Tag: Princess

  • سعودی شہزادی انتقال کرگئیں

    سعودی شہزادی انتقال کرگئیں

    سعودی شہزادی نورہ بنت فیصل بن عبدالعزیز انتقال کرگئیں، نماز جنازہ کل بعد نماز عصر جامع مسجد ریاض میں ہوگی۔

    سعودی ایوان شاہی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سعودی شہزادی شہزادی نورہ بنت فیصل بن عبدالعزیزانتقال کرگئیں ہیں۔

    ترجمان ایوان شاہی کے مطابق شہزادی نورہ گلوبل فیشن ہیروس کمپنی کی بانی اورایگزیکٹو چیئرپرسن کے ساتھ سعودی الازیاۃ کی ایگزیکٹو چیئرپرسن بھی تھیں۔

    ترجمان کے مطابق شہزادی نورہ سعودی فیشن ویک کا اہتمام کیا کرتی تھیں اور اپریل 2018 میں مملکت کی تاریخ میں پہلی بارفیشن ویک کا انعقاد کیا تھا، سعودی فیشن ویک کا اہتمام محکمہ تفریحات کی شراکت سے کیا گیا تھا۔

    شہزادی نورہ کوعربی کےعلاوہ انگریزی، فرانسیسی اور جاپانی زبانوں پرعبور حاصل تھا۔

    ترجمان سعودی ایوان شاہی نے بتایا کہ شہزادی کی نمازجنازہ کل عصرکےبعدجامع مسجد ریاض میں پڑھائی جائے گی۔

  • سعودی شہزادی کا انتقال

    سعودی شہزادی کا انتقال

    ریاض: سعودی عرب کی شہزادی نورہ بنت فہد بن محمد بن عبدالرحمٰن انتقال کر گئیں، شہزادی کی تدفین آج بروز سوموار ہوگی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ایوان شاہی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہزادی نورہ بنت فہد بن محمد بن عبدالرحمٰن آل سعود کا اتوار کو انتقال ہوگیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ تدفین پیر کو ہوگی، نمازجنازہ کہاں ہوگی اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔

    شہزادی نورہ کے والد شہزادہ فہد بن محمد بن عبدالرحمٰن بن فیصل آل سعود تھے، یہ شہزادہ محمد بن عبدالرحمٰن آل سعود کے دوسرے بیٹے اور شہزادہ خالد بن محمد بن عبدالرحمٰن کے سگے بھائی تھے۔

    2 روز قبل سعودی شہزادے ترکی بن ناصر بن عبد العزیز السعود بھی 72 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔

    ترکی بن ناصر کی نماز جنازہ اتوار کو مملکت کے دارالحکومت ریاض میں ادا کی گئی تھی۔

  • ننھے شہزادوں کے جانوروں کے بارے میں معصومانہ سوالات

    ننھے شہزادوں کے جانوروں کے بارے میں معصومانہ سوالات

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کے ننھے شہزادوں کی نئی ویڈیو نے عوام کا دل موہ لیا جو سر ڈیوڈ ایٹنبرو سے جانوروں کے بارے میں معصومانہ سوالات کر رہے ہیں۔

    برطانیہ کے شاہی خاندان کے سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی ویڈیو میں ننھے شہزادوں اور سر ڈیوڈ ایٹنبرو کے درمیان سوال و جواب کا سلسلہ جاری ہے۔

    ویڈیو میں ولی عہد شہزادہ چارلس کے تینوں پوتے یعنی شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے بچوں کو دکھایا گیا ہے، جارج، شارلٹ اور لوئس سر ڈیوڈ ایٹنبرو کے ساتھ معصومانہ گفتگو کر رہے ہیں۔

    سر ایٹنبرو ماہر ماحولیات و جنگلی حیات ہیں اور طویل عرصے سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے ساتھ وابستہ رہے، بی بی سی کے پلیٹ فارم سے انہوں نے ماحول اور جنگلی حیات پر بے شمار ایوارڈ یافتہ دستاویزی فلمیں اور پروگرام تخلیق کیے ہیں جس سے جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بڑے پیمانے پر کام ہوا۔

    جنگلی حیات کے بچاؤ کے لیے کی جانے والی ان کی کوششوں کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے، انہیں متعدد اعزازات، ایوارڈز اور ڈگریوں سے نوازا جاچکا ہے۔

    ان کی گراں قدر خدمات کے صلے میں ملکہ برطانیہ نے انہیں نائٹ ہڈ یا سر کے خطاب سے بھی نوازا ہے، سر ایٹنبرو کو برطانیہ کا اثاثہ کہا جاتا ہے، انہی سر ایٹنبرو نے ننھے شہزادوں کے سوالات کے جواب دیے جسے سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    شہزادہ جارج نے پوچھا کہ آپ کے خیال میں اب کون سا جانور جلد معدوم ہوجائے گا؟ ڈیوڈ ایٹنبرو نے کہا کہ امید ہے کہ اب کوئی جانور معدوم نہیں ہوگا کیونکہ جانور جب خطرے کا شکار ہوتے ہیں تو ہم ان کے لیے بہت کچھ کرسکتے ہیں۔

    سر ایٹنبرو نے بتایا کہ 40 سال قبل انہوں نے افریقہ کے پہاڑی گوریلاز کے بارے میں فلم بنائی تھی، اس وقت وہ معدومی کے خطرے کا شکار تھے اور ان کی تعداد صرف 250 تھی۔

    ان کی فلم کے بعد بہت سے لوگوں نے گوریلاز کی حفاظت کے لیے کام شروع کردیا اور مالی امددا بھی کی، آج ان گوریلاز کی تعداد ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ ’اگر آپ چاہیں تو جانوروں کو بچا سکتے ہیں‘۔

    ننھی شارلٹ نے پوچھا کہ مجھے مکڑیاں بہت پسند ہیں، کیا آپ کو بھی مکڑیاں پسند ہے؟ جس پر سر ایٹنبرو نے کہا کہ مجھے مکڑیوں سے بہت محبت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مکڑیاں بہت اچھی ہوتی ہیں، پتہ نہیں کیوں لوگ ان سے خوفزدہ ہوتے ہیں، شاید ان کی 8 ٹانگوں کی وجہ سے، لیکن مکڑیاں بہت چالاک ہوتی ہیں، وہ جس طرح سے اپنا جالا بناتی ہیں وہ نہایت غیر معمولی کام ہے اور اس کے لیے نہایت مہارت و نفاست درکار ہے۔

    سر ایٹنبرو نے ننھی شارلٹ کو مکڑی کا جالا بنتے وقت اس کا مشاہدہ کرنے کی بھی تاکید کی۔

    سب سے چھوٹے لوئس نے سر ایٹنبرو سے پوچھا کہ انہیں کون سا جانور پسند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں بندر پسند ہیں، کیونکہ وہ بہت اچھلتے ہیں اور مزاحیہ ہیں، اور بالکل بھی نہیں کاٹتے۔

    سر ایٹنبرو نے کہا کہ بندر گھر میں نہیں رکھے جاسکتے لہٰذا گھر میں رکھنے کے لیے انہیں بلی یا کتے میں سے کسی ایک کا مشکل انتخاب کرنا ہوگا، وہ کتا رکھنا پسند کریں گے۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے چند دن قبل ہی سر ایٹنبرو سے ملاقات کی تھی، شاہی خاندان تحفظ جنگلی حیات کے لیے نہ صرف ان کی خدمات کا معترف ہے بلکہ ملکہ برطانیہ سمیت تمام شاہی ارکان کسی نہ کسی طرح ان کے ساتھ کام کرتے رہتے ہیں۔

  • ملکی تاریخ میں‌پہلی بار تھائی لینڈ کی شہزادی نے شاہی روایات توڑ دیں

    ملکی تاریخ میں‌پہلی بار تھائی لینڈ کی شہزادی نے شاہی روایات توڑ دیں

    بینکاک: تھائی لینڈ کی شہزادی یبول ریتنا نے شاہی روایات توڑتے ہوئے وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاست سے دور رہنے والے تھائی لینڈ کے شاہی خاندان کی شہزادی نے وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر کے شاہی روایات کو توڑ دیا۔

    تھائی لینڈ کی تاریخ میں اب تک شاہی خاندان سیاست سے دور ہی رہا ہے تاہم شہزادی نے انتخابی دنگل میں حصہ لینے کا غیر معمولی اعلان کر کے سب کو حیران کردیا۔

    تھائی لینڈ میں رواں برس چوبیس مارچ کو انتخابات ہوں گے، تھائی لینڈ کے موجودہ بادشاہ کی سب سے بڑی بہن سرسٹھ سالہ شہزادی اتحادی جماعت تھائی رسکا چارٹ کی مشترکہ امیدوار ہوں گی۔

    دوسری جانب تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرل ونگ کورن نے اس اقدام پر شہزادی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ان کا کہنا ہے کہ میری بڑی ہمشیرہ وزیراعظم کے لیے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں جو نامناسب اور شاہی خاندانی روایات کے خلاف ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یبول ریتنا کے لیے یہ مختصر سا سیاسی سفر ہوگا، شاہی خاندان کے رسم ورواج کو توڑنا انتہائی نامناسب ہے۔

    دوسری جانب شہزادی نے سوشل میڈٰیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹی رکسا چارٹ کی جانب سے وزیراعظم کے لیے امیدوار منتخب کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ تھائی لینڈ کی شہزادی یبول ریتنا نے شاہی خاندان کی روایت توڑ کر 1972 میں امریکی شہری سے شادی کی تھی تاہم ازدواجی زندگی کامیاب نہ ہوسکی اور 1990 میں طلاق کے بعد وہ دوبارہ وطن لوٹیں اس دوران شاہی خاندان نے ان سے شاہی منصب بھی چھین لیا تھا۔