Tag: Price

  • ایلن مسک کا ایک اور ٹویٹ، بٹ کوائن کی قدر و قیمت پھر بڑھ گئی

    ایلن مسک کا ایک اور ٹویٹ، بٹ کوائن کی قدر و قیمت پھر بڑھ گئی

    کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا اور اس کی وجہ ٹیسلا کے بانی ایلن مسک کی ایک اور ٹویٹ ہے، ان کی ٹویٹ نے ایک بار پھر اس کرنسی کی قدر میں اضافہ کردیا۔

    بین الاقومی ویب سائٹ کے مطابق ٹیسلا کے بانی ایلن مسک کی ٹویٹس کے بعد ایک مرتبہ پھر بٹ کوائن کی قیمت میں اضافہ سامنے آیا ہے اور اس کی قیمت دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    ٹیسلا کی جانب سے فروری میں ڈیڑھ ارب ڈالر کے عوض بٹ کوائن کی خریداری اور ادائیگی کے لیے کرپٹو کرنسی کے اعلان کے بعد سے اس حوالے سے کی جانے والی کوئی بھی ٹویٹ بٹ کوائن کی قیمت میں اضافے اور کمی پر اثر انداز ہوتی ہے۔

    گاڑیوں کی خریداری کے لیے بٹ کوائن کے استعمال کے اعلان کے بعد ایلن مسک نے یہ بھی کہا تھا کہ الیکٹرک گاڑیاں بٹ کوائن قبول نہیں کریں گی اور ان کا یہ بیان بھی اس کی قیمت پر اثر انداز ہوا تھا۔

    گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کی گئی ایک ٹویٹ میں ایلن مسک نے کہا کہ جب مائنرز کی جانب سے مستقبل کے مثبت رجحان کی حامل صاف توانائی کے استعمال کی تصدیق ہوگی تو ٹیسلا کمپنی بٹ کوائن ٹرانزیکشنز کو بحال کردے گی۔

    ایلن مسک کے اس بیان کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں 9 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس کی قیمت 39 ہزار 8838 ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی۔

    کرپٹو اینالیٹکس ویب سائٹ کوائن جیکو کے شریک بانی بوبی اونگ نے کہا کہ مارکیٹ کو سافٹ ویئر کمپنی نے بھی سپورٹ کیا اور بٹ کوائن کی حمایت کرنے والے مائیکرو اسٹریٹیجی نے بھی بٹ کوائن خریدنے کے لیے نصف ارب ڈالر جمع کیے۔

    رواں برس بٹ کوائن کی قیمت میں تقریباً 33 فیصد اضافہ ہوا تھا اور 60 ہزار ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد چین کی جانب سے کریک ڈاؤں اور ایلن مسک کے بدلتے بیانات سے اس کی قیمت میں بڑی کمی آئی تھی۔

  • سعودی عرب: سونے کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب: سونے کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سونے کے نرخوں میں اضافہ ہوگیا، منگل کو 1 گرام سونے کی قیمت 182.82 ریال تک جا پہنچی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی گولڈ مارکیٹ میں منگل کو سونے کے نرخ بڑھ گئے، عالمی سطح پر سونے کے نرخوں سے سعودی مارکیٹ بھی متاثر ہوئی ہے۔

    سعودی عرب میں سب سے زیادہ 21 قیراط سونے کی مانگ رہتی ہے، خلیج کے علاقے میں بھی یہی صورتحال ہے۔

    منگل کو 21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 182.82 ریال رہی جبکہ 24 قیراط ایک گرام سونا 208.94 ریال میں دستیاب رہا۔

    18 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 156.71 ریال ریکارڈ کی گئی جبکہ 14 قیراط سونے کی قیمت 121.88 ریال رہی۔

    سعودی مارکیٹ میں ایک اونس سونا 6 ہزار 502.50 ریال میں فروخت ہوتا رہا جبکہ 21 قیراط 8 گرام سونے کا بسکٹ 1 ہزار 462.58 ریال میں فروخت ہوا۔

    عالمی مارکیٹ میں پیر کو سونے کے نرخوں میں اضافہ ہوا تھا۔ اس کی وجہ امریکی قانون کی منظوری کے بعد افراط زر میں اضافے کو بتایا جارہا ہے تاہم امریکی بانڈز کے منافع میں اضافے کا سونے پر اثر امریکی سینٹرل بینک کی وفاقی کونسل کی میٹنگ سے قبل ہی پڑ گیا تھا۔

  • خام تیل کی قیمت ایک سال کی بلند ترین سطح پر

    خام تیل کی قیمت ایک سال کی بلند ترین سطح پر

    ویانا: بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گزشتہ ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، 3 فیصد اضافے کے بعد تیل کی قیمت 68.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کی جانب سے خام تیل کی پیدوار میں کٹوتی جاری رکھنے کے فیصلے کے بعد عالمی مارکیٹ میں جمعے کو تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اوپیک پلس کی جانب سے اپریل میں تیل کی پیداوار نہ بڑھانے کے فیصلے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گزشتہ ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    برینٹ خام تیل (فیوچر) کی قیمت 2.23 ڈالر فی بیرل یا 3 فیصد اضافے کے بعد 68.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، یہ قیمت اپریل 2019 کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔

    امریکی ویسٹ ٹیکسس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 2 ڈالر فی بیرل یا 3.1 فیصد اضافے کے بعد 65.83 ڈالر ہوگئی۔

    خیال رہے برینٹ اور ویسٹ ٹیکسس کی قیمتوں میں جمعرات کو اس وقت 4 فیصد تک اضافہ ہوا جب اوپیک پلس نے پیداوار میں کٹوتی کے فیصلے کو اپریل تک بڑھانے کا اعلان کیا۔

    امریکی تجزیہ کار گیووانی سٹیوانو کا کہنا تھا کہ اوپیک پلس نے محتاط طرز عمل کا مظاہرہ کیا اور فیصلہ کیا کہ اپریل میں پیداوار میں صرف 1 لاکھ 50 ہزار بیرل کا اضافہ کیا جائے گا۔

    سرمایہ کاروں کو سعودی عرب کی جانب سے رضا کارانہ طور پر پیداوار میں 10 لاکھ بیرل کٹوتی کو اپریل تک بڑھانے کے فیصلے پر حیرت ہوئی کیونکہ گزشتہ 2 مہینوں سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    سعودی عرب کے فیصلے کے بعد گولڈ مین ساش نے برینڈ کروڈ کی دوسرے سہ ماہی کے لیے قیمت کی پیش گوئی 5 ڈالر سے بڑھا کر 7 ڈالر فی بیرل کر دی اور تیسرے سہ ماہی میں 80 ڈالر فی بیرل کی پیش گوئی کر دی۔

    یو بی ایس نے برینٹ کروڈ کی دوسری سہ ماہی کے لیے قیمت کی پیش گوئی 75 ڈالر فی بیرل کر دی۔

  • ملک میں کپاس کی قیمت 11 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    ملک میں کپاس کی قیمت 11 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، کاٹن جینرز ایسوسی ایشن پاکستان کا کہنا ہے کہ رواں برس ملک میں روئی کی قیمت 11 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کاٹن جینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین احسان الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں روئی کی قیمت میں 200 روپے فی من اضافہ ہوگیا ہے۔

    احسان الحق کا کہنا ہے کہ روئی کی قیمت 11 سال کی بلند ترین سطح 11 ہزار 500 روپے فی من تک پہنچ گئی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ امریکا میں بھی روئی کی قیمتیں پچھلے 3 سال کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

    احسان الحق کا کہنا تھا کہ سندھ کے ساحلی شہروں میں کپاس کی بوائی شروع ہوگئی ہے، وفاق نے سفید مکھی کے خاتمے کے لیے کسانوں کو 12 سو روپے فی ایکڑ سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کے باعث کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    احسان الحق کے مطابق نہری پانی کی دستیابی کے باعث کپاس کی ریکارڈ کاشت ہونے کا امکان تھا، تاہم ٹڈی دل کے حملے کے باعث رواں سال پاکستان میں روئی کی صرف 1 کروڑ 50 لاکھ بیلز پیدا ہوئیں۔

  • خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ

    خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ

    نیویارک: کرونا وائرس کے پیش نظر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 45 سینٹس فی بیرل کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 45 ڈالر 54 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 29 سینٹس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 41 ڈالر 61 سینٹس ہوگئی۔

    خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ اوپیک ارکان اور روس میں پیداوار میں کمی کا معاہدہ نہ ہونا ہے، کرونا وائرس کے باعث بھی خام تیل کی طلب میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔

    کرونا وائرس کے عالمی حصص بازاروں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، صرف 9 دن میں عالمی حصص بازاروں میں 90 کھرب ڈالر کا سرمایہ ڈوب گیا۔

    انٹرنیشل میڈیا کے مطابق 1 ماہ میں ڈاؤ جونز انڈیکس میں 3 ہزار 305 پوائنٹس کی کمی اور نیسڈیک میں 940 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔

    اسی طرح برطانوی مارکیٹ میں 239 پوائنٹس، فرانسیسی اسٹاک مارکیٹ میں 222 پوائنٹس اور جرمن اسٹاک مارکیٹ میں 402 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔

  • کراچی والوں کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ

    کراچی والوں کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ

    کراچی: کے الیکٹرک نے صارفین کا ٹیرف پورے ملک کے برابر کردیا، بجلی کے نرخوں میں 3 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نےکراچی والوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں 2.15 سے 3.37 روپے تک کا اضافہ کردیا۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر قائد کے مکینوں کو اضافی بل اگلے ماہ سے ادا کرنا ہوں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پیک اور آف پیک آورز کا نظام بھی متعارف کروا دیا گیا ہے، پیک آورز کے نرخ بڑھا دیے گئے ہیں۔ صارفین سے بینک چارجز اور میٹر رینٹ کی مد میں علیحدہ رقم نہیں لی جائے گی۔

    پیک آورز کا نظام 5 کلو واٹ اور اس سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔ 300 سے 700 یونٹ ماہانہ استعمال کے نرخ 17 روپے 33 پیسے مقرر کیے گئے ہیں جبکہ 700 یونٹ سے زائد کے استعمال پر 20.70 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کمرشل صارفین کے نرخ بھی بڑھائے گئے ہیں۔ کے الیکٹرک نے عدالت سے اسٹے آرڈر واپس لیے جانے کے بعد بجلی کے نرخ بڑھائے ہیں۔ کے الیکٹرک نے سنہ 2018 میں نیپرا کے مقرر کردہ نرخ کو چیلنج کیا تھا، 2018 میں دائر درخواست اپریل 2019 میں واپس لے لی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نیپرا نے بجلی 55 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی تھی جس سے صارفین پر 5 ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا، اضافہ اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

  • پیٹرول کے بعد آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ

    پیٹرول کے بعد آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ

    کراچی: پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے اثرات ظاہر ہونے لگے، فلور ملز مالکان نے آٹا بھی مہنگا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا، فلور ملز مالکان نے آٹا مہنگا کردیا۔ ڈھائی نمبر آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 15 روپے مہنگا کر دیا گیا۔

    قیمت میں اضافے کے بعد آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 355 سے بڑھ کر 370 روپے ہوگئی۔ ڈھائی نمبر آٹے کی 50 کلو بوری 75 روپے اضافے سے 1825 کی ہوگئی جبکہ فائن آٹے کا 50 کلو تھیلا بھی 75 روپے اضافے سے 2000 روپے کا ہوگیا۔

    فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گندم مہنگی ہونے سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم 300 روپے اضافے سے 3300 روپے من فروخت کی جارہی ہے۔

    ایسوی ایشن کے مطابق گندم کی قیمت میں کمی ہوئی تو آٹا سستا کردیں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے اضافے کی منظوری دی تھی جس کے بعد پیٹرول فی لیٹر 108 روپے ہوگیا ہے۔

  • خام تیل کی قیمت 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر

    خام تیل کی قیمت 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر

    اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگیا جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 70 ڈالر 62 سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔ خام تیل کی یہ قیمت 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگیا اور برینٹ خام تیل کی قیمت 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئی، قیمت میں اضافے کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 70 ڈالر 62 سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت میں 40 سینٹس کا اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب امریکی خام تیل کی قیمت 63 ڈالر 48 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمت میں اضافے کی وجہ اوپیک کی پیداوار میں کمی کا اعلان ہے، اوپیک نے خام تیل کی پیداوار میں 12 لاکھ بیرل یومیہ کمی کا اعلان کیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل جنوری میں خام تیل کی قیمت بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔

    2 ماہ قبل امریکہ اور چین میں تجارتی جنگ سے متعلق مثبت پیش رفت اور اوپیک ممالک کی جانب سے پیداوار میں کمی کے عندیہ کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 4.3 فیصد اضافے کے ساتھ 53 ڈالر 80 سینٹ فی بیرل ہوگئی تھی۔

    گزشتہ برس اکتوبر میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی اور خام تیل کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل کے قریب جا پہنچی تھی۔

    بعد ازاں ایک ماہ بعد دسمبر میں خام تیل کی قیمت سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی اور عالمی منڈی میں چوبیس گھنٹوں میں خام تیل ساڑھے تین ڈالر فی بیرل سستا ہوگیا تھا۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 60 فیصد اضافہ ہوا: ادارہ شماریات

    پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 60 فیصد اضافہ ہوا: ادارہ شماریات

    اسلام آباد: ،ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی 5 ماہ ( جولائی تا نومبر 2018-19ء) کے دوران پیٹرولئیم مصنوعات کی برآمدات میں 60.84فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی 5 ماہ ( جولائی تا نومبر 2018-19ء) کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات سے21کروڑ 67لاکھ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ کمایا گیا۔

    گزشتہ مالی سال 2017-18ء کے ابتدائی 5 ماہ ( جولائی تا نومبر 2017-18ء) کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات کا حجم 13کروڑ 47لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    اعداد و شمار کے مطابق خام تیل کی برآمدات میں 97.39 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے 5 کروڑ 27 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 10کروڑ 41لاکھ ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 27.80 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے 5 کروڑ 86 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 7کروڑ 50لاکھ ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

  • اوپیک تیل کی منڈی پر اثر انداز ہونے سے باز رہے: امریکی صدر

    اوپیک تیل کی منڈی پر اثر انداز ہونے سے باز رہے: امریکی صدر

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) عالمی تیل کی منڈی پر اثر انداز ہونے سے باز رہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے جاری کردہ بیان میں اوپیک پر شدید تنقید بھی کی ہے، انہوں نے اوپیک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تیل کی منڈی پر اثر انداز ہونے سے باز رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر نے گذشتہ روز سعودی عرب پر دباؤ ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایران کی تیل کی برآمدات میں کمی کو پورا کرنے کے لیے اپنی پیداوار بڑھائے۔

    دوسری جانب سعودی حکومت کہہ چکی ہے کہ ضرورت پڑنے پر تیل کی ترسیل میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، امریکا کی جانب سے ایران پر پابندیوں کے اعلان کے بعد سے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بتدريج اضافہ ہو رہا ہے۔


    ایران نے تیل کے معاملے پر سعودی عرب کو بالواسطہ دھمکی دے دی


    خیال رہے کہ ایران نے امریکی دباؤ اور تیل کے معاملے پر سعودی عرب کو بالواسطہ دھمکی دیتے ہوئے تیل کی عالمی منڈی میں ایران کی جگہ لینے کو دغا بازی قرار دیا ہے۔

    ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنا تیل فروخت کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا، عالمی تیل کی منڈی میں ان کی جگہ نہیں لی جاسکتی۔


    سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے: امریکی صدر


    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے ٹوئٹ کے ذریعے کہا تھا کہ انھوں نے سعودی شاہ سلمان سے کہا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار میں بیس لاکھ بیرل کا اضافہ کریں تاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو قابو کیا جاسکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔