Tag: Prime Minister

  • وزیراعظم آج3روزہ سرکاری دورےپرروس روانہ ہونگے

    وزیراعظم آج3روزہ سرکاری دورےپرروس روانہ ہونگے

    وزیراعظم عمران خان آج تین روزہ سرکاری دورے پر روس روانہ ہونگے، روسی صدر ولادیمیر پوتن سے اہم ملاقات کل دوپہر کو ہوگی۔

    وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پر آج روس روانہ ہونگے دورے کا مکمل شیڈول اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا ہے۔

    شیڈول کے مطابق وزیراعظم آج دوپہر دورہ روس کے لیے روانہ ہونگے، انہیں وونکوو ایئرپورٹ پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

    24 فروری کی صبح وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستانی وفد اور حکام کا اجلاس ہوگا جس کے بعد ان کے ماسکو کے تاریخی مقام ریڈ اسکوائر جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی ون آن ون ملاقات چوبیس فروری کی دوپہر طے ہے جب کہ روس کے ڈپٹی وزیر سے ملاقات اسی شام ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق روسی قیادت سے ملاقات کےبعدوزیراعظم نجی ہوٹل واپس آئیں گے اور کرنٹ افیئرزکےمعروف روسی اینکرمیخائل گسمین کوانٹرویودینگے۔

    وزیراعظم دورے کے آخری روز جمعہ 25فروری کی صبح اسلامک سینٹرماسکوکادورہ کریں گے، اس موقع پر وہ روسی فیڈریشن کےگرینڈمفتی اور روس کی معروف کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان روس کی بڑی نیوز ایجنسی کو بھی انٹرویو دیں گے اور پچیس فروری کی دوپہر وطن واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔

  • سندھ کی سیاست کے حوالے سے وزیراعظم کے اہم فیصلے

    سندھ کی سیاست کے حوالے سے وزیراعظم کے اہم فیصلے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر الیکشن کے بعد سندھ کا رخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اس بات کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات میں کیا گیا، وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں گورنرسندھ عمران اسماعیل ، چیئرمین سینیٹ صادق، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، علی زیدی، حلیم عادل شیخ اور سیف اللہ نیازی شامل تھے۔

    وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والی اس اہم ترین بیٹھک میں وزیراعظم نے سندھ کی سیاست کے حوالے سے اہم فیصلے کئے، سندھ سے پارٹی میں نئے لوگوں کی شمولیت کا ٹاسک حلیم عادل کے سپرد کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اگست میں سندھ کا دورہ کریں گے جہاں وہ کئی جلسوں سے بھی خطاب کرینگے۔

    دوسری جانب پیپلزپارٹی کے خلاف سندھ میں عوامی اتحاد کی طرزپرنیا اتحاد تشکیل پاچکا ہے، اس اتحاد میں سندھی قوم پرست جماعتیں، تحریک انصاف، جمعیت علما ئے اسلام ف سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ کئی سیاسی رہنماؤں نے بھی اس کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    اس اجلاس میں سابق وزیراعظم میاں محمد سومرو، سابق وزیراعظم غلام مصطفی جتوئی کے فرزند و سابق وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی، سابق وزرائے اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی،سید غوث علی شاہ، ممتازعلی بھٹو کے فرزند امیر بخش بھٹو نے بھی شرکت کی، اجلاس میں پیپلزپارٹی کے خلاف بلدیاتی اور آئندہ عام انتخابات میں بھرپورحصہ لینے پراتفاق کیاگیا۔

  • عوامی ٹیکس کے پیسوں سے ناشتے پر وزیر اعظم کے خلاف تحقیقات

    عوامی ٹیکس کے پیسوں سے ناشتے پر وزیر اعظم کے خلاف تحقیقات

    ہیلسنکی: یورپی ملک فن لینڈ کی وزیر اعظم کے خلاف ٹیکس کے پیسوں سے ناشتہ کرنے پر تحقیقات شروع کردی گئیں، وزیر اعظم نے تحقیقات کا خیر مقدم کیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فن لینڈ کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کریں گے کہ آیا ملک کی وزیر اعظم کا ناشتہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے پیسے سے غیر قانونی طور پر خریدا جاتا ہے یا نہیں۔

    وزیر اعظم سنا مرین کے بارے میں فن لینڈ کے ایک اخبار میں منگل کو خبر چھپی تھی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ناشتے کے لیے حکومت سے فی ماہ 300 یورو یا 365 ڈالر کا مطالبہ کر رہی ہیں جبکہ وہ سرکاری رہائش گاہ کیسارینتا میں رہتی ہیں۔

    35 سالہ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ یہ مراعات ان سے پہلے کے حکمرانوں کو بھی ملتی رہی ہے، قانونی ماہرین کے مطابق وزیر اعظم کے ناشتے کی شہریوں کی ٹیکس کی رقم سے ادائیگی فن لینڈ کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    اس حوالے سے ایک بیان میں پولیس کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو کچھ ناشتوں کی رقم ادا کر دی گئی ہے، جبکہ وزارتی معاوضے کے قانون میں اس قسم کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔

    بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تحقیقات میں وزیر اعظم کے دفتر میں موجود افسران کے فیصلے کی جانچ کی جائے گی اور اس سے وزیر اعظم اور ان کی سرکاری سرگرمیوں کا کوئی تعلق نہیں۔

    جمعے کو سنا مرین کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں تحقیقات کا خیر مقدم کرتی ہیں اور جب تک یہ جاری ہیں وہ ان مراعات کا مطالبہ روک دیں گی۔

    یاد رہے کہ فن لینڈ کی سوشل ڈیمو کریٹ سیاستدان نے دسمبر 2019 میں اقتدار سنبھالا ہے اور انہیں عوام میں بے حد مقبولیت حاصل ہے۔

  • جسٹس وقار کا انتقال: وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس کا اظہار افسوس

    جسٹس وقار کا انتقال: وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس کا اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آرمی چیف نے پشاورہائی کورٹ کےچیف جسٹس وقار سیٹھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے، آرمی چیف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو یہ گہرا صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

    وزیراعظم عمران خان نے بھی چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیراعظم نے مرحوم کے لواحقین سےاظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کوصبر دے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلراز احمد اور ساتھی ججز نے جسٹس سیٹھ وقار کے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے بھی جسٹس وقاراحمد سیٹھ کی وفات پر رنج وغم کا اظہار کیا گیاہے، اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ جسٹس وقارسیٹھ بہترین جج تھے انتقال کاسن کر افسوس ہوا ہے۔دوسری جانب پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے انتقال پر ملک بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹس وقار احمدسیٹھ کا انتقال ایک قومی نقصان ہے ، جسٹس وقار سیٹھ ایک دیانتدار اور بے باک جج تھے، قوم آج ایک نڈر بےباک جج سےمحروم ہوگئی ہے، کل ملک بھر کی عدالتوں میں وکلا پیش نہیں ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ انتقال کرگئے

    واضح رہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ علالت کے باعث انتقال کرگئے، ترجمان پشاور ہائیکورٹ نےجسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چیف جسٹس کورونا کے مرض میں مبتلا تھے۔

    چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ کی طبیعت کچھ دنوں سےخراب تھی اور وہ کلثوم انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں زیرعلاج تھے۔

  • 49 برس تک بحرین کے وزیر اعظم رہنے والے شہزادے انتقال کر گئے

    49 برس تک بحرین کے وزیر اعظم رہنے والے شہزادے انتقال کر گئے

    مناما: بحرین کے وزیر اعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ 49 برس تک وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق بحرین کے وزیر اعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ انتقال کر گئے، شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کی عمر 84 سال تھی۔

    بحرین کی شاہی کورٹ نے ان کی رحلت کا اعلان کیا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق شہزادہ خلیفہ سب سے طویل عرصہ کسی ملک کے وزیر اعظم رہنے والے رہنما تھے، انہوں نے سنہ 1971 میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا تھا اور 49 برس اس عہدے پر فائز رہے۔

    وزیر اعظم کے انتقال کے بعد ملک بھر میں ایک ہفتے تک سوگ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم کی تدفین کب اور کہاں کی جائے گی اس حوالے سے اب تک کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

  • 20 سال پہلے ماحولیات پر بات کرنے والوں کا مذاق اڑایا جاتا تھا، وزیراعظم

    20 سال پہلے ماحولیات پر بات کرنے والوں کا مذاق اڑایا جاتا تھا، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے عشرہ پہلے کہا تھا گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، دنیا نوٹس نہ لیتی تو آئندہ نسلیں خطرے سے دو چار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ہالی ووڈ اسٹار آرنلڈ شوار زینیگر کی جانب سے منعقد کیے گئے عالمی فورم آسٹرین ورلڈ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال پہلے ماحولیات پر بات کرنے والوں مذاق اڑایا جاتا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج دنیا کو ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج درپیش ہیں، دنیا کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور گلیشیئر پگھل رہے ہیں، یورپ میں بڑھتے درجہ حرارت کے اثرات نمایاں ہیں، آسٹریلیا میں جنگلات آگ کی لپیٹ میں ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عشرہ پہلے کہا تھا کہ گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، دنیا نوٹس نہ لیتی تو آئندہ نسلیں خطرے سے دوچار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 7 سال پہلے خیبرپختونخوا صوبے میں اقتدار میسر آیا، ہم نے کے پی میں 1 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا اور ہم نے 1 ارب درختوں کی تنصیب کاہدف حاصل بھی کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مرکز میں حکومت ملی تو 10 ارب درخت لگانے کا فیصلہ کیا، اقوام عالم آگے بڑھیں اور ماحولیاتی آلودگی کا مقابلہ کریں۔

  • کراچی کے شہریوں کو ہر ممکن ریلف مہیا کریں، وزیراعظم کی ہدایت

    کراچی کے شہریوں کو ہر ممکن ریلف مہیا کریں، وزیراعظم کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کی عوام کو ریلیف مہیا کرنے کےلیے تمام وفاقی اداروں کو احکامات جاری کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث شہر قائد پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور عوام بے یارو مددگار حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی کی عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کےلیے تمام وفاقی اداروں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں، عمران خان نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف مہیا کریں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور کراچی اور اس کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور پاک فوج کے اقدامات کی تعریف کی۔

    کراچی کو آفت زدہ علاقہ قرار دے کرایمرجنسی فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ

    خیال رہے کراچی میں بارش نے تباہی مچادی ہے اور اگست کے مہینے کے دوران مون سون سسٹم کے تحت بارشوں کا سابقہ 89 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس بار 1931 کے بعد اگست کے مہینے میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے، فیصل بیس پر رواں سال اگست میں 345 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے جب کہ سابقہ ریکارڈ 298.4 ملی میٹر بارش کا ہے۔

  • بلوچستان کی عوام کے احساسِ محرومی کا مکمل ادراک ہے، وزیراعظم

    بلوچستان کی عوام کے احساسِ محرومی کا مکمل ادراک ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیر اعظم نے قومی ترقیاتی کونسل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں بلوچستان کو مالی وسائل تو فراہم کیے گئے لیکن فلاح و بہبود کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی ترقیاتی کونسل کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی، اجلاس میں وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، محمد حماد اظہر، علی زیدی، عمر ایوب ، مشیر ان خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان شریک تھے۔

    قومی ترقیاتی کونسل کے اجلاس کا ایجنڈا خصوصاً بلوچستان کے پسماندہ ،دوردراز علاقوں میں آمدورفت اور آبی وسائل کے بہتر استعمال، زراعت، توانائی، بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے منصوبے زیرغور کیا گیا۔

    اجلاس میں گوادر پورٹ سے مکمل طور پر استفادہ حاصل کرنے کیلئے مختلف منصوبے زیر غور آئے، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان یقینی بنانا،اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان کو مالی وسائل تو فراہم کیے گئے لیکن فلاح و بہبود کو نظر انداز کیا جاتا رہا، جس سے صوبے کا بڑا حصہ پسماندگی کا شکار رہا ،عوام میں احساس محرومی نے جنم لیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہمیں بلوچستان کی عوام کے احساسِ محرومی کا مکمل ادراک ہے، جس کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

  • شہری علاقے ملکی معیشت کیلئے انجن آف گروتھ کا کام سرانجام دیں، وزیراعظم

    شہری علاقے ملکی معیشت کیلئے انجن آف گروتھ کا کام سرانجام دیں، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بغیر منصوبہ بندی شہروں کے پھیلاؤ سے ماحولیات کو خطرات لاحق ہوئے، جس کے باعث سرسبز علاقے محدود، ملحقہ زرعی زمینوں کے رقبے متاثر ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ماحولیات اور بڑے شہروں کے ماسٹر پلان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کو ازسرنو ترتیب دینے کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ شہری سہولتوں کےحوالے سے پیچیدہ مسائل نے جنم لیا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سرسبز علاقے محدود، ملحقہ زرعی زمینوں کے رقبے متاثر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے فوڈ سیکیورٹی کو بھی مستقبل میں خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سماجی و معاشی سرگرمیوں کو سامنے رکھ کر ماسٹر پلان کا عمل آگے بڑھایا جائے اور ماسٹر پلان کو ازسرنو ترتیب دیتے ہوئے خصوصی توجہ دی جائے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہری علاقے ملکی معیشت کیلئے انجن آف گروتھ کا کام سرانجام دیں جس سے نوجوانوں کیلئے نوکریوں، معاشی سرگرمیوں کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تعمیرات کے شعبے میں نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ماسٹر پلانز کو ازسر نو ترتیب دینے میں ٹیکنالوجی سے فائدہ حاصل کیا جائے۔

  • مافیا کا پیچھا چھوڑ دوں تو سب اچھا ہوجائے گا، وزیراعظم

    مافیا کا پیچھا چھوڑ دوں تو سب اچھا ہوجائے گا، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کہا کہ پاکستان خطے میں سب سے سستا پٹرول فروخت کرنے والا ملک ہے۔

    ان خیالات کا اظہار  وزیر اعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کو دئیے گئے عشائیے میں کیا، انہوں نے کہا کہ پارٹی کو موجودہ صورتحال میں بہت زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی جماعت ہے اسی لیے اپوزیشن صرف ہمارے خلاف پراپیگنڈا کررہی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن روز حکومت ختم ہونے کے بیانات دے رہی ہے لیکن یاد رکھیں حکومت نہیں جارہی اپنی مدت پوری کرے گی کیونکہ اس ملک کو صرف اور صرف پاکستان تحریک ہی بدل سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن حکومت پر تنقید کرتی ہے جو 30 سال حکومت کرچکی ہے، یہ ملک کو تباہی کے دہانے پر لے کر آئے ان سے کیسے ہاتھ ملاوں، مافیا کا پیچھا چھوڑ دوں تو سب اچھا ہوجائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بہت پہلے بتایا تھا مشکل وقت آئے گا تو یہ سب اکٹھے ہوں گے کیونکہ یہ عوام کے مفاد میں نہیں اپنی کرپشن کے دفاع کےلیے اکٹھے ہوئے ہیں۔

    وزیراعظم نے اراکین کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوالات پر کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول مہنگا ہونے کے باوجود ہم نے قیمت کم بڑھائی اور پاکستان خطے میں سب سے سستا پٹرول فروخت کرنے والا ملک ہے۔

    انہوں نے پارٹی اختلافات سے متعلق کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں سب متحد ہیں، تحریک انصاف جمہوری جماعت ہے سب کو اظہار رائے کی آزادی ہے۔

    حکومت تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلے گی، وزیر اعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کو بجٹ منظوری کے وقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نےملکی معیشت مستحکم کرنے پر بھرپور توجہ دی، موجودہ مشکل حالات میں بہترین بجٹ دیا۔

    وزیر اعظم کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں اسپیکر قومی اسمبلی آخری لمحات میں شریک ہوئے، اسد قیصر اپنے ساتھ 12 ارکان اسمبلی کو مناکر لائے، عشائیے کے اختتام پر پی ٹی آئی کے 12 ارکان سے وزیر اعظم نے ملاقات بھی کی۔