Tag: Prince William

  • شہزادہ ولیم نے کیٹ مڈلٹن کی صحت سے متعلق کیا کہا؟

    شہزادہ ولیم نے کیٹ مڈلٹن کی صحت سے متعلق کیا کہا؟

    برطانوی شہزادہ ولیم نے اپنی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی صحت سے متعلق لب کشائی کی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کینسر سے بچاؤ کی کیموتھراپی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔

    شہزادہ ولیم سے برطانیہ میں اسپتال کے دورے کے موقع پر کیٹ مڈلٹن کی صحت سے متعلق سوال کیا گیا جس پر اُن کا کہنا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں، شکریہ۔

    یاد رہے کہ کیٹ مڈلٹن کا مارچ میں دیئے گئے بیان میں کہنا تھا کہ اس سال کی ابتداء میں پیٹ کی سرجری کے بعد انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کا وہ علاج کرا رہی ہیں۔

    دوسری جانب برطانوی شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کی خوفناک انسانی قیمت پر شدید فکرمند ہوں، اس تنازع میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔

    شہزادہ ولیم پر امریکی اخبار میں طنزیہ کارٹون شائع

    برطانوی شہزادے ولیم کا کہنا تھا کہ میں بھی سب کی طرح اس جنگ کا جلد از جلد خاتمہ چاہتا ہوں، غزہ میں اس وقت انسانی امداد کی شدید ضرورت ہے، یہ انتہائی اہم ہے کہ غزہ میں امداد پہنچے اور یرغمالیوں کو بھی رہائی ملے۔

  • شہزادہ ولیم پر امریکی اخبار میں طنزیہ کارٹون شائع

    شہزادہ ولیم پر امریکی اخبار میں طنزیہ کارٹون شائع

    برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے منظر عام سے غائب ہونے اور مدرز ڈے کے موقع پر ان کی جعلی تصویر سامنے آنے کے معاملے پر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے شہزادہ ولیم پر ایک طنزیہ کارٹون شائع کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کے روز واشنگٹن پوسٹ کی ویب سائٹ پر شائع کیے گئے ادارتی کارٹون میں یہ تاثر دیا گیا کہ کیٹ مڈلٹن کے منظر عام سے غائب ہونے اور مدرز ڈے پر ان کی اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ تصویر سامنے آنے میں شہزادہ ولیم ملوث ہیں۔

    واشنگٹن پوسٹ میں شائع کارٹون میں شہزادہ ولیم کو شہزادی کیٹ مڈلٹن کی ایک گتے پر بنی ہوئی تصویر کو پکڑ کر اسے تاروں سے کنٹرول کرتے اور کینسنگٹن پیلس کی کھڑکی سے لہراتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے گزشتہ ہفتے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مدرز ڈے کے موقع پر اپنے بچوں کے ہمراہ شیئر کی گئی تصویر میں ترمیم کرنے کا اعتراف کرکے میڈیا اور انٹرنیٹ صارفین کی خصوصی توجہ حاصل کی تھی۔

    جوبائیڈن نے پیوٹن کی بدترین توہین کردی ۔۔

    واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے یہ طنزیہ کارٹون اس لیے شائع کیا گیا ہے کیونکہ شہزادہ ولیم کیٹ مڈلٹن کی سرجری کے بعد سے بالکل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

  • برطانوی شہزادہ ولیم کا غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

    برطانوی شہزادہ ولیم کا غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

    برطانوی شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کی خوفناک انسانی قیمت پر شدید فکرمند ہوں، اس تنازع میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی شہزادے ولیم کا کہنا تھا کہ میں بھی سب کی طرح اس جنگ کا جلد از جلد خاتمہ چاہتا ہوں، غزہ میں اس وقت انسانی امداد کی شدید ضرورت ہے، یہ انتہائی اہم ہے کہ غزہ میں امداد پہنچے اور یرغمالیوں کو بھی رہائی ملے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کا کہنا ہے کہ یہ غزہ جنگ بندی کی قرارداد کا وقت نہیں ہے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اب الجزائر کی طرف سے لائی گئی قرارداد پر ووٹنگ کے لیے اجلاس کر رہی ہے جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے پہلے ہی اس قرارداد کو ویٹو کرنے کا فیصلہ ٹیلی گراف کر دیا ہے۔

    سلامتی کونسل کے سامنے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر الجزائر کی قرارداد منظور ہوتی ہے تو وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ہونے والے مذاکرات کے خلاف کام کرے گی۔

    غزہ میں خوراک کی قلت: امریکا نے جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کر دی

    انہوں نے کہا یہ کونسل جو بھی اقدام کرتی ہے اس سے مدد ملنی چاہیے اور ان حساس اور جاری مذاکرات میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے لیکن ہمیں یقین ہے کہ یہ قرارداد ان مذاکرات پر منفی اثر ڈالے گی۔

  • شاہ چارلس کی غیر موجودگی میں شاہی فرائض کون ادا کرے گا؟

    شاہ چارلس کی غیر موجودگی میں شاہی فرائض کون ادا کرے گا؟

    لندن: برطانوی بادشاہ چارلس کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات کے بعد شاہی فرائض کی انجام دہی کا بوجھ شہزادہ ولیم کے کندھوں پر آ پڑا ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم میں کینسر کے مرض کی تشخیص کے بعد ولئ عہد ولیم سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے والد کی غیرموجودگی میں شاہی فرائض انجام دیں گے۔

    41 سالہ ولئ عہد ولیم نے اپنی اہلیہ شہزادی کیتھرین کے آپریشن کے بعد سے عوامی مصروفیات معطل کی ہوئی ہیں، اور وہ شہزادی کیتھرین اور تین بچوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔

    تاہم والد میں کینسر کی اچانک تشخیص کے بعد گزشتہ روز سے شہزادہ ولیم نے اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ شاہی سطح پر پیدا ہونے والے خلا کو پُر کیا جا سکے، ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ والد کے بھی کچھ فرائض انجام دیں گے، اس دوران شاہ چارلس کی بیٹی شہزادی این اور ملکہ کمیلا بھی ولئ عہد کا ساتھ دیں گی۔

    واضح رہے کہ بکنگھم پیلس نے شاہ چارلس کی بیماری کے حوالے سے تاحال تفصیلات جاری نہیں کیں، کہ وہ کینسر کی کون سی قسم میں مبتلا ہیں، برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے تصدیق کی تھی کہ شاہ چارلس کا کینسر ابتدائی اسٹیج کا ہے۔

  • نیٹ فلیکس سیریز: ہیری نے اپنے بھائی پرنس ولیم کو میڈیا حملوں‌ کا ذمہ دار قرار دے دیا

    نیٹ فلیکس سیریز: ہیری نے اپنے بھائی پرنس ولیم کو میڈیا حملوں‌ کا ذمہ دار قرار دے دیا

    لندن: نیٹ فلیکس سیریز کی نئی اقساط میں پرنس ہیری نے اپنے بھائی پرنس ولیم کو میڈیا حملوں‌ کا ذمہ دار قرار دے دیا، انھوں نے کہا پرنس ولیم کے معاونین میڈیا میں ہمارے خلاف منفی کہانیوں میں ملوث تھے۔

    جمعرات کو نیٹ فلیکس پر جاری ہونے والی دستاویزی سیریز کی نئی اقساط میں شہزادہ ہیری نے برطانوی شاہی خاندان پر تازہ تنقید کی، انھوں نے پرنس ولیم کے معاونین پر ان کے خلاف میڈیا میں کہانیاں لیک کرنے کا الزام لگایا۔

    پرنس ہیری نے کہا تین سال قبل جب میں نے سرکاری شاہی کردار کو چھوڑنے کے بارے میں بات کی تو ولیم (جو اب تخت کا وارث ہے) ان پر چیخ پڑا تھا، سیریز میں ہیری نے میگھن کے اسقاط حمل کے لیے پریس کو ذمہ دار قرار دیا۔

    پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی اقساط کی پہلی قسط میں، پرنس ہیری نے شاہی خاندان پر کچھ زیادہ تنقید نہیں کی تھی لیکن آخری تین اقساط میں ہیری نے اپنے رشتہ داروں پر الزام لگایا کہ وہ نہ صرف پریس میں منفی کوریج کو روکنے میں ناکام رہے، بلکہ فعال طور پر اس کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ ایک گندا کھیل تھا، نہ صرف کہانیاں لیک کی جا رہی تھیں بلکہ بنائی بھی جا رہی تھیں۔

    پرنس ہیری نے کہا کہ ہم دونوں بھائیوں نے اچھی طرح دیکھ لیا تھا کہ ہمارے والد اور والدہ شہزادی ڈیانا کی شادی کس طرح میڈیا کی چکاچوند کے درمیان ٹوٹی تھی، اس لیے ہم نے طے کیا تھا کہ ایسا دوبارہ کبھی نہیں ہونے دیں گے، لیکن میرے بھائی کے آفس نے وہی سب کچھ دہرایا جس سے میرا دل ٹوٹ گیا۔

    انھوں نے سینڈرنگھم اسٹیٹ میں منعقدہ ایک سربراہی اجلاس کی یادیں سنائیں، جس میں انھوں نے مرحوم ملکہ الزبتھ، چارلز اور ولیم کے ساتھ شرکت کی تھی، ہیری نے کہا میرا بھائی مجھ پر چیخا چلایا، اور میرے والد نے ایسی باتیں کیں جو بالکل بھی سچ نہیں تھیں، اور میری دادی خاموشی سے وہاں بیٹھ کر یہ سب دیکھتی رہیں۔

    واضح رہے کہ بکنگھم پیلس اور پرنس ولیم کے دفتر کنسنگٹن پیلس، دونوں نے کہا ہے کہ وہ ان دستاویزی فلموں پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

  • برطانوی شہزادہ ولیم کی خلائی سفر کرنے والوں پر کڑی تنقید

    برطانوی شہزادہ ولیم کی خلائی سفر کرنے والوں پر کڑی تنقید

    لندن : برطانوی شہزادہ ولیم نے خلائی دوڑ میں شامل ارب پتیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سب سے پہلے زمین کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیوک آف کیمرج کا کہنا تھا کہ آب و ہوا غیر فعال ہونے سے ہمارے بچوں کا مستقبل خطرے میں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دنیا کے کچھ عظیم ذہنوں کی ضرورت ہے جو اس سیارے (زمین) کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں نہ کہ رہنے کے لیے اگلی جگہ تلاش کریں۔

    برطانوی شہزادے کا یہ انٹرویو اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کے اس بیان کے چند روز بعد آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا وہ سیارے پر ٹیسلا کاریں بنانے کی خواہش رکھتے ہیں، ایلون مسک مریخ پر شہر بسانے کا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں۔

    دنیا کی امیر ترین شخصیات اس وقت خلا میں جانے کی دوڑ میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی جنگ میں شامل ہیں جن میں ایلون مسک کے ساتھ جیف بیزوس کا نام سر فہرست ہے۔

    The BBC's Adam Fleming with Prince William

    ایمازون اور بلیو اوریجن کے مالک جیف بیزوس پہلے ارب پتی شخص ہیں جو خلا کا سفر کرکے بھی آچکے ہیں، اور مزید لوگوں کو وہاں بھیجنے کے خواہاں ہیں جس پر اربوں ڈالرز لگائے جارہے ہیں۔

    ایلون مسک نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ 2050 تک ایک ملین لوگوں کو مریخ پر پہنچائیں گے جس کے لیے وہ ایک دن میں سو لوگوں پر مشتمل تین پروازیں مریخ روانہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

  • ہیری میگھن انٹرویو : شہزادہ ولیم بھی میدان میں آگئے

    ہیری میگھن انٹرویو : شہزادہ ولیم بھی میدان میں آگئے

    برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے شاہی خاندان پر نسل پرستی کے الزامات کے بعد شہزادہ ولیم برطانوی شاہی خاندان کے دفاع میں میدان میں آگئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کو شہزادہ ولیم نے مشرقی لندن میں واقع ایک اسکول کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خاندان نسل پرست نہیں ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اتوار کو امریکہ میں انٹرویو نشر ہونے کے بعد سے ابھی تک ان کی شہزادہ ہیری سے بات نہیں ہوئی ہے۔ میں ابھی تک ان سے بات نہیں کرسکا ہوں لیکن میں کروں گا۔

    علاوہ ازیں شہزادہ ہیری اور میگھن کے الزامات کے بعد ہر کوئی ملکہ الزبتھ کے بیان کا شدت سے انتظار کر رہا تھا اور بالآخر منگل کو انہوں نے اپنی خاموشی توڑی۔

    بکنگھم پیلس کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا کہ ملکہ الزبتھ، شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کو درپیش مشکلات پر افسردہ ہیں اور شاہی خاندان پر نسل پرستی کے الزامات کو سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔

    بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ بکنگھم پیلس جوڑے کے ان الزامات کا بھی جائزہ لے رہا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ شاہی خاندان کے ایک رکن نے شہزادہ ہیری سے ان کے بیٹے کی پیدائش سے پہلے یہ جاننا چاہا تھا کہ ان کے بچے کی ر نگت کتنی سانولی ہوگی۔

    شہزادہ چارلس کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم منگل کو انہیں لندن میں ایک نائجیرین مسیحی چرچ کا دورہ کرتے دیکھا گیا جہاں کے پادری سیاہ فام افراد کو ویکسین لگوانے کی مہم چلا رہے ہیں۔

    برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے گزشتہ دنوں معروف امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفری کو دو گھنٹے کا طویل انٹرویو دیا تھا۔

    شاہی خاندان سے ایک سال قبل علیحدگی کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں میگھن مرکل نے کہا کہ انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان کو یہاں تک اعتراض تھا کہ ہمارے بچے کی رنگت کالی ہوگی۔ بچے کی پیدائش کے بعد بھی شاہی خاندان کی تصویر کھنچوانے کے بارے میں پوچھا تک نہیں گیا۔

  • شہزادہ ولیم میں کرونا وائرس کی تشخیص شاہی خاندان نے خفیہ رکھی

    شہزادہ ولیم میں کرونا وائرس کی تشخیص شاہی خاندان نے خفیہ رکھی

    لندن: ایک برطانوی اخبار کا دعویٰ ہے کہ شاہی خاندان کے رکن اور ولی عہد شہزادہ چارلس کے بیٹے شہزادہ ولیم اپریل میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے تاہم اس بات کو عوام سے خفیہ رکھا گیا۔

    برطانوی اخبار دی سن کی جانب سے شائع شدہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم اپریل میں کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں تاہم یہ معاملہ خفیہ رکھا گیا تاکہ قوم میں تشویش نہ بڑھے۔

    برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ اپریل میں شاہی خاندان نے ان کا علاج خفیہ رکھا۔

    رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم نے 9 سے 16 اپریل کے دوران شاہی امور سے 7 دن کا وقفہ لیا تھا جس کے دوران انہوں نے کسی ویڈیو کال یا پیغام میں حصہ نہیں لیا۔

    اخبار کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ شہزادے نے ایک تقریب کے دوران اپنے کسی جاننے والے کو خود بتایا کہ کوویڈ کی تشخیص کے بعد انہوں نے اسے اس لیے چھپایا کیونکہ اس وقت اور بہت سے ضروری معاملات چل رہے تھے جن کی طرف توجہ دینا زیادہ ضروری تھا۔

    مذکورہ اخبار نے اس حوالے سے شاہی محل سے رابطہ کیا تاہم محل کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا، البتہ اب تک شاہی محل کی جانب سے اس رپورٹ کی تردید بھی نہیں کی گئی۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ولیم کے والد ولی عہد شہزادہ چارلس بھی مارچ میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے، انہیں شاہی محل میں قرنطینہ کردیا گیا تھا اور اس دوران وہ آئسولیشن میں رہتے ہوئے اپنی شاہی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔

    دوسری جانب برطانیہ میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے جس کے باعث ملک میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کا اطلاق جمعرات 5 نومبر سے ہوگا اور 2 دسمبر تک جاری رہے گا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے جبکہ بار اور کلبز بند رہیں گے، اس دوران بیرون ملک سفر اور سماجی میل جول پر پابندی ہوگی البتہ کام کے لیے دوسرے شہر جانے کی اجازت ہوگی۔

  • شاہی خاندان میں ملازمت حاصل کرنے کا نادر موقع، شہزادہ ولیم نے اعلان کردیا

    شاہی خاندان میں ملازمت حاصل کرنے کا نادر موقع، شہزادہ ولیم نے اعلان کردیا

    لندن: برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن نے شاہی خاندان میں آسامی کا اعلان کردیا۔

    اگر آپ برطانوی شاہی خاندان کے مداح ہیں اور شاہی محل میں رہنے کی خواہش رکھتے ہیں تو آپ کے لیے نادر موقع ہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن، ڈیوک اور ڈچس آف کیمبرج نئے گھریلو ملازموں کی خدمات حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

    شاہی جوڑےکی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’نوکری کے خواہش مند افراد کو مستقل طور پر کنگسٹن پیلس میں خدمات انجام دینا ہوں گی۔

    اعلامیے کے مطابق ولیم اور کیٹ عہدے کے لیے ایک تجربہ کار شخص کی تلاش میں ہیں، ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند شخص کی ذمہ داریوں میں کنگسٹن پیلس کے تمام ہاؤس کیپنگ آپریشنز کا انتظام کرنا شامل ہے۔

    علاوہ ازیں ملازم کو سفر (ٹریول) بھی کرنا ہوگا اور کام کی نوعیت کے حساب سے ملازم کو امور انجام دینا بخوبی آتا ہوں، اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’امیدوار کے لیے شاہی خاندان کی رازداری برقرار رکھنا سب سے اہم کام ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق ملازمت کے اہل شخص کو شاہی خاندان کی جانب سے 19 ہزار 140 پاؤنڈ (39 لاکھ 93 ہزار 288 روپے) ماہانہ تنخواہ دی جائے گی، شاہی خاندان میں رہنے کا موقع میسر آئے گا اور تمام سفری اخراجات ادا کیے جائیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق درخواست دہندگان کو 7 نومبر تک اپنے کوائف جمع کروانا لازمی ہیں۔

  • برطانوی شہزادے کی 99 سالہ ہیرو کے لیے خفیہ امداد

    برطانوی شہزادے کی 99 سالہ ہیرو کے لیے خفیہ امداد

    لندن: برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے لیے لاکھوں پاؤنڈز کی خطیر رقم جمع کرنے والے سابق فوجی کیپٹن ٹام مور کو اس وقت ہیرو مانا جارہا ہے، کیپٹن کو برطانوی شہزادے ولیم نے بھی خفیہ طور پر رقم روانہ کی تھی۔

    برطانیہ کے شاہی محل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہزادہ ولیم نے کیپٹن ٹام مور کو ایک خطیر رقم عطیہ کی ہے جسے اب تک ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

    شہزادہ ولیم نے اپنے گھر سے ریکارڈڈ ایک ویڈیو میں کیپٹن کی تعریف اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ 99 سالہ کیپٹن کے جذبے سے تمام لوگ بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کیپٹن عطیات جمع کرنے والی مشین بن گئے ہیں اور خدا ہی جانتا ہے کہ ان کی عطیہ کی گئی رقم کتنی ہوگی۔ شہزادے کی کزن شہزادی یوجنی نے بھی ٹویٹر پر کیپٹن کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

    دوسری جانب این ایچ ایس کا اسٹاف بھی کیپٹن کا بے حد مشکور ہے۔

    ادھر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ کیپٹن مور کی خدمات کا کیسے اعتراف کیا جائے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ فوج میں اپنی خدمات سے لے کر، ریٹائرمنٹ کے بعد این ایچ ایس اسٹاف کی مدد کرنے تک، ٹام کی خدمات ناقابل فراموش اور قابل تقلید ہیں۔

    خیال رہے کہ دوسری جنگ عظیم میں برطانوی فوج کی جانب سے لڑنے والے ٹام مور نے این ایچ ایس کے لیے 90 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کی رقم جمع کرلی۔

    کیپٹن ٹام نے اپنے گارڈن میں واک کرتے ہوئے شہریوں سے فنڈز کی اپیل کی جس پر عوام کا بھرپور رد عمل آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے 90 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کی رقم اکٹھا ہوگئی۔

    کیپٹن ٹام نے اپنے گھر کے گارڈن کے 100 چکر پورے کر کے 1 ہزار پاؤنڈز جمع کرنے کا ہدف بنایا تھا لیکن عوام نے پیسوں کے ڈھیر لگا دیے، ٹام 30 اپریل کو 100 برس کے ہوجائیں گے، ان کی ہمت اور جذبے کے باعث برطانوی عوام نے انہیں ہیرو قرار دیا ہے۔