Tag: price up

  • عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر مکمل ریلیف نہ مل سکا

    عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر مکمل ریلیف نہ مل سکا

    اسلام آباد: عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر مکمل ریلیف نہ مل سکا، پیٹرول کی قیمت کم کر کے ڈیزل کی قیمت بڑھا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ڈیزل پر مکمل ریلیف کے بجائے لیوی کی شرح بڑھا دی، ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی کی شرح بڑھا کر 30 روپے کر دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی کی مد میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، یکم دسمبر کو ڈیزل پر لیوی 25 روپے فی لیٹر تھی۔

    یکم دسمبر سے پہلے ڈیزل پر لیوی 12 روپے 59 پیسہ فی لیٹر تھی، دسمبر 2022 میں وفاق نے ڈیزل پر لیوی میں 17 روپے 41 پیسے کا اضافہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر آئی ایم ایف شرائط کے مطابق 50 روپے لیوی عائد ہے، مٹی کے تیل پر 13.10 روپے اور لائٹ ڈیزل پر 16.29 روپے لیوی عائد ہے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

    ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، بچوں کے دودھ، پتی اور مصالحہ جات کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز نے روز مرہ استعمال کی متعدد اشیا مہنگی کردیں، مختلف برانڈز کی 900 گرام چائے کی قیمت 400 روپے اضافے کے بعد 905 روپے سے بڑھ کر 1305 روپے ہوگئی۔

    ٹی وائٹنر کی قیمتوں میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا گیا، 200 گرام چھوارے کی قیمت میں 40 روپے، بچوں کا 800 گرام دودھ کا پیکٹ 260 روپے اور 1 کلو اچار کا پیکٹ 57 روپے تک مہنگا کردیا گیا۔

    100 گرام سرخ مرچ کی قیمت 84 روپے، 100 گرام گرم مصالحے کی قیمت میں 42 روپے، 50 گرام کے مختلف مصالحہ جات کی قیمت میں 50 روپے اور شہد کی 300 گرام کی بوتل میں 100 روپے اضافہ کردیا گیا۔

    دلیہ، سیریل، نوڈلز، نمکو، کسٹرڈ اور مشروبات سمیت کئی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

  • یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ

    یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ

    اسلام آباد: ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، اس سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا بھی مہنگی کردی گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، یوٹیلٹی اسٹورز پر دالیں 48 روپے تک فی کلو مہنگی کردی گئیں۔

    قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کالے چنے کی فی کلو قیمت میں 48 روپے کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد کالے چنے کی قیمت 172 سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہوگئی۔

    دال مسور کی فی کلو قیمت 270 روپے سے بڑھ کر 310 روپے، سرخ لوبیا کی فی کلو قیمت 235 سے بڑھ کر 270 روپے فی کلو اور ثابت مسور دال کی فی کلو قیمت 275 روپے سے بڑھ کر 310 روپے ہوگئی۔

    دال مونگ کی فی کلو قیمت بھی 30 روپے اضافے کے بعد 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہوگئی۔

  • سری لنکا میں پیٹرول مزید مہنگا

    سری لنکا میں پیٹرول مزید مہنگا

    کولمبو: معاشی طور پر دیوالیہ سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا، ملک میں غذا، ادویات، گھریلو گیس، ایندھن اور درجنوں اشیا کی قلت جاری ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق معاشی بحران سے دو چار سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے، سری لنکن پیٹرولیم اور گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ پیٹرول 22 اور ڈیزل 15 فیصد مہنگا کیا گیا ہے۔

    قیمتوں میں اضافے کے بعد سری لنکا میں ایک لیٹر پیٹرول 470 روپے (پاکستانی 271 روپے کا) ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب سری لنکا میں غذائی بحران شدید تر ہونے کے باعث فوج کاشت کاری مہم میں حصہ لے گی جس کے تحت 1500 ایکڑ بنجر زمین کو غذائی پیداوار بڑھانے کے لیے قابل کاشت بنایا جائے گا۔

    سری لنکن آرمی نے جمعرات کو گرین ایگریکلچر اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے جو ملک کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام پر عمل درآمد کرے گی۔

    یاد رہے کہ سری لنکا میں جاری بدترین معاشی بحران کی وجہ سے غذا، ادویات، گھریلو گیس، ایندھن اور درجنوں اشیا کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

  • ایک ماہ میں تیسری بار بجلی کی قیمت میں اضافہ

    ایک ماہ میں تیسری بار بجلی کی قیمت میں اضافہ

    اسلام آباد: گزشتہ ہفتے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 95 پیسے اضافے کے بعد اس ہفتے پھر بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، وفاقی کابینہ نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت توانائی کی جانب سے بھجوائی گئی تھی۔

    یہ اس ماہ بجلی کی قیمت میں کیا جانے والا تیسرا اضافہ ہے۔

    کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی، نیا سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ یکم اکتوبر سے لاگو ہوگا۔

    یاد رہے کہ بجلی کی قیمت میں صرف چند روز قبل 8 اکتوبر کو ہی اضافہ کیا گیا تھا، 1 روپے 95 پیسے اضافہ نیپرا کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ منظوری اگست کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی تھی۔

  • خام تیل کی قیمت ایک سال کی بلند ترین سطح پر

    خام تیل کی قیمت ایک سال کی بلند ترین سطح پر

    ویانا: بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گزشتہ ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، 3 فیصد اضافے کے بعد تیل کی قیمت 68.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کی جانب سے خام تیل کی پیدوار میں کٹوتی جاری رکھنے کے فیصلے کے بعد عالمی مارکیٹ میں جمعے کو تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اوپیک پلس کی جانب سے اپریل میں تیل کی پیداوار نہ بڑھانے کے فیصلے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گزشتہ ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    برینٹ خام تیل (فیوچر) کی قیمت 2.23 ڈالر فی بیرل یا 3 فیصد اضافے کے بعد 68.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، یہ قیمت اپریل 2019 کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔

    امریکی ویسٹ ٹیکسس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 2 ڈالر فی بیرل یا 3.1 فیصد اضافے کے بعد 65.83 ڈالر ہوگئی۔

    خیال رہے برینٹ اور ویسٹ ٹیکسس کی قیمتوں میں جمعرات کو اس وقت 4 فیصد تک اضافہ ہوا جب اوپیک پلس نے پیداوار میں کٹوتی کے فیصلے کو اپریل تک بڑھانے کا اعلان کیا۔

    امریکی تجزیہ کار گیووانی سٹیوانو کا کہنا تھا کہ اوپیک پلس نے محتاط طرز عمل کا مظاہرہ کیا اور فیصلہ کیا کہ اپریل میں پیداوار میں صرف 1 لاکھ 50 ہزار بیرل کا اضافہ کیا جائے گا۔

    سرمایہ کاروں کو سعودی عرب کی جانب سے رضا کارانہ طور پر پیداوار میں 10 لاکھ بیرل کٹوتی کو اپریل تک بڑھانے کے فیصلے پر حیرت ہوئی کیونکہ گزشتہ 2 مہینوں سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    سعودی عرب کے فیصلے کے بعد گولڈ مین ساش نے برینڈ کروڈ کی دوسرے سہ ماہی کے لیے قیمت کی پیش گوئی 5 ڈالر سے بڑھا کر 7 ڈالر فی بیرل کر دی اور تیسرے سہ ماہی میں 80 ڈالر فی بیرل کی پیش گوئی کر دی۔

    یو بی ایس نے برینٹ کروڈ کی دوسری سہ ماہی کے لیے قیمت کی پیش گوئی 75 ڈالر فی بیرل کر دی۔

  • خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگیا

    خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگیا

    بیجنگ / نیویارک: گزشتہ ہفتے میں خام تیل کی قیمت میں 1.79 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد خام تیل کی قیمت 40.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے میں خام تیل کی قیمت میں 1.79 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد کاروباری ہفتے کے اختتام پر فی بیرل خام تیل کی قیمت 40.28 ڈالر ہوگئی۔

    گزشتہ ہفتے کے دوران خام تیل کی بلند ترین قدر 40.75 جبکہ کم ترین 37.52 ڈالر فی بیرل رہی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران خام تیل کی قدر 3.23 بینڈ میں رہی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تیل کی طلب، رسد سے کم ہوگئی جس کے بعد تیل کی قیمت منفی میں چلی گئی تھی تاہم اس کے بعد تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھا جاتا رہا۔

    گزشتہ ماہ امریکی خام تیل کی قیمت 33 ڈالر 16سینٹس فی بیرل جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 35 ڈالر 8 سینٹس فی بیرل ہوگئی تھی۔

    ایک بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مختلف ممالک نے اپنے تیل کے ذخائر میں اضافہ شروع کردیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق تیل درآمد کرنے والے ایشیائی ممالک بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا فائدہ اٹھا کر اپنے خام تیل کے اسٹاک کو بڑھانے کی کوششیں شروع کردی تھیں۔

  • ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    بیجنگ: ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں 2 فیصد اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 34 ڈالر 16 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں 2 فیصد کا اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت میں 67 سینٹس فی بیرل کا اضافہ ہوگیا۔

    خام تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 34 ڈالر 16 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت میں بھی 1.96 فیصد کا اضافہ دیکھا جارہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں 70 سینٹ اضافے کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 36 ڈالر 45 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    ایک بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مختلف ممالک اپنے تیل کے ذخائر میں اضافہ کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق تیل درآمد کرنے والے ایشیائی ممالک بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا فائدہ اٹھا کر اپنے خام تیل کے اسٹاک کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    نیویارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بدترین کمی کے بعد اب اضافہ دیکھا جارہا ہے، امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر تک ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 26 ڈالر 35 سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں 5.32 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر 39 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمت میں اضافہ قیمتوں پر ممکنہ معاہدے کی امید پر ہوا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس اور سعودی عرب میں قیمتوں پر معاہدہ جلد متوقع ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی منڈی میں اس وقت خام تیل کی قیمت 18 سال کی کم ترین سطح پر ہے، روس اور سعودی عرب نے پیداوار بڑھانے کے ساتھ قیمتوں میں بھی کمی کی ہے۔

    مجموعی طور پر کرونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر خام تیل کی طلب اور اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    چند روز قبل تک خام تیل کی قیمت 29 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، امریکی خام تیل 20 ڈالر پر ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا تھا۔

  • ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    کراچی: سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، دکانداروں کی من مانی قیمتیں مصنوعی مہنگائی کا سبب بن رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بغیر کسی حکومتی اقدام، اعلان یا بجٹ کے غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور سبزیاں اس میں سرفہرست ہیں۔

    سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے عوام کو مشکلات کا شکار کردیا ہے۔ منڈیوں سے شروع ہو کر دکانداروں نے سبزیوں کی قیمتوں میں 50 فیصد تک مصنوعی اضافہ کر رکھا ہے۔

    پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر دکاندار نے اپنے ریٹ لگا رکھے ہیں جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور مقامی انتظامیہ بھی سبزیوں کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آرہی ہیں۔

    دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ منڈی میں سبزیوں کی قیمتیں زیادہ ہونے کے باعث وہ مہنگے داموں فروحت کرنے پر مجبور ہیں۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ جنوری سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، آئی ایم ایف نے مہنگائی 13 فیصد تک بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا اندازہ ہے مہنگائی 11 سے 12 فیصد کے درمیان رہے گی، مہنگائی کی شرح گرنے پر پالیسی ریٹ میں بھی کمی پر غور کیا جائے گا۔