Tag: press conference

  • اب بات مائنس ون فارمولے سےآگے جارہی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    اب بات مائنس ون فارمولے سےآگے جارہی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی :ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میری گرفتاری تھی یا کچھ اور یہ میں خود بھی نہیں جانتا، اب بات مائنس ون فارمولے سےآگے جارہی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے میرے مفرور ہونے کا دعویٰ بے بنیاد ہے گرفتار ہونے کو تیار ہوں عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی گرفتاری و رہائی کے بعد ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پی آئی بی کالونی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر ان کے ہمراہ عامر خان، فیصل سبز واری، رؤف صدیقی کے علاوہ ارکین اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ شادی کی تقریب سے واپسی پرعامرخان کی طرف جارہا تھا کہ پولیس اہلکار مجھے بٹھا کر چاکیواڑہ تھانے لےگئے۔ مختصربات چیت کی گئی اور ایک گھنٹہ بٹھایا گیا۔

    میرے خلاف مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت کو میری گرفتاری کی ضرورت تھی تو مین گرفتار ہونے کیلئے تیار ہوں کیونکہ ہم عدلاتوں کا احترام کرتے ہیں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات کا اب فیصلہ ہوجانا چاہئے، ہماری پالیسی پوری قوم کے سامنے ہے، 22 اگست کی تقریر کےبعد پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوئے، ایم کیو ایم کی واضح پالیسی کے باوجود 22 اگست کے کیس میں میرا نام ڈالا گیا۔

    مزید پڑھیں : متحدہ رہنما فاروق ستار کی گرفتاری و رہائی

    انہوں نے کہا کہ ہمارے 23 اگست کے فیصلے کو اب مان لینا چاہئے، ہمیں ہماری جائز سیاسی جگہ ملنی چاہیئے، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے اب بھی متعدد کارکنان جیلوں میں ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ 22 اگست کے واقعے میں گرفتار کارکنوں کورہا کیا جائے، ہم سب نے 22 اگست کی تقریرکی مذمت کی تھی، انہوں نے کہا کہ اب بات مائنس ون فارمولے سےآگے جارہی ہے۔

  • سابق صدر آصف زرداری آج اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کریں گے

    سابق صدر آصف زرداری آج اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کریں گے

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری آج اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری آج شام اہم پریس کانفرنس کر رہے ہیں، جس میں وہ ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔

    پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق آصف زرداری اس اہم پریس کانفرنس میں پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے جبکہ فوجی عدالتوں کی مخالفت، ملی پارٹیز کانفرنس، پانامہ لیکس کے حوالے سے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا مؤقف بیان کریں گے۔

    یاد رہے دو روز قبل پیپلز پارٹی کی جانب سے فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ
    فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر تحفظات ہیں، اگر ضرورت پڑی تو اس بارے میں ہم وکلا سے مشورہ کر کے ایک ڈرافٹ تیار کریں گے۔

    خیال رہے گذشتہ سال ایک تقریب کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے دھمکی آمیز الفاظ استعمال کئے تھے اور پھر بیرونِ ملک چلے گئے تھے۔

  • سانحہ لاہور: خود کش بمبار کو لانے والا ملزم گرفتار کرلیا، شہباز شریف

    سانحہ لاہور: خود کش بمبار کو لانے والا ملزم گرفتار کرلیا، شہباز شریف

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ لاہورمیں دہشت گردی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، قانون نافذ کرنیوالےاداروں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، سیاسی جماعت کے سربراہ کا دہشت گردی سے متعلق بیان پڑھ کر دکھ ہوا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں چیئرنگ کراس دھماکے سے متعلق اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شہبازشریف نے کہا کہ لاہور دھماکے میں 2 پولیس افسران سمیت 14 افراد شہید ہوئے، دہشت گردی میں ملوث مجرمان کی نشاندہی ہوگئی ہے، دہشت گردی کےخلاف پولیس کےاقدامات قابل تحسین ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیئرنگ کراس دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی جس کے بعد چیئرنگ کراس حملےمیں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار دہشت گرد انوارالحق نے خود کش بمبار کو جائے وقوعہ پر لانے کا اعتراف کر لیا ہے۔

    سہولت کارانوارالحق کا تعلق باجوڑسے اور خود کش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے، خود کش حملے کی منصوبہ بندی بھی افغانستان میں ہوئی۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کانیٹ ورک افغانستان سےکام کررہا ہے، ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی جانب سے دہشت گردی کے حوالے سے بیان پڑھ کر انتہائی دکھ ہوا، سیاسی جماعت کےسربراہ نے واقعے پر سیاست کو ترجیح دی، دہشت گردی پرپوائنٹ اسکورنگ سے گریزکرنا چاہیئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ ہمارا فوجی عدالتوں پر مؤقف بڑا واضح ہے، فوجی عدالتیں قائم ہونی چاہئیں، نوازلیگ فوجی عدالتوں میں توسیع کی حمایت کرتی ہے، فوجی عدالتوں سےدہشت گردوں کو سزائیں ملی ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ اگر پنجاب میں سپرگرینڈ آپریشن کی ضرورت ہے تو کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے خون کےایک ایک قطرےکا بدلہ لیں گے،دہشت گرد پاکستانی قوم کو شکست نہیں دے سکتے، ہمارا عزم انٹیلی جینس کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

    دہشت گردی کےخلاف جنگ ہماری بقا کا سوال ہے اوراس کا خاتمہ مشترکہ ہدف ہے، پریس کانفرنس کے موقع پر صحافیوں کو لاہور میں دھماکے سے متعلق ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں دہشت گردوں کو موٹر سائیکل پر آتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

  • قومی ٹیم ون ڈے سیریزمیں کامیاب ہوگی، انضمام الحق کوامید

    قومی ٹیم ون ڈے سیریزمیں کامیاب ہوگی، انضمام الحق کوامید

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں  کھلاڑیوں نے بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے کہ ٹیم کم بیک کرتے ہوئے ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرے گی۔ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونے سے بہت فائدہ ہو گا۔

    ان خیالات کا اظہار انضمام الحق نے مشتاق احمد کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیاْ، انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں اظہر علی اگر فٹ ہو گئے تو وہ ہی کپتانی کریں گے۔

    انضام الحق نے کہا کہ آسٹریلیا سیریز کے بعد کرکٹ ختم نہیں ہو جائے گی آگے اور بہت سی سیریز ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار بھی دیگر ٹیموں کے مقابلے میں ذرا کم ہے، ٹیم کو تھوڑا وقت دیں، سب چیزیں بہتر ہو جائیں گی

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل پلیئرز پاکستان آنے کو تیار ہیں، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونے سے بہت فائدہ ہو گا۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی۔ ہم دنیا کو یہ ثابت کر سکیں گے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔

    اس موقع پر مشتاق احمد نے کہا کہ اگلے دو ون ڈے کے لئے پچز پاکستان کے لئے سازگار ہیں۔ امید ہے کہ ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔

  • بھارتی حکام نے سرتاج عزیز کو پریس کانفرنس سے روک دیا

    بھارتی حکام نے سرتاج عزیز کو پریس کانفرنس سے روک دیا

    امرتسر: بھارت نے اپنی روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر پریس کانفرنس سے روک دیا، ہائی کمشنر عبدالباسط کو بھی روکا گیا جس پر انہوں نے سیکیورٹی افسر کر جھاڑ پلادی۔

    تفصیلات کے مطابق جو دشمنی میں سفارتی آداب ہی بھلادے اسے بھارت کہتےہیں، سرتاج عزیز کو ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس کرنی تھی لیکن بھارتی حکام نے سیکیورٹی ایشو بنا کر انہیں میڈیا کے سامنے آنے سے روک دیا اور انہیں اپنے ہوٹل کے کمرے تک ہی محدود کردیا گیا۔

    پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط سے بھی منفی رویہ اختیار کیا گیا میڈیا سے بات کرنے آئے تو سیکیورٹی افسر آڑے آگیا ۔ جس پر انہوں نے اسے جھاڑ پلادی۔ کہا کوئی انہیں پاکستانی صحافیوں سے بات کرنے سے روک نہیں سکتا۔

    اس کے علاوہ بھارتی حکام نے پاکستانی وفد کے ساتھ انتہائی منفی رویہ اختیار کرتے ہوئے پاکستانی وفد کو گولڈن ٹیمپل بھی نہ جانے دیا۔ بھارتی حکام اس حد تک بد تمیزی کی کہ امرتسر میں امیگریشن حکام نے مشیر خارجہ کو آدھے گھنٹے روکے رکھا۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اس منفی رویے کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کیا، مشیر خارجہ سرتاج عزیز 2 روزہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت کے شہر امرتسر میں موجود ہیں جہاں انہوں نے کانفرنس کے اختتام پر گولڈن ٹیمپل جانے کا ارادہ کیا تھا۔

    بھارت میں سفارتی آداب کی خلاف ورزی اور ناروا سلوک کے بعد سرتاج عزیز نے پاکستان میں ہنگامی پریس کانفرنس طلب کرلی ہے۔

  • پیپلز پارٹی کا وزیر داخلہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    پیپلز پارٹی کا وزیر داخلہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا، اعتزاز احسن کہتے ہیں کہ اسلام آباد میں پولیس گردی حکومت کی بوکھلاہٹ کا کھلا ثبوت ہے، تحریک انصاف سے اختلافات ہیں مگر پاناما بل اور ان کے کارکنوں کے تشدد کے معاملے پر ہم پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔


    یہ مطالبہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اعتزاز احسن، خورشید شاہ، فرحت اللہ بابر، شیری رحمن، خورشید شاہ، قمر زماں کائرہ اور دیگر نے بلاول بھٹو کے زیر صدارت اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتےہوئے کیا۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اس کا آغاز تین اپریل سے ہوا، جسے ساری قوم نے دیکھا۔

    انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر شریف فیملی کے بیانات میں تضاد ہیں، والدہ کچھ کہتی ہیں ،بیٹے کچھ، وزیرداخلہ کچھ کہتے ہیں،سب جانتے ہیں کہ لندن کے فلیٹس 20 برس قبل خریدے گئے، بیٹا قبول کرتا ہے میرے فلیٹ ہیں اور بیٹی کہتی ہے کہ ہماری کوئی جائیداد ہی نہیں، حکومت جانتی ہے کہ ان کی چوری پکڑی گئی اس لیے وہ بوکھلا گئی ہے۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے نوجوانوں کے کنونشن کے دوران پولیس اور ایف سی نے خواتین اور نوجوانوں پر بلا جواز تشدد کیا، ان پر دفعہ 144 نافذ نہیں ہورہی تھی، ہمارے تحریک انصاف کے بہت اختلافات ہیں لیکن پاناما بل کے معاملے پر ان کے ساتھ ہیں اور ان پر ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی نااہلی کی ایک صاف مثال ہے، میاں صاحب کے پاؤں پھسل گئے ہیں اور ان کا اپنے اقتدار کا توازن سنبھالنا مشکل ہوگیا ہے، ہمارے میاں صاحب سے چار مطالبات ہیں جو ہمارے چیئرمین نے 16اکتوبر کی ریلی میں پیش کیے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ پارلیمنٹ کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی تشکیل دی جائے گی لیکن ایک وزیر کے اعتراض پر اس بات کو تحریر نہیں کیا گیا، وزیراعظم نواز شریف بھی اس وزیر کے ہاتھوں بے بس نظر آئے، اسحق ڈار نے بلاول کو کہا کہ آپ اسے نہ لکھیں ہم سب اس کے پابند ہیں اس لیے اسے تحریر نہیں کیا اور آج تک وہ کمیٹی نہیں بنی۔

    دوسرا مطالبہ تھا کہ سی پیک کے معاملے میں صوبوں سے منصفانہ طرز عمل اختیار کیا جائے، جن صوبوں میں ترقی کم ہے وہاں بھی توجہ دی جائے اور روزگار دیا جائے،پاناما پیپرز کے معاملے پر یکساں احتساب کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا میں تبدیلیاں آرہی ہیں لیکن ہم اپنی مرضی سے وزیر خارجہ بھی تعینات نہیں کرسکتے، ملک میں مستقل میں وزیر خارجہ مقرر کیا جائے۔

    فرحت اللہ باہر نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی ایک وجہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونا ہے، حکومت اس میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ یہ صوبائی معاملہ ہے یہ کبھی کہتے ہیں کہ بیرون ممالک سے دہشت گرد آئے اور کبھی کہتے ہیں کہ دہشت گردی کی اطلاع ملی تھی جس سے صوبائی حکومت کو خبردار کردیا تھا۔


    انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کے برعکس کالعدم جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقات کی، وزیرداخلہ پلان پر عمل درآمد میں ناکام ہوگئے، وزیر داخلہ اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں اگر خود استعفی نہیں دیتے تو وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ ان سے استعفیٰ طلب کریں کیوں کہ اب کوئی جواز نہیں رہا کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرنے کی اہلیت نہیں ہے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان نے آج کی اہم پریس کانفرنس منسوخ کردی

    ایم کیو ایم پاکستان نے آج کی اہم پریس کانفرنس منسوخ کردی

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے آج کی پریس کانفرنس منسوخ کردی، ایم کیوایم لندن کے منظرعام پرآنے کے بعد یہ پریس کانفرنس اہم قراردی جارہی تھی، تاہم ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے پریس کانفرنس کیلیے نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پی آئی بی کالونی میں ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر پر ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ کردی، ہفتے کو ایم کیوایم لندن کے منظرعام پر آنے کے بعد آج پریس کانفرنس کا اعلان کیا گیا تھا۔

    پریس کانفرنس تو منسوخ کردی گئی، لیکن ذرائع کےمطابق پی آئی بی کے۔ کےایم سی گراؤنڈ میں تنظیمی عہدے داروں کاپہلا اجلاس ہوا جس میں ایم کیوایم لندن کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

    ہفتے کو ایم کیوایم لندن کی ٹیم نے کراچی پریس کلب میں انٹری دیتےہوئے اعلان کیا تھا کہ ایم کیوایم ایک ہی ہے جس کے قائد ایم کیوایم کے بانی ہیں۔

    ایم کیوایم پاکستان کے رہنما نے آج کی پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سلام شہداء ریلی کے باعث ٹریفک جام اور راستے بند تھے اورلوگوں کا آنا جانا مشکل تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی پریس کلب پر ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں حسن ظفر عارف، ساتھی اسحاق، مومن خان مومن اور امجد اللہ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار, عامر خان اور دیگر رہنماؤں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایم کیو ایم قائد کی قیادت میں ایک تھی ایک ہے اور ایک ہی رہے گی۔

     

  • ایم کیو ایم میں کوئی تقسیم یا دراڑ نہیں، ڈاکٹرفاروق ستار

    ایم کیو ایم میں کوئی تقسیم یا دراڑ نہیں، ڈاکٹرفاروق ستار

    حیدرآباد : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ ہمارا ووٹ بینک، عوامی حمایت اور تائید ہر طریقے سے قائم ہے، اس میں کوئی تقسیم یا دراڑ نہیں۔

    حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوں اور ذمہ داران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں عزیز آباد سے نکالا گیا لیکن ہم ڈیفنس، کلفٹن یا سوسائٹی کے کسی پوش علاقے میں نہیں گئے، ہم نے ایک متوسط طبقے کے علاقے پیرالٰہی بخش کالونی میں اپنا مرکز قائم کیا ہے۔

    ہمارا منشور پاکستان کی سالمیت اور وحدت پر ہمارا یقین محکم ہے، انہوں نے کہا کہ آپریشن کئے جائیں، ہم نے آپریشن کی حمایت کی ہے اور اس آپریشن میں مجرموں اور دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے لیکن دہشت گردی کے قلع قمع کے ساتھ بنیادی مسائل کو حل کرنا بھی ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جب آپریشن ہوا تو وہاں کے منتخب نمائندوں کو آنر شپ دی گئی، 3سال سے کراچی میں آپریشن ہورہا ہے، کراچی ،حیدرآباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کو کونسا پیکیج دیا گیا، صرف بے اختیار بلدیاتی نظام دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی جانب سے معاشی پیکیج بھی آنا چاہئے تھا۔

    صحافی کی جانب سے اس سوال پر کہ لوگوں کے دلوں سے ایم کیوایم کے بانی کی محبت کو کیسے نکالیں گے اس سوال پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر ہزاروں اور لاکھوں لوگوں نے یہ سوال کردیا تو ہم دیکھیں گے کہ کیا اس کا ریفرنڈم کرانا ہے، ہمارے نزدیک اجتماعیت کی اہمیت ہے۔

    35سال کی محنت کو بچانا ہے، لوگ مایوس نہیں ہیں جبکہ ایم کیو ایم کوئی طشتری میں رکھا کوئی حلوہ نہیں جسے کوئی بھی کھا جائے گا۔

    ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ مسئلہ پاکستان مخالف نعروں کا نہیں بلکہ مسئلہ پاکستان موافق نعرہ لگانے والوں کو قبول کرنے کا ہے، ہمارے دفاتر گرائے جارہے ہیں جوکہ غیر آئینی اور غیر سیاسی عمل ہے۔

    اس طرح سے لوگوں کے دلوں کو نہیں جیتا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ 2013ء میں آئینی طور پر کوٹہ سسٹم ختم ہوگیا لیکن غیر آئینی طور پر اب تک لاگو ہے، اس معاملے پر وزیراعظم اپنا کردار ادا کریں۔

     

  • ایم کیو ایم کا 52 پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کا الزام

    ایم کیو ایم کا 52 پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کا الزام

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب پر تحفظات کا اظہار کردیا اور کہا کہ 52 پولنگ اسٹیشن کے نتائج ہمیں دیے ہی نہیں گئے، ان اسٹیشن میں ہمارے خلاف دھاندلی کی گئی۔

    ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ابھی تک کچھ نتائج فائنل ہی نہیں ہوئے، کچھ رزلٹ فارم 14 میں منتقل نہیں ہوئے، چھ گھنٹوں میں غیر حتمی نتائج کا اعلان کردیا گیا، 82 اسٹیشن میں ہمیں 14 ہزار 500 ووٹ اور مخالف کو 5ہزار ملے اس میں ہماری 9500 ووٹوں سے سبقت ہے جب کہ بقیہ 52 پولنگ اسٹیشنز میں ہمیں صرف 1500 اور پی پی کو 16 ہزار ووٹ مل گئے؟یہ کیسے ممکن ہے؟

    انہوں نے کہا کہ ان 52 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 14 ہمیں نہیں دیے گئے جن میں ہمارے اور مخالف امیدوار کے دستخط ہوتے جسے ہم تسلیم کرتے لیکن اب تک ایسا نہ ہوا۔

    فاروق ستار نے مزید کہاکہ ہم نے فوج اور رینجرز کی نگرانی میں پولنگ کا مطالبہ کیا تھا، ہمیں پانچ ہزار ووٹوں سے ہارا ہوا دکھایا گیا ہے، کچھ معلومات کا انتظارہے،پی ایس 127 کے معاملے پر انتخابی ٹریبونل سے رجوع کریں گے کیوں کہ ہمارے پاس صرف 82 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج ہیں بقیہ 52 کے نہیں۔

    دریں اثنا متعلقہ ریٹرننگ افسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ بلوچ نے 21 ہزار 187 اور متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار وسیم احمد نے 15ہزار 5 سو 53 ووٹ حاصل کیے۔

  • دبنگ خان نے اردو میں سوال کرنے پر صحافی کا تمسخر بنا ڈالا

    دبنگ خان نے اردو میں سوال کرنے پر صحافی کا تمسخر بنا ڈالا

    دبئی: بھارتی اداکار نے سلمان خان نے اپنی نئی آنے والی فلم ’’فریکی علی‘‘ کی پروموشن کے دوران پاکستانی صحافی کا تمسخر بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خان برادرز  بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی اور برطانوی اداکارہ ایمی جیکسن کے ہمراہ دبئی کے نجی ہوٹل اپنی نئی آنے والی فلم کی پروموشن کے لیے آئے اور انہوں نے پریس کانفرنس کی۔

    اس دوران پاکستان سے تعلق رکھنے والی صحافی غلام مصطفیٰ مہرہ نے فریکی علی میں کام کرنے والی برطانوی نژاد اداکارہ سے اردو میں فلم سے متعلق سوال کیا جس پر دبنگ خان نے صحافی کو طنزیہ انداز میں جواب دیا کہ ’’آپ انگریزی میں سوال کریں کیونکہ اداکارہ (ایمی) کو اردو نہیں آتی‘‘۔ سلمان خان کے جواب پر پنڈال میں موجود تمام ہی لوگوں نے اردو میں سوال کرنے کے باعث صحافی کا مذاق بنایا جس پر دبنگ خان اور اُن کے بھائی اسٹیج پر ہنستے نظر آئے۔

    اس تمام تر صورتحال کو دیکھتے ہوئے سلمان خان کے بھائی سہیل خان نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کے سوال کا پورا جواب انگریزی میں دے دیا ہے اور سلمان نے اُس کا اردو ترجمہ بھی کردیا ہے جس پر صحافی نے پنجابی میں گفتگو شروع کردی‘‘۔

    بعد ازاں  پاکستانی صحافی نے دبنگ خان کو  جواب دیا کہ ’’میں انگریزی میں بات نہیں کرسکتا تاہم مجھے انگریزی بہت اچھی طرح سے سمجھ آتی ہے ‘‘۔

    Salman demands Pakistani journalist to ask… by arynews
    اس موقع پر ایک اور صحافی کی جانب سے فلم فریکی علی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار نواز الدین صدیقی سے بھارتی فلم بجرنگی بھائی جان میں نواز الدین کے کرداد کو ادا کرنے کا کہا ’’جس پر انہوں نے وہ کردار ادا کر کے دکھایا اور وہاں موجود لوگوں سے داد بھی وصول کی۔

    Nawazuddin repeats acting of Chand Nawab at… by arynews

    یاد رہے فلم فریکی علی رواں سال 9 ستمبر کو پیش کی جائے گی جس کے پرڈیوسر سہیل خان، نشان پتی ہیں اور سلمان خان کی جانب سے اس کی پیش کش کی جارہی ہے۔فلم میں بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی اہم کردار ادا کررہے ہیں جبکہ اُن کے ساتھ ارباز خان اور برطانوی اداکارہ ایمی جیکسن بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔