Tag: Price Hike

  • انڈے انتہائی مہنگے، سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے

    انڈے انتہائی مہنگے، سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے

    اسلام آباد : ملک بھر میں فارمی انڈوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، فی درجن انڈے اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

    اسلام آباد، فیصل آباد اور پشاور میں قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اس حوالے سے ادارہ بیورو شماریات کے جاری اعداد و شمار کے مطابق انڈوں کی فی درجن قیمت 420 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

    سیالکوٹ میں انڈوں کی فی درجن قیمت 410 روپے تک پہنچ گئی جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالا، لاڑکانہ اور ملتان میں انڈے 400 روپے فی درجن تک فروخت ہو رہے ہیں۔

    ادارہ بیورو شماریات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، بنوں میں بھی فی درجن انڈے 400 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، خضدار، سکھر میں فی درجن انڈے 390 روپے میں دستیاب ہیں۔

    اس کے علاوہ کراچی، بہاولپور اور حیدرآباد میں انڈے فی درجن 380 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں، لاہور میں فی درجن انڈوں کی سرکاری قیمت 364 روپے ہے لیکن دکاندار من مانی قیمت پر فروخت کررہے ہیں۔

  • رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچیں، قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ عام سبزی اور پھل بھی غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے۔

    اس وقت ملک بھر میں پیاز 160 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے، آلو 70 روپے کلو، بینگن 80 روپے کلو، کھیرا 70 روپے کلو اور بھنڈی 260 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

    یہی حال پھلوں کا ہے، رمضان سے قبل 150 سے 200 روپے درجن ملنے والے کیلے اس وقت 400 روپے پر پہنچ گئے ہیں، سیب کی قیمت 430 روپے کلو پر جا پہنچی ہے۔

    رمضان المبارک میں افطار کا اہم جز کھجور بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوچکا ہے، کھجور 580 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رمضان کے ابتدائی ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.80 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 48.35 فیصد تک پہنچ گئی۔

    20 سے 24 مارچ 2023 کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

  • بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبری

    بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبری

    اسلام آباد: بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کے لیے اچھی خبر آگئی، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مؤخر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین کی زیر صدارت ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    چیئرمین نے کہا کہ سی پی پی اے حکام بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات بتائیں، تاہم سی پی پی اے کوئی واضھ جواز نہ دے سکی۔

    نیپرا نے فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کو مؤخر کردیا۔

    اس سے قبل دسمبر میں نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی ایک روپے 40 پیسے مہنگی کی تھی۔

    نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کی 36 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ جاری کیا گا تھا، کے الیکٹرک صارفین سے 9 ماہ میں وصولی کرے گا۔

    نیپرا کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے صارفین پر 18 ارب روپے کا بوجھ منتقل ہوا، ماہانہ 50 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی مہنگی نہیں کی گئی تھی۔

  • سعودی عرب میں مہنگائی کی لہر، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ

    سعودی عرب میں مہنگائی کی لہر، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں مختلف وجوہات کی بنا پر کچھ اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، مرغی کے بعد چاول بھی مہنگے کردیے گئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں چاولوں کے نرخ 10 سے 15 فیصد تک بڑھ گئے۔ ایک ٹن چاول اکتوبر 2019 میں 3 ہزار 372 یا ساڑھے 3 ہزار ریال میں دستیاب تھا، اب اس کی قیمت بڑھ کر 3 ہزار 747 تا 4 ہزار 122 ریال ہوگئی ہے۔

    مارکیٹ ماہرین کے مطابق چاول مہنگے ہونے کی بنیادی وجہ اکتوبر کے مقابلے میں جنوری 2020 کے دوران چاول کی رسد کم ہونا ہے۔ دوسری جانب چاول اضافی مقدار میں خریدنے کا رجحان بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

    چاول برآمد کرنے والی بھارتی کمپنیوں نے بھی فی ٹن 100 تا 150 ڈالر کا اضافہ کر دیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی مارکیٹ میں انڈین چھوٹی الائچی کی قیمت بھی 90 فیصد بڑھ گئی ہے۔ انڈین چھوٹی الائچی 90 ریال فی کلو میں فروخت ہو رہی تھی۔ اب اس کی قیمت 160 ریال ہوگئی ہے اور یہ سعودی مارکیٹ میں بہت کم دستیاب ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں مرغی کمپنیوں نے بھی پیر 20 جنوری سے مرغی کے گوشت کے نرخ 10 سے 12.5 فیصد تک بڑھا دیے ہیں۔

    مرغی کمپنیوں نے یہ اضافہ قومی چارہ فیکٹریوں کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے پر کیا ہے۔ حکومت نے یکم جنوری 2020 سے چارے پر سبسڈی ختم کردی ہے جس کے بعد چارہ تیار کرنے والی فیکٹریوں نے بھی اپنی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

  • سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    ریاض: سعودی عرب میں چارے پر حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی ختم کیے جانے کے بعد مرغی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مرغی کمپنیوں نے مرغی پر 10 سے 12.5 فیصد تک نرخ بڑھا دیے۔ اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔

    مرغی کمپنیوں نے یہ اضافہ قومی چارہ فیکٹریوں کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے پر کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے یکم جنوری 2020 سے چارے پر سبسڈی ختم کردی ہے، چارہ تیار کرنے والی فیکٹریوں نے سبسڈی ختم ہونے پر قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔

    مرغی کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق ایک ٹن چارے کی قیمت میں 200 تا 400 ریال اضافے پر ایک مرغی کی پیداواری لاگت 60 تا 65 ہللہ بڑھے گی۔

    کمپنیوں کے مطابق مرغیوں کے نرخوں پر نظر ثانی مارکیٹ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے جڑی ہوئی ہے۔ چارے کے نرخوں میں غیر متوقع اضافے نے صورتحال بدل دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مرغیوں کے نرخ ایک ریال سے ڈیڑھ ریال تک بڑھیں گے اور یہ اضافہ وزن کے لحاظ سے ہوگا۔ نئے نرخ کچھ اس طرح ہوں گے:

    800 گرام والی مرغی ساڑھے 8 ریال کے بجائے 10 ریال، 900 گرام والی مرغی 10 ریال کے بجائے ساڑھے 11 ریال، 1 کلو والی مرغی ساڑھے 10 ریال کے بجائے 12 ریال، 11 سو گرام والی مرغی ساڑھے 11 ریال کے بجائے 13 ریال اور 12 سو گرام والی مرغی 13 ریال کے بجائے ساڑھے 14 ریال میں دستیاب ہوگی۔

  • جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کریک ڈاؤن

    جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کریک ڈاؤن

    اسلام آباد: ملک کی دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے جان بچانے والی دواؤں کی قیمتوں میں ازخود اضافے کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، عوام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں سو سے دوسو فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں میں ملک کی میڈیسن مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے اس سلسلے میں غیرقانونی طور پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی 31 دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور زائد قیمت وصولی پر 143 ادویات قبضے میں لے لی گئی ہیں۔

    صورتحال پر قابو پانے کے لیے وفاقی وزیرصحت چھٹی کےروزبھی دفترمیں موجود ہیں ، ان کے زیر صدارت ڈریپ کااجلاس ہوا جس میں وزارت صحت،ڈریپ کےمرکزی وصوبائی حکام شریک ہوئے ۔ اجلاس میں ڈریپ حکام کی وزیرصحت کوملک گیرکریک ڈاؤن پربریفنگ بھی دی گئی۔ڈریپ نےوزیرصحت کوکریک ڈاؤن سےمتعلق رپورٹ پیش کردی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل وملٹی نیشنل دواسازکمپنیاں قانون شکنی میں ملوث ہیں،دوامہنگی کرنیوالی بیشترکمپنیوں کاتعلق کراچی، لاہورسےہے،ادویات کی قیمتوں میں40تا225گنااضافہ کیاگیا ہے ، جبکہ شہریوں کا موقف ہے کہ قیمتوں میں 100 سے 200 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ بلڈپریشر،شوگر،امراض قلب کی ادویات کےنرخ بڑھائےگئےقیمتیں بڑھانےکیلئےادویات کےپیکٹوں پراسٹیکرچسپاں کئےجارہےہیں۔ مخصوص کمپنیوں نےاضافی قیمت والی ادویات کابڑاذخیرہ مارکیٹ پہنچادیا ہے۔ ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ قیمتیں چیک کرنےکیلئےادویات مارکیٹوں کامعائنہ جاری ہے۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر صحت عامرکیانی نے ڈریپ کو قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزکرنےکی ہدایت کرتے ہوئے صورتحال کے ذمہ داران سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حکم دیا ہے۔

    دوسری جانب دواؤں کی قیمتوں میں ایک دم ہونے والے اضافے پر میڈیکل ایسوسی ایشن اور ادویات کے تاجروں نے بھی ملک کے کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرےکیے جن میں شہریوں نے بھی شرکت کی ۔ شہریوں اور تاجروں کا کہنا تھا کہ حکومت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے اور ادویات کی قیمتوں میں فی الفور کمی لائے۔

    ڈریپ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ غیر قانونی اضافے پر ادویہ ساز کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے کیے گئے ہیں جب کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت مقدمات کیے جارہے ہیں۔

  • عید قریب آتے ہی سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    عید قریب آتے ہی سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    کراچی – لاہور: عید قرباں کے قریب آتے ہی منافع خوروں نے سبزیوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا۔ شہری سبزیوں کی قیمتیں بڑھنے سے پریشان ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق منافع خور سبزی فروشوں نے حسب معمول عید کے قریب آتے ہی قیمتوں میں دگنا اضافہ کردیا۔

    ٹماٹر، پیاز، لہسن ، ادرک سمیت کئی سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔

    کراچی اور لاہور میں ٹماٹر لگ بھگ سو روپے فی کلو گرام فروخت کیا جارہا ہے۔ پیاز کی قیمت کو بھی پر لگ گئے۔ لہسن، ادرک دیڑھ سو سے ڈھائی سو روپے فی کلو گرام فروخت کیا جارہا ہے جبکہ دھنیہ نایاب ہوگیا ہے۔

    شہریوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ عید قرباں شہریوں کی جیب پر بھاری نہ پڑے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ماہ رمضان: اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ

    ماہ رمضان: اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ

    کراچی: وفاقی بجٹ 18-2017 کی تباہ کاریاں ابھی عوام کو لرزاں کیے ہوئے تھیں کہ رمضان کے آغاز سے صرف ایک روز قبل ملک بھر میں اشیائے خور و نوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان شروع ہونے سے قبل ہی حسب معمول منافع خوروں نے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے مختلف اشیا کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا۔

    صرف 2 دن قبل 40 روپے کلو میں فروخت ہونے والے ٹماٹر 60 روپے فی کلو ہوگئے۔ پیاز کی قیمت 25روپے فی کلو جبکہ ہری پیاز اور مرچ 10روپے فی کلو تک کردی گئیں۔

    لیموں کی فی کلو قیمت 430 روپے اور پالک 30روپے فی کلو ہوگئی۔ چند دن قبل تک 20 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والے آلو کی قیمت بھی 30روپے ہوگئی۔

    منافع خوروں نے پھلوں کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا۔ ملک کے مختلف شہروں میں کیلے 100 روپے فی درجن میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ خربوزے کی قیمت 60 روپے فی کلو ہوگئی۔

    انار کی قیمت 800 روپے فی کلو اور سیب کی 300 روپے فی کلو ہوگئی۔ خوبانی اور آڑو کی قیمت بھی 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

    دوسری جانب مرغی فروشوں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کا فیصلہ کرتے ہوئے 220 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والی چکن 260 روپے کلو میں بیچنا شروع کردی۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے بجٹ اور منافع خوروں نے ماہ صیام سے قبل مہنگائی سے عام آدمی کے لیے زمین تنگ کر دی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔