Tag: Prince Karim Aga Khan

  • پرنس کریم آغا خان کا انتقال، آج عام تعطیل کا اعلان

    پرنس کریم آغا خان کا انتقال، آج عام تعطیل کا اعلان

    اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال کے بعد گلگت بلتستان حکومت نے صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق آج 6 فروری کو صوبے بھرمیں عام تعطیل ہوگی، جس میں تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے، اور کاروباری مراکز بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    دوسری جانب سوگ کے دوران صوبے کی تمام سرکاری عمارتوں پر تین روز تک قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

    واضح رہے کہ پرنس کریم آغا خان چہارم کا پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں گزشتہ روز انتقال ہوگیا تھا، جنہوں نے 1957 میں اپنے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان کی وفات کے بعد اسماعیلی مسلمانوں کی قیادت سنبھالی تھی۔

    گلگت بلتستان میں اسماعیلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد آباد ہے، علاقے میں پرنس کریم آغا خان نے تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں بہت سے فلاحی کام بھی کیے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں ان کے لیے احترام موجود ہے۔

    مزید پڑھیں : پرنس رحیم آغا خان اسماعیلیوں کے 50 ویں امام مقرر

    واضح رہے کہ اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال کے بعد ان کے فرزند پرنس رحیم الحسینی (پرنس رحیم آغا خان) کو جانشین نامزد کردیا گیا ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں اپنے بیٹے پرنس رحیم آغا خان کو آئندہ امام نامزد کیا تھا، پرنس رحیم الحسینی کو ان کے والد مرحوم کی وصیت کے مطابق جانشین نامزد کیا گیا ہے۔

    اس بات کا اعلان پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں امام کے اہل خانہ اور سینیئر جماعتی رہنماؤں کی موجودگی میں کیا گیا۔

  • پرنس کریم آغا خان مرحوم کی زندگی پر ایک نظر

    پرنس کریم آغا خان مرحوم کی زندگی پر ایک نظر

    13دسمبر 1936اسماعیلی جماعت کے انچاسویں امام پرنس کریم آغا خان کی تاریخ پیدائش ہے۔ آپ سر سلطان محمد شاہ آغا خاں سوئم کے سب سے بڑے صاحبزادے پرنس علی خاں کے فرزند ہیں۔

    13 جولائی 1957ء کو اسماعیلی جماعت کے انچاسویں امام چنے گئے۔ ابتدائی تعلیم گھر پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر مصطفی کامل سے حاصل کی، اس کے بعد سوئٹزر لینڈ کے لے روزا اسکول میں داخل ہوگئے۔

    وہاں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد کچھ عرصہ انگلستان میں قیام کیا پھر 1954ء میں ہارورڈ یونیورسٹی (امریکہ) میں داخلہ لے لیا۔ وہاں زیر تعلیم تھے کہ آغا خان سوئم کی رحلت پر اسماعیلی جماعت کی امامت کامنصب سنبھالا۔

    آغا خان

    آپ انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، اطالوی اور ہسپانوی زبانوں میں خاصی استعداد رکھتے ہیں۔ آپ کو مشرق وسطیٰ کی تاریخ سے خاص شغف ہے۔

    اس کے علاوہ فٹ بال، ٹینس، کشتی رانی اور اسکیٹنگ آپ کے پسندیدہ کھیل ہیں، آغا خان سوم مرحوم شروع ہی سے آپ کو منصب امامت پر فائز کرنے کے متمنی تھے۔ چنانچہ انہوں نے آپ کی دینی تربیت پر خاص توجہ کی۔

    منصب امامت پر فائز ہونے کے بعد آپ کی گدی نشینی کی پہلی رسم 13 جولائی 1957ء کو جنیوا میں ادا کی گئی۔

    اس کے بعد یہ رسومات دارالسلام، نیروبی، کمپالا، کراچی، ڈھاکہ، بمبئی، کانگو اور مڈغاسکر وغیرہ میں ادا کی گئیں۔ ان تمام رسومات میں آپ کو امامت کی مہردار انگوٹھی، تلوار اور حبہ پیش کیا گیا تھا۔

    پرنس کریم آغا خان نے دادا آغا خان سوئم کی طرح اصلاحی کاموں میں بھرپور دلچسپی لیتے رہے آغا خان فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے زیر نگرانی دنیا بھر میں مدارس، اسپتال اور تحقیقاتی ادارے وغیرہ قائم کیے گئے ہیں۔

    پرنس کریم آغا خان کو مختلف ممالک نے مختلف خطابات اور اعزازات سے بھی نوازا ہے، جس میں حکومت برطانیہ کی جانب سے ہزہائی نس کا خطاب اور حکومت پاکستان کی جانب سے نشان امتیاز کا اعزاز بھی شامل ہے۔

  • پرنس کریم آغاخان کی میزبانی میں کمی برداشت نہیں کروں گا،وزیراعلیٰ سندھ

    پرنس کریم آغاخان کی میزبانی میں کمی برداشت نہیں کروں گا،وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پرنس کریم آغاخان کی میزبانی میں کمی برداشت نہیں کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسماعیلی کمیونٹی کےروحانی پیشوا پرنس کریم آغاخان کی کراچی آمد پر وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ پرنس کریم آغاخان 17 سال کےبعدکراچی آرہےہیں، پرنس کریم آغاخان کی میزبانی میں کمی برداشت نہیں کروں گا۔

    خیال رہے کہ پرنس کریم آغاخان 15سے 19دسمبر تک کراچی میں قیام کریں گے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔

    یاد رہے کہ پرنس کریم آغا خان 7دسمبرکو پاکستان پہنچے تھے ، پاکستان آمد پر خواجہ آصف اورطارق فضل چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔


    مزید پڑھیں : صدرممنون حسین کی پرنس کریم آغا خان سے ملاقات


    پرنس کریم آغاخان نے وفد کے ہمراہ صدرممنون حسین اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔

    صدرمملکت نےپاکستان میں آغاخان فاؤنڈیشن کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آغاخان عالمی امن واستحکام کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں، ثقافتی ورثے کی حفاظت کےحوالے سے آغا خان فاؤنڈیشن نےشاندارخدمات انجام دیں۔

    اس موقع پر اسماعیلی کمیونٹی کےروحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان نے کہا کہ تعلیمی، طبی اور دیہی ترقی میں خدمات میں اضافہ کیا جائے گا، غربت کے خاتمے کیلئے مزید پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

    پرنس کریم آغا خان حکومت کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • صدرممنون حسین کی پرنس کریم آغا خان سے ملاقات

    اسلام آباد: صدرممنون حسین نے اسماعیلی کمیونٹی کےروحانی پیشوا پرنس کریم آغاخان سے ملاقات کی اور آغا خان کی عالمی امن و استحکام اور ہم آہنگی کے لیے خدمات کوسراہا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرممنون حسین سے پرنس کریم آغاخان کی انکے وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیرمملکت فضل چوہدری،سیکریٹری خارجہ اوراعلی حکام شریک ہوئے۔

    صدرمملکت نےپاکستان میں آغاخان فاؤنڈیشن کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آغاخان عالمی امن واستحکام کیلئےگرانقدرخدمات انجام دے رہے ہیں، ثقافتی ورثے کی حفاظت کےحوالے سے آغا خان فاؤنڈیشن نےشاندارخدمات انجام دیں۔

    اس موقع پر اسماعیلی کمیونٹی کےروحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان نے کہا کہ تعلیمی، طبی اور دیہی ترقی میں خدمات میں اضافہ کیا جائے گا، غربت کے خاتمے کیلئے مزید پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشواپرنس کریم آغا خان کی پاکستان آمد پر خواجہ آصف اورطارق فضل چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔

    پرنس کریم آغا خان حکومت کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پرنس کریم آغا خان کی امن کیلئے گرانقدرخدمات ہیں، پرنس کریم آغا خان صدر ، وزیراعظم شاہدخاقان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم شاہدخاقان پرنس کریم آغاخان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پرنس کریم آغا خان کو ایشیا گیم چینجر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا

    پرنس کریم آغا خان کو ایشیا گیم چینجر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا

    نیویارک : ایشیا سوسائٹی کی جانب سے پرنس کریم آغا خان کو انسانیت کیلئے خدمات پر ایشیا گیم چینجر کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔

    اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کو گیم چینجر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2017 کیلئے نامزد کردیا گیا، انہیں یہ ایوارڈ ایشیا سوسائٹی آف امریکہ کے زیراہتمام ہونے والی تقریب میں دیا جائے۔

    پرنس کریم آغا خان کو یہ ایوارڈ ان کی انسانیت کیلئے گران قدر خدمات پر دیا جائے گا۔

    آغا خان ٹرسٹ کے تحت دنیا بھر میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں کام کئے جارہے ہیں، اس کے علاوہ آغا خان نے امن و اخوت کیلئے بھی خدمات سرانجام دیں ہیں۔

    ایوارڈ کی تقریب یکم نومبر کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منقعد کی جائے گی ، تقریب میں ایشیائی سے تعلق رکھنے دیگر افراد کو بھی مختلف ایوارڈ دیئے جائیں گے۔

    خیال رہے ایشیا سوسائٹی کی جانب سے 2014 میں ایشیا گیم چینجرز ایوارڈ کا آغاز کیا گیا تھا، ایوارڈ کو حقیقی رہنماؤں کی شناخت اور اعزاز دینے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو ایشیا اور دنیا کے مستقبل کیلئے تبدیلی لانے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔