Tag: press conference

  • چند خام مال پر تو ٹیکس چھوٹ دی جا سکتی ہے سب پر نہیں: شبر زیدی

    چند خام مال پر تو ٹیکس چھوٹ دی جا سکتی ہے سب پر نہیں: شبر زیدی

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ چند خام مال پر تو ریلیف دیا جا سکتا ہے سب پر ٹیکس چھوٹ نہیں۔ ہماری انڈسٹری کو فراڈ کے لیے استعمال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کم کرنے کا حل بتا دیں بجٹ سے پہلے مسئلہ حل کردوں گا۔ چند خام مال پر تو ریلیف دیا جا سکتا ہے سب پر ٹیکس چھوٹ نہیں۔

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ہماری انڈسٹری کو فراڈ کے لیے استعمال کیا گیا، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے علاوہ بھی اسمگلنگ ہو رہی ہے۔ غلطیاں ہمارے لوگوں کی بھی ہیں۔ اسمگل اشیا بیچنا بھی شرعی اصولوں کے خلاف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے طویل عرصے کے لیے اصلاحات کرنی ہیں، اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم میں کوئی ابہام نہیں۔ بہتر تجویز دیں گے تو عمل کروں گا۔ صنعت چلانے کے لیے ضروری نہیں کہ درآمد کریں، کیا اسمگل چیزوں کو فروخت کرنا چوری نہیں ہے؟

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کتنی دکانیں اور کمپنیاں ہیں ڈیٹا جلد سامنے لاؤں گا، پنجاب میں 7 لاکھ انڈسٹریل یونٹ ہیں۔ سندھ میں کتنے انڈسٹریل یونٹ ہیں ابھی نہیں معلوم، پاکستان میں انکم ٹیکس گوشوارے 19 لاکھ افراد ہی جمع کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ اپنی تعیناتی کے بعد شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کا کلچر ختم کیا جائے گا، اختیارات کو نچلے افسران تک منتقل کریں گے۔ کسی بھی فرد، کمپنی یا ادارے کا اکاؤنٹ منجمد کرنے سے پہلے چیئرمین کے نوٹس میں لانا لازمی قرار دیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ کسی بھی قسم کا بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے سے کم از کم 24 گھنٹے قبل معاملہ ان کے نوٹس میں لایا جائے گا۔

  • سندھ پولیس افسران کے تبادلوں کا اختیار فرد واحد کے پاس رکھنے کا تاثرغلط ہے، پی پی وزراء

    سندھ پولیس افسران کے تبادلوں کا اختیار فرد واحد کے پاس رکھنے کا تاثرغلط ہے، پی پی وزراء

    کراچی : سندھ کے صوبائی وزراء نے کہا ہے کہ پنجاب، کے پی اور بلوچستان پولیس میں تبادلے سی ایم اور آئی جی کے مشاورت سے ہوتے ہیں سندھ میں ہونے والی قانون سازی کی مخالفت سمجھ سے بالاترہے۔

    ان خیالات کا اظہار صوبائی وزرا اسماعیل راہو، سعید غنی، امتیاز شیخ، مرتضی وہاب نے سندھ اسمبلی کی سیلیکٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    صوبائی وزراء نے سندھ پولیس کے لیے نئی قانون سازی کے معاملے پر حزب اختلاف کی جماعتوں کے بائیکاٹ کو پوائنٹ اسکورنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجلس عمل اور تحریک لبیک نے پولیس ترمیمی بل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    اپوزیشن کی دیگرجماعتوں کے محتاج نہیں ہیں انہیں پولیس ترمیمی بل پر مشاورت کا موقع بھی دیا اوران کی تجاویز بھی شامل کیں، صوبائی وزراء نے سندھ پولیس کے لیے من پسند قانون سازی کے اپوزیشن کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران کے تبادلوں کا اختیار فرد واحد کے پاس رکھنے کا تاثر غلط ہے۔

    ہم تبادلوں سمیت دیگر اختیارات پبلک سیفٹی کمیشن کو منتقل کرنا چاہتے ہیں، سندھ حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیلیکٹ کمیٹی میں اپوزیشن جماعتوں کواعتماد میں لیا ہے اپوزیشن کو تمام اجلاسسز میں اعتماد میں لیا اور تجاویزبھی لیں اب سمجھ میں نہیں آیا کہ اپوزیشن نے سیلیکٹ کمیٹی کا بائیکاٹ کیوں کیا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ایم ایم اے اور ٹی ایل پی نے پولیس ترمیمی بل کی حمایت کا اعلان کیا ہے، بدھ کو فائنل اجلاس کرکے بل اسمبلی کے لیئے تیار کرلیا جائے گا اورسندھ اسمبلی کے آنے والے اجلاس میں بل پیش کردیا جائے گا۔

  • رویت ہلال کا 5 سالہ کیلنڈر 15 ویں روزے سے پہلے تیار ہوجائے گا: فواد چوہدری

    رویت ہلال کا 5 سالہ کیلنڈر 15 ویں روزے سے پہلے تیار ہوجائے گا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کا 5 سالہ کیلنڈر 15 ویں روزے سے پہلے تیار ہوجائے گا، کیلنڈر کو ماننے یا نہ ماننے کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات میں بھی اصلاحات شروع کی تھیں، سرکاری ٹی وی پر اپوزیشن کو یکساں وقت دینے کے احکامات دیے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اشتہارات کے نظام میں شفافیت لانے کی کوشش کی، ایک ارب روپے کی اشتہارات کی بچت کر کے حکومت کو دی۔

    انہوں نے کہا کہ قمری کیلنڈر 15 روز میں تیار کر لیا جائے گا، تمام علما قابل احترام ہیں، کوشش کریں گے سائنس پر انحصار کریں۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ رویت ہلال کا 15 ویں روزے سے پہلے 5 سال کا کیلنڈر تیار ہوجائے گا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ وہ چاند دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں جنہیں سامنے بیٹھا شخص دکھائی نہیں دیتا، کیلنڈر کو ماننے یا نہ ماننے کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔ 100 سال سے پرانی دوربین سے چاند دیکھا جاتا ہے، ماڈرن دوربین سے دیکھنا حرام اور پرانی دوربین سے دیکھنا حلال ہے؟

    انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے پاس 3 یونیورسٹیاں ہیں۔ 9 ویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے جدید لیب بنائی جائیں گی، یونیورسٹیاں سائنس کے طلبہ کے لیے نصاب تشکیل دیں گی۔ سائنس میں دلچسپی رکھنے والی لڑکیوں کے لیے الگ پروگرام چلایا جائے گا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سنہ 2022 میں ہمارا پہلا خلا باز خلا میں جائے گا، خلا میں بھی بھارت کو مات دیں گے۔ اگست کے مہینے کو سائنس و ٹیکنالوجی کے مہینے کے طور پر منائیں گے۔ پاکستان بھر سے جس نے بھی جو چیز ایجاد کی انہیں شوکیس کیا جائے گا۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو سولر انرجی پر منتقل کرنے جا رہے ہیں۔ 30 دیہاتوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کریں گے۔ ہلال اتھارٹی کو فنکشنل کیا جا رہا ہے، لیبارٹریز اپ گریڈ کریں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان جیسامضبوط اعصاب کاانسان نہیں دیکھا، صمصام بخاری

    وزیراعظم عمران خان جیسامضبوط اعصاب کاانسان نہیں دیکھا، صمصام بخاری

    لاہور: وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری کہا کہ وزیراعظم عمران خان جیسا مضبوط اعصاب کاانسان نہیں دیکھا، عمران خان قائداعظم کےبعد واحد شخصیت ہیں، جنہیں اپنی تشہیر سے کوئی غرض نہیں۔

    تفصیلات وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا عمران خان آئے تو ان کیلئے مشکلات کھڑی کر دی گئیں، وزیراعظم عمران خان جیسا مضبوط اعصاب کا انسان نہیں دیکھا۔

    صمصام بخاری کا کہنا تھا عمران خان قائداعظم کےبعد واحد شخصیت ہیں، جنہیں اپنی تشہیرسےکوئی غرض نہیں، مؤقف دے رہاہوں باپ دادا کوگالی دلوانےکامتحمل نہیں ہوسکتا۔

    وزیراطلاعات پنجاب نے کہا اپنی زبان کوقابومیں رکھتاہوں اس لیےکسی کوگالی نہیں دیتا، پی ٹی آئی کامؤقف دیں گے، سب سےزیادہ ضرورت کالےکوٹ کی ہے ، میرے قائد نے ذمہ داری دی ان کاپیغام پہنچاتارہوں گا۔

    عمران خان واحدہیں جنہیں اپنی تشہیرسےکوئی غرض نہیں، میرے قائد نے ذمہ داری دی ان کاپیغام پہنچاتارہوں گا

    ان کا کہنا تھا جواختلاف رائےرکھتےہیں وہ مخالف نہیں ہوتےہیں، ہمیں احتساب سے پیچھے نہیں ہٹناہے، جمہوریت کےنام پراحتساب سے نہ بچیں، جمہوریت شفافیت کانام ہے۔

    صمصام بخاری نے کہا ڈپٹی اسپیکرکےساتھ آج جورویہ اختیارکیاگیاوہ قابل مذمت ہے، میری درخواست ہے یہ اپنےلوگوں کی ٹریننگ کرائیں ، پی ٹی آئی احتساب کاعمل آگے لےکرچلناچاہتی ہے۔

    وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا  نیب جب ہاتھ ڈالتاہےتویہ بولاجاتاہےحکومت کررہی ہے، کرپشن کےخلاف کارروائی کرنےوالوں کوویکم کریں گے، اسمبلی کارروائی میں کڑواہٹ پیداکی جارہی ہےتاکہ توجہ ہٹ جائے۔

    پاکستان تحریک انصاف میں کوئی اختلافات نہیں ہے

    انھوں نے کہا نیب خودمختارادارہ ہے ہم کارروائی کوویلکم کرتےہیں، آج جورویہ اورالفاظ کاچناؤکیاوہ کس کوخوش کرنےکیلئےتھے، جوالفاظ کہےگئےہیں وہ کیاکسی رکن اسمبلی کوزیب دیتےہیں ، ملک احمدکہہ ہی نہیں سکتے کہ ان کےایم پی ایزکارویہ ٹھیک تھا۔

    صمصام بخاری کا کہنا تھا گورنرپنجاب اوروزیراعلیٰ پنجاب کہیں نہیں جارہے، وزیراعظم کےساتھ کابینہ ممبران چین گئےہیں، پاکستان تحریک انصاف میں کوئی اختلافات نہیں ہے۔

  • گورنرپنجاب  کا آئندہ سرور فاؤنڈیشن کیلئے فنڈریزنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان

    گورنرپنجاب کا آئندہ سرور فاؤنڈیشن کیلئے فنڈریزنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نےآئندہ سرور فاؤنڈیشن کیلئے فنڈریزنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا آسانی سےمستعفی نہیں ہوں گا، عمران خان کا وژن پورا کروں گا، میرے کچھ فیصلے مان لیے جاتے تو یقین سے کہتاہوں پنجاب میں دو تہائی اکثریت ہوتی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پر یس کانفرنس کرتے ہوئے کہا لندن میں کامیاب کاروبارکیا، ایساوقت بھی آیاجب میرے پاس دوراستےتھے، ایک راستہ تھاکہ امیرآدمی بنوں دوسراسیاست میں حصہ لوں، لیکن میں نے سیاست کاراستہ چنااورہاؤس آف لارڈکی طرف چل پڑا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا یورپی ممالک میں مسلمانوں کی نمائندگی نہیں تھی،1997میں برطانیہ کی پارلیمنٹ کاپہلامسلمان ممبر ہونے کا اعزاز ہے، برطانیہ کی پارلیمنٹ میں قرآن پاک پرحلف اٹھانےکااعزازحاصل ہے، برطانوی ممبرپارلیمنٹ منتخب ہونےکےبعدمقبوضہ کشمیر اور فلسطین اورعراق جنگ کے خلاف  کیلئے آواز اٹھائی۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا جہاں بھی گیامیرادل پاکستان کےعوام کیساتھ دھڑکتاتھا، کاروباراورسیاست کے بعد میں نے صحت اور تعلیم کے میدان میں قدم رکھا، پاکستان میں غریب لوگوں کےلیےاسپتال اوراسکول بنائے۔

    گورنر بنا اور کہا تھا لوگوں کودینےکیلئےآیاہوں لینےکیلئےنہیں

    ان کا کہنا تھا گورنر بنا اور کہا تھا لوگوں کودینے کیلئے آیا ہوں لینے کیلئے نہیں، اس وقت پینے کے صاف پانی کیلئے مہم شروع کی، میری فاؤنڈیشن 15 لاکھ میں فلٹریشن لگارہی تھی اور اس وقت کی حکومت ڈیڑھ لاکھ میں فلٹریشن پلانٹ لگارہی تھی۔

    گورنر پنجاب نے کہا عوام کیلئے پیسے جمع کرتا تھاتو کسی کو اعتراض نہیں تھا، اب پیسے جمع کرتا ہوں تو تنقید ہوتی ہے، میڈیا کی تنقید کو مثبت لیتا ہوں، انتھک محنت سے جی ایس پی پلس کیلئے کوشش کی، ایجوکیشن کانفرنس کرائی جس میں بڑی شخصیات آئیں۔

    میرےکچھ فیصلےمان لیےجاتےتویقین سےکہتاہوں پنجاب میں بھی اکثریت ہوتی

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا جس مقصدکیلئےپاکستان آیااس میں کامیابی نہ ملی تواستعفیٰ دیا، مستعفی ہونےکےبعدپی ٹی آئی کےتبدیلی کے نعرے کیساتھ چل پڑا۔

    انھوں نے کہا میرےکچھ فیصلے مان لیے جاتے تو یقین سے کہتا ہوں پنجاب میں بھی اکثریت ہوتی، جو لوگ مجھےجانتے ہیں انہیں پتہ ہےکبھی عہدوں کے پیچھے نہیں گیا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا مجھےگورنر بنانا پارٹی کا فیصلہ تھا، میں سینیٹ ممبر تھا اور انجوائے کر رہا تھا، پنجاب آب پاک اتھارٹی بل پر دستخط کر دیئے ہیں ، پینےکاصاف پانی پاکستان میں بہت بڑا مسئلہ ہے, ایک سال ضائع ہوگیا، میرے پاس 4 سال باقی ہیں، ایک سال میں 2 کروڑ لوگوں کو صاف پانی دینا تھا۔

    میراٹاسک ہےآئندہ سال2ملین مذہبی ٹورازم پاکستان لاؤں گا

    چوہدری سرور نے کہا جمہوریت پریقین رکھتاہوں اسی لیےفیصلوں کی قربانی دی، عمران خان ٹورازم پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں، مذہبی ٹورازم کیلئےتمام مذاہب کےلوگوں کوپاکستان لائیں گے ، میراٹاسک ہے آئندہ سال2ملین مذہبی ٹورازم پاکستان لاؤں گا۔

    ان کا کہنا تھا امریکاجانے کے 4 مقصدتھے، مجھے امریکامیں پاکستانی کمیونٹی سے ملنا تھا، پاکستانی کمیونٹی سے مل کرانہیں ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیناہے، پاکستانی کمیونٹی کوموٹیویٹ کرناہےکہ امریکی سیاست میں کام کریں۔

    بھارت کے حوالے سے گورنر پنجاب نے کہا بھارت سفارتی محاذ پر پاکستان پرغالب رہا، پہلی مرتبہ پاکستان نےسفارتی محاذپر بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا، امریکی حکام آج پاکستان کے نکتہ نظر کو سمجھ رہےہیں، عمران خان کی حکمت عملی کی وجہ سے بھارت کوسبقت نہ رہی، امریکا آج سمجھ رہا ہے مودی مقبوضہ کشمیر میں ظلم کررہاہے۔

    عمران خان کی حکمت عملی کی وجہ سے بھارت کوسبقت نہ رہی

    چوہدری سرور کا کہنا تھا امریکی سینیٹراورسیاستدان میری سی وی دیکھ کرملاقات کررہےہیں، امریکی حکام کوآگاہ کرنا تھا پاکستان کیا سوچتا ہے، امریکا میں سکھ برادری سے ملاقات بھی مقصدتھا، سکھ برادری کو بتانا تھا وہ پاکستان آئیں اورمذہبی رسومات پوری کریں۔

    انھوں نے مزید کہا کچھ لوگ پوچھتےہیں ہم نے 8 ماہ میں کیا کیا ہے، ہم نے کرتاپور راہداری کھولی،سکھوں کو ہمیشہ کیلئے اپنا دوست بنایا، پاکستان کے عوام کیلئے صاف پانی کے حصول کیلئے امریکاگیا تھا۔

    پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کوکوئی خطرہ نہیں

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا فنڈریزنگ کرنےپرمجھ پرتنقیدکی گئی، تنقیدکومثبت لیتاہوں اسی لیےاعلان کر رہاہوں، سرور فاؤنڈیشن کی طرح پاکستان کے تمام ادارے عزیز ہیں، اعلان کرتا ہوں جب تک گورنر ہوں سرور فاؤنڈیشن سے تعلق نہیں، سرور فاؤنڈیشن تمام فنڈز آب پاک اتھارٹی کے حوالے کرے گی اور آب پاک اتھارٹی صاف پانی کےمنصوبےکیلئے کام کرے گی۔

    چوہدری سرور نے کہا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کوکوئی خطرہ نہیں، عمران خان جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں، کشیدگی میں بھارت کے لوگ بھی معترف تھے، بھارتی عوام بھی کہتے تھے عمران خان جوکہتاہے کرکے دکھاتاہے۔

    آسانی سےمستعفی نہیں ہوں گا،عمران خان کا وژن پورا کروں گا

    ان کا کہنا تھا کابینہ میں ردوبدل پرکوئی تشویش نہیں ہونی چاہیے، کچھ لوگ سمجھتےہیں میں جذباتی آدمی ہوں، لوگ کہتے ہیں 2 ،4 خلاف آرٹیکل لکھیں تومیں استعفیٰ دے دوں گا، میرے پاس گورنر شپ سمیت 2 بڑے چیلنجز ہیں، آسانی سے مستعفی نہیں ہوں گا،عمران خان کا وژن پورا کروں گا۔

  • پولیو ویکسین سے بچوں کو دور رکھنا دہشت گردی ہے: صوبائی وزیر اطلاعات

    پولیو ویکسین سے بچوں کو دور رکھنا دہشت گردی ہے: صوبائی وزیر اطلاعات

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پولیو ویکسین سے بچوں کو دور رکھنا دہشت گردی ہے، پاکستان سب کا ہے، اس کی ناکامی سب کی ناکامی ہوگی۔ ایک بچہ اگر معذور ہو جائے تو پوری فیملی متاثر ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا ڈرامہ رچانے والے کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم نذر محمد نے کہا کہ اس نے کچھ کیا ہی نہیں۔ سازش کو میڈیا نے ناکام بنایا، گزارش ہے معاملے کو سیاسی ایشو نہ بنایا جائے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ جو اسپتال جلایا گیا اس کی تعمیر کا خرچہ اب کون دے گا؟ یہ ہمارا قومی ایشو ہے، ملک سے پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔ پاکستان سب کا ہے، اس کی ناکامی سب کی ناکامی ہوگی۔ ایک بچہ اگر معذور ہو جائے تو پوری فیملی متاثر ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو ویکسین سے بچوں کو دور رکھنا دہشت گردی ہے، کل کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ حکومت شہریوں کو پولیو ویکسین نہ پلانے کے مضر اثرات کا بتاتی ہے۔ کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کرنا چاہتے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ویکسین نہ پلانے سے بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں، گھر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی کچھ نہیں ہوا۔ پولیو ویکسین سے متعلق صرف خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں انسداد پولیو مہم کے پہلے دن پولیو ویکسین کے ری ایکشن کی شکایت پر چند بچوں کو اسپتال لایا گیا تھا، خبر پھیلنے پر بے شمار خوفزدہ والدین اپنے تندرست بچوں کو بھی اسپتال لے آئے۔

    اس دوران مشتعل مظاہرین نے ڈی ایچ او اسپتال کی دیواریں گرا دی تھیں اور عمارت کو آگ بھی لگا دی تھی۔

    بعد ازاں خیبر پختونخواہ میں پولیو مہم کو ناکام بنانے کے لیے گھڑی گئی سازش اس وقت بے نقاب ہوگئی جب سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے ڈرامہ طشت از بام کر دیا۔

    ویڈیو میں ایک شخص بچوں کو زبردستی اسٹریچر پر لٹا کر بے ہوشی کا ڈرامہ کرواتا دکھائی دیا جبکہ ویڈیو میں بچے تندرست دکھائی دے رہے تھے۔

    بچوں سے بے ہوشی کا ڈرامہ کروانے والے ملزم نذر محمد کو بعد ازاں بڈھ بیر پولیس نے گرفتار کر لیا تھا جبکہ انسداد پولیو مہم کےخلاف احتجاج کرنے والے 12 افراد کے خلاف پرچہ بھی درج کرلیا گیا، علاوہ ازیں سرکاری املاک کا جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔

    وزیر صحت ہشام انعام کا کہنا تھا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت انسداد پولیو مہم کے خلاف آگ بھڑکائی گئی۔ ویکسین سے کسی بچے کی حالت نہیں بگڑی میری اپنی بیٹیوں نے بھی وہی قطرے پیے، مسجدوں سے اعلان کروا کر افراتفری مچائی گئی۔

  • دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی: مشترکہ پریس کانفرنس

    دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی: مشترکہ پریس کانفرنس

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دیرینہ، ثقافتی اور مذہبی ہیں، وزیر اعظم پاکستان اور وفد کی آمد کے مشکور ہیں۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ملاقات میں پاک ایران تعلقات میں مزید وسعت پر تبادلہ خیال ہوا۔ کچھ عرصے سے سرحدوں پر دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے سیکیورٹی تعاون میں اضافہ کیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا، آئل اور گیس سے متعلق پاکستان کی ضروریات پوری کریں گے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

    ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کو بجلی فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے، دونوں ممالک کے درمیان کمرشل سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں۔ بارڈر سیکیورٹی بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ خطے کی صورتحال کے پیش نظر دونوں ممالک میں تعلقات بڑھانا ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان سمیت دیگر علاقائی امور بھی پر تبادلہ خیال کیا گیا، گولان کی پہاڑیوں اور پاسداران انقلاب گارڈز پر پابندی پر بھی گفتگو ہوئی۔ چاہ بہار اور گوادر کو لنک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک امن اور استحکام کا عزم رکھتے ہیں۔ تہران، استنبول اور اسلام آباد ریلوے لائن اور پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان بہترین تعلقات پر بھی گفتگو ہوئی۔

    حسن روحانی نے مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کا عندیہ بھی دیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایران کے دورے کی دعوت پر مشکور ہیں، ایران میں پر تپاک استقبال پر بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایران کا دورہ زمانہ طالب علمی میں کیا تھا، نئے پاکستان میں کمزور طبقے کو اوپر لانا چاہتے ہیں۔ ایران میں برابری کا معاشرہ زیادہ نظر آیا ہے۔ زمانہ طالب علمی میں ایران کے دورے میں امیر غریب کا فرق تھا۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے دونوں ممالک میں دوریاں پیدا ہوئیں، دونوں ممالک کے درمیان ان فاصلوں کو ختم ہونا چاہیئے۔ پاکستانی عوام اور فورسز نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑی۔ نیٹو اور بھرپور فوجی طاقت کے باوجود افغانستان میں امن قائم نہ ہوسکا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی کے خلاف بھی پاکستانی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے، پاکستانی سرزمین سے متعلق فیصلہ مشترکہ اور ہمارے مفاد میں ہے۔ محسوس کیا کہ دہشت گردی کا مسئلہ دونوں ممالک میں فاصلے بڑھا رہا ہے۔ کچھ دن پہلے بلوچستان میں ہمارے اہلکاروں کو شہید کیا گیا۔ پاکستانی اور ایرانی سیکیورٹی چیف آپس میں ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں اعتماد سازی پر بات چیت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرزمین سے ایران کو کوئی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ چاہتے ہیں ایرانی سرزمین سے بھی پاکستان کو نقصان نہ ہو۔ چار دہائیوں سے افغان جنگ نے پاکستان اور ایران کو متاثر کیا۔ ایران کا دورہ کرنے کا مقصد دوریاں اور فاصلے ختم کرنا ہے۔ افغانستان میں امن پاکستان اور ایران کے مفاد میں ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو دہشت گردی سے زیادہ متاثر ہوا، پاکستان نے کسی بھی ملک کے مقابلے میں دہشت گردی کا زیادہ سامنا کیا۔ انصاف کے بغیر کبھی امن قائم نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ غیر قانونی ہے، اسرائیل کا یروشلم کا اعلان عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے زور پر کشمیریوں کو دبایا جا رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر حل ہوگیا تو ہمارا خطہ ترقی کرے گا، فلسطینیوں کے ساتھ مظالم ہو رہے ہیں۔ بھارتی فوج کشمیریوں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر تشدد سے نہیں مذاکرات سے حل ہوگا، اچھے تعلقات اور تجارت بڑھنے سے دونوں ممالک ترقی کریں گے، ایرانی صدر سے تجارت اور دیگر شعبوں کے فروغ پر بات کی گئی۔ ایران سے تجارت محدود ہے جسے بڑھانا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز دو روزہ دورے پر ایران پہنچے تھے۔ وزیر اعظم نے مشہد میں حضرت امام رضا کے مزار پر حاضری دی اور خراسان کے گورنر سے بھی ملاقات کی تھی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

    آج صبح وزیر اعظم عمران خان سعد آباد پیلس پہنچے جہاں ایرانی صدر حسن روحانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، عمران خان کی آمد پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش گیا گیا۔

    صدارتی محل میں وزیر اعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کی ملاقات بھی ہوئی۔

  • خواتین کے نام پر پیسے منگوائے جائیں گے تو پھر سوال تو ہوگا، شہزاد اکبر

    خواتین کے نام پر پیسے منگوائے جائیں گے تو پھر سوال تو ہوگا، شہزاد اکبر

    اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ گھریلو خواتین سب کیلئے قابل احترام ہیں لیکن اگر خواتین کے نام پر پیسے منگوائے جائیں گے تو پھر سوال تو ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں وزیر اطلاعات فواد چودھری کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ نیب ٹیم دوبار حمزہ شہباز کے گھر گئی گرفتاری تو دور کی بات گھر میں داخل بھی نہ ہوسکی، بدعنوانی کی تحقیقات بھی قومی فریضہ ہے۔

    کرپشن کرنے والے عناصرسے قانونی پوچھ گچھ نیب کی ذمہ داری ہے، پاکستان میں معاشی مسائل کی ساری ذمہ داری انہی کرپٹ عناصر پر عائد ہوتی ہے، نیب تحقیقات کرکے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے، حکومت پر جب بھی الزامات لگائے جائیں گے اس پر جواب دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کا مینڈیٹ لے کرآئی ہے اور احتساب ادارے کررہے ہیں، حکومت جو کردار ادا کرسکتی ہے وہ صرف نیب نہیں تمام اداروں کیلئے ہے، قوم چاہتی ہے احتساب کا عمل منطقی انجام تک پہنچے۔

    شریف فیملی کے لوگ نیب تحقیقات میں کسی ایک سوال کا جواب بھی نہیں دے پائے، پراسیکیوٹنگ ایجنسیز سے بھی حکومت تعاون کررہی ہے، حکومت اداروں کی اونرشپ لے گی تو پراسیکیوشن کا عمل بہتر ہوگا۔

    بیرسٹر شہزاد اکبر کا مزید کہنا تھا کہ آج پریس کانفرنس دس روز میں حکومت پرلگائے گئے الزامات کے جواب میں کی، نیب آزاد ادارہ ہے اس کے دفاع کے لئے پریس کانفرنس نہیں کی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اداروں کی اونر شپ کیلئے کابینہ کو بھی حکومتی اقدامات کامشورہ دوں گا، منی لانڈرنگ کے موجودہ قوانین کے اطلاق میں بھی سقم کا سامنا ہے، آج فنانشل مانیٹرنگ یونٹ بہت فعال ہے، ماضی میں منی لانڈرنگ کی نشاندہی کرنے والےاداروں کو کام نہیں کرنے دیا گیا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا وزیر اعظم عمران خان سے سندھ میں مداخلت کا مطالبہ

    ایم کیو ایم پاکستان کا وزیر اعظم عمران خان سے سندھ میں مداخلت کا مطالبہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان سے سندھ میں مداخلت کا مطالبہ کردیا، ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ صوبائی خود مختاری کے نام پر عوام کے وسائل چھین لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ میں چیف سیکریٹری بھی اندرون سندھ کے ہیں، جنہوں نے ملک دو لخت کیا اب وہ سندھ کو بھی تقسیم کر چکے ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ نیشنلائزیشن کے نام پر مہاجروں سے املاک چھینی گئیں، کوٹہ سسٹم نافذ کر کے سندھ کو پہلے ہی دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے رویوں نے سندھ کو تقسیم کیا، سندھ 2 ہیں صرف اعلان ہونا باقی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں ایم کیو ایم اور عوام سے دھوکہ کیا گیا، صوبوں کے وسائل کو فوری طور پر نچلی سطح پر منتقل کیا جائے۔ کراچی بہت تیزی سے پانی اور دیگر مشکلات کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ دیہی اور شہری کی تفریق اب لسانی تفریق میں تبدیل ہوچکی ہے۔

    ایم کیو رہنما کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں اور مہاجروں کو دیوار سے لگایا نہیں گیا چن دیا گیا ہے۔ شہری علاقوں کو جائز حق دینے کے لیے آئینی اقدامات کیے جائیں، دیہی علاقوں میں نوکری دے کر شہری علاقوں میں بھیجا جاتا ہے۔ کراچی میں کمشنر، ڈی سی اور دیگر کا تعلق اندرون سندھ سے ہے۔ کوٹہ سسٹم پر سندھ کے شہری علاقوں میں نفرت پیدا ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی 4 کروڑ سے زیادہ ہے۔ وفاق کی ذمہ داری ہے نا انصافی کے خلاف اقدامات کرے، آرٹیکل 149 آئین کا حصہ ہے اور استعمال کرنے کے لیے ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے عوامی طاقت دکھانے کا اعلان کرتے ہوئے خالد مقبول نے کہا کہ مسائل کے حل اور متعصبانہ پالیسیوں کے خلاف ہیں، ایم کیو ایم 27 اپریل کو باغ جناح میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ طاقت سے ایم کیو ایم پاکستان کو دبانے کی غلط فہمی جلد دور کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کے افسر نوکریاں بچوں میں تقسیم کر رہے ہیں، کراچی اور حیدر آباد کے نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں۔ کراچی میں اندرون سندھ شناختی کارڈ والوں کے ڈومیسائل بنائے جا رہے ہیں۔ پاکستان ہماری پہلی اور آخری چوائس ہے۔

    ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ کراچی بحران کا شکار ہے پانی کے نام پر جھگڑے ہو سکتے ہیں، وزیر اعظم کراچی کے معاملات میں آئینی اختیارات استعمال کریں۔ سندھ کے شہری علاقوں کا مقدمہ لے کر عوام میں جا رہے ہیں۔

  • بلوچستان اہم صوبہ ہے اس لیے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں: وزیر داخلہ بلوچستان

    بلوچستان اہم صوبہ ہے اس لیے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں: وزیر داخلہ بلوچستان

    کوئٹہ: بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو کا کہنا ہے کہ کوئٹہ دھماکے میں مخصوص کمیونٹی کو نشانہ نہیں بنایا گیا، بلوچستان اہم صوبہ ہے اس لیے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔ دشمن نہیں چاہتا بلوچستان میں امن ہو۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ہزار گنجی میں دھماکہ خودکش تھا، دھماکے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے ہیں۔ اسپتالوں کا دورہ کیا ہے اور زخمیوں کی صورتحال دیکھی۔

    انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے لگتا ہے کہ مخصوص کمیونٹی کو نشانہ نہیں بنایا گیا، بلوچستان اہم صوبہ ہے اس لیے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔ مستقبل میں بلوچستان اہم حیثیت اختیار کر چکا ہے، دشمن نہیں چاہتا بلوچستان میں امن ہو۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دشمنوں کو بلوچستان میں ناکام کردیں گے، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ پاکستان خطے کا اہم ملک بننے جا رہا ہے، دشمن کی کوشش ہے پاکستان میں بد امنی کی جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ صورتحال کے پیش نظر ایک خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آج صبح ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔

    ڈی آئی جی کے مطابق دھماکہ خیز مواد آلوؤں میں رکھا گیا تھا، جاں بحق افراد میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہے جبکہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔