Tag: press club

  • قائد اعظم کا سپاہی عمران خان کشمیریوں کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا: فردوس عاشق اعوان

    قائد اعظم کا سپاہی عمران خان کشمیریوں کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا: فردوس عاشق اعوان

    پشاور: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کا سپاہی عمران خان کشمیریوں کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا، یوم سیاہ صرف پاکستان میں ہی نہیں عالمی سطح پر منایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اور خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پشاور پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یوم سیاہ پر پاکستان بھر میں ریلیاں نکل رہی ہیں، یوم سیاہ صرف پاکستان میں ہی نہیں عالمی سطح پر لوگ منا رہے ہیں۔

    معاون خوصی کا کہنا تھا کہ آج عالمی سطح پر بھارت کی مذمت کی جارہی ہے، عوام کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ریلیاں نکال رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ثابت کیا کشمیر کے بغیر یوم آزادی کی خوشیاں کم ہیں، کشمیر کو بالآخر پاکستان کے ساتھ جڑنا ہے، قائد اعظم کا سپاہی عمران خان کشمیریوں کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا نامکمل ہے، بھارت نے سیکولر ہونے کا دعویٰ کیا تھا، اقلیتوں کے ساتھ سلوک دیکھ لیں۔ بھارت میں اقلیتوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ آج قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی جیت ہوئی ہے۔ مودی کی آج کی تقریر بھارتی عوام کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے، مودی نے خطے میں تھانیدار بننے کی کوشش کی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام اقلیتوں کے ساتھ خصوصاً کشمیریوں کے ساتھ سلوک دیکھ رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کشمیر کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کل للکار کر بھارتی قیادت کو جواب دیا ہے۔ کل وزیر اعظم نے کہا جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر دنیا کو جھنجوڑا، عمران خان کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ پہلی مرتبہ روس نے بھارت کے خلاف جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ روس نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت کی ہے۔

  • موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، شوکت یوسفزئی

    موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، شوکت یوسفزئی

    کوئٹہ : وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت علی یوسف زئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو  دیوالیہ ہونے سے بچالیا، احتساب کا عمل جاری رہے گا، نیب کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، پریس کلب پہنچنے پر عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراطلاعات نے پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔

    اپنی گفتگو میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت کو30ہزار ارب روپے کاخسارہ ورثے میں ملا تھا، موجودہ حکومت نے انتھک محنت اور کامیاب حکمت عملی سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، حکومت کو مختصر مدت میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ محاذ پر قومی مؤقف اور بیانیے کو اجاگر کیا گیا، ملکی معیشت پر بھرپور توجہ دی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور آج سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی کی اسلام آباد سے گرفتاری سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی کی گرفتاری کو سندھ کے خلاف سازش قرار دینا قطعی غلط ہے، احتساب کا عمل ملک بھر میں جاری رہے گا، ہم نیب کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

  • کراچی : پولیس نے احتجاجی ملازمین پر پانی کی توپ چلادی، 35 گرفتار

    کراچی : پولیس نے احتجاجی ملازمین پر پانی کی توپ چلادی، 35 گرفتار

    کراچی : پریس کلب کے باہر پولیس اہلکاروں نے حقوق مانگنے والے پیرامیڈیکل ملازمین کی دُھلائی کردی، پینتیس مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال کے پیرا میڈیکل اسٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہیلتھ الاؤنس کے حصول کیلئے شدید نعرے بازی کی۔

    اس دوران مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ان کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کردیا لیکن احتجاجی ملازمین کے منتشر نہ ہونے پر پولیس نے پانی کی توپ چلادی۔

    پانی کے تیز پریشر کے سامنے کئی ملازمین نہ ٹھہرسکے اور توازن بگڑنے پر کوئی یہاں گرا تو کوئی وہاں گرا، پولیس نے اسی پر بس نہ کیا اور بھیگے ہوئے مظاہرین کو کالرسے پکڑ کر دھکے مارے اورگاڑیوں میں ڈالنا شروع کردیا۔

    ٹھنڈے پانی میں بھیگنے کے باوجود ملازمین کا جذبہ سرد نہ ہوا تو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی، شیلنگ کے ساتھ ساتھ ملازمین کی پکڑدھکڑ بھی جاری رہی، پولیس نے پینتیس مظاہرین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • پولیس کا اساتذہ پر تشدد، آصف زرداری اور مراد علی شاہ نے نوٹس لے لیا

    پولیس کا اساتذہ پر تشدد، آصف زرداری اور مراد علی شاہ نے نوٹس لے لیا

    کراچی : پریس کلب پر احتجاج کرتے اساتذہ پر تشدد کے واقعہ کا پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم اور شاہ نے نوٹس لے لیا ہے۔

    واضح‌ رہے کہ پولیس اہل کاروں نے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرنے والے اساتذہ پرلاٹھیاں برسائی تھیں اور شیلنگ کی تھی، جس کے بعد  متعدد اساتذہ کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا، جب مظاہرین نے ریڈزون میں داخلے اور بلاول ہاؤس جانے کی کوشش کی۔

    یہ بھی پڑھیں: تنخواہوں سے محروم خواتین اساتذہ کا کراچی پریس کلب پر احتجاج

    وزیرداخلہ سندھ سید مراد علی شاہ نے اساتذہ پر پولیس تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے اسے قابل مذمت قرار دیا۔ دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ سہیل انورسیال نےواقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقارلاڑک کو انکوائری افسرمقرر کیا ہے۔ انکوائری رپورٹ میں ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔

    آصف علی زرداری نے بھی کراچی میں اساتذہ پرپولیس تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے تمام گرفتار اساتذہ کو فوری رہا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    آصف زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ، وزیرتعلیم اساتذہ سےمل کر معاملے کاحل نکالیں. ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اوربات چیت سے مسئلےحل کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ سندھ کا اساتذہ کے مسائل حل کرنے کا وعدہ

    کمشنرکراچی اعجازاحمد خان نے این ٹی ایس پاس ٹیچرزکومستقل کرنےکاحکم دیتے ہوئے کہا کہ  ٹیچرز بھی قانون ہاتھ میں لینےکی کوشش نہ کریں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں

  • پی ایس پی کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، مصطفیٰ کمال

    پی ایس پی کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، مصطفیٰ کمال

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ الٹی میٹم دے کر بھولنے والے نہیں، کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم مظلوم طبقے کی آواز بنے ہوئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے سامنے پی ایس پی کے دھرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ حکام سے اب صرف اس بات پر گفتگو ہوگی کہ ہمارے مطالبات پر کب اور کیسے عمل کرنا ہے؟

    مصطفیٰ کمال نےبتایا کہ صوبائی حکومت کاوفد دو باران کے پاس آیا مگر بات چیت میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی کیو نکہ ہم اپنے کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    مزید پڑھیں : ہمیں ہمارے حقوق ہرحال میں چاہئیں، مصطفیٰ کمال

    واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کا دھرنا دس ویں روز میں داخل ہوگیا ہے، دھرنےمیں مختلف سماجی اداروں کےافراد کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    لوگوں نے پی ایس پی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پھولوں کے ہار بھی پہنائے، پاکستان سنی تحریک کے وفد نے شاہد غوری کی زیر قیادت دھرا کیمپ کا دورہ کیااور چیئرمین پی ایس پی کے مؤقف کی تائید کی۔

  • ملازم بچے پرتشدد کا واقعہ، ورثاء کا پریس کلب پرمظاہرہ

    ملازم بچے پرتشدد کا واقعہ، ورثاء کا پریس کلب پرمظاہرہ

    کراچی : اسلام آباد میں طیبہ تشدد کیس کے بعد کراچی میں بارہ سالہ ملازم بچے پرمالک کے تشدد کا ایک اورکیس سامنے آگیا، مالک مبینہ طور پرایک ہفتے تک بچے پرتشدد کرتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے طارق روڈ میں گھریلو ملازم 12سال کے بچے عبدالشکور سمیجو پر مالک کا مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، مالک بچے ہر نشے میں دھت ہوکر بہیمانہ تشدد کرتا تھا۔


    Landlord tortures 12-year-old servant by arynews

    ایک ہفتے کے بعد مالک کی والدہ نے متاثرہ بچے کو اس کے ورثا حوالے کیا، متاثرہ بچے عبدالشکور سمیجو کے اہل خانہ نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، تشدد کا شکار بچے کے ورثاء نے انصاف کے حصول کیلیے نعرے بازی کی اور اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

    اس موقع پر متاثرہ بچے نے میڈیا کو بتایا کہ مالک نشہ میں دھت ہوکر روزانہ مارتا تھا، بچے نے اپنے اوپر ہونے والے مظالم سے آگاہ کرتے ہوئے میڈیا کو جسم پرتشدد کےنشانات بھی دکھائے۔

  • صحافیوں کی حفاظت کےلیے قانون سازی کی جارہی ہے، مریم اونگزیب

    صحافیوں کی حفاظت کےلیے قانون سازی کی جارہی ہے، مریم اونگزیب

    لاہور: وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے موثر تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا اور صحافیوں کی حفاظت اور اُن کی ٹریننگ کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے۔

    لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت میری اولین ترجیح ہے، صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے موثر تربیتی پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی سیکورٹی، ٹریننگ کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے جس کا ابتدائی مسودہ جلد تمام پریس کلبز اور میڈیا ہاؤسز میں بھجوایا جائے گا، اس کے تحت صحافیوں کی سیکورٹی کو بہتر بنایا جائے گا جبکہ انکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے گا۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کے لیے سیفٹی اینڈ سیکیورٹی بل جلد لایا جائے گا جبکہ سرکاری اشتہارات کا طریقہ کارصاف شفاف بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس بل پر قانون سازی جلد مکمل کرلی جائے گی جس کے ثمرات صحافیوں تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔

    اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہباز میاں، نائب صدر عبدالمجید ساجد، سیکرٹری شاداب ریاض، جوائنٹ سیکرٹری زاہد گوگی، ممبران گورننگ باڈی اسماعیل جھکڑ، جواد رضوی اورسینئر صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    پریس کلب کے صدر اور جنرل سیکریٹری نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ حالات میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب صحافیوں کے مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں گے اور صحافی برادری بھی اپنے فرائض شناسی کے ساتھ ادا کرتے ہیں۔

    یاد رہے سیکورٹی مٹینگ کی بے بنیاد خبر لیک ہونے کے بعد سینٹر پرویز رشید کو وزارت سے ہٹا کر اُن کی جگہ مریم اورنگزیب کو وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات تعینات کیا گیا ہے۔

  • متحدہ رہنما امجد اللہ پریس کلب سے باہر نکل آئے، رینجرز نے گرفتار کرلیا

    متحدہ رہنما امجد اللہ پریس کلب سے باہر نکل آئے، رینجرز نے گرفتار کرلیا

    کراچی: پریس کلب میں چار گھنٹوں سے محصور متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنما بالآخر باہر آگئے جس کے بعد باہر موجود رینجرز کی بھاری نفری نے انہیں گرفتار کرلیا، ڈاکٹر حسن ظفر اور کنور خالد یونس پہلے ہی گرفتار ہیں جب کہ ایک اور لندن رہنما ساتھی اسحاق کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔

    رینجرز کی بھاری نفری اورمیڈیا کی بڑی تعداد کلب کے باہر موجود

    امجد اللہ پریس کلب میں کئی گھںٹوں سے موجود تھے رینجرز کی بھاری نفری پریس کلب کے باہر ان کی گرفتاری کے لیے منتظر تھی جبکہ میڈیا کے نمائندے، کیمرا مین مع ڈی ایس این جی کے گھنٹوں تک وہیں موجود رہے۔


    یہ پڑھیں: متحدہ لندن کے رہنما حسن ظفر عارف اور کنور خالد پریس کلب سےگرفتار


    رینجرز نے پریس کلب پر پریس کانفرنس کرنے کے لیے آنے والے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنما حسن ڈاکٹر حسن ظفر عارف اور کنور خالد یونس کو پریس کلب کے باہر سے ہی کارکنوں کا انتظار کرتے ہوئے گرفتار کرلیا تاہم امجد اللہ پریس کلب کے اندر موجود ہونے کے سبب گرفتاری سے بچ گئے تھے۔

    رینجرز کافی دیر تک ان کا باہر نکلنے کے لیے انتظار کرتی بعد ازاں وہ پریس کلب کے گیٹ سے باہر نکل کر اطراف میں پھیل گئی بعدازاں کچھ دیر بعد رینجر زکی بھاری نفری کلب کے باہر تعینات کردی گئی لیکن امجد اللہ چار گھںٹے تک باہر نہیں آئے تاہم اب ساڑھے سات بجے کے بعد وہ باہر نکل آئے اور گرفتاری دے دی۔

    دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب رینجرز نے کلب کے اطراف سے ایک شخص کو امجد اللہ کے شبے میں گرفتار کرلیا تاہم تصدیق ہونے کے بعد اسے کچھ دیر میں رہا کردیا۔

    دریں اثنا رینجرز نے ایم کیو ایم لندن کے ایک اور رہنما ساتھی اسحاق کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر نہیں ملے۔

    امجد باہر نہیں آنا چاہتے تھے، پریس کلب انتظامیہ نے باہر بھیجا

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنما امجد اللہ پریس کلب سے باہر آنا نہیں چاہ رہے تھے انہیں پریس کلب کی انتظامیہ نے باہر جانے کا کہا جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    ملزم کو باہر نہیں بھیجا تو اندر آکر گرفتار کرلیں گے، رینجرز

    رپورٹر کے مطابق رینجرز نے پریس کلب کی انتظامیہ کو باور کرایا تھا کہ پریس کلب کی انتظامیہ کسی ملزم کو پناہ نہیں دے سکتی اگر ملزم کو باہر نہیں بھیجا گیا تو رینجرز پریس کلب میں گھس کر ملزم کو گرفتار کرلے گی۔

    رینجرز کے اس اقدام سے پریس کلب کی چار دیواری کا تقدس پامال ہونے کا احتمال تھا جس کے بعد چار گھنٹے تک امجد اللہ کے باہر نہ جانے پر پریس کلب کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ امجد اللہ سے سختی سے باہر جانے کا کہا جائے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے امجد اللہ کو باہر بھیجا گیا جہاں رینجرز نے امجد اللہ کو ڈاکٹر حسن ظفر اور کنور خالد کی طرح گرفتار کرلیا۔

  • متحدہ لندن کے رہنما حسن ظفر اور کنور خالد پریس کلب سے زیر حراست

    متحدہ لندن کے رہنما حسن ظفر اور کنور خالد پریس کلب سے زیر حراست

    کراچی : ایم کیو ایم لندن کے اراکینِ رابطہ کمیٹی ڈاکٹر حسن ظفر عارف اور کنور خالد یونس کو رینجرز نے پریس کلب سے حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کی جانب سے پریس کلب میں آج پریس کانفرنس کی جارہی تھی کہ رینجرز نے رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر حسن ظفر عارف اور کنور خالد یونس کو گرفتار کر لیا۔ دونوں اراکین کو رینجرز نے میٹھا رام ہاسٹل منتقل کردیا جہاں دونوں اراکین ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر حسن ظفر عارف پریس کلب کے عقبی دروازے پر موٹر سائیکل پر بیٹھے دیگر اراکین رابطہ کمیٹی کا انتظار کرر ہے تھے کہ رینجرز کے اعلیٰ حکام انہیں حراست میں لے کر رینجرز موبائل میں بیٹھا کر اپنے ہمراہ لے گئے۔

    رینجرز حکام نے رابطہ کمیٹی کے دوسرے رکن کنور خالد یونس کو بھی حراست میں لے لیا  وہ پریس کانفرنس میں شرکت کے لیے آرہے تھے کہ گورنر ہاؤس کے قریب پہ پہنچے اور رینجرز نے انہیں گرفتار کر لیا،جب کہ دیگر اراکین رابطہ کمیٹی سے رابطہ نہیں ہو پارہا۔

    لندن رابطہ کمیٹی کی جانب سے بلائی گئی پریس کانفرنس کی اطلاع کے بعد رینجرز حکام کی بھاری نفری پریس کلب کے اطراف تعینات کردی گئی تھی اور عام افراد کو جانے نہیں دیا جارہا تھا، جیسے ہی ڈاکٹر حسن ظفر عارف پریس کلب پہنچے اور دیگر اراکین کا انتظار کر رہے تھے کہ رینجرز حکام نے انہیں حراست میں لے لیا۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹر حسن ظفر عارف کراچی یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ میں درس و تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں اور بائیں بازو کی سیاست سے گہرا تعلق رہا ہے،چند ماہ قبل انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

    ایم کیو ایم لندن کے دوسرے گرفتار رکن رابطہ کمیٹی کنور خالد یونس سابق ایم این اے بھی رہے ہیں وہ مسلسل تین بار نارتھ ناظم آباد کے حلقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ 22 اگست کی متنازع تقریر کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے اظہار لا تعلقی اور اپنی راہیں جدا کرنے کے بعد ایم کیو ایم لندن کی جانب سے بنائی گئی نئی رابطہ کمیٹی میں ڈاکٹر حسن عارف ظفر اور کنور خالد یونس کو اہم ذمہ داری دی گئی تھی اور ایم کیو ایم لندن کی پہلی پریس کانفرنس بھی ڈاکٹر حسن ظفر کی سربراہی میں کی گئی تھی۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن امجد اللہ خان نے صحافیوں سے موبائل فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ دو رہنماؤں کی گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان جلد کیا جائے گا۔

    رکن رابطہ کمیٹی امجد اللہ خان اس وقت پریس کلب کے اندر موجود ہیں جنہیں باہر آنے پر گرفتار کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • کوئٹہ : پانچ خواتین کے قتل کیخلاف پریس کلب کے باہر مظاہرہ

    کوئٹہ : پانچ خواتین کے قتل کیخلاف پریس کلب کے باہر مظاہرہ

    کوئٹہ : گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والی پانچ خواتین کے قتل کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفرکردارتک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ روز بس میں 5 خواتین کوفائرنگ کرکے قتل کئے جانے کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا،۔

    مظاہرین میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شریک ہوئیں، شرکاء نے دہشت گردی کے واقعات اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور خواتین کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردارتک پہنچایا جائے، واقعہ کے خلاف حرمت نسواں فاﺅنڈیشن کے عہدیداروں کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی، جس میں انہوں نے خواتین کے قتل کو صوبے کے روایات کے منافی اوردشمن کی جانب سے سازش قرار دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے سیکورٹی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں بس پر فائرنگ، چار خواتین جاں بحق

     کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے پودگلی چوک فائرنگ واقعہ میں جاں بحق خواتین کے لواحقین اور ہزارہ عمائدین سے امام بارگاہ نیچاری میں ملاقات کی اور مقتول خواتین کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

    کمانڈر سدرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ واقعہ ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘دشمن ہم میں نفاق ڈالنا چاہتا ہے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرکے دشمن کے عزائم کو ناکام بنادیں گے۔