Tag: Price down

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوں گی یا نہیں؟ اہم خبر

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوں گی یا نہیں؟ اہم خبر

    عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں فی بیرل 5 ڈالر کمی ہونے کے پیشِ نظر پاکستان میں یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خبریں زیر گردش تھیں تاہم اب اس کا امکان اب کافی حد تک کم ہوگیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 روز کیلئے قیمتوں میں معمولی کمی یا پھر برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

    دستاویز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں مصنوعات کی قیمتوں کی اوسطاً شرح 90.88 ڈالر فی بیرل ہے،16اکتوبر سے ملکی سطح پر روپے کی قدر مستحکم ہونے کی بجائے کمزور ہوئی۔

    16اکتوبر کو ایکسچینج ریٹ کے تحت روپیہ کی قدر 276 روپے 75 پیسے تھی، 30اکتوبر کو روپے کی قدر 281 روپے سے زائد پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

    ایکسچینج ریٹ اور عالمی مارکیٹ کے باعث قیمتوں میں بڑا ریلیف نہیں بنتا، اوگرا قیمتوں سے متعلق ورکنگ 31 اکتوبر کو حکومت کو بجھوائے گا۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ نگراں وزیراعظم کریں گے، وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت کے بعد کل قیمتوں کا تعین کرے گی۔

    اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ یکم نومبر سے پیٹرول کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 سے 16 روپے کی فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمت بھی یکم نومبر سے کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا جس کے لیے اوگرا نے قیمتوں کا مسودہ تیار کرلیا تھا۔

  • سونے کی قیمت میں ریکارڈ کمی

    سونے کی قیمت میں ریکارڈ کمی

    ریاض: سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی، گزشتہ 9 ماہ کے دوران سونے کی قیمت میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی گولڈ مارکیٹ میں جمعرات کو سونے کے نرخ مزید کم ہوگئے، 21 قیراط 1 گرام سونا 184.30 ریال میں فروخت ہوا۔

    24 قیراط 1 گرام سونا جمعرات کو 210.63 ریال میں دستیاب تھا جبکہ 22 قیراط 1 گرام سونے کی قیمت 193.08 ریال رہی۔

    21 قیراط کی 8 گرام کی گنی 1769.28 ریال میں فروخت ہوتی رہی جبکہ 22 قیراط والی 8 گرام کی گنی کی قیمت 1853.53 ریال تھی، 24 قیراط والے بسکٹ کی قیمت 2022.03 ریال رہی۔

    بدھ 6 جولائی کو سونے کی قیمت گزشتہ 9 ماہ کے دوران ریکارڈ حد تک کم ہوگئی تھی، معاشی ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر بڑھ جانے کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ

    نیویارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، گزشتہ ہفتے قیمت میں اضافے کے بعد آج پھر کمی دیکھی جارہی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی دیکھی جارہی ہے، امریکی خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 8 فیصد کی کمی ہوئی جس کے بعد امریکی خام تیل 25 ڈالر 93 سینٹس فی بیرل کا ہوگیا۔

    اسی طرح برینٹ خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد کی کمی ہوئی جس کے بعد برینٹ خام تیل 30 ڈالر 3 سینٹس کا ہوگیا۔

    گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 6 فیصد کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 26 ڈالر 35 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں 5.32 فیصد اضافہ ہوا تھا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر 39 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    مجموعی طور پر کرونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر خام تیل کی طلب اور اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    چند روز قبل تک خام تیل کی قیمت 29 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، امریکی خام تیل 20 ڈالر پر ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا تھا۔

  • خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ

    خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ

    نیویارک: کرونا وائرس کے پیش نظر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 45 سینٹس فی بیرل کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 45 ڈالر 54 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 29 سینٹس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 41 ڈالر 61 سینٹس ہوگئی۔

    خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ اوپیک ارکان اور روس میں پیداوار میں کمی کا معاہدہ نہ ہونا ہے، کرونا وائرس کے باعث بھی خام تیل کی طلب میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔

    کرونا وائرس کے عالمی حصص بازاروں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، صرف 9 دن میں عالمی حصص بازاروں میں 90 کھرب ڈالر کا سرمایہ ڈوب گیا۔

    انٹرنیشل میڈیا کے مطابق 1 ماہ میں ڈاؤ جونز انڈیکس میں 3 ہزار 305 پوائنٹس کی کمی اور نیسڈیک میں 940 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔

    اسی طرح برطانوی مارکیٹ میں 239 پوائنٹس، فرانسیسی اسٹاک مارکیٹ میں 222 پوائنٹس اور جرمن اسٹاک مارکیٹ میں 402 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔

  • گندم کی قیمتوں میں کمی، آٹا بدستور مہنگا

    گندم کی قیمتوں میں کمی، آٹا بدستور مہنگا

    کراچی: ملک بھر میں گندم کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم آٹے کی قیمت میں تاحال کوئی کمی نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گندم کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، گندم کی 100 کلو گرام کی بوری قیمت میں 500 روپے کی کمی دیکھی گئی۔

    گندم کی 100 کلو گرام کی بوری اوپن مارکیٹ میں 4 ہزار 500 سے 4 ہزار 600 کے درمیان فروخت ہورہی ہے، گندم کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد بھی فلور ملز نے آٹے کے نرخ میں کمی نہیں کی۔

    ریٹیل مارکیٹ میں ڈھائی نمبر آٹا 58 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ فائن آٹے کی ایکس مل قیمت 57 روپے پر برقرار ہے۔ ریٹیل مارکیٹ میں فائن آٹا 62 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

    اسی طرح چکی آٹے کے نرخوں میں بھی کمی نہیں کی گئی، چکی آٹا 64 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

    فلور ملز کو سرکاری گندم کی فراہمی کے بعد بھی آٹے کے نرخ کم نہیں کیے گئے جبکہ سرکاری گندم کا کوٹہ تا حال جاری نہیں کیا گیا۔

    چکی والوں کے لیے 50 ہزار بوری گندم کا کوٹہ مقرر کیا گیا تھا تاہم چکی مالکان کو سرکاری کوٹے کی گندم کے چالان ابھی تک جاری نہیں کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چند دن قبل ملک میں اچانک آٹے کا بحران پیدا ہوگیا تھا، چکی پر فی کلو آٹا 70 روپے فروخت کیا جارہا تھا جبکہ اکثر مقامات پر آٹا نایاب ہوگیا تھا۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی

    کراچی: سعودی آئل فیلڈ پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 64 ڈالر 59 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 64 ڈالر 59 سینٹ فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 58 ڈالر 95 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔

    عالمی منڈی میں خام تیل کی پیداوار میں 6 فیصد تک کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی، حملے کا شکار بننے والے سعودی تیل کی تنصیبات سے خام تیل کی پیداوار 50 فیصد بحال ہوگئی ہے، امکان ہے کہ رواں ماہ میں ہی مکمل بحال ہوجائے گی۔

    ستمبر اور اکتوبر میں سعودی تیل کی اوسط پیداوار 98 لاکھ بیرل یومیہ رہے گی جبکہ نومبر کے اختتام تک اوسط پیداوار ایک کروڑ 20 لاکھ بیرل یومیہ تک ہوجائے گی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل دمام کے قریب سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کی 2 فیکٹریز پر ڈرون حملے کیے گئے تھے، آئل ریفائنریز میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی، حملے کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کر لی تھی۔

    حملے کے بعد سعودی خام تیل کی پیداوار میں 57 لاکھ بیرل کی کمی ہوئی، بین الاقوامی ماہرین کے مطابق یہ تاریخ کی بدترین بندش تھی۔ حملے کے بعد خام تیل کی قیمت میں 15 فیصد اضافہ بھی ہوگیا تھا۔

    خام تیل کی قیمت میں ردو بدل کے باعث ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مندی دیکھی گئی۔ چین، ہانگ کانگ اور تائیوان اسٹاک مارکیٹس منفی زون میں نظر آئیں۔ گزشتہ روز امریکی، برطانوی اور فرانسیسی اسٹاک مارکیٹس کا اختتام بھی مندی میں ہوا۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے تمام درآمدی ممالک متاثر ہوں گے، پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

  • خام تیل کی قیمت میں کمی

    خام تیل کی قیمت میں کمی

    ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ 2 دن میں خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ ایشیائی منڈیوں میں برینٹ خام تیل کی قیمت 2 فیصد کمی کے بعد 57 ڈالر 66 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں 1.4 کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 54 ڈالر 47 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمت میں کمی کا رجحان عالمی معاشی کساد بازاری کے خدشات کے باعث ہے، خام تیل کی طلب میں بھی کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ عالمی سطح پر خام تیل اور خوراک کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق رواں برس جنوبی ایشیا کی معاشی ترقی کی شرح بہتر رہے گی، معاشی شرح نمو سنہ 2019 میں 6.6 جبکہ 2020 میں 6.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، پیٹرول کی نئی قیمت 92.43فی لیٹرمقرر

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، پیٹرول کی نئی قیمت 92.43فی لیٹرمقرر

    اسلام آباد : حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، پیٹرول فی لیٹر2.41پیسے کم کردیا گیا، قمیتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے صارفین کو خوشخبری سنادی، مہنگائی سے بے حال عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، جس کے بعد اب پیٹرول دو روپے41 پیسے کم ہونے کے بعد 92.83 روپے فی لیٹر پر دستیاب ہوگا جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت46پیسے کم ہونے کے بعد 106روپے57پیسے تک پہنچ گئی۔

    اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں6روپے37پیسےکی کمی کی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں46پیسے کی کمی، مٹی کے تیل کی نئی قیمت83روپے50پیسے ہوگئی۔

    وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات سے ہوگا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اوگرا نے پیٹرول کی قیمت دو روپے اور ڈیزل چھ روپے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی تھی، اس کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس سے پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔