Tag: prevent

  • ناشتے میں دلیے کا استعمال شوگر سے بچاﺅ میں معاون ہوسکتا ہے،امریکی تحقیق

    ناشتے میں دلیے کا استعمال شوگر سے بچاﺅ میں معاون ہوسکتا ہے،امریکی تحقیق

    واشنگٹن:امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ناشتے میں دلیے کا استعمال ذیابیطس کے شکار ہونے کا خطرہ کافی حد تک کم کردیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی،تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دلیے میں شامل فائبر ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرے کو کم کردیتا ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دن بھر میں 26 گرام فائبر کا استعمال ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ 18 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

    محققین کا کہنا تھا کہ فائبر ایک ایسا جز ہے جو لوگوں کو صحت مند وزن برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے اور اس طرح ذیابیطس کے شکار ہونے کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے اور اس کے لیے ناشتے میں دلیے کا انتخاب بہترین ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دن بھر میں 10 گرام فائبر کا استعمال بھی ذیابیطس کے خطرے کو 9 فیصد تک کم کردیتا ہے،تحقیق کے نتائج سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ جن افراد کی غذا میں دلیہ شامل ہوتا ہے ان میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

    ریسرچرز کا کہنا تھا کہ ابھی یہ درست طور پر بتانا تو ممکن نہیں کہ اس کی وجہ کیا ہے تاہم ممکنہ طور پر دلیے کے استعمال سے زیادہ دیر تک پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے جس سے جسمانی وزن صحت مند رہتا ہے اور ذیابیطس کا خطرہ خودکار طور پر کم ہوجاتا ہے۔

  • قطری عازمین حج کی رجسٹریشن روکنے کی کوششیں کی جارہی ہے، سعودی وزیر حج

    قطری عازمین حج کی رجسٹریشن روکنے کی کوششیں کی جارہی ہے، سعودی وزیر حج

    ریاض : سعودی عرب اور قطر تنازعہ کا اثرعازمین حج پر بھی پڑنے لگا، سعودی عرب کے وزیر برائے امور حج نے کہا ہے کہ قطری شہریوں کی حج کےلئے رجسٹریشن میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودیہ عرب سمیت 7 عرب ممالک نے قطر پر دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کا الزام لگا کر سفارتی تعلقات منقطع کردئیے تھے جس کے بعد سے دونوں ممالک میں تنازعہ جاری ہے جو حج و عمرہ زائرین پر اثر انداز ہوتا ہے۔

    سعودی وزیر برائے امور حج عمرہ محمد بنتن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قطری عازمین حج کےلئے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے لیکن قطری شہریوں کی حج کےلئے رجسٹریشن میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    عرب نشریاتی ادارے کے مطابق محمد بنتن کا کہنا تھا کہ آنےوالے دنوں میں سعودی وزارتِ حج اپنے حج پروگرامات کی تفصیل بیان کرے گی۔

    سعودی وزارت حج نے اپنے ایک بیان میں مملکت کے اندر موجود قطری شہریوں کے فریضہ حج کی ادائیگی میں حصہ لینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت حج اور دیگر تمام ادارے حج کے موقع پر حجاج کرام کی خدمت کےلئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر عمل درآمد کرینگے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزارت حج کے مطابق اس سے قبل قطری حکومت نے عمرہ رجسٹریشن کے لیے پہلے سے موجود آن لائن رجسٹریشن ویب سائیٹ تک اپنے شہریوں کی رسائی روک دی تھی جس کے نتیجے میں قطری عمرہ زائرین کو رجسٹریشن میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • یمن میں فوجی کارروائیاں ایک اور حزب اللہ کو روکنے کے لیے ہیں، اماراتی سفیر

    یمن میں فوجی کارروائیاں ایک اور حزب اللہ کو روکنے کے لیے ہیں، اماراتی سفیر

    ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کے سفیر سلیمان المزروعی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب اور اتحادیوں کی یمن میں کارروائیاں ایک اور حزب اللہ کو سر اٹھانے سے روکنے کے لیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں موجود متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے میں تعینات امارتی سفیر کا جاری بیان میں کہنا ہے کہ سعودی اتحادی افواج کی یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں ایک اور حزب اللہ کو تیار ہونے سے روکنے کے لیے ہیں۔

    برطانیہ میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر سلیمان المزروعی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی یمن میں مداخلت کا باعث ایران کی جانب سے ایک اور حزب اللہ کو پیدا کرنا ہے جسے یمن میں تیار کیا جارہا ہے۔

    عربی خبر رساں ادارے العربیہ  ڈاٹ نیٹ کے مطابق اماراتی سفیر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ یمن میں برسرپیکار ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی یمنی حزب اللہ ہیں جو ایران کے ہمراہ عرب ریاستوں پر قبضے کی سازش کررہے تھے۔

    اماراتی سفیر نے بیان میں کہا کہ ایران اور حوثیوں کی سازش کو دیکھتے ہوئے عرب اتحاد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی سازشوں کو پسپا کردیا ہے۔

    یو اے ای سفیر سلیمان المزروعی کا کہنا تھا کہ سعودی اتحادی افواج کی جانب سے یمن میں حوثیوں کے خلاف جنگ لڑنے کے ساتھ ساتھ الحدیدہ اور دیگر محاصرہ زدہ علاقوں میں  امدادی آپریشنز  بھی جاری ہیں۔

    المزروعی کا کہنا تھا کہ یمنی حزب اللہ حوثی باغیوں کی جانب سے الحدیدہ بندر گاہ کو تباہ کرنے کے بعد سمندری راستے سے آنے والی ترسیل تاحال بند ہوگئی ہے لیکن فضائی اور زمینی راستے سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ سعودی اتحادی افواج نے حوثی باغیوں کے خلاف زمینی کارروائیوں کا دائرہ بڑھاتے ہوئے فوجی آپریشن میں فضائی اور سمندری افواج کی مدد بھی حاصل کرلی ہے، جس کے بعد فضا اور سمندر سے بھی حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ یمن کی سرکاری فوج اور اس کی حامی عرب اتحادی فوج اس وقت الحدیدہ شہر اور بندرگاہ کے کںٹرول کے حصول کے لیے بھرپور فوجی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔

    خیال رہے کہ یمن جنگ میں گذشتہ تین برسوں کے دوران 10 ہزار سے زائد بے گناہ شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں، جس کے بعد اقوام متحدہ نے یمن کی موجودہ صورتحال کو ’بدترین انسانی تباہی‘ کہا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں