Tag: Prime Minister

  • نوازشریف کی ذات نون لیگ تک محدود نہیں، زعیم قادری

    نوازشریف کی ذات نون لیگ تک محدود نہیں، زعیم قادری

    لاہور: حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم قادری نے کہا ہے کہ نوازشریف وزارت عظمیٰ کے سرکا تاج ہیں، قوم نواز شریف کوتین بار اقتدار میں لے کرآئی، نوازشریف کی ذات پاکستان مسلم لیگ ن تک محدود نہیں ہے، پاناما کیس کی اہمیت کا فیصلہ تاریخ میں ہوگا۔

    ان خیالات کااظہارانہوں نے لاہورمیں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، زعیم قادری نے کہا کہ نوازشریف کسی وزارت عظمیٰ کے مرہون منت نہیں، نہ ہی نوازشریف کی ذات پاکستان مسلم لیگ ن تک محدود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قوم نے نوازشریف کو تین بار وزیراعظم منتخب کیا اور تینوں مرتبہ عوام کے بھاری مینڈیٹ کومنقطع کردیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد نوازشریف کی لاہور آمد پر نواز شریف کا شانداراستقبال کیا جائے گا، لاہور آمد پر نوازشریف اپنے آنے والے سیاسی سفرکا اعلان کریں گے، نوازشریف قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔

    زعیم قادری نے کہا کہ قوم سےاپیل ہے کہ نوازشریف کی جدوجہد میں ان کاساتھ دیں، نظریاتی کارکنوں سے کہتاہوں نواز شریف کا سفر اقتدار کیلئے نہیں، ن لیگ کی بنیادی حقوق کی جدوجہد جاری رہےگی، ہم نے عدالت کا فیصلہ دل سے قبول کیا اب عوام کا فیصلہ بھی آئے گا۔

  • نواز شریف کی نااہلی کے بعد نیا وزیر اعظم کون ہوگا؟

    نواز شریف کی نااہلی کے بعد نیا وزیر اعظم کون ہوگا؟

    اسلام آباد: پاناما کیس کے تاریخی فیصلے اور وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی کے بعد حکومت ختم اور کابینہ تحلیل ہوچکی ہے۔ اگلے انتخابات سے قبل کے چند ماہ کے لیے نئے وزیر اعظم کا تقرر کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کا فیصلہ آنے سے قبل آج صبح سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مستقبل کے لائحہ عمل کے ساتھ اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ نیا وزیر اعظم کس کو مقرر کیا جائے۔

    اجلاس پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد ایک بار پھر شروع کیا گیا ہے جس میں نئے وزیر اعظم کے لیے مشاورت جاری ہے۔

    !مزید پڑھیں: پکی گوٹ پٹ گئی

    اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر اتحادیوں کو بھی بلا لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی شریک ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ شاہد خاقان عباسی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی وزیر اعظم کے عہدے کے لیے امیدوار ہیں۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کے قریبی ساتھی اور وفاقی وزیر خواجہ آصف امریکا کے دورے پر ہونے کی وجہ سے شریک نہ ہوسکے۔

    پاناما کیس کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم آج ساڑھے 4 بجے پریس کانفرنس کرے گی۔


  • وزیر اعظم کا متحدہ عرب امارات میں ملازمت کا اعترافی بیان جمع

    وزیر اعظم کا متحدہ عرب امارات میں ملازمت کا اعترافی بیان جمع

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے اقامہ لینے کا اقرار کرتے ہوئے اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے دبئی کے اقامے کی وضاحت کردی۔ ان کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروا دیا۔

    جواب میں اعتراف کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کا اقامہ لیا تھا۔ اقامہ سنہ 2013 کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیا تھا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت اقامے اور ملازمت کو پاسپورٹ کی کاپی میں ظاہر کیا تھا۔

    سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب کے مطابق کاغذات نامزدگی میں کوئی خصوصی کالم نہیں تھا اس لیے اسے الگ سے ظاہر نہیں کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جے آئی ٹی کے اس الزام کی تردید کرتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات کی ملازمت چھپائی گئی۔ اقامے کا معاملہ سامنے آنے پر سیاسی مخالفین نے وزیر اعظم نواز شریف پر سخت تنقید کی تھی۔

    جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف چوہدری شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹو نہیں رہے۔ وہ جون 2016 تک شیئر ہولڈر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف 1 سال تک وزیر اعظم ہونے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنی میں ملازم بھی رہے۔

    رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم اگست 2006 سے اپریل 2014 تک کپیٹل ایف زیڈ ای کے چیئرمین رہے اور کمپنی سے 10 ہزار درہم تنخواہ وصول کرتے رہے جبکہ رہائش اور دیگر الاؤنسسز بھی حاصل کیے۔


  • نوازلیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہی ہے، شفقت محمود

    نوازلیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہی ہے، شفقت محمود

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ نواز لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہی ہے، شواہد کی بنیاد پر وزیراعظم نااہل ہونے سے نہیں بچ سکتے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم ایک مارکیٹنگ منیجر تھا جو10ہزار درہم تنخواہ لیتا تھا، آپ ٹیکس ریٹرن دیکھیں تو ان کی کمپنیاں کوئی پیسہ نہیں کما رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہوناچاہئیے کسی کو جمہوریت کی فکرنہیں ہونی چاہئیے، مریم کےسپریم کورٹ آنے پرچند سو لوگ آئے تھے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لیگی وزراء عدالتوں اور جےآئی ٹی ممبران کوڈرانا دھمکانا چھوڑدیں، ہم سپریم کورٹ، جےآئی ٹی ممبران اور میڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں، پاناما کیس پر عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد پارٹی کا لائحہ عمل طے کرینگے۔

    شفقت محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں ایک امیدبن کرآئی ہے، جوق درجوق لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، بدتمیزی کے معاملے پرظفرحجازی کا بیٹا اب تک گرفتار ہوجانا چاہئیے تھا، افسوس ہے انہوں نے خاتون صحافی سے بدتمیزی کی۔

  • پاکستان افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا: وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس

    پاکستان افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا: وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت سیکیورٹی امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت سیکیورٹی امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سربراہ پاک فضائیہ سہیل امان، سربراہ بحری افواج ایڈمرل ذکا اللہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس، وفاقی وزرا اسحٰق ڈار، چوہدری نثار، خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ شریک ہوئے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور کسی ملک نے پاکستان کی طرح سلامتی و عالمی تحفظ کے لیے کردار ادا نہیں کیا۔

    اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کے تحفظ پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا گیا۔

    اس موقع پر شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقائی امن و ترقی مقبوضہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل سے منسلک ہے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور ترقی کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔


  • وزیر اعظم سے پاک فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات

    وزیر اعظم سے پاک فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم محمد نواز شریف سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل سہیل امان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔

    وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر اعظم اور فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی ترقیاتی حکمت عملی سے متعلق امور پر بات چیت کی۔

    ایئر چیف نے وزیر اعظم کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تربیتی امور سے متعلق بریفنگ دی۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے اہداف سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔


  • ای کامرس ملکی معیشت کے لیے اہم ترین ہے: وزیر اعظم

    ای کامرس ملکی معیشت کے لیے اہم ترین ہے: وزیر اعظم

    بیجنگ: وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف چین کے سرکاری دورے کے بعد ہانگ کانگ کے لیے روانہ ہوگئے۔ ہانگ کانگ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ای کامرس کو ملکی معیشت کے لیے اہم ترین قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کا چین کا 3 روزہ سرکاری دورہ مکمل ہوگیا۔ دورے کے آخری روز انہوں نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سیکریٹری چی جن نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اورچین گہرے دوست ہیں اور عوام کی خوشحالی کے لیے ساتھ کھڑے ہیں۔

    ملاقات میں کمیونسٹ پارٹی کے سیکریٹری چی جن کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری کے باعث دونوں ممالک کے قریبی تعلقات عوامی سطح پر روابط میں تبدیل ہوگئے۔

    انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ سنکیانگ صوبے کے پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات ہیں۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نواز شریف ہانگ کانگ کے لیے روانہ ہوگئے۔

    وزیر اعظم کی ہانگ کانگ میں مصروفیات

    وزیر اعظم اپنے ہانگ کانگ کے 3 روزہ سرکاری دورے کے دوران ہانگ کانگ کی بزنس کمیونٹی سے خطاب کریں گے اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔

    وہ ہانگ کانگ میں قیام کے دوران ایک خطہ ایک سڑک پاکستان سرمایہ کاری فورم سے بھی خطاب کریں گے جس میں ہانگ کانگ اور مے لینڈ چائنہ کی ممتاز کاروباری کمپنیاں شرکت کریں گی۔

    ہانگ کانگ میں پاکستان کے قونصل خانے کے مطابق فورم میں چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پیدا ہونے والے مواقعوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم ہانگ کانگ میں اپنے قیام کے دوران ہانگ کانگ کی منتخب چیف ایگزیکٹو مسز کیری سے بھی ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اگلے سال تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوجائے گی: وزیر اعظم

    اگلے سال تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوجائے گی: وزیر اعظم

    مظفر آباد: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اگلے سال کے اوائل تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوگی۔ 70 سال میں اتنی بجلی سسٹم میں شامل نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مظفر آباد آزاد کشمیر میں نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ کے دورے اور سرنگوں کی تکمیل سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ پہاڑوں کے نیچے سرنگیں بنانا ایک عجوبہ ہے۔ نیلم جہلم منصوبہ تعطل کا شکار تھا۔ لگتا تھا 20 سال میں بھی مکمل نہیں ہوگا۔

    وزیر اعظم نے مخالفین کو سخت سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی بے پناہ قلت تھی۔ آپ جانتے ہیں کہ قوم کواس عذاب میں کس نے مبتلا کیا۔

    مخالفین پر وار

    انہوں نے کہا کہ یہ لوگ روز ٹی وی پر آتے اور گالیاں دیتے ہیں۔ قوم کو عذاب میں مبتلا کرنے والے احتجاج کی بات کر رہے ہیں۔ روز گالیاں دینا اور الزام تراشی کرنا ان کا شیوہ بن چکا ہے۔

    نواز شریف نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ایجنڈا اور منشور ہی گالیاں دینا اور الزام تراشی ہے۔ ’اگر آپ بد زبانی پر مجبور ہیں تو اپنا شوق پورا کرتے رہیں، مگر منصوبوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مخالفین نے گندی زبان استعمال کی، لیکن ہم نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ہم اپنے کام میں مصروف رہے۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے برس کے اوائل تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوگی۔ ان کے مطابق 70 سال میں اتنی بجلی سسٹم میں شامل کی گئی جتنی ہم نے اپنی ایک حکومت میں کردی۔

    وزیر اعظم نے کہا، ’ماضی میں اسیکنڈلز کی بھر مار تھی، کیا ہمارے دور میں ایک بھی اسکینڈل آیا‘؟ انہوں نے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ 10 ماہ تاخیر کا شکار ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں شیر ایک بار پھر کبوتر کو اڑا کر لے جائے گا۔

    یاد رہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پرجیکٹ کا 92 فیصد تعمیری کام مکمل ہو چکا ہے اور اس کا پہلا یونٹ اگلے سال فروری کے اختتام تک بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔

    پروجیکٹ کا دوسرا یونٹ مارچ کے مہینے میں بجلی بنانا شروع کر دے گا جبکہ تیسرے اور چوتھے یونٹ کو اس سے اگلے سال اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد یہ بھی فعال ہوجائیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعظم آج شام قوم سے خطاب کریں گے

    وزیر اعظم آج شام قوم سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف آج شام 7 بجے پاناما کیس کے فیصلے سے متعلق قوم سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں پاناما کیس کا فیصلہ سنا۔

    فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گلے لگا کر وزیر اعظم نواز شریف کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر سابق وفاقی پرویز رشید اور عرفان صدیقی بھی موجود تھے جبکہ مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ تھیں۔

    مزید پڑھیں: پاناما کیس کے فیصلے پر عوام کا ردعمل

    فیصلہ آنے کے بعد وزیر اعظم فیصلے سے متعلق قوم سے خطاب کریں گے۔

    یاد رہے کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما کیس پر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی ہر 15 روز بعد رپورٹ پیش کرے۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ وزیر اعظم ،حسن اور حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے اور جے آئی ٹی 60 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

    مزید پڑھیں: مبارک وزیر اعظم نواز شریف

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وزیر اعظم کی اہلیت کا فیصلہ جے آئی ٹی رپورٹ پر ہوگا۔ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، نیب کا نمائندہ، سیکیورٹی ایکس چینج اور ایف آئی اے کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔

  • سی پیک اتحاد کی علامت ہے: وزیر اعظم

    سی پیک اتحاد کی علامت ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا کہ چین ایک عالمی طاقت اور دنیا کی رہنمائی کرنے والا ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ سی پیک منصوبے پر کام کرنے پر فخر کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چینی صدر شی جن پنگ کی کتاب کے اردو ایڈیشن کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے تقریب سے خطاب کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں چین کی ترقی و خوشحالی سے سبق سیکھنا چاہیئے۔ ہمیں چین کے ساتھ مل کر اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کرنے پر فخر ہے۔ اس منصوبے سے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک اتحاد کی علامت ہے جس سے کسی کو خطرہ نہیں۔ کئی ممالک نے سی پیک میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

    جیکب آباد کا دورہ

    یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف آج صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد کا دورہ کریں گے جہاں وہ نمائش گراؤنڈ میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں، ہیلتھ کارڈ اور عوام کی فلاح کے لیے دیگر منصوبوں کا اعلان کریں گے۔

    جیکب آباد میں وزیر اعظم کے دورے اور جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور نمائش گراؤنڈ میں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔ جلسے کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔