Tag: Prime Minister

  • وزیراعظم کے لئے عمران خان اورشہبازشریف میں ون ٹو ون مقابلہ ہوگا

    وزیراعظم کے لئے عمران خان اورشہبازشریف میں ون ٹو ون مقابلہ ہوگا

    اسلام آباد : ملک کے نئے وزیراعظم کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف میں ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لئے کاغذات جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا، وزیراعظم کے لئے عمران خان اور شہباز شریف میں ون ٹوون مقابلہ ہوگا۔

    سیکرٹری قومی اسمبلی 3بجے تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے، جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔

    عمران خان اور شہباز شریف کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔


    مزید پڑھیں: وزارت عظمیٰ کے لئے عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع


    عمران خان کے 10ارکان تجویز اور تائید کنندگان ہیں ، تجویز تائید کنندہ میں پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے شامل ہیں۔

    شہبازشریف کے 7 تجویز اور تائید کنندگان میں ن لیگ اور جے یو آئی شامل ہیں، پیپلزپارٹی نے شہباز شریف کا تجویز یا تائید کنندہ بننا پسند نہیں کیا۔


    مزید پڑھیں : شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے


    ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب کل سہ پہر ساڑھے 3بجے ہوگا، قومی اسمبلی کے قواعد کے تحت انتخاب ڈویژن کے ذریعے ہوگا۔

    اجلاس میں اراکین اسمبلی اپنے ووٹوں کے ذریعے وزیر اعظم کا انتخاب کریں گے، امیدوار کو سادہ اکثریت نہ مل سکی تو دوسرے مرحلے میں دوبارہ ووٹنگ ہوگی،اسپیکر گنتی کے بعد امیدوارں کوملنے والے ووٹوں کا اعلان کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ18اگست کو ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔

  • وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا، شیڈول جاری

    وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا، شیڈول جاری

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا، قومی اسمبلی کے اراکین17اگست کو نئے وزیر اعظم کا انتخاب کریں گے، اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اگلا مرحلہ وزیراعظم کے انتخاب کا ہے، اس سلسلے میں شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

    قومی اسمبلی کے17اگست کو ہونے والے اجلاس کے دوران قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، جس کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

    اجلاس میں اراکین اسمبلی اپنے ووٹوں کے ذریعے وزیر اعظم کا انتخاب کریں گے، امیدوار کو سادہ اکثریت نہ مل سکی تو دوسرے مرحلے میں دوبارہ ووٹنگ ہوگی، زیادہ ووٹ ملنے پر قائد ایوان کو چن لیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: وزارت عظمیٰ کے لئے عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع

    اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار کامیاب قرار پائے گا تاہم اگر دونوں امیدواروں کے ووٹوں کی تعداد برابر ہوئی تو ایسی صورت میں اسپیکر قومی اسمبلی کا ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے

    ذرائع کے مططابق یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ18اگست کو ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔ وزارت عظمیٰ کیلئے عمران خان اور میاں شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے۔ عمران خان کے تجویز کنندہ شیخ رشید اور فخرامام تائید کنندہ ہیں۔

  • بھارتی یومِ آزادی: نریندر مودی کا خلائی مشن سمیت متعدد پالیسیوں کا اعلان

    بھارتی یومِ آزادی: نریندر مودی کا خلائی مشن سمیت متعدد پالیسیوں کا اعلان

    نئی دہلی : بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر نریندر مودی نے قومی صحت پالیسی اور خلائی مشن سمیت کئی نئے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2022 میں بھارت کا بیٹا یا بیٹی ترنگا لے کر خلا میں جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعے میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا پانچواں اور آخری خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں بھارت کے مخلتف حصّوں میں آنے والے سیلاب میں درجنوں افراد کی ہلاکت پر شدید افسوس ہے۔

    نریندر مودی نے خطاب کرتے ہوئے سنہ 2022 کے خلائی مشن سمیت کئی نئی پالیسیوں کا اعلان کیا۔

    بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب 370 سالہ تاریخ کے حامل لال قلعے میں ہوئی جہاں نریندر مودی نے خطاب کیا۔

    نریندر مودی کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ قومی صحت پالیسی کا مقصد 10 کروڑ بھارتی شہریوں کو صحت کے شعبے میں بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، جس پر 25 ستمبر سے عمل درآمد شروع ہوگا اور مذکورہ پالیسی کے تحت فی خاندان  5 لاکھ روپے سالانہ خرچ ہوں گے۔

    نریندر مودی نے بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2022 میں بھارت دنیا کا چوتھا ملک ہوگا جو انسان کو خلا میں بھیجے گا۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاحال آرمی، نیوی اور ایئر فورس میں خواتین کو شارٹ سروس کمیشن دیا جاتا ہے لیکن آئندہ ملک کی مسلح افواج (آرمی، نیوی، فضائیہ) میں خواتین کو بھی مستقل کمیشن دی جائے گا۔

    خطاب کے بعد نریندر مودی نے وہاں موجود بچوں سے بھی ملاقات کی۔

    یوم آزادی کے موقع پر بھارت بھر میں یوم آزادی کی تقاریب منعقد کی گئیں اور ترنگا لہرایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

    دوسری جانب بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر کشمیر  پر بھارت کے غاصبانہ فوجی تسلط کے خلاف کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منارہے ہیں۔

  • سال ڈیڑھ سال میں لاکھوں کروڑوں لوگ بہتری دیکھیں گے: اسد عمر

    سال ڈیڑھ سال میں لاکھوں کروڑوں لوگ بہتری دیکھیں گے: اسد عمر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ سال ڈیڑھ سال میں لاکھوں کروڑوں لوگ بہتری دیکھیں گے، سب کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسد عمر کا کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی کے لیے ایمرجنسی اقدامات کرنے ہوں گے، معیشت کی مضبوطی ملک کے لیے اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم عقل کُل نہیں ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے، عوام کو جلد ہی تبدیلی نظر آنا شروع ہوجائے گی۔

    رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف نیا پاکستان بنائے گی، عمران خان جیسا لیڈر ملک کی تقدیر بدل دے گا، عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔


    عمران خان کا خطاب، متوقع پالیسیوں پر اظہار خیال، دھاندلی الزامات کی تحقیقات کی پیش کش


    خیال رہے کہ وفاق میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے آج بنی گالا میں خصوصی خطاب بھی کیا، اس موقع پر انھوں نے پاکستان کو متحد دیکھنے کی خواہش اور عزم ظاہر کیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ 22 سال پہلےجو جدوجہدشروع کی تھی، آج اس میں کامیابی ملی، چاہتاتھا، پاکستان وہ ملک بنے،جس کاقائداعظم نے خواب دیکھا تھا۔ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست فلاحی ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں۔

    عمران خان نے یہ بھی کہا تھا کہ الیکشن میں لوگوں نے بہت قربانیاں دی، عوام کو داد دینا چاہتا ہوں، پاکستان کے عوام کو انتخابات میں شرکت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سرکاری خزانے میں فراڈ پر اسرائیلی وزیر اعظم کی اہلیہ پر فرد جرم عائد

    سرکاری خزانے میں فراڈ پر اسرائیلی وزیر اعظم کی اہلیہ پر فرد جرم عائد

    تل ابیب: سرکاری خزانے میں خورد برد پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کی اہلیہ سارہ پر سرکاری خزانے میں فراڈ کرنے اور اس کا غلط استعمال کرتے ہوئے دعوتیں اڑانے پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزارت انصاف کے مطابق وزیراعظم کی اہلیہ نے ہوٹل سے کھانا خریدنے کے لیے بھی سرکاری مال سے چھیانوے ہزار ڈالر خرچ کیے ہیں، علاوہ ازیں انہوں نے ذاتی طور پر بھی پیسوں کا استعمال کیا ہے۔


    بدعنوانی کیس: اسرائیلی پولیس کی نیتن یاہو، بیوی اور بیٹے سے تفتیش


    سارہ نیتن یاہو کے خلاف سرکاری خزانے میں خورد برد کیس کی سماعت آج اسرائیلی عدالت میں ہوئی اور جج نے سرکاری خزانے میں خورد برد ثابت ہونے کے بعد ان پر فرد جرم عائد کی۔

    دوسری جانب سارہ کے وکیل نے کہا ہے کہ عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کرنا مضحکہ خیز اور پاگل پن ہے، ایسے فیصلوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔


    سرکاری خزانے میں خوردبرد: اسرائیلی وزیراعظم کی بیوی کےخلاف تحقیقات


    خیال رہے کہ اس سے قبل جب 1977 میں اسرائیلی وزیراعظم اسحٰق رابن کی اہلیہ پر جرم ثابت ہوا تھا تو انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    واضح رہے کہ کرپشن اور غیر قانونی طور پر مہنگے تحائف وصول کرنے کے الزام میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے بیٹے یائر نیتن یاہو کے خلاف بھی پولیس تفتیش کر چکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نگراں وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

    نگراں وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نگراں کابینہ کے وزرا اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں عبد اللہ حسین ہارون، شمشاد اختر، محمد اعظم، نگراں وزیر اطلاعات و قانون سید علی ظفر نے شرکت کی جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، مشیر قومی سلامتی، ڈی جی آئی ایس آئی اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

    قومی سلامتی اجلاس میں ملک کی مجموعی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے پیرس میں ایف اے ٹی ایف اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کے معیار پر پورا اترنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ایف اے ٹی ایف اور دوسری عالمی تنظیموں سے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    شمشاد اختر نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے عالمی ذمہ داریاں پوری کرنے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

    اجلاس میں نگراں وزیر اعظم نے آج صبح نائب امریکی صدر مائیک پنس سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو سے بھی آگاہ کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمر رزاز اردن کے نئے وزیر اعظم نامزد

    عمر رزاز اردن کے نئے وزیر اعظم نامزد

    عمان: اردن میں حکومت مخالف مظاہرے کی وجہ سے مستعفی ہونے والے سابق وزیر اعظم ’حانی الملکی‘ کے بعد عمر رزاز کو نیا وزیر اعظم نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کے بااختیار بادشاہ ’عبداللہ‘ کی جانب سے عمر رزاز کو نئے وزیر اعظم کے لیے نامزد کیا گیا ہے، عمر رزاز ہارورڈ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ورلڈ بینک کے سابق سینیئر افسر ہیں۔

    عمر رزاز نے برطانیہ کے میساچوسٹس اسنٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے 2002 سے 2006 کے دوران تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ 2006 سے 2010 تک لبنان میں ورلڈ بینک کے کنٹری منیجر کے عہدے پر فائز رہے۔

    اردن کے بادشاہ عبد اللہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ہم خطے کو ان دنوں جاری بحران سے نکالنا چاہتے ہیں اور ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے ہم ممکن اقدامات کریں گے جبکہ نامزد وزیر اعظم جلد منصب پر فائز ہوجائیں گے۔


    بے روزگاری میں اضافے کے خلاف مظاہرہ، اردن کے وزیر اعظم مستعفی


    یاد رہے کہ دو سال تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہنے والے اردن کے سابق وزیر اعظم ’حانی الملکی‘ نے گذشتہ روز اردن کے بااختیار بادشاہ ’عبد اللہ‘ کے پاس اپنا استعفیٰ جمع کرایا تھا جسے منظور کرتے ہوئے بادشاہ نے دیگر حکومتی وزرا کو معاملات سنبھالنے کے احکامات دیے تھے۔

    خیال رہے کہ اردن کی معیشت اس وقت حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے شدید بحران کا شکار ہے، علاوہ ازیں مملکت میں بے روزگاری کی شرح میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی معاشی ماہرین یہ خیال ظاہر کررہے ہیں کہ نئے آنے والے وزیر اعظم کو بھی ملک کو اس بحران سے نکالنے کے لیے بہت محنت کرنا پڑے گی اور اہم فیصلے لینے ہوں گے تاکہ تباہ ہوتی معیشت بچائی جاسکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بے روزگاری میں اضافے کے خلاف مظاہرہ، اردن کے وزیر اعظم مستعفی

    بے روزگاری میں اضافے کے خلاف مظاہرہ، اردن کے وزیر اعظم مستعفی

    عمان: ملک بھر میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور اضافی انکم ٹیکس کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کے مظاہرے پر اردن کے وزیر اعظم مستعفی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن میں گذشتہ کئی برسوں سے حکومتی پالیسی کے خلاف مظاہرے ہوتے آئے ہیں تاہم حکومت کو بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور انکم ٹیکس میں اضافے کا اقدام مہنگا پڑ گیا جس کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں لوگ سڑکوں پر آگئے جس پر اردن کے وزیر اعظم کو استعفیٰ دینا پڑا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو سال تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہنے والے اردن کے سابق وزیر اعظم ’حانی ملکی‘ نے آج اردن کے بااختیار بادشاہ ’عبد اللہ‘ کے پاس اپنا استعفیٰ جمع کرایا جسے منظور کرتے ہوئے بادشاہ نے دیگر حکومتی وزرا کو معاملات سنبھالنے کے احکامات دیے ہیں۔


    کریم چوری کا الزام، میڈرڈ کی وزیر اعلیٰ عہدے سے مستعفی


    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی دنوں سے ملک کے مختلف شہروں میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد حکومت کے خلاف مظاہرہ کر رہی تھی بعد ازاں مظاہرین مشتعل بھی ہوئے، انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ وزیر اعظم فوری طور پر مستعفی ہوں۔

    خیال رہے کہ اردن کی معیشت اس وقت حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے شدید بحران کا شکار ہے، علاوہ ازیں مملکت میں بے روزگاری کی شرح میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔


    ڈونلڈٹرمپ کے مشیربرائےقومی سلامتی بھی عہدے سے مستعفی


    واضح رہے کہ عالمی معاشی ماہرین یہ خیال ظاہر کررہے ہیں کہ نئے آنے والے وزیر اعظم کو بھی ملک کو اس بحران سے نکالنے کے لیے بہت محنت کرنا پڑے گی اور اہم فیصلے لینے ہوں گے تاکہ تباہ ہوتی معیشت بچائی جاسکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حکومت کی خواہش ہے الیکشن وقت پر ہوں: وزیر اعظم

    حکومت کی خواہش ہے الیکشن وقت پر ہوں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت کی خواہش ہے الیکشن وقت پر ہوں۔ بلوچستان حکومت یا سینیٹ انتخابات جیسے معاملات نہیں ہونے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پہلے دن سے ہی آزادی صحافت کا فیصلہ کیا۔ منفی خبریں چھپتی ہیں تو ان کا اثر بھی ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیا کا ایک اہم کردار ہوتا ہے، تنقید سے فائدہ بھی ہوتا ہے۔ ’صحافی بتائیں ہم نے ذمہ داری پوری کی ہے یا نہیں۔ طے کیا گیا تھا صحافیوں کے لیے کوئی سیکرٹ فنڈ نہیں رکھا جائے گا‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایوارڈز صحافی برادری کی کامیابیوں کو سامنے لاتے ہیں۔ حقائق پر مبنی رپورٹنگ ملک کے لیے بہت اہم ہے۔ میڈیا تنقید ضرور کرے لیکن حکومت کے اچھے کام بھی سامنے لائے۔

    انہوں نے کہا کہ تجویز ہے ایک ایسا میکینزم ہو جو غلط خبر کو کاؤنٹر کرے۔ ہماری کوشش رہی صحافت پر کسی قسم کا دباؤ نہ ڈالا جائے۔ تجویز تھی سوشل میڈیا پر سنسر شپ لاگو کریں لیکن یہ وقتی ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فخر ہے ہم نے کبھی میڈیا پر سنسر شپ کی حمایت نہیں کی۔ سنسر شپ سے وقتی طور پر چیزوں کو پیچھے دھکیلا جا سکتا ہے۔ ’سنسر شپ کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں، میڈیا خود جھوٹی خبر کی تردید شائع کرے‘۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 5 سال میں بڑے نشیب و فراز آئے لیکن حکومت نے کام جاری رکھا، چیلنجز کے باوجود وہ کام کیے جو 65 سال سے نہیں ہوئے تھے۔ ’لواری ٹنل کی مثال ہمیشہ دیتا ہوں، لواری ٹنل کا افتتاح بھٹو نے کیا، منصوبہ نواز شریف نے مکمل کیا‘۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے الیکشن وقت پر ہوں۔ بلوچستان حکومت یا سینیٹ انتخابات جیسے معاملات نہیں ہونے چاہئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شمالی کوریا بحران کا خاتمہ ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات سے مشروط ہے: جاپانی وزیر اعظم

    شمالی کوریا بحران کا خاتمہ ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات سے مشروط ہے: جاپانی وزیر اعظم

    ماسکو: جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے نے کہا ہے کہ شمالی کوریا بحران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی ملاقات سے مشروط ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں منعقد سالانہ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جاپانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کم جونگ ان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ناگزیر ہے، اگر دونوں رہنماؤں کی جانب سے ملاقات کی جاتی ہے تو موجودہ بحران ختم ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے امریکی صدر کے کم جونگ ان سے ملاقات کی منسوخی کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، ڈونلڈ ٹرمپ کا ایسے ماحول میں یہ فیصلہ غلط ہے تاہم ہمارے امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں، ہم اس فیصلے کے خلاف ہیں لیکن ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔


    شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے آئندہ ماہ ملاقات نہ ہونے کا امکان ہے، ڈونلڈ ٹرمپ


    علاوہ ازیں انہوں نے روس سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان روس کے ساتھ معاشی تعلقات مضبوط کرنا چاہتا ہے، روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے سالانہ اکنامک فورم کا اجلاس منعقد کرنا خوش آئند اور دیگر ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات کے لیے اہم ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے ہونے والی ملاقات ملتوی کردی تھی، دونوں رہنماؤں کو جون کی 12 تاریخ کو سنگاپور میں ملنا تھا۔


    کم جونگ ان کسی بھی وقت امریکی صدرسے ملاقات کو تیار ہیں، شمالی کوریا


    علاوہ ازیں وائٹ ہاؤس کی جانب سے ٹرمپ کا خط جاری کیا گیا تھا، جس میں شمالی کوریا کے سربراہ کا نام تحریر تھا، ٹرمپ نے اپنے خط میں کہا تھا کہ کم جونگ کے حالیہ بیان کے بعد اب سنگاپور میں ہونے والی شیڈول ملاقات کا امکان بالکل بھی نہیں کیونکہ شمالی کوریا کے سربراہ نے ایک بار پھر کھلی دشمنی ظاہر کردی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔