہے۔

    انہوں نے کہا سرکار دو عالمﷺ کی تعلیمات سے زندگی کے ہر گوشے میں انقلاب برپا ہوگیا، آپ ﷺ کی آمد سے زندگی کے ہر شعبے میں خوشگوار تبدیلی روہنما ہوئی۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ حضرت محمدﷺ کی حیات مقدسہ ہمارے لیے کھلی کتاب کی صورت ہے، آپﷺ کی زندگی سادگی، انصاف، رحمت، سخاوت اور تواضع کا درس ہے۔

    ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رسول ﷺ کا امتی بنایا، وزیراعظم کا خصوصی پیغام

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کے مدنظر ہمیں دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دینی ہوگی، انسانیت کی فلاح کا دارومدار حضورﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ ﷺ کی جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لیے قابل تقلید ہے، آپ ﷺ نے اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات، مذہبی رواداری کا پیغام دیا، آج وہ نظام دیکھنے کی نہ معلوم کتنی آنکھیں منتظر ہیں۔

    وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ نبی کے امتی ہونے کے ناطے خود کو حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہوگا، آئیں پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر ڈھالنے کی کوشش کریں، ریاست مدینہ میں ہی ہم سب کی بقا اور سربلندی ہے۔

  • لاہور: پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت بنگلہ دیش کو سونپ دی

    لاہور: پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت بنگلہ دیش کو سونپ دی

    لاہور : پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت آئندہ دو سال کیلئے صدرات بنگلہ دیش کو سونپ دی، بنگلادیش بورڈ کے سربراہ ناظم الحسن نے ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ آئی سی سی کی کلئیرنس سے مشروط کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چئیرمین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بنگلہ دیش کو آئندہ سال کیلئے اے سی سی کا صدارت سونپ دی گئی۔

    نیوز کانفرنس میں بنگلہ دیش بورڈ اور اے سی سی کے نئے سربراہ ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے تیار ہیں، بس آئی سی سی کی کلئیرنس درکار ہے۔

    چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ممبربورڈز سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ احسان مانی نے بتایا آئندہ ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان اور کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اجلاس میں افغانستان کو ممبر بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔

    اجلاس کے بعد اے سی سی کے نو منتخب صدر ناظم الحسن اور نائب صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے میچز کراچی اور کولمبو میں ہوں گے، یو اے ای، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں کراچی میں کھیلیں گی۔

    بھارت کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ سے ہمارے تعلقات اچھے ضرور ہیں مگر کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنے کی ضرورت ہے، عام انتخابات کے بعد ہی بھارتی بورڈ سے بات چیت ہو سکتی ہے۔

  • چینی صدر کا امریکی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، تجارتی معاملات پر گفتگو

    چینی صدر کا امریکی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، تجارتی معاملات پر گفتگو

    بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ کا امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس دوران تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں ملکوں کے صدور نے تجارتی معاملات کے علاوہ شمالی کوریا کے موضوع پر بھی گفتگو کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ چین خطے میں ہمیشہ امن و استحکام کی بات کرتا ہے، عالمی سطح پر قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

    امریکی صدر سے گفتگو کے دوران چینی صدر کا مزید کہنا تھا کہ جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے صاف بنانے میں بھرپور مدد فراہم کی جائے گی۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے جاری کردہ بیان میں واضح کیا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ان کی بات چیت بہت اچھی رہی۔

    چین امریکا تعلقات میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے اہم اقدامات

    دونوں ملکوں کے سربراہان نے جلد ملاقات پر بھی اتفاق کیا ہے۔

    واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں سے چین اور امریکا کے درمیان شدید تجارتی جنگ جاری ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں امریکا نے پہلی مرتبہ چینی مصنوعات پر چونتیس بلین ڈالر کے اضافی محصولات عائد کیے تھے جس کے فوری ردعمل میں چین نے امریکی مصنوعات پر ساٹھ بلین ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال اگست میں امریکی حکام کی جانب سے چینی درآمدات پر مزید 16 ارب ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کیے تھے۔

  • عالمی طاقتیں بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیر میں قتل عام ختم ہو: صدر آزادکشمیر

    عالمی طاقتیں بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیر میں قتل عام ختم ہو: صدر آزادکشمیر

    لندن: صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت کبھی بھی کشمیریوں کے دل نہیں جیت سکتا، عالمی طاقتیں بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیر میں قتل عام ختم ہو۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں اوورسیز کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں جارحیت جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف اعتراف کرچکے کہ کشمیر پر جبری قبضہ برقرار رکھیں گے، تارکین وطن ہمارے لیے اثاثہ ہیں، کشمیر کے لیے کردار ادا کریں۔

    کشمیریوں پر مظالم کا مقصد تحریک آزادی کو دبانا ہے، صدر آزاد کشمیر

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر جگہ کشمیر کے لیے آواز بلند کرنے پر اوورسیز کشمیریوں اور پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا تھا کہ بھارت کشمیریوں کو آزادی مانگنے پر مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے، کشمیریوں پر مظالم کا مقصد تحریک آزادی کو دبانا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کشمیریوں پر مظالم کا مقصد تحریک آزادی کو دبانا ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہے، بھارتی فوج پیلٹ گنز کا اندھا دھند استعمال کررہی ہے، پیلٹ گنز سے ہزاروں کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔

  • ڈی ایٹ ممالک کا اقتصادی مستقبل انتہائی روشن ہے: ایف پی سی سی آئی

    ڈی ایٹ ممالک کا اقتصادی مستقبل انتہائی روشن ہے: ایف پی سی سی آئی

    اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے صدر غضنفر بلور نے کہا ہے کہ وسائل سے مالا مال ڈی ایٹ ممالک کا مستقبل انتہائی روشن ہے، اور یہ گروپ جلد ایک بڑی اقتصادی وقت بن سکتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایٹ کے سیکرٹری جنرل داتوکوجعفر کے وفاقی چیمبر کے دورے کے موقع پر کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی ایٹ کو 1997 ء میں بنایا گیا تھا تاکہ اس کے ممبر ممالک باہمی تعاون کے ذریعے تیز رفتار ترقی کو یقینی بنائیں تاہم ایسا نہ ہو سکا اور اب بھی اس گروپ کے مابین تجارت چار فیصد تک محدود ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایٹ کے مقاصد کے حصول کے لیے تمام ممالک اور ان کے نجی شعبہ کو مل کر کام کرنا ہوگا جبکہ سیاسی معاملات کو اقتصادی معاملات سے الگ کرنا ہو۔

    غضنفر بلور کا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی کا وفد یکم نومبر سے ترکی میں ہونے والے ڈی ایٹ کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔

    اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈی ایٹ کے سیکرٹری جنرل داتوکو جعفر نے کہا کہ وہ ڈی ایٹ کو فعال بنانا چاہتے ہیں جبکہ رکن ممالک کا نجی شعبہ ایک ارب سے زیادہ نفوس پر مشتمل اس گروپ کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھائے۔

    ان کاکہنا تھا کہ وہ ڈی ایٹ کے تمام ممالک کو قریب لانے اور انکے تنازعات حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ یہ گروپ رکن ممالک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

  • سہالے زیوڈے ایتھوپیا کی پہلی خاتون صدر منتخب

    سہالے زیوڈے ایتھوپیا کی پہلی خاتون صدر منتخب

    ادیس ابابا : ایتھوپیا کے اراکین پارلیمنٹ میں پہلی مرتبہ سہالے زیوڈے نامی خاتون کا بطور سربراہ مملکت انتخاب کرلیا، زیوڈے نے اپنے خطاب میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم افریقہ کے ملک ایتھوپیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو مملکت کا سربراہ بنا دیا گیا، ایتھوپین پارلیمنٹ کے اراکین نے سہالے ورک زیوڈے کو صدر منتخب کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خاتون صدر سہالے کو بحیثیت ڈپلومیٹ کام کا بہت تجربہ ہے کیونکہ زیوڈے اس سے قبل سینیگال اور ڈیجی بوٹی میں ایتھوپیا کی سفیر رہ چکی ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افریقی ملک میں ہونے والی صدراتی انتخابات سے ایک ہفتہ قبل وزیر اعظم ابہی احمد نے اپنی کابینہ منتخب کی ہے جس میں اکثریت خواتین کی ہے۔

    ایتھوپیا کی خاتون صدر سہالے ورک زیوڈے نے حلف اٹھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے امن و استحکام کی صورتحال برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے ایتھوپیا میں خاتون زیوڈے کو غیر متوقع طور پر مولاٹو تیسہوم کے صدارت سے مستعفی ہونے کے بعد سربراہ مملکت منتخب کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم اسٹاف کے چیف فٹسم اریگا کا کہنا تھا کہ کسی سربراہ مملکت کے لیے خاتون کا انتخاب مستقبل میں معیار بڑھانے کے لیے نہیں کیا گیا بلکہ یہ انتخاب خواتین کو عام زندگی میں فیصلہ سازی میں مدد معاون ثابت ہوگا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ورک زیوڈے سینٹرل افریقن ریپبلک میں امن مشن کی سربراہی سمیت اقوام متحدہ کے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں چکی ہیں۔

    خیال رہے کہ ایتھوپیا کے قانون کے مطابق صدر کا عہدہ رسمی ہے جبکہ اختیارات وزیر اعظم کے پاس ہوتے ہیں۔

  • اطالوی وزیر اعظم کا دورہ روس، ولادی میر پیوٹن سے ملاقات، تجارتی معاملات پر گفتگو

    اطالوی وزیر اعظم کا دورہ روس، ولادی میر پیوٹن سے ملاقات، تجارتی معاملات پر گفتگو

    ماسکو: اٹلی کے وزیر اعظم جوزیپے کونٹے اپنے سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے، اس دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی اور تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں ملکوں کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں یورپی یونین کا موضوع بھی زیر بحث آیا، روسی صدر اور اطالوی وزیر اعظم نے دوطرفہ تجارت کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اطالوی وزیراعظم جُوزیپے کونٹے نے اپنے دورے روس کے موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور دوسرے اعلیٰ حکام کے ساتھ مذاکراتی عمل شروع کر دیا ہے۔

    اٹلی روس اقتصادی مذاکرات یورپی یونین کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں کیونکہ کریمیا تنازعے کی وجہ سے یونین روس پر معاشی پابندیاں عائد کیے ہوئے ہے۔

    خیال رہے کہ 2014 میں یورپی یونین نے روس اور یوکرائن کے مزید بارہ اعلیٰ حکام کو کریمیا تنازعے میں ملوث قرار دیتے ہوئے ان پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ماضی میں روس کی جانب سے کریمیا میں فوجی سرگرمیاں سامنے آئیں تھیں جس کے بعد یہ معاملہ شدید تنازعہ بن گیا تھا، بعد ازاں یورپی یونین نے روس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

    یاد رہے کہ مارچ 2014 میں جرمن چانسلر ایجیلا مرکل نے خبردار کیا تھا کہ روس کریمیا کے بعد یوکرائن کے جنوبی یا مشرقی علاقوں کی طرف پیشقدمی کرتا ہے تو اس کے خلاف مزید تجارتی اور مالیاتی پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔

  • امریکا میں سب سے بڑی سرمایہ کاری سعودی عرب کی ہے: صدر ٹرمپ

    امریکا میں سب سے بڑی سرمایہ کاری سعودی عرب کی ہے: صدر ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شاید امریکا میں سب سے بڑی سرمایہ کاری سعودی عرب کی ہے، ہم دوطرفہ تعلقات اور معاملات سے الگ نہیں رہ سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں تناؤ سامنے آیا تھا تاہم صدر ٹرمپ نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو ناگزیر قرار دے دیا۔

    امریکی صدر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب امریکا سے کل 450 ارب ڈالر کا سامان خریدتا ہے، سعودی عرب امریکا میں کئی منصوبوں میں فنڈنگ کررہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب امریکا سے 110 ارب ڈالر کا فوجی سازو سامان خریدتا ہے، سعودی عرب 10 لاکھ سے زائد ملازمتیں بھی فراہم کررہا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سعودی صحافی جمال خاشقجی کو ترکی میں سعودی کونصل خانے میں قتل کردیا گیا تھا، بعد ازاں امریکی صدر نے اس واقعے کی شدید مذمت کی تھی۔

    جمال خاشقجی کیس، سعودی وضاحت سے مطمئن نہیں، ٹرمپ

    ٹرمپ نے جمال خاشقجیکے قتل سے متعلق سعودی وضاحت اور تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک ہمیں جواب نہیں ملتا میں مطمئن نہیں ہوں۔

    علاوہ ازیں امریکا نے سعودی سفارت خانے میں جمال خاشقجیکے مبینہ قتل پر ریاض میں منعقد ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے کہا تھا کہ امریکا کے وزیر خزانہ اسٹفین میوچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ امریکا سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔