Tag: Prime Minister

  • جنرل سیکریٹری اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لانے میں کردار ادا کریں: وزیر اعظم

    جنرل سیکریٹری اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لانے میں کردار ادا کریں: وزیر اعظم

    سنیا: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گتریس پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی باؤ فورم اجلاس کے لیے چین کے شہر سنیا میں موجود ہیں۔ کانفرنس کے سائیڈ لائن ایونٹس میں وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گتریس پر زور دیا کہ وہ بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ سے شہری شہید ہو رہے ہیں۔ بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں امن کے لیے خطرہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ’دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے بے شمار قربانیاں دیں، دنیا ان کا اعتراف کرے‘۔

    مزید پڑھیں: 2050 میں پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا، وزیر اعظم

    ملاقات میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گتریس نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی انسانی بنیاد پر مدد کی۔ پاکستان کے اقوام متحدہ کے امن مشن میں معاونت قابل تعریف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات کرنے پر زور دیتے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ باؤ فورم ایک غیر سرکاری اور غیرمنافع بخش بین الاقوامی تنظیم ہے جس کا باضابطہ طور پرقیام 2001 میں عمل میں لایا گیا تھا۔ فورم کا مقصد دنیا کے دیگر ممالک اور ایشیا کے مابین گہرے اقتصادی تعاون، روابط اور تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

    باؤ فورم حکومتی سربراہان، کاروباری برادری، ماہرین اور اسکالرز کو معیشت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے لیے اعلیٰ سطح کے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری نے چھٹی لے لی، بیرون ملک جانے کا امکان

    وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری نے چھٹی لے لی، بیرون ملک جانے کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد ایک ماہ کی رخصت پر چلے گئے، امکان ہے کہ وہ چھٹیاں گزارنے کیلئے بیرون ملک روانہ ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد ایک ماہ کی رخصت پر چلے گئے ہیں اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کا یہ اقدام  نیب کی تحقیقات سے بچنے کےجتن ہیں یا معاملہ ہے کچھ اور ہے؟

    کیونکہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر معظم علی نے نیب کو بیان ریکارڈ کرایا تھا کہ فواد حسن فواد نے کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کے لئے ان پر دباؤ ڈالا اور دفتر بلوا کر دھمکیاں بھی دیں تھیں۔

    معظم علی کے اس بیان پر فواد حسن فواد کو نیب لاہور نےطلب کیا تھا، ذرائع کے مطابق اسی ماہ پانامہ کیس کا فیصلہ بھی سنائے جانے کا امکان ہے، قبل اس کے کہ کوئی بڑی گڑ بڑ ہو اس لیے فواد حسن فواد کو جلد بیرون ملک اڑان بھرنے میں ہی عافیت دکھائی دے رہی ہے۔

    ان کی جگہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ معروف افضل کو وزیر اعظم کا نیا پرنسپل سیکریٹری بنائے جانے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ معروف افضل زیادہ تروقت وزیراعظم ہاؤس میں ہی گزارتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔

  • کام کرنے والوں کو عدالتوں میں گھسیٹنے کی روایت بن گئی ہے: وزیر اعظم

    کام کرنے والوں کو عدالتوں میں گھسیٹنے کی روایت بن گئی ہے: وزیر اعظم

    ڈیرہ غازی خان: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کام کرنے والوں کو عدالتوں میں گھسیٹنے کی عجیب روایت بن گئی۔ سیاست کے فیصلے پولنگ اسٹیشنوں میں ہونے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈیرہ غازی خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی نواز شریف سے محبت دیکھ کر یقین ہے یہاں سے مسلم لیگ ن کامیاب ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ن لیگ کے کام عوام کے سامنے ہیں۔ دو سڑکیں 18 ارب کی لاگت سے تعمیر ہو رہی ہیں۔ ’یہ منصوبے ماضی کی حکومتیں بھی کر سکتی تھیں‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسی سیاست دان نے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے تو وہ نواز شریف ہیں۔ ’سیاست کے فیصلے پولنگ اسٹیشن میں ہوتے ہیں عدالتوں میں نہیں۔ سیاست اور جمہورت مضبوط ہوگی تو مسائل حل ہوں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ کئی سال کی خرابیاں ایک دم سے ٹھیک نہیں ہوسکتیں۔ ملک میں سی پیک جاری ہے اور جاری رہے گا، اس منصوبے سے ترقی ہوگی اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی، کسی کی بے عزتی نہیں کی، پگڑی نہیں اچھالی۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام حکومت ہٹانے کا جواب ضرور لیں گے۔ عوام کا فیصلہ ہمیشہ سر آنکھوں پر رکھا جاتا ہے۔ ’گیس کے جتنے منصوبے آج لگ رہے ہیں 65 سال کی تاریخ میں نہیں لگے۔ آئندہ 20 گیس کی کمی نہیں ہوگی‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کی عزت کی اور کرتے رہیں گے۔ جہاں سیاسی استحکام اور عوام کا اعتماد نہیں ہوگا تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔ ’ایوان بالا کا چیئرمین وہ شخص ہے جو ووٹ خرید کر عہدے پر پہنچا ہو۔ ن لیگ نے ایک روپیہ بلا واسطہ یہ بالواسطہ الیکشن میں خرچ نہیں کیا، سب نو منتخب سینیٹر حلفیہ بیان دیں سینیٹر بننے کے لیے کسی ایم پی اے کو نہیں خریدا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ان سب چیزوں کا ہم نے ووٹ کے ذریعے خاتمہ کرنا ہے۔ ہمیں منافقت کی سیاست ختم کرنی ہے، پیسے لیے ہیں کھل کر بتائیں۔ ہم نے اصولوں پر کھڑے رہ کر مقابلہ کرنا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برطانوی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے سے حقائق نہیں چھپ سکتے: برطانوی وزیر اعظم

    برطانوی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے سے حقائق نہیں چھپ سکتے: برطانوی وزیر اعظم

    لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے 23 برطانوی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے سے حقائق تبدیل نہیں کیے جاسکتے، برطانوی سرزمین پر دو افراد پر قاتلانہ حملے کی روسی ریاست ہی ذمہ دار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی حکمراں جماعت کنزر ویٹو پارٹی کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، گذشتہ دنوں برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے سابق روسی جاسوس اور اس کی بیٹی کو زہر دینے پر روس کے23 سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    برطانوی حکومت کے اس اقدام کے نتیجے میں روس نے بھی رد عمل میں اپنی سرزمین سے 23 برطانوی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد روس اور برطانیہ کے تعلقات میں شدید تناؤ کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔

    برطانیہ نے 23 روسی سفارت کاروں کو ملک بدرکرنے کا حکم جاری کر دیا

    برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے جاری تنازعات سے متعلق کہا ہے کہ روس نے برطانوی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن اس سے سابق روسی جاسوس اور اس کی بیٹی کو قتل کرنے سے متعلق حقائق تبدیل اور نہ ہی چھپائے جاسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ روس بین الا قوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے، اس کے خلاف ہم مزید اقدامات کے بارے میں آئندہ دنوں میں فیصلہ کریں گے، برطانوی سرزمین پر دو افراد پر قاتلانہ حملے کی روسی ریاست ہی ذمہ دار ہے اور اس کا کوئی متبادل نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔

    روس کا برطانیہ کے 23 سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو روسی حکومت کی جانب سے حملوں کے درعمل میں کوئی رعایت نہیں برتیں گے، دنیا بھر سے ہمارے اتحادی ممالک کی جانب سے ہمیں بھرپور حمایت حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں برطانیہ میں سابق روسی جاسوس اور اس کی بیٹی کو زہر دے کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کا براہ راست ذمہ دار برطانوی حکومت کی جانب روس کو ٹھرایا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بائیس کروڑ عوام نے 5 افراد کے فیصلے کو مسترد کر دیا: کیپٹن (ر) صفدر

    بائیس کروڑ عوام نے 5 افراد کے فیصلے کو مسترد کر دیا: کیپٹن (ر) صفدر

    سانگلہ: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کہتے ہیں کہ نواز شریف کو ایٹمی دھماکا کرنے کی سزا دی گئی، بائیس کروڑ عوام نے 5 افراد کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سی پیک منصوبہ اور عوام کی خدمت کرنے کی سزا دی جارہی ہے، لیکن وہ جمہوریت کے استحکام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    اپنے وجود اور انا کے لیے ملک دو لخت کروا دیا گیا: کیپٹن صفدر

    عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 5 افراد نے مل کر نواز شریف کے خلاف فیصلہ سنایا البتہ عوام ان کے فیصلے کو مسترد کرچکی ہے، نواز شریف ووٹ کی حرمت کی بحالی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی، سانگلہ ہل میں کل کا جلسہ کامیابی کے تمام ریکارڈز توڑ دے گا۔

    مشرف کو بلاکر سزا دی جائے، تب عدلیہ کا وقار بحال ہوگا: کیپٹن صفدر

    خیال رہے کہ 18 مارچ کو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پنجاب کے ضلع سانگلہ ہل میں جلسے کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں سابق وزیر اعظم نواز شریف جلسے سے خصوصی خطاب کریں گے، جبکہ ان کی بیٹی مریم نواز، وفاقی وزرا سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی۔

    واضح رہے کہ اس ضمن میں سانگلہ ہل اسٹیڈیم کو پارٹی پرچموں، بڑے بڑے بینروں اور تصاویر کے ساتھ دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیےسوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس: ملک بھر میں سگریٹ کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ

    وفاقی کابینہ کا اجلاس: ملک بھر میں سگریٹ کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں رہنماؤں نے ملک بھر میں کھلے عام سگریٹ کی فروخت پر پابندی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ نے کھلے عام سگریٹ کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ کیا، پابندی کی خلاف ورزی پر تمباکو نوشی آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق رہنماؤں نے وزیر اعظم کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن( پی آئی اے) کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی جس کے بعد کابینہ نے پی آئی اے کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس: پیمرا کے ایگزیکٹو ممبر کی تعیناتی کی منظوری

    اجلاس میں کابینہ نے بجلی کی موجودہ صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں گرمیوں کے موسم اور ماہ رمضان میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

    رہنماؤں نے وزیر اعظم کو سیکریٹری پاور ڈویژن بجلی کی طلب پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ تربیلہ 4 اور نیلم جہلم سے بجلی سسٹم میں شامل ہوگی جس کے لیے سیکریٹری پاور پلان بھی تیار ہے۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس: سفارشات کے تحت فاٹا خیبر پختونخوا کا حصہ بن جائے گا

    اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا، ملک بھر میں بجلی کی فراہمی حکومت کی ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے واجبات کی وصولی کے نظام کو موثر بنانا ہوگا، اس دوران ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی نے کپاس کی پیداوار بڑھانے سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب کی عدالتوں سے انصاف کی کوئی توقع نہیں، شاہد خاقان عباسی

    نیب کی عدالتوں سے انصاف کی کوئی توقع نہیں، شاہد خاقان عباسی

    کراچی: وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کیسز کے نتائج دیکھتے ہوئے انھیں نیب کی عدالتوں سے انصاف کی کوئی توقع نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، احد چیمہ کی گرفتای سے متعلق شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے احد چیمہ کے ساتھ دو سال کام کیا، وہ ایک قابل افسر ہیں، اس قسم کی گرفتاری کے بعد آج کوئی بھی افسر کام کرنے کو تیار نہیں۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترکمانستان کےصدرسے ملاقات

    انہوں نے کہا کہ نیب میں انتہائی سنجیدہ اصلاحات کی ضرورت کی ہے، نیب کے بنیادی قانون کی نفی نہیں کرسکتا لیکن اداروں کا بھی احتساب ہونا چاہیے، ہر فیصلے کی گارنٹی نہیں ہوتی کچھ غلط بھی ہو سکتے ہیں، ایسا ماحول پیدا ہوگیا کہ بیورو کریسی اگر کام نہ کرے تو کوئی نہ پوچھے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر ادارہ اپنے اختیارات کی حد میں رہ کر کام کرے، لیکن یہاں تو صرف سیاست دانوں کا احتساب ہوتا ہے، انہی پر تنقید کی جاتی ہے، ایک آمر کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے نیب کے قوانین چند دنوں میں بنائے گئے، ماضی میں نیب کے قوانین پر متعدد بار بحث ہوئیں، کمیٹیاں بنیں۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نااہلی کا موجودہ قانون غلط ہے، نااہلی کا فیصلہ عوام خود کریں، عوام پر چھوڑ دینا چاہیے کہ وہ کس کو اپنا لیڈر بناتے ہیں، کوئی تناؤ نہیں مارشل لا جیسی نوبت نہیں آئے گی، ڈان لیکس پبلک کرنے پر مجھے کوئی اعتراض نہیں لیکن معاملات آئین کے مطابق ہونے چاہیے۔

    ججزکے طرزعمل کو پارلیمنٹ میں زیربحث لایا جائے، شاہد خاقان عباسی

    شہباز شریف کے قائم مقام پارٹی صدر بننے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پارٹی صدر ماننتے ہیں، انتخابات کے بعد وزارت عظمیٰ کا فیصلہ ہوگا، میرے لیے وزارت عظمیٰ کے امید وار شہباز شریف ہیں، اگر مریم نواز کھڑی ہوئیں تو میرا ووٹ ان کے حق میں ہوگا۔

    شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ پیسے دے کر سینیٹ آنے والوں کو عوام کی نمائندگی کا حق نہیں، یہ انتخابات ہارس ٹریڈنگ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • احتساب عدالت سے نوازشریف کو انصاف نہیں ملے گا: وزیراعظم

    احتساب عدالت سے نوازشریف کو انصاف نہیں ملے گا: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو شخص تین بار وزیر اعظم رہا اس پر کرپشن کا الزام لگایا گیا، احتساب عدالت سے نواز شریف کو انصاف نہیں ملے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہونے کی حیثیت سے کہتا ہوں انصاف ہوتا نظر نہیں آرہا، یہاں صرف پارلیمنٹ کا احتساب ہوتا ہے۔

    ن لیگ سینیٹ الیکشن سے باہر:الیکشن کمیشن نے راجا ظفر الحق کے جاری کردہ ٹکٹ مسترد کردیے

    انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ میں کوئی تصادم نہیں ہونے جارہا لیکن یہاں صرف پارلیمنٹ کا احتساب ہوتا نظر آتا ہے، عدلیہ پر کوئی چیک ہے اور نہ ہی ہماری کوئی ایسی خواہش ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر کوئی عدالتی حکم سے ملک کو نقصان ہورہا ہے تو عدلیہ کو خود نوٹس لینا چاہیے، اداروں کے درمیان تصادم کے حق میں نہیں، تاہم احتساب عدالت سے نواز شریف کو انصاف ملنے کی کوئی امید نہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات 2017 کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کی دفعہ 62،63 پر پورا نہ اترنے والا نا اہل شخص کسی سیاسی جماعت کی صدارت نہیں‌ کرسکتا۔

    میں بھی نواز ہوں ،ہر محب وطن پاکستانی یہی کہے گا،مریم نواز

    سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے نتیجے میں نوازشریف مسلم لیگ ن کی صدارت کے لیے نا اہل ہوگئے ہیں، انہیں پاناما کیس میں آئین کی دفعہ 62،63 کے تحت نا اہل قراردیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ میاں‌ نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی کے بعد (ن) لیگ ایک اور بحران کا شکار ہوگئی ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے راجا ظفر الحق کی طرف سے جاری کردہ سینیٹ کے تمام ٹکٹس کو بھی مسترد کر دیے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • اردن کے شاہ عبداللہ کی وزیر اعظم سے ملاقات، تعلقات کی مضبوطی پر زور

    اردن کے شاہ عبداللہ کی وزیر اعظم سے ملاقات، تعلقات کی مضبوطی پر زور

    اسلام آباد: اردن کے شاہ عبداللہ دو روزہ  دورے پر پاکستان پہنچ گئے اس دوران انہوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات میں اضافے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی حکمت عملی  بھی زیر غور آئی۔

    وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی کی نوازشریف سے ملاقات

    ملاقات کے دوران امریکا کے بیت المقدس سے متعلق فیصلے کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے معزز مہمان شاہ عبداللہ کو خطے میں امن وامان اور لائن آف کنٹرول کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے کو مسترد کرتا ہے، ہم مسئلہ فلسطین کی غیر مشروط حمایت جاری رکھیں گے۔

    وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سےچینی نائب وزیرخارجہ کی ملاقات

    اردن کے شاہ عبداللہ نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور گارڈ آف آرنر پیش کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، خیال رہے پاکستان اور اردن کے درمیان حالیہ تجارتی حجم 75 ملین ڈالر ہے۔

    ملاقات کے حوالے سے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شاہ عبداللہ کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا، خصوصا ملک میں تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات بھی متوقع ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، مختلف منصوبوں کی منظوری

    قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، مختلف منصوبوں کی منظوری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کئی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کےلیے 23 ارب کے منصوبے کی منظوری دی گئی، جبکہ گریٹر کراچی سیوریج منصوبے کےلیے 23 ارب 11 کروڑ 70 لاکھ روپے منظور کیے گئے، اجلاس میں سیوریج منصوبے پر موثرعمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ پر بھی غور کیا گیا۔

    مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کااجلاس

    اجلاس میں وزیر اعظم صحت پروگرام فیز 2 کے لیے 33 ارب 63 کروڑ روپے منظور کیے گئے جبکہ جلال آباد پور آبپاشی نہر منصوبے کےلیے 32 ارب اور پاپن ڈیم منصوبے کےلیے 5 ارب 30 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔

    قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں 2010 کے سیلاب نقصانات کے ازالے کے لیے 20 ارب روپے منظور کر لیے گئے، دوسری جانب ایکنک کی ینسکام اسلام آباد فیزون، فاٹا میں غلانئی، اور مہمند کھاٹ روڈ منصوبے کی توسیع کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

    خیال رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے وزیر اعظم صحت پروگرام میں مالی معاونت کرنے سے معذرت کرلی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ  قبل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں نان فائلرز کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس میں 0.4 فیصد چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔