Tag: prince muhammad bin salman

  • سعودی شہزادے محمد بن سلمان کے بیٹے کی تصویر نے دھوم مچادی

    سعودی شہزادے محمد بن سلمان کے بیٹے کی تصویر نے دھوم مچادی

    ریاض : سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بیٹے کی تصاویر سوشل میڈیا پر چھا گئیں، شہزادہ سلمان نے الہلال کلب کا دورہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بیٹے شہزادہ سلمان نے گزشتہ روز الہلال کلب کا دورہ کیا تھا، جہاں ان کی خوشگوار موڈ میں لی گئیں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    ان کی یہ تصاویر الہلال کلب کے چیئرمین فہد بن نافل کے ساتھ ہیں، سعودی ولی عہد کے بیٹے نے اتوار کو الہلال کلب کا دورہ کیا تھا اور وہ نیلے رنگ کی شرٹ پہنے ہوئے تھے۔

    الہلال کلب کے ممبران کو جیسے ہی پتہ چلا کہ سعودی ولی عہد کے صاحبزادے نے کلب کا دورہ کیا ہے تو ان میں خوشی کی لہر دور گئی، اور سب نے وہ تصاویر سوشل میڈیا پر اپنے اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کیں۔

    جس پر لوگوں نے شہزادے سے اپنی محبت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے کمنٹ میں ان کیلئے نیک تمنائیں دعائیہ تبصرے کیے۔

  • سعودی حکومت رضامند، پاکستانی حجاج کے لیے دو بڑی خوش خبریاں

    سعودی حکومت رضامند، پاکستانی حجاج کے لیے دو بڑی خوش خبریاں

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے رواں برس کے لیے پاکستان کا حج کوٹہ بڑھا دیا جبکہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دینے کی تجویز تسلیم کرلی۔

    سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اُن کی سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے حج کوٹہ بڑھانے کا اعلان کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے رواں برس حج کوٹہ 1 لاکھ 84 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کردیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ عادل الجبیر کو فون کر کے اُن کا اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: قومی حج پالیسی 2019 منظور، سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ، سہولیات پر سمجھوتا نہ کرنے کا اعلان

    دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور  اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ سروس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے دورہ پاکستان کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی کہ سعودی پاکستانی حجاج کو آسان سہولیات فراہم کرے تاکہ سب آسانی کے ساتھ فریضہ مقدس ادا کرسکیں۔

    نورالحق قادری کا کہنا تھاکہ پاکستانی حجاج کو ویزہ اُن کی دہلیز پر ہی مل جائے گا، ابتدائی مرحلے میں ای ویزہ سروس لاہور اور اسلام آباد میں شروع کی جائے گی بعد ازاں کراچی میں بھی اسے شروع کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: دوسری بار عمرے پر جانے والے کو 2 ہزار ریال اضافی ادا کرنا ہوں گے، وفاقی وزیر

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حجاج کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ انہیں ای ویزہ فراہم کیا جائے کیونکہ سعودی عرب کے ائیرپورٹس پر انتظار میں بہت زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔

  • محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف وزارتِ داخلہ کا ایکشن

    محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف وزارتِ داخلہ کا ایکشن

    اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کے لیے وزارتِ داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور متعلقہ محکموں کو خط ارسال کردیا۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد، تمام صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کو خط ارسال کیا گیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر چند تنظیمیں اور اُن سے وابستہ افراد ولی عہد کی آمد سے متعلق منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں، اب تک فیس بک کے 5 مختلف پیجز، 19 فیس بک اکاؤنٹس اور 20 ٹویٹر اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی جو بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں۔

    وزارتِ داخلہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم اور پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ مذکورہ اکاؤنٹس کو فوری بلاک کر کے ان کو چلانے والوں اور ایڈمنز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل پاکستان پہنچیں گے، اس ضمن میں حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے جبکہ جڑواں شہروں کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔

    محمد بن سلمان کا طیارہ جیسے ہی پاکستان کی حدود میں داخل ہوگا انہیں پاک فضائیہ کا شیر دل اسکواڈ جے ایف 17 سے فضاء میں سلامی دے گا جبکہ 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی۔ حکومت نے شاہی مہمان کی آمد کے موقع پر شاہی انتظامات کیے، تین سو جدید گاڑیوں کی بکنگ جبکہ ہوٹلز کی بکنگ بھی کرلی جبکہ جڑواں شہروں کی سیکیورٹی پاک فوج نے سنبھال لی۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان آمد پر وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے متبادل ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔