Tag: press conference

  • فاروق ستار کا الطاف حسین اور لندن قیادت سے لاتعلقی کا اعلان

    فاروق ستار کا الطاف حسین اور لندن قیادت سے لاتعلقی کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اب ہم کسی کو شک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ہم آج باضابطہ طور پر قائد ایم کیو ایم اور لندن سے لاتعلقی کا اعلان کررہے ہیں۔

    Nine Zero sealed illegally, despite MQM's… by arynews

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز گھانچی ہال پی آئی بی سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے 23 اگست کو ایک لکیر کھینچ دی اور اب ہم  خود مختار ہیں، اب تمام الفاظ اور نیت سب ہمارے ہی ہوں گے کسی کو شک کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

    لاتعلقی کے اعلان کے باوجود ہم پر پابندیاں‌عائد ہیں
    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’’مقتدر حلقوں نے اس بات کا تاثر دیا کہ اصل مسئلہ الطاف حسین کی اشتعال انگیز کی تقاریر ہیں جس پر پوری ایم کیو ایم نے الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان کیا مگر اس کے باوجود ہم پر غیر اعلانیہ سیاسی پابندی تاحال عائد ہیں اور ہمارے دفاتر کو مسمار و سیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ہم نے ریاست کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی مگر اس کے باوجود ہمارے ذمہ داران، کارکنان کے بعد اب خواتین کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کیا جارہا ہے‘‘۔

    ہماری گرفتار خواتین کو رہا کیا جائے

    رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ’’مجھ سمیت ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کو رینجرز نے دورانِ حراست پریس کلب کے باہر اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائی مگر مجھ سمیت کوئی بھی شخص اُن خواتین اور مرد حملہ آوروں کو پہچان نہیں سکا، مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہماری ذمہ دار خواتین کو حراست میں لے لیا جبکہ ہم نےاداروں سے سی سی ٹی وی میں نظر آنے والے تمام افراد کی گرفتار کی یقین دہانی کروائی ہے‘‘۔

    آپریشن کے خاتمے تک 4 تا5 ایم کیو ایم بن جائیں گی

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ’’حکومت اور اداروں کی جانب سے کی گئی کارروائیوں پر کراچی کے عوام کو سخت تشویش ہے، آپ نے مہاجروں کے اتحاد کو توڑنے کے لیے حقیقی اور پی ایس پی بنائی اور اب گرفتار کارکنان کو ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ کا نام لے کر تین ایم کیو ایم بنا دی گئیں ہیں، اگر یہی سلسلہ رہا تو آپریشن کے خاتمے تک شاید چار یا 5 ایم کیو ایم وجود میں آجائیں گی مگر ان سب کے ساتھ مہاجروں کو یہ بھی بتا دیا جائے کہ کیا اُن کے اتحاد کو تعمیر وطن میں شمار کیا جاتا ہے یا پھر ملک دشمن تصور کیا جاتا ہے۔

    سیاسی خیرات نہیں بلکہ سیاسی اونر شپ مانگ رہے ہیں

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’’ہمارے مینڈیٹ کو دل سے تسلیم کریں اور ہم پر عائد غیر اعلانیہ سیاسی پابندی کو ختم کیا جائے، اتنی صفائیاں دینے کے باوجود اداروں اور حکومتوں کی جانب سے یہ عمل اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ یہ آپریشن اور گرفتاریاں مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنانے کے لیے کی جارہی ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ ’’ہم سیاسی رعایت یا خیرات نہیں بلکہ سیاسی اونر شپ مانگ رہے ہیں، جب اعلان لاتعلقی کردیا گیا تو ہمیں بھی سیاسی سرگرمیاں بحال رکھنے کی اجازت دی جانی چاہیے‘‘۔

    دفاتر کو مسمار کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے

    انہوں نے کہا کہ ’’گزشتہ 2 روز میں ہمارے 20 سے زائد دفاتر غیر قانونی قرار دے کر مسمار اور 200 سے زائد دفاتر سیل کیے گئے جبکہ وہ دفاتر ہمیں مختلف اشخاص کی جانب سے عطیے کے طور پر دئیے گئے تھے۔ ہمارے وہ دفاتر مسمار اور سیل کیے جارہے ہیں جن میں متخب نمائندے بیٹھتے تھے اور اُن میں کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ اور لائبریریاں موجود تھیں۔ ہمارے دفاتر 1980 سے موجود تھے اگر وہ غیر قانونی تھے تو مجھ سمیت تمام منتخب میئرز کراچی کو اُن پر کارروائی نہ کرنے پر پکڑیں‘‘۔

    غیرقانونی دفاتر کی فہرست دی جائے، خود گرائیں گے

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’’اگر ہمارے کوئی دفاتر غیر قانونی ہیں تو ان کی فہرست 30 اگست تک ہمارے حوالے کردی جائے، وسیم اختر میئر کراچی کا حلف اٹھاتے ہی سب سے پہلے شہر سے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن کا اعلان کریں گے اور ہم سب سے پہلے اپنے غیر قانونی دفاتر کو مسمار کریں گے‘‘۔

    نائن زیرو سمیت دیگر دفاتر کی سیل ختم کی جائے

    رہنماء ایم کیو ایم پاکستان نے ارباب اختیار، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اپیل کی کہ ’’ہم ملک میں امن کی خاطر ہر سطح تک جانے کے لیے تیار ہیں  اس لیے ہم نے دفاتر مسمار کرنے کی مذمت تک نہیں کی مگر ہمیں ایک موقع دیا جائے اور ہمیں آزمایا جائے، ہمارے غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر سیل کیے گئے نائن زیرو سمیت تمام دفاتر کو کھولا جائے اور خواتین کارکنان کو فی الفور رہا کیا جائے اور ہمیں منفی سوچ کی طرف نہ دھکیلا جائے‘‘۔

    پی ٹی وی او ر پارلیمںٹ پر حملہ ہوا، کون گرفتار ہوا؟خواجہ اظہار

    اس موقع پر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ’’پی ٹی وی اور جیو پر حملے میں ملوث کتنی خواتین کو گرفتار کیا گیا؟ انہوں نے مریم نواز شریف، آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری سے خواتین کارکنان کی گرفتار ی اور انہیں پابند سلاسل کرنے کا نوٹس لینے اور  اُن کی رہائی کے لیے آواز اٹھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں‘‘۔

    نعرے کی بنیاد پر جلد بازی میں فیصلہ نہ کیا جائے

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’اگر غلطی ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم سے ہوئی تو تلافی بھی ہم کریں گے، ہم اداروں اور حکومتوں کو لکھ کر دینے کے لیےتیار ہیں، خدا کے لیے نعرے کی بنیاد پر جلد بازی میں فیصلہ نہ کیا جائے کیونکہ پوری قوم مردہ باد کے نعرے کو مسترد کرچکے ہیں، ہم الٹی میٹم یا موقف نہیں دے رہے مگر اب وضاحتیں دینے کا وقت بھی نہیں ہے‘‘۔

  • اگر احتساب کا عمل روکا گیا تو ملک ٹوٹ جائے گا، فیصل وواڈا

    اگر احتساب کا عمل روکا گیا تو ملک ٹوٹ جائے گا، فیصل وواڈا

    کراچی: تحریک انصاف کے رہنماء فیصل وواڈا نے کہا ہے کہ ملک میں آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری ہے تاہم اب اس آپریشن کی ضرورت اسمبلیوں میں بھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل وواڈا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ’’وفاقی حکومت نے پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کے لیے سانحہ کراچی کروایا تاکہ پاناما لیکس کا معاملہ دبا رہے اور حکمراں اسی طرح ملک کو لوٹتے رہیں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’’ایم کیو ایم کا ڈرامہ رچا کر راتوں رات متحدہ پاکستان بنائی گئی تاہم حکومت کا یہ ڈرامہ بری طرح سے فلاپ ہوگیا، اس ڈرامے میں وفاقی حکومت ، پی پی اور ایک اعلیٰ شخصیت شامل تھی تاکہ متحدہ  اسمبلی سے استعفیٰ نہ دے اور دونوں جماعتیں بحران سے باآسانی باہر آجائیں‘‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان عجیب و غریب ملک ہے جیل سے باہر نکل کر جرائم میں ملوث شخص صدر بن جاتا ہے تو کوئی جلا وطنی کے بعد وزیر اعظم بن جاتا ہے اور کوئی سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے باوجود بھی میئر کراچی بن گیا۔

     پڑھیں:  پاناما لیکس اور مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے سانحہ کراچی کروایا گیا، طاہر القادری

    فیصل وواڈا  نے شریف خاندان کی مزید ایک درجن سے زائد آف شور کمپنیوں کا انکشاف کیا، انہوں نے کہا کہ ’’ہماری پریس کانفرنس پر ادارے حرکت میں نہیں آتے تاہم یہ معلومات میڈیا کے ذریعے عوام کو پہنچاتے رہیں گے۔ حکومت کرپشن کررہی ہے مگر اس کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لا جارہی اگر احتساب کا عمل روکا گیا تو ملک ٹوٹنے کا خطرہ ہے‘‘۔

    تحریک انصاف کے رہنماء کا کہنا تھا کہ ’’حکمرانوں کے احتساب کی بات کی جائے تو شور ہوتا ہے کہ یہ جمہوریت کے خلاف سازش کی جارہی ہے جبکہ موجودہ حکومت فوج کو بدنام کرنے کے لیے خود سیاست میں لے کر آئی۔ ہمارے دھرنے کے دوران آئی ایس پی آر نے خود اس بات کی تصدیق کی کہ ’’حکمرانوں نے آرمی چیف آف اسٹاف کو دھرنے ختم کروانے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر زور دیا‘‘۔

    ایم کیو ایم پر تبصرہ کرتے ہوئے فیصل وواڈا نے کہا کہ ’’ایم کیو ایم پاکستان کچھ بھی نہیں بلکہ محض ایک ڈرامہ ہے، متحدہ کا آئین الطاف حسین نے لکھا ہے اور اُن کے مشورے کے بعد کوئی فیصلہ بھی نہیں کیا جاسکتا‘‘۔

    پریس کلب پر ملک دشمن تقریر کے حوالے سے فیصل وواڈا نے کہا کہ ’’ملک کے خلاف متنازعہ تقریر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے کی گئی تھی اور اس کے ذریعے بھارتی خفیہ را کو بھی خوش کیا لیکن وہ اس تقریر میں تمام حدیں عبور کر گئے‘‘۔

  • فاروق ستار کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے، شیخ رشید احمد

    فاروق ستار کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے، شیخ رشید احمد

    راولپنڈی: عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار بہت سمجھدار آدمی ہیں اب اُن کا اصل امتحان شروع ہوا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، اُن کا کہنا تھا کہ ’’میری خواہش ہے کہ ایم کیو ایم کو کراچی رابطہ کمیٹی چلائے اور لندن کے ایجنٹوں کو کسی صورت اپنے ساتھ نہ رکھے‘‘۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’’ایک کندھا موجود تھا اب اسٹیبلشمنٹ کو دوسرا کاندھا فاروق ستار کی صورت میں بھی مل گیا ہے، اب وقت ہے کہ مہاجروں کو معاشی استحکام دیا جائے اور عوام کو نجات دلائی جائے‘‘۔

    پڑھیں:  ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان

    عوامی مسلم لیگ سے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’’ایم کیو ایم کی قیادت کو ڈاکٹر عشرت العباد اور بابر غوری کو بھی آن بورڈ لینا چاہیے تاکہ مہاجروں کے مسائل کو حل کیا جائے‘‘۔

    مزید پڑھیں: ڈاکٹرفاروق ستارنے صحافیوں کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے

    شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز میڈیا ہاؤسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج کے دور میں سیاسی پارٹیاں میڈیا کے دم سے ہی زندہ ہیں ورنہ تو کسی بھی جماعت کی حرکتیں ایسی نہیں کہ عوام اُن کو سے بات تک کرنا پسند کریں‘‘۔


    I want Farooq Sattar and Karachi RC to run MQM… by arynews

  • پانامہ لیکس: پیپلزپارٹی سولو فلائٹ نہیں کرے گی، یوسف رضا گیلانی

    پانامہ لیکس: پیپلزپارٹی سولو فلائٹ نہیں کرے گی، یوسف رضا گیلانی

    لاہور : سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی سولو فلائٹ نہیں کرے گی، پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ پاناما لیکس سنگین مسئلہ ہے، حکومت کا ساتھ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ، رہنما پیپلز پارٹی مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے.

    اپنے خطاب میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاناما لیکس پر ٹی اوآرز منظور کروانا چاہتے ہیں، احتجاج کی ضرورت ہوئی تو سب کو ساتھ لے چلیں گے۔

    یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کے لئے سفارشات مکمل کرلی گئی ہیں۔ نئے پارٹی عہدیداروں سے بلاول بھٹو زرداری حلف لیں گے۔

    اس موقع پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ تین اگست کو الیکشن کمشن میں وزیر اعظم کے خاندان کی نااہلی کے لئے دلائل دئے جائیں گے۔

    رہنما پیپلز پارٹی مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ریاستی دباؤ کے ذریعے رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی کی بلدیاتی انتخابات میں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کررہی ہے۔

     

  • کراچی کے مینڈیٹ کو برسوں سے بھارت نے یرغمال بنا رکھا ہے، رضا ہارون

    کراچی کے مینڈیٹ کو برسوں سے بھارت نے یرغمال بنا رکھا ہے، رضا ہارون

    پشاور : پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون کا کہنا ہے کہ کراچی کے مینڈیٹ کو برسوں سے بھارت نے یرغمال بنا رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے، ہماری تینوں سرحدوں پر کشیدگی ہے، صوبوں میں مکمل بااختیار حکومتیں ہونی چاہیے، جسکی ہمارا آئین ضمانت دیتا ہے، صوبے وفاق سے حاصل کردہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنا نہیں چاہتے۔

    انھوں نے کہا کہ لڑنے لڑانے والے نہیں ہیں، ملک میں امن چاہتے ہیں، کراچی کے مینڈیٹ کو برسوں سے بھارت نے یرغمال بنا رکھا ہے، قومی پرچم کے سائے تلے پوری قوم متحد ہے، دیگرجماعتوں سےبھی قومی پرچم کی حفاظت میں تعاون کی درخواست ہے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانا چاہیے۔

    رضا ہارون کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے صوبے کا پر وزیراعلیٰ میئر بننا چاہتا ہے، عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے کام نہیں ہوگا تو حکومت بے کار ہے ، تعلیم اور امن و امان کی ذمہ داری مقامی حکومتوں کی ہوتی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو قومی اسمبلی نہیں عوام کے ووٹ سے منتخب ہونا چاہئے ملک کی خارجہ اور داخلہ پالیسی متاثر ہورہی ہے، خارجہ پالیسی عام آدمی کا مسئلہ نہیں۔

  • حکمرانوں کی خواہش ہے کہ انہیں فوج اقتدار سے ہٹائے، شیخ رشید

    حکمرانوں کی خواہش ہے کہ انہیں فوج اقتدار سے ہٹائے، شیخ رشید

    لاہور : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران چاہتے ہیں کہ انہیں فوج اقتدار سے ہٹا دے، جبکہ ترکی میں فوجی بغاوت کو لاہور اور اسلام آباد میں عوامی مزاحمت کا تاثر دیا جارہا ہےیہاں ٹینک سڑکوں پر نہ آئیں اگر ایسا ہوا تو لوگ نکلیں گے لیکن مٹھائی کی دکانوں کی طرف جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید نے کہا کہ اگر پاکستان میں فوج نے اقتدار سنبھالا تو لوگ سڑکوں پر مٹھائیاں تقسیم کرنے کے لیے نکلیں گے، مزاحمت کے لیے نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سے طیب اردگان کا کوئی مقابلہ نہیں، وزیر اعظم نواز شریف کرپشن میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جبکہ ترکی کے صدر نے صحت اور تعلیم کو عام کیا اور آئی ایم ایف کے قرضے واپس کردیئے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی کے باعث چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے کے اغواء کے بعد عدلیہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 19 جولائی کو اپوزیشن کے اجلاس میں وہ اپوزیشن کو اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویز دیں گے۔ پیپلزپارٹی کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی سوچ کے اعتبار سے چار گروپوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد بلاول بھٹو زرداری کو لال حویلی میں مدعو کریں گے۔ شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور کشمیر کمیٹی کو بر ا بھلا کہہ رہے ہیں۔

    شیخ رشید نے تسلیم کیا کہ ان سمیت متعدد اپوزیشن سیاستدانوں کے فوج سے کسی نہ کسی صٓورت تعلقات رہے ہیں۔

     

  • ہر سال 15 جولائی یومِ جمہوریت منایا جائے گا، ترک وزیراعظم

    ہر سال 15 جولائی یومِ جمہوریت منایا جائے گا، ترک وزیراعظم

    استنبول : ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم کا کہنا ہے کہ ہر سال 15جولائی کو یومِ جہموریت بنایا جائے گا، ترک عوام نے جہموریت کا ساتھ دیا ہے۔

    ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ گزشتہ رات کا واقعہ ترکی کیلئے سیاہ دھبہ ہے، واقعے نے ثابت کردیا ہے کہ ترک عوام جہموریت کا دفاع کریں گی۔

    بن علی یلدرم نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ترک عوام نے ٹینکوں کے سامنے کھڑے ہوکر قوم کیلئے قر بانی دی۔

    انکا کہنا تھا کہ چھوٹے سے گروپ نے جہموریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، قوم نے دہشت گردوں کو بہترین جواب دیا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوہزار آٹھ سو سے انتالیس فوجی اہلکاروں نے بغاوت کی کوشش کی، اس کوشش کے دوران ایک سو اکسٹھ افراد شہید ہوئے ، بغاوت کے تمام مرکزی کرداروں کو گرفتارکرلیا گیا، باغیوں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ چلایا جائے گا۔

    ترک وزیر اعظم نے کہا کہ اپنی سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    بن علی یلدرم نے کہا کہ آج شام گرینڈ اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور انھوں نے بغاوت کےخلاف ساتھ دینے پر اپوزیشن کاشکریہ ادا کیا۔

    انھوں نے کہا کہ حمایت کرنے والے تمام دوست مملک کا شکر گراز ہوں، شہری آج شام دوبارہ سٹرکوں پر ترک پرچم لہرائیں۔

  • اسٹیبلشمنٹ کی مدد کا الزام لگانے والے تحقیقات کرلیں، مصطفیٰ کمال

    اسٹیبلشمنٹ کی مدد کا الزام لگانے والے تحقیقات کرلیں، مصطفیٰ کمال

    کوئٹہ : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہم پر اسٹیبلشمنٹ کی مدد حاصل ہونے کا شبہ کرنے والے تحقیقات کرلیں۔

    ایم کیو ایم کے بڑے نام اسٹبلشمنٹ سے ملاقاتیں کرتے ہیں ہم بھی چاہتے تو متحدہ میں رہ کر آلہ کار بن سکتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں دوسرے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ وہ وطن پرستی کے پیغام کو نفرتوں کے خاتمے تک گھر گھر پہنچائیں گے، ہم لوگوں ان کے مسائل کو حل کرنے کااختیار دینا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری آواز پر لوگ جوق در جوق آرہے ہیں، 2018 کے انتخابات میں پاک سرزمین پارٹی ملک کی قوت بن کر ابھرے گی۔

    پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب میں مصطفی کمال کا لہجہ جارحانہ رہا، انہوں نے 12مئی کے واقعہ اورکراچی میں قتل و غارت گری سے متعلق سوالات کا جواب نہیں دیا۔

    پاک سرزمین پارٹی کواسٹیبلشمنٹ کی مدد سے متعلق سوال پر انہوں نے ہر قسم کے تحقیقات کی پیشکش کردی، اس موقع پر مسلم لیگ نواز یوتھ ونگ بلوچستان کے سینئر نائب صدر عبید اللہ اور مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد نے مصطفی کمال کے قافلے میں شمولیت کا اعلان بھی کیا.

     

  • پرویز مشرف نے اپنے دور میں ڈرون حملوں کی اجازت دی، یوسف گیلانی

    پرویز مشرف نے اپنے دور میں ڈرون حملوں کی اجازت دی، یوسف گیلانی

    ملتان : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے دور حکومت میں امریکہ کو ڈرون حملوں کی اجازت دے رکھی تھی اور ہوسکتا ہے کہ امریکہ نے اس ڈرون حملے سے قبل پاکستان حکومت کو آگا کیا ہو۔

    انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے ٹی او آرزپر بات کرنے کیلئے اسپیکر صاحب کل آئے تھے، ان سے کہا ہے کہ میرے لئے بھی ٹی او آرز بنائے جائیں کیونکہ مجھ پر بھی بہت الزام لگائے گئے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے ملتان میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہی ۔ سابق وزیر اعطم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس کم ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف دیا جائے، جب ملک میں امن ہو گا تو سرمایہ کاری بھی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اور ہم دونوں نے ساری زندگی اکھٹے رہنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حالات کا ردعمل پاکستان میں ہوتا ہے، افغانستان میں قیام امن کیلئے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیئے۔اگر وہاں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں اتنی لوڈشیڈنگ پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ ہم نے اپنی حکومت میں کئی میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا، مسلم لیگ ن لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا کہہ کر اقتدار میں آئی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ 90 روز میں بجلی کا بحران ختم کر دیں گے۔

     

  • وزیرداخلہ نے اسلام آباد میں سرکاری قوانین کے تحت لینڈ ایکو زیشن پر پابندی لگا دی

    وزیرداخلہ نے اسلام آباد میں سرکاری قوانین کے تحت لینڈ ایکو زیشن پر پابندی لگا دی

    اسلام آباد: وزیرداخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں ہاؤسنگ سوسائٹیزکے قیام کی غرض سے سرکاری قوانین کے تحت لینڈ ایکو زیشن پر پابندی لگا دی۔

    وزیر داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ایک مخصوص طبقے کے فائد ے کیلئے سرکاری قوانین کا غلط استعمال کرنے اور غریبوں کی زمین سستے داموں ہتھیانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    وزیرِداخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلا م آباد انتظامیہ کسی ایسے عمل کا حصہ نہ بنےانہوں نے بارہ کہو میں ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے لئے سیکشن فور کے تحت حاصل کی گئی زمین کینسل کرنے اور سپیشل سیکریٹری داخلہ کو انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تحا کہ فیڈرل گورنمنٹ کے غریب ملازمین کو اسلام آباد میں زمین فراہم کرنے کی ہر سکیم کی حمایت کروں گا بشرطیکہ اسلام آباد کے دیہی مکینوں سے مارکیٹ ریٹ پر زمین خریدی جائے ، قبضہ گروپ سرکاری ہو ں یا پرائیویٹ انکو میرے دورِوزارتِ میں اسلام آباد میں کسی سے زمین ہتھیانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔