Tag: press conference

  • کنڈیشن کے حساب سے کوچز کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں: رمیز راجہ

    کنڈیشن کے حساب سے کوچز کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں: رمیز راجہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ اسکولنگ کے ساتھ مل کر جلد ہی 100 بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے، کنڈیشن کے حساب سے کوچز کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں تاثر ہے کہ کوچ کارکردگی کا فیصلہ کرتے ہیں، یہ تاثر ٹھیک نہیں، کوشش ہے کہ ماحول اور لیڈر شپ کے ذریعے کچھ کر سکیں۔

    رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ جتنا بھرپور سیزن آنے والا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں آیا، نتائج اچھے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ مزید اچھے نتائج ملیں گے، اسکولنگ کے ساتھ مل کر جلد ہی 100 بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے، ہم نشاندہی کردیں گے کہ یہ ہمارا مستقبل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آل پاکستان ٹیلنٹ ہنٹ بھی چل رہا ہے، تمام چیزیں 15 دن میں سامنے آجائیں گی، اسکول کرکٹ 2 دن ہفتے اتوار کو پورے پاکستان میں ہو رہی ہے۔

    رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا سے مٹی بھی منگوا رہے ہیں اور پچز بھی منگوا رہے ہیں، کوشش ہے کہ 40 ہائبرڈ پچز کلب میں بچھائیں۔ کراچی میں تماشائیوں کی طرف سے ردعمل مایوس کن رہا، پارکنگ اور دیگر مشکلات کی وجہ سے تماشائیوں کی آمد کم رہی۔

    انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں اسپیشلسٹ کی ضرورت ہے، کنڈیشن کے حساب سے کوچز کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں، پاور ہٹنگ کے لیے کوچ کی خدمات لینا چاہتے ہیں، ہمیں یہ تجربہ کرنا چاہیئے۔

  • کراچی: اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کون ملوث ہے؟ تہلکہ خیز انکشاف منظر عام پر

    کراچی: اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کون ملوث ہے؟ تہلکہ خیز انکشاف منظر عام پر

    کراچی: سندھ رینجرز نے شہر میں اغوا برائے تاوان میں ملوث گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے بڑی گرفتاری کی ہیں۔

    کراچی: تفصیلات کے مطابق ونگ کمانڈر رینجرز کرنل سکندر نے پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ شہر میں اغوا برائے تاوان کی بڑی واردات میں ملوث 8 اغواکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ملزمان کی گرفتاری واٹس ایپ کو ٹریس کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے، یہ پہلا موقع ہے جب واٹس ایپ کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    کرنل سکندر نے بتایا کہ گرفتار اغوا کاروں میں مختلف سرکاری محکموں کے اہلکار بھی شامل ہیں، ان میں 2 کسٹم اہلکار، 2پولیس اہلکار ،ایک عدالتی ملازم بھی شامل ہے، ملزمان نے گلشن معمار سے سنار کے بیٹے حمزہ کو اغوا کرنے کے بعد 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا، ملزمان تاوان کے لئے اہل خانہ سے 35 لاکھ روپے وصول کرچکے تھے۔

    ونگ کمانڈر رینجرز کرنل سکندر نے اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان سے 19لاکھ70ہزارکیش برآمد کیا جاچکا جبکہ مغوی کو بھی بحفاظت بازیاب کرایا جاچکا ہے اور مغوی کی موٹر سائیکل اور جس کار میں اغواکیا گیابرآمد کرلی گئی ہے، ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    اس موقع پر ایس ایس پی اے وی ایل سی معروف عثمان نے ملزمان کی گرفتاری سے متعلق مزید بتایا کہ شہری کے اغوا کے بعد رینجرز اور اے وی سی سی نےمشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی، واٹس ایپ کو ٹریس کرکے ملزمان تک پہنچے، ملزمان مغوی کا فون استعمال کرتے رہے اور ملزمان سم نکال کر انٹرنیٹ کےذریعے واٹس ایپ پر رابطہ کرتے رہے۔

    معروف عثمان نےواضح کیا کہ سرکاری ملازم اگر ملزم ہے تو اس کے ساتھ وہی برتاؤ کیا جاتا ہے۔

    ونگ کمانڈر رینجرز کرنل سکندر کا مزید کہنا تھا کہ گینگ کی یہ پہلی واردات نہیں ہے، ملزمان گاڑیوں کی غیر قانونی خرید وفروخت میں بھی ملوث ہیں، ملزمان جنہیں گاڑیاں بیچتے انہی کو پکڑ کرپیسہ لیتے تھے،ملزمان سےمزیدتفتیش کریں گے، جوبھی تفتیش سامنےآئے گی سب کےسامنےرکھیں گے، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کرلیا ہے اور 100فیصد ریکوری بھی ہوچکی ہے۔

  • ورلڈ ٹی 20 میں اچھا پرفارم کریں گے، بابر اعظم

    ورلڈ ٹی 20 میں اچھا پرفارم کریں گے، بابر اعظم

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی 20 میں اچھا پرفارم کریں گے، یو اے ای کا ماحول گرین شرٹس کیلئے موزوں ہے۔

    لاہور میں ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں اچھا پرفارم کریں گے، ہم ہر میچ کے حساب سے اس کی حکمت عملی مرتب کریں گے۔

    کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ میچز میں بھی رضوان کے ساتھ اننگز کا آغاز کروں گا، میچ کی کنڈیشن دیکھ کر بیٹنگ آرڈر میں ردو بدل کا فیصلہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جہاں ضرورت محسوس ہوئی اضافی اسپنرز بھی کھلائیں گے، بھارت کے خلاف میچ میں صرف دباؤ کو اپنے ذہن سے نکالنا ہے۔

    ٹیم پاکستان کے کپتان کا کہنا تھا کہ دورحاضر میں بیشتر ٹیمیں مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرتی ہیں اور ہماری ٹیم کو بھی ضرورت ہے کہ وہ اسی پہلو کا خیال رکھتے ہوئے کھیلے تو اس کیلئے کامیابی کا حصول مشکل نہیں ہوگا۔

  • "بھتیجی نہیں چاہتی کہ چچا کا کوئی راستہ نکلے”

    "بھتیجی نہیں چاہتی کہ چچا کا کوئی راستہ نکلے”

    اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھتیجی نہیں چاہتی کہ چچا کا کوئی راستہ نکلے، یہ لوگ کمپنی کی مشہوری کیلئے قومی اداروں کو نشانہ بناتے ہیں۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاست کو مرتے دیکھ رہا ہوں، سیاسی گند کی زیادہ چھینٹیں ان ہی پر پڑیں گی۔

    شیخ رشید نے ن لیگ پر لفظی گولہ باری کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے بھوکوں کو کچھ نہیں ملےگا۔ یہ پچھتائیں گے۔ اداروں پر جتنی چاہے مرضی تنقید کر لیں، یہی ادارے اس ملک کے ضامن ہیں۔

    ان کلا مزید کہنا تھا کہ ”ن” سے ”ش” ہی نکلے گی ان کا کچھ نہیں بنے گا، نواز شریف کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے، یہ اب صرف سیاسی گند ہیں۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں بہت سی اہم شخصیات آنے والی ہیں، ثابت ہوچکا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ملک ہے، ہماری جانب سے افغانستان کی اخلاقی مدد جاری ہے۔ طالبان کو دنیا مختلف شکل میں دیکھ رہی تھی، اب وہ الگ شکل میں سامنے آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ وزیراعظم دنیا کے ساتھ مل کر کریں گے، مزاحمت کے نہیں، مفاہمت کے داعی ہیں، پاکستان کی سلامتی سب سے پہلے عزیز ہے۔ قدرتی طور پر خطے میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے۔

  • شریف فیملی نے سڑکوں کو کاروبار بنایا: فواد چوہدری

    شریف فیملی نے سڑکوں کو کاروبار بنایا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شریف فیملی نے سڑکوں کو کاروبار بنایا، 65 سال میں ملک کا قرضہ 6 ٹریلین تھا، نواز شریف اور زرداری فیملی نے قرض کو 27 ٹریلین تک پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 65 سال میں ملک کا قرضہ 6 ٹریلین تھا، نواز شریف اور زرداری فیملی نے قرض کو 27 ٹریلین تک پہنچا دیا، اب بھی ایک پہاڑ موجود ہے جو قرض کی صورت واپس کرنا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شریف اور زرداری فیملی نے پیسہ پاکستان سے لیا اور باہر بھیجا، شہباز شریف کیس میں 25 بلین روپے ان کے اکاؤنٹس میں آئے، یہ وہ پیسہ ہے جس کا پتہ چلا ہے، اربوں روپے کا تو پتہ ہی نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قرض واپس کرنے کے لیے قرض لیتے ہیں، قرض لینے سے اشیا کی قیمتیں اوپر جاتی ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موٹر وے کے لیے معاہدہ ہوا اور اس وقت رقم ایون فیلڈ کے لیے باہر گئی، این ایچ اے جو کام 100 روپے میں کر رہا ہے مسلم لیگ ن نے وہ کام 300 میں کروایا۔

    انہوں نے کہا کہ شریف فیملی نے سڑکوں کو کاروبار بنایا، وزیر اعظم اور کابینہ کے اراکین کرپشن میں پڑ جائیں تو قومیں تباہ ہو جاتی ہیں۔

  • مسلمان فٹبالر کا شراب کے خلاف مثالی اقدام

    مسلمان فٹبالر کا شراب کے خلاف مثالی اقدام

    فرانس کے مشہور مسلمان فٹ بالر پال پوگبا نے پریس کانفرنس کے دوران رونالڈو جیسا عمل دہرایا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورو کپ میں فرانس کے جرمنی کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کے لئے آئے پال پوگبا نے ٹیبل پر رکھی شراب کی بوتل کو اٹھا کر دوسری طرف رکھ دیا۔

    دو روز قبل اپنی پریس کانفرنس کے دوران پرتگال کے مایہ ناز اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نے بھی ٹیبل پر رکھی کوکا کولا کی دو بوتلیں اپنے سامنے سے ہٹاکر دوسری جانب رکھ دیں تھی اور کیمرے کے سامنے اپنی پانی کی بوتل لہرائی اور پرتگالی زبان میں ’ایگوا‘ کہا جس کا مطلب ‘پانی’ ہے۔

    گذشتہ ماہ پال پوگبا اور آئیوریئن ونگر عماد ڈیلو نے انگلش پریمیر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے فلہم کے خلاف میچ 1-1 سے برابر ہونے کے بعد اولڈ ٹریفورڈ پچ پر فلسطین کا جھنڈا لہرایا تھا۔
    خیال رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلنے والے پال پوگبا 2019 میں مسلمان ہوئے تھے، اپنے اس فیصلے سے متعلق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ مسلمان ہونے سے مجھے قلبی سکون حاصل ہوا ہے۔

    پال پوگبا کا کہنا تھا کہ دین اسلام میں داخل ہو کر میری زندگی میں مثبت تبدیلی رونما ہوئی ہے، یہ مذہب میرے لیے سب کچھ ہے، اور یہ مجھے موقع دیتا ہے کہ میں ہر چیز پر شکر ادا کر سکوں۔

    فرانسیسی فٹ بالر کا کہنا تھا کہ میں مسلمان گھرانے میں پیدا نہیں ہوا تھا، میری ماں مسلمان تھی،لیکن ہماری تربیت ایسے ہوئی تھی کہ سب کی عزت کرنی ہے۔

     

  • بجٹ میں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں: معاشی ٹیم کی پریس کانفرنس

    بجٹ میں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں: معاشی ٹیم کی پریس کانفرنس

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، ثانیہ نشتر بتایا کہ احساس پروگرام کے لیے بجٹ میں 260 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں بتایا کہ بجٹ میں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، صنعت کا پہیہ چلانے کے لیے بجلی اور گیس درکار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 15 سو ایکڑ پر کراچی میں انڈسٹری زون قائم کر رہے ہیں، ملک میں پائیدار ترقی کے لیے برآمدات بڑھانا لازمی ہیں تاکہ ڈالرز آئیں، اب ہمارا چیلنج ایس ایم ای سیکٹر ہے۔

    خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل گروتھ میں انجینیئرنگ سیکٹر پر توجہ دے رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ آئندہ سالوں میں پاکستان میں کوسٹ آف ڈوئنگ بزنس کم ہوجائے گا، ایکسپورٹ کو مستحکم رکھنا ہے۔ بجٹ میں ٹیکسٹائل برآمدات کا ہدف 20 ارب ڈالر ہے۔ ادویات سازی کی برآمدات بڑھانے پر بھی توجہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے انسداد غربت پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر بتایا کہ احساس پروگرام کے لیے بجٹ میں 260 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ احساس ایمرجنسی کیش کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ جنوری سے احساس کیش کی رقم 12 ہزار سے بڑھا کر 13 ہزار کی جائے گی، ستمبر تک ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے پہنچا دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کا اکاؤنٹ کسی بھی بینک میں کھلوایا جا سکے گا، میرٹ پر 65 ہزار اسکالر شپس دیں گے، پناہ گاہ پروگرام کو توسیع دے رہے ہیں۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈی کا آغاز آئندہ ماہ سے ہو رہا ہے۔

  • چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم  نے بھی مڈل آرڈر میں خامی کا اعتراف کرلیا

    چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم نے بھی مڈل آرڈر میں خامی کا اعتراف کرلیا

    لاہور: چیف سلیکٹر پی سی بی محمد وسیم نے بھی مڈل آرڈر میں خامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لگ رہا ہے کہ مڈل آرڈر پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر پی سی بی محمد وسیم دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کیا۔

    بعد ازاں میڈیا کو بتایا کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے سب کی مشاورت ،کنڈیشنز اور ابوظہبی میں ممکنہ ورلڈکپ کو سامنے رکھتے ہوئے لڑکوں کا انتخاب کیا ہے۔

    چیف سلیکٹر پی سی بی محمد وسیم نے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لئے اعلان کردہ ٹیسٹ ٹیم کو مستحکم قرار دیا اور کہا کہ پلیئنگ الیون میں ابھی نئے لڑکوں کی جگہ نہیں بن رہی، نئے کھلاڑیوں کی نشاندہی کی ہے ان پر ہماری نظرہے، جگہ بننے سے پہلے ہر کھلاڑی ایک دم سے ٹیسٹ ٹیم میں نہیں آسکتا۔محمد وسیم نے کہا کہ  عماد وسیم نے ابوظہبی میں کافی پر فارم کیا ہے، یہ ٹور اس کے لیے بڑا اہم ہے، جب عماد وسیم کو ڈراپ کیا اس وقت حالات کچھ اور تھے اور اب حالات مختلف ہیں ، ورلڈ ٹی ٹونٹی متحدہ عرب امارات ہونے کی صورت میں عماد وسیم وہاں فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں، وہ اس ٹور میں پرفارمنس دے کر اعتماد بحال کرنے کے ساتھ ورلڈکپ کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    چیف سلیکٹر پی سی بی بھی ٹیم کے مڈل آرڈر میں خامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مڈل آرڈر پرابلم ایریا ہے، ہمیں لگ رہا ہے مڈل آرڈر پر کام کرنے کی ضرورت ہے اس کے لئےآصف علی اور دانش عزیز کا تجربہ کرسکتے ہیں۔

    محمد وسیم نے کہا کہ شرجیل خان اور اعظم خان کے انتخاب میں فٹنس میں بہتری کے ساتھ ان کی اسکلز کو بھی مدنظر رکھا ہے، ہمیں دیکھنا ہے کہ ٹیم کی ضرورت کیا ہے، ہمیں فٹنس اور ٹیم کی ضروریات دونوں کو مدنظر رکھنا ہے ۔شرجیل خان کو ٹیم میں لیتے وقت ان کی فٹنس کے ٹارگٹس دیئے تھے ، شرجیل خان اور اعظم خان کی فٹنس میں بہتری آئی ہے اور ان کومستقبل کے لیے بھی اہداف دئیے گئے ہیں۔

     محمد وسیم کا کہنا تھا کہ کسی پر ٹیم کے دروازے بند نہیں کیے، اس وقت ہماری بولنگ بہت اچھی جارہی ہے، کوئی بھی پرفارمنس دے کر سلیکشن کا اہل ثابت کرسکتا ہے ،انہوں نے واضح کیا کہ پی ایس ایل سے پہلے ٹیم کا انتخاب لاجسٹک مسائل کی مجبوری کی وجہ سے کیا، پی ایس ایل پرفارمر پر بالکل نظر ہوگی، ورلڈکپ سے پہلے اگر کمبی نیشن میں بہتری کرنا پڑی تو ان پرفارمر کو یقینی طور پر زیر غور لائیں گے۔

  • طارق روڈ پر بم نصب کرنے والا ملزم کون تھا؟ سنسنی خیز انکشافات

    طارق روڈ پر بم نصب کرنے والا ملزم کون تھا؟ سنسنی خیز انکشافات

    کراچی: گزشتہ روز کراچی کے علاقے طارق روڈ پر بم نصب کرنے والا ملزم سندھو دیش ریولوشنری آرمی کا کارکن نکلا، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی تفتیش میں ملزم نے سنسنی خیز انکشافات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی عمر شاہد اور ایس ایس پی عارف عزیز نے پریس کانفرنس کی۔

    ڈی آئی جی عمر شاہد نے بتایا کہ گزشتہ روز طارق روڈ سے گرفتار دہشت گرد ممتاز سومرو ایس آر اے (سندھو دیش ریولوشنری آرمی) کا رکن اور کمانڈر نکلا، سی ٹی ڈی نے ملزم کو غیر ملکی ریستوران کے باہر سے گرفتار کیا۔

    عمر شاہد کے مطابق ملزم طارق روڈ پر غیر ملکی ریستوران مالک کی گاڑی پر حملہ کرنا چاہتا تھا، ملزم کی نشاندہی پر موٹر سائیکل سے ڈیوائس اور ریموٹ کنٹرول برآمد ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ ملزم کی نشاندہی پر ایس آر اے کا انتہائی اہم دہشت گرد جاوید منگریو گرفتار ہوا، ملزم جاوید منگریو سے دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، جاوید منگریو ایس آر اے کراچی کا کمانڈر ہے۔

    عمر شاہد کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش دہشت گردوں کی جانب سے اہم انکشافات کیے گئے، ملزمان کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ حملے میں بی ایل اے دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کیا گیا، کمانڈر سجاد کے حکم پر 4 کلاشنکوف اور گولیاں فراہم کی گئیں۔ سنہ 2020 میں انسپکٹر عامر ریاض پر حملہ ہوا جس میں وہ شہید ہوئے، 2020 میں ہی جمالی پل کے پاس ہوٹل پر ایک شخص کو قتل کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسٹیل ٹاؤن کے خالی پلاٹ پر موٹر سائیکل میں بارودی مواد لگایا گیا، صدر میں رینجرز موبائل پر حملے کا منصوبہ بھی بنایا گیا تھا، بارودی موٹر سائیکل سے قائد آباد میں رینجرز موبائل پر حملہ ہونا تھا، صدر میں رینجرز موبائل پر حملے کے وقت ریموٹ نے کام نہ کیا۔

    عمر شاہد کے مطابق دہشت گردوں نے جیکب آباد میں 32 دستی بم اور 25 کلو بارودی مواد فراہم کیا، دستی بم، بارودی مواد سندھ میں دہشت گرد کارروائی کے لیے حاصل کیا گیا تھا۔ کمانڈر سجاد شاہ کے کہنے پر 17 دستی بم، 25 کلو بارودی مواد کوٹری سے لایا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ جون 2020 میں گلستان جوہر میں رینجرز موبائل پر دستی بم حملہ کیا گیا، لیاقت آباد میں بھی دستی بم سے رینجرز موبائل پر حملہ کیا گیا، گلستان جوہر میں ریٹائرڈ رینجرز انسپکٹر پر بھی حملہ کیا گیا، کورنگی ناصر جمپ پر اسٹیٹ ایجنسی پر دستی بم حملے میں متعدد زخمی ہوئے۔

    عمر شاہد نے مزید بتایا کہ گلشن اقبال کے قریب جماعت اسلامی کی ریلی پر دستی بم حملہ کیا گیا، شکار پور اور جیکب آباد رینجرز ہیڈ کوارٹر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ گلشن اقبال میں جشن آزادی کے اسٹال پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، علاوہ ازیں مذہبی تنظیم کے لاڑکانہ کے امیر کے بیٹے پر بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا جبکہ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کے ٹرین مارچ پر بھی گرینیڈ حملہ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ جاوید منگریو کے گرفتار ہونے سے نیٹ ورک تقریباً مکمل ہوچکا، ایس آر اے کی تمام سپورٹ افغانستان سے ہو رہی ہے، ایس آر اے کا سرغنہ اصغر شاہ افغانستان میں ہے، اصغر شاہ کا وہاں کی انٹیلی جنس ایجنسی سے رابطہ ہے، ممتاز سومرو خود افغانستان تربیت لینے گیا تھا، ایس آر اے میں اصغر شاہ نے ہم خیال لوگوں کو ملا کر سیل بنایا۔ اینٹی اسٹیٹ دہشت گرد تنظیموں کے آپس میں رابطے ہیں۔

    عمر شاہد کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی وفاق کو لکھے گی کہ وہ افغان حکومت سے یہ معاملہ اٹھائے، ایس آر اے کا پہلا ٹارگٹ قانون نافذ کرنے والے ادارے تھے، اگلے 2 سے 3 دنوں میں مزید گرفتاریاں ہوں گی۔

  • ن لیگ والے ٹھنڈا پانی پیئں اور لمبے لمبے سانس لیں، بلاول بھٹو

    ن لیگ والے ٹھنڈا پانی پیئں اور لمبے لمبے سانس لیں، بلاول بھٹو

    کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ والوں کو کہوں گا کہ ٹھنڈا پانی پیئں اور لمبے لمبے سانس لیں، اپوزیشن لیڈر شپ ہمارا حق ہے کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا اپوزیشن لیڈر کا امیدوار بہت ہی متنازع تھا،میں کیسے اپنے ارکان کو یہ کہتا کہ یوسف رضا گیلانی کو ووٹ نہ دیں۔

    پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے اے این پی اور جماعت اسلامی کا شکریہ بھی ادا کیا انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف ہماری جدوجہد جاری ہے، پولنگ ڈے پر سینیٹ ہاﺅس کو پولیس اسٹیشن میں تبدیل کیا گیا، پارلیمنٹ کی بالادستی پیپلزپارٹی زیادہ کوئی نہیں سمجھ سکتا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب عدالت میرٹ پر مقدمہ سنے گی تو جیت ہماری ہوگی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ میں ن لیگ والوں کو کہوں گاٹھنڈا پانی پیئں لمبے لمبے سانس لیں ،پارلیمان میں حکومت کو شکست دینا پی ڈی ایم کی کامیابی ہے،پارلیمان سے شکست دلوانے والاآپشن درست ثابت ہوا۔

    ان کا کہناتھا کہ پی ڈی ایم کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، اپوزیشن متحد رہے گی تو حکومت کو نقصان پہنچا سکے گی، انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ کا لفظ میں نے دیا جانتا ہوں کس پر استعمال ہو سکتا ہے کس کیلئے نہیں ،میں سمجھتا ہوں اپوزیشن کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ اسٹیٹ بینک سے متعلق آرڈیننس غیرقانونی ہے، یہ آرڈیننس پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے ،ہم چاہتے ہیں اسٹیٹ بینک اپنی مختاری کے ساتھ فیصلے کرے ،ہم اس آرڈیننس کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔