Tag: Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi

  • یوم تکبیرکے دن ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا، وزیراعظم

    یوم تکبیرکے دن ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ یوم تکبیر کے دن ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا، یہ جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کا دن ہے، ہماری قیادت نےدفاع وطن پرسمجھوتا نہیں کیا،5سال میں امن وامان کی بہتری پر فخر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم تکبیر پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یوم تکبیرہماری تاریخ کاسنہرادن ہے، اس دن پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بنا، یوم تکبیرکے دن ہمارا دفاع ناقابل تسخیرہوگیا، یہ جنوبی ایشیامیں طاقت کےتوازن کا دن ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی ایٹمی دھماکوں سے خطے کے امن کو دھچکا لگا، بھارتی ایٹمی دھماکوں سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ گیا، مصلحتوں کوبالائے طاق رکھ کر فیصلہ ضروری تھا۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یوم تکبیردفاع کے لیے یوم تجدید کا دن ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت عالمی دباؤ کوخاطرمیں نہ لائی ، ہماری قیادت نے دفاع وطن پر سمجھوتا نہیں کیا، قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلوں کی تجدید کا دن ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 5سال میں امن وامان کی بہتری پرفخرہے، ہم نےمعاشی شعبےکوترقی کی راہ پرگامزن کیا، ہم نےتعمیروترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔

    خیال رہے کہ قوم بیسواں یوم تکبیر آج روایتی جوش و جذبے سےمنارہی ہے، اٹھا ئیس مئی انیس سو اٹھانوے کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے بھارتی بالادستی کے عزائم خاک میں ملا دیئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے مشروط قرار دے دی

    وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے مشروط قرار دے دی

    کراچی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے مشروط قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی کراچی میں دارالصحت اسپتال کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ کراچی میں امن ہوتا ہے تو پورے ملک میں امن ہوتا ہے۔

    کراچی کی معاشی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی حکومت کراچی جیسے اہم شہر کو نظرانداز نہیں کرسکتی۔ اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بہت سے رفاہی ادارے عوام کی خدمت میں مگن ہیں۔

    انھوں اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاہم عوام کوصحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    وزیر اعظم نے ن لیگ کی حکومت کے حالیہ اور آخری بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں بہت سے شعبوں میں ٹیکس کی چھوٹ دی ہے، بجٹ میں کراچی کے لیے خصوصی پیکج دیا گیا ہے، حکومت نے اپنا کام کر دیا ہے اب عوام نے الیکشن میں فیصلہ کرنا ہے۔

    شہر میں بجلی کا بحران: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کراچی پہنچ گئے

    واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت تیس مئی کو ختم ہورہی ہے جب کہ اس نے گزشتہ روز پورے سال کے لیے بجٹ پیش کردیا ہے، جس پر تمام سیاسی جماعتوں‌ کی طرف سے احتجاج کیا گیا اور سیاسی رہنماؤں نے اسے اگلی حکومت کے حق پر ڈاکا ڈالنا قرار دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے

    وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے

    لندن: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے۔ وہ دولت مشترکہ سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لندن پہنچ گئے۔ برطانوی اعلیٰ حکام اور پاکستانی ہائی کمشنر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

    وزیر اعظم شاہد خاقان دولت مشترکہ سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم برطانوی ملکہ الزبتھ، پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سے ملاقات کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیر اعظم دولت مشترکہ کے ایگزیکٹو اور رپٹریٹ اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔

    خیال رہے کہ دولت مشترکہ سربراہی اجلاس 18 سے 20 اپریل تک لندن میں ہورہا ہے۔ رواں سال دولت مشترکہ سربراہی اجلاس کا موضوع ’مشترکہ مستقبل‘ ہے۔

    اجلاس میں شرکت پاکستان میں دستیاب مواقع اجاگر کرنے میں مدد دے گی جبکہ پاکستان کو بطور ابھرتی منڈی سامنے لانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ سربراہی اجلاس دولت مشترکہ سربراہان کو باہمی تعاون کا موقع فراہم کرے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعظم کی ’پرچی‘ کی ٹیم سے ملاقات

    وزیر اعظم کی ’پرچی‘ کی ٹیم سے ملاقات

    اسلام آباد: اے آر وائی فلمز کے زیر اہتمام بننے والی فلم ’پرچی‘ کی ٹیم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملنے پہنچ گئی اور انہیں فلم کی ٹی شرٹس پیش کیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی فلمز، آئی آر کے فلمز اور عارف لاکھانی فلمز کی مشترکہ پیشکش اور اظفر جعفری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم پرچی کی ٹیم فلم کی تشہیر کے لیے ملک بھر کے دورے کر رہی ہے۔

    اس موقع پر فلم کی ٹیم سے شاہد خاقان عباسی نے بھی وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

    ٹیم نے وزیر اعظم کو فلم کی ٹی شرٹ پیش کی جبکہ وزیر اعظم نے خوشگوار موڈ میں ان کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔

    پرچی کی کہانی بھتہ خوروں کی جانب سے تقسیم کی جانے والی پرچیوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ غنڈہ عناصر کاروباری لوگوں اور تاجروں سے کس طرح رقم طلب کرتے ہیں۔

    فلم کے اداکاروں میں حریم فاروق، علی رحمٰن خان، احمد علی اکبر، عثمان مختار، شفقت چیمہ ہیں جب کہ اس کے مصنف شفقت خان ہیں۔

    فلم 5 جنوری کو پاکستان جبکہ 12 جنوری کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • استنبول: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج ڈی 8 اجلاس میں شرکت کریں گے

    استنبول: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج ڈی 8 اجلاس میں شرکت کریں گے

    استنبول: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج ترک شہر استنبول میں ڈی 8 اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    اقتصادی تعاون کے لیے قائم ڈی 8 کے نویں سالانہ اجلاس میں ترکی، انڈونیشیا، ملائشیا، ایران، نائجیریا، آذربائجان، بنگلہ دیش اور گنی شرکت کر رہا ہے۔

    وزیر اعظم ڈی 8 کے نویں اجلاس کے موقع پر تنظیم کی صدارت ترکی کے حوالے کریں گے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    اجلاس میں ڈی 8 تنظیم کے سیکریٹری جنرل سمٹ رپورٹ پیش کریں گے۔ ڈی ایٹ سمٹ کے موقع پر شاہد خاقان عباسی ترکی کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2012 میں اسلام آباد میں ہونے والی ڈی 8 کانفرنس میں پاکستان کو سربراہ چنا گیا تھا، اس وقت صدارتی نشست پاکستان کے پاس ہے تاہم آج یہ ترکی کے حوالے کردی جائے گی۔

    ڈی 8 مسلم دنیا کی ابھرتی ہوئی 8 معاشی طاقتوں پر مشتمل ایک تنظیم ہے جس کا قیام سنہ 1997 میں عمل میں آیا۔ تنظیم کا مقصد رکن ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

    اس میں بنگلہ دیش، ترکی، مصر، انڈونیشیا، پاکستان، نائجیریا، ایران اور ملائیشیا بطور رکن ممالک شامل ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے: وزیر اعظم

    پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے۔ دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عرب نیوز کے نمائندوں کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امریکا پر انحصار کے دن ختم ہوگئے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پر پابندی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں کمی کے مترادف ہوگی۔ پاکستان نے پہلی بار روسی ٹینک اور ہیلی کاپٹرز فوج میں شامل کیے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف افغانستان کے ساتھ ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑ رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ افغان سرحدی علاقے پر طالبان کا کنٹرول ہے، دہشت گرد سرحد پار سے آ کر پاکستان میں حملے کرتے ہیں۔

    انتخابات کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مدت 4 جون 2018 کو ختم ہو رہی ہے، ٹرم ختم ہونے کے بعد 2 مہینے میں انتخابات ہوں گے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ جو کچھ بھی ہو الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔

    وزیر اعظم نے ملکی معیشت میں خسارے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت میں معمولی سا خسارہ دیکھنے میں آیا ہے جو معاشی عمل کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات جلد حل ہوجائیں گے، تاہم پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کا محتاج نہیں ہے۔

    انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری سے پاکستان چین کے زیر اثر آسکتا ہے۔ ’یہ دو طرفہ تعلق ہے۔ چین کی جانب سے جو بھی سرمایہ کاری کی گئی ہے وہ زیادہ تر قرضوں کی صورت میں، اور کچھ مخصوص شعبوں میں کی گئی ہے۔ ہم اسے کسی قسم کا خطرہ نہیں سمجھتے‘۔

    عرب نیوز کو دیا جانے والا وزیر اعظم کا خصوصی انٹرویو اس لنک پر پڑھا جاسکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔