Tag: prisoners

  • شمالی کوریا میں قیدیوں کو فرار کی کوشش کرنے پر ہلاک کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ

    شمالی کوریا میں قیدیوں کو فرار کی کوشش کرنے پر ہلاک کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ

    نیویارک :اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ شمالی کوریا میں قیدیوں کے ساتھ سخت ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں کہاگیاکہ فرار کی کوشش کرنے والے قیدیوں کو سرعام گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح چوری کے شبے میں بھی قیدیوں کو ڈنڈوں اور دھاتی سلاخوں سے پیٹا جاتا ہے۔

    یہ رپورٹ جنرل اسمبلی میں پیش کی جائے گی، اس رپورٹ میں شمالی کوریا سے فرار ہونے میں کامیاب ہو جانے والے 330 افراد کے تاثرات شامل ہیں۔

    اس رپورٹ کے مطابق جیلوں کے محافظ چوری کے شبے میں پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ قیدیوں کو برہنہ کر کے تلاشی بھی لیتے ہیں، شمالی کوریا انسانی حقوق کی ایسی یا دیگر خلاف ورزیوں کے الزامات کو رد کرتا ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے ایک فوجی کو گرفتار کیا تھا جو دونوں ممالک کی سرحد پر واقع سخت نگرانی والے ڈی ملٹرائزڈ زون (غیر عسکری علاقے) کو پار کر کے اس طرف نکل آیا تھا۔

    جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کا کہناہے کہ شمالی کوریا کی فوج میں کام کرنے والے اس سپاہی نے اپنی وفادریاں تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

  • پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں 12 قیدیوں کے ایڈز کے مرض میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مختلف جیلوں میں درجنوں قیدی ہیپاٹائٹس کے مرض کا بھی شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پختونخواہ کی جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز اور دیگر خطرناک امراض میں مبتلا ہونے کے انکشاف کے بعد خیبر پختونخواہ محکمہ جیل خانہ جات حرکت میں آگیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نئے آنے والے قیدیوں کے 3 بیماریوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

    حکام کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پختونخواہ کی جیلوں میں 12 قیدی ایڈز کے مرض میں مبتلا ہیں۔ پشاور جیل میں 3، مردان میں 2، ڈیرہ اسمعٰیل خان، بنوں اور تیمر گرہ میں ایک ایک قیدی ایڈز کا شکار ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جیلوں میں مناسب سہولیات نہ ہونے سے ایڈز کے مریض قیدیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں جیلوں میں ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا 71 اور ہیپاٹائٹس بی میں مبتلا 25 قیدیوں کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پشاور سینٹرل جیل میں 29 قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں۔ مردان میں 12، بنوں، ہری پور اور صوابی میں 6، 6، کوہاٹ میں 5، تیمر گرہ اور ڈگر کی جیلوں میں ایک، ایک قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہے۔

  • وینزویلا: جیل میں بغاوت کی کوشش، 29 قیدی ہلاک

    وینزویلا: جیل میں بغاوت کی کوشش، 29 قیدی ہلاک

    کراکس: لاطینی امریکی ملک وینزویلا میں بغاوت کی کوشش نے پرتشدد شکل اختیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سیاسی انتشار کے شکار وینزویلا کے ایک جیل میں قیدیوں‌ کی بغاوت کا پرتشدد واقعہ پیش آیا ہے.

    اس بغاوت کے نتیجے میں‌ جیل میں صورت حال کشیدہ ہوگئی، قیدیوں کے مختلف گروہوں اور پولیس اہل کاروں‌ میں شدید تصادم ہوا.

    یہ واقعہ وینزویلا کے مغربی شہر اکاریگُوا کی ایک جیل میں پیش آیا،29 قیدیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے.

    جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق شہری حقوق کی ایک تنظیم نے بتایا کہ اس ہنگامہ آرائی کے دوران متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

    خیال رہے کہ وینزویلا کے جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے، ماضی میں بھی پرتشدد واقعات پیش آچکے ہیں.

    مزید پڑھیں: وینزویلا: صدر نکولاس کی فوجی دستوں سے ملاقات، پارلیمانی عمارت کا گھیراؤ

    خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے لاطینی امریکی ملک شدید سیاسی بحران کا شکار ہے. اپوزیشن رہنما خوآن گوائیڈو نے خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ فوج ان کا ساتھ دے اور صدر نکولاس کو برطرف کر دے.

    عبوری صدر کو امریکی حکومت کا تعاون حاصل ہے. امریکی کی جانب سے کچھ روز قبل فوجی کارروائی کا بھی عندیہ دیا گیا تھا، وینزویلا تنازع کی وجہ سے روس اور امریکا میں بھی شدید تناؤ پایا جاتا ہے.

  • اسرائیل کا فوجی کی باقیات کے بدلے میں دو قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

    اسرائیل کا فوجی کی باقیات کے بدلے میں دو قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

    مقبوضہ بیت المقدس :‌ اسرائیل نے اپنے ایک فوجی کی باقیات کے بدلے میں دو قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے 4 اپریل 1982ء کو لبنان جنگ کے دوران میں لاپتہ ہونے والے اپنے ایک فوجی کی لاش واپس ملنے کا اعلان کیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کی باقیات کی واپسی خفیہ انٹیلی جنس کارروائی کے ذریعے ممکن ہوسکی تھی۔

    اسرائیلی فرسٹ کلاس سارجنٹ زیچرے بومل سلطان یعقوب جنگ کے دوران میں لاپتا ہو گیا تھا۔ وہ امریکا میں پیدا ہوا تھا لیکن بعد میں نقل مکانی کرکے اسرائیل منتقل ہوگیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ فوجی صہیونی فوج کی مسلط کردہ جنگ کے دوران میں لبنان کی وادی بقاع میں لاپتا ہوا تھا اور اس وقت اس کی عمر اکیس سال تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک تیسرے ملک کی مدد سے اس فوجی کی لاش واپس لینے میں کامیاب ہوا ہے اور اس کو روس کی ثالثی کے نتیجے میں لبنان میں غائب ہونے والے اس فوجی کی باقیات کا تابوت ملا تھا۔

    تاہم اب یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ روس کی خصوصی فورسز کو شام میں اس فوجی کا تابوت ملا تھا۔

    ایک اسرائیلی عہدے دار نے ہفتے کے روز اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اسرائیل نے جذبہ خیر سگالی کے تحت دو قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس عہدے دار نے رہا کیے جانے والے قیدیوں کی شناخت نہیں بتائی ہے۔ البتہ اسرائیلی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ دونوں قیدی شامی شہری ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شامی یا روسی حکام نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے بھی اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کا پیرول پر رہائی پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا پیرول پر رہائی پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قیدیوں کو ریلیف دینے کے لیے احسن اقدام کرتے ہوئے پیرول پر رہائی پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں قیدیوں کی پیرول پر رہائی پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پنجاب کی جیلوں سے پختونخواہ کے 400 قیدیوں کو ان کے صوبے میں بھجوانے کی ہدایت کردی گئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ قیدیوں کو پختونخواہ بھجوانے کے لیے قواعد کے تحت اقدامات کیے جائیں۔ قیدیوں کو بھی بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جیلوں کے دورے کر کے قیدیوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کر رہا ہوں، قیدیوں کو جیلوں میں جیل مینوئل کے تحت سہولتیں دیں گے۔ خواتین قیدیوں کے بچوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اس وقت پختونخواہ کے 400 قیدی پنجاب کی مختلف جیلوں میں سزائیں کاٹ رہے ہیں، پنجاب کی جیلوں میں قید ان قیدیوں سے ان کے رشتے دار بھی ملنے نہیں آتے۔

  • شاہ سلمان کا جرمانوں کی عدم ادائیگی کے باعث قید تمام قیدیوں کی رہائی کا حکم

    شاہ سلمان کا جرمانوں کی عدم ادائیگی کے باعث قید تمام قیدیوں کی رہائی کا حکم

    ریاض : شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مشرقی علاقے کے دورے کے دوران جرمانوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے قید تمام افراد کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حقوق سے متعلق کیسز کے تحت قید ان تمام قیدیوں کے جرمانے حکومت کی طرف سے ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے جو جرمانوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے قید ہیں۔

    شاہ سلمان کی ہدایت پر فوج داری کیسز کے علاوہ دیگر عمومی نوعیت کے کیسز کے تحت جیل میں قید ایسے قیدیوں جن کے ذمہ ایک ملین ریال یا اس سے کم رقم کی جرمانہ کی ادائیگی باقی ہے کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کل سوموار کو تیونس کےدورے سے واپس سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں پہنچے تھے۔

    الظہران کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈےپر مشرقی علاقے کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب میں قیدیوں کو جسمانی و ذہنی تشدد کا سامنا، برطانوی میڈیا

    یاد رہے کہ برطانوی خبر رساں ادارے دی گارجین نے ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب کے حکام شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیے گئے دو سو سے زائد افرادکی گرفتاری کے حکم نامے کا جائزہ لینے کا حکم بھی دیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی جیلوں میں قید افراد کو جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنانے کے طبی معائنے کی رپورٹ شاہ سلمان کو پیش کی جائے گی۔

    برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ رپورٹ دیکھنے کے بعد امکان ہے کہ شاہ سلمان جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے قیدیوں کی رہائی کا حکم دے دیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جسمانی و ذہنی تشدد کا شکار 60 سے زائد قیدیوں کے طبی معائنے کا حکم شاہ سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا۔

  • سعودی عرب میں قیدیوں کو جسمانی و ذہنی تشدد کا سامنا، برطانوی میڈیا

    سعودی عرب میں قیدیوں کو جسمانی و ذہنی تشدد کا سامنا، برطانوی میڈیا

    ریاض : برطانوی ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ ’سعودی عرب کے سیاسی قیدیوں کو دوران حراست جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی خبر رساں ادارے دی گارجین ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے حکام شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیے گئے دو سو سے زائد افرادکی گرفتاری کے حکم نامے کا جائزہ لینے کا حکم بھی دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی جیلوں میں قید افراد کو جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنانے کے طبی معائنے کی رپورٹ شاہ سلمان کو پیش کی جائے گی۔

    برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ رپورٹ دیکھنے کے بعد امکان ہے کہ شاہ سلمان جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے قیدیوں کی رہائی کا حکم دے دیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جسمانی و ذہنی تشدد کا شکار 60 سے زائد قیدیوں کے طبی معائنے کا حکم شاہ سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا۔

    اخبار کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے قیدیوں کے طبی معائنے پر اعتراض کیا گیا تھا لیکن شاہی عدالت نے پھر بھی طبی معائنے کی رپورٹ تیار کی۔

    غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جیلوں میں قید افراد شدید طبی مسائل کا شکار ہیں اور قیدیوں کو غذائی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

    گزشتہ دو برسوں سے سعودی عرب سے متعلق رپورٹس موصول ہوتی رہی ہیں جس میں سیاسی قیدیوں، سماجی کارکنوں کو ماورائے قانون گرفتار کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودیہ میں قید خواتین رضاکاروں کو جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

    خیال رہے کہ رواں برس جنوری کے اختتام پر برطانیہ کی انسانی حقوق کی غیر سرکاری تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب سے متعلق اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا تھا کہ ریاست سعودی عرب کے صوبے جدہ کی دھابن جیل میں قید انسانی حقوق کی عملبرداروں کو دوران حراست جنسی زیادتی، تشدد اور دیگر ہولناک زیادتیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودیہ میں‌ قید خواتین رضاکاروں کی پہلی مرتبہ عدالت میں پیشی

    یاد رہے کہ سعودی عرب نے انسانی حقوق کی علمبردار متعدد خواتین کو ایک برس قبل سعودی حکومت کے خلاف اور خواتین کی آزادی کےلیے آواز اٹھانے پر گرفتار کیا تھا جن میں سے دس رضاکار خواتین کو 13 مارچ عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

  • جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی کا انکشاف

    جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی کا انکشاف

    اسلام آباد: نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ ملزمان قید ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیکٹا نے جیلوں میں قید افراد کے حوالے سے رپورٹ جاری کی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب کی 40 جیلوں میں 3074 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت 50ہزار 405 قیدی موجود ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سندھ کی 26 جیلوں میں 12ہزار 245 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت 18ہزار 998 قیدی موجود ہیں اسی طرح خیبرپختونخواہ کی 22 جیلوں میں 7ہزار 587 افراد کی گنجائش ہے جبکہ حالیہ تعداد 11ہزار 330 ہے۔

    نیکٹا رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے کم ہے، صوبے کی 11 جیلوں میں صرف 2ہزار 585 قیدیوں کی گنجائش ہیں جبکہ اس وقت 2ہزار 427 افراد موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جاری آپریشن کی نگرانی اور اس کی شفافیت بحال رکھنے کے لیے 2013 میں نیکٹا کو پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت فعال کیا گیا تھا جبکہ حکومت نے اس ادارے کا قیام 2009 میں کیا تھا۔

    ایکٹ کے تحت نیکٹا کے چیئرمین موجودہ وزیراعظم ہیں اور صوبوں کے گورنرز پر مشتمل ایک باڈی تشکیل دی گئی ہے جو اجلاسوں میں ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن پر اپنی تجاویز پیش کرتی ہے۔

    فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل، تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیر داخلہ کے سیکریٹری اور تمام حساس اداروں کے سربراہان نیشنل کاؤنٹرر ٹیررازم اتھارٹی کا حصہ ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خطرناک قیدیوں کی سہولت کار بلی گرفتار

    خطرناک قیدیوں کی سہولت کار بلی گرفتار

    سین جوس: کوسٹا ریکا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے جیل میں قید خطرناک قیدیوں کو موبائل فون پہنچانے والی تربیت یافتہ بلی کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وسطی امریکا میں موجود کوسٹاریکا نامی ملک میں حساس اداروں نے شک کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسی  تربیت یافتہ بلی کو حراست میں لیا ہے جو جیل میں قید خطرناک قیدیوں کو موبائل فون پہنچانے کا کام کرتی تھی۔

    کوسٹاریکا میڈیا کے مطابق جیلوں میں  موجود قیدیوں کے ساتھیوں نے بلی کو ایسی مہارت کی تربیت دی کہ وہ آسانی کے ساتھ موبائل مذکورہ افراد تک پہنچا دیتی ہے جس کے بعد باہر موجود لوگوں کا قیدیوں سے رابطہ ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کیا آپ ’چیتا بلی‘ کے بارے میں جانتے ہیں؟

    جیل انتظامیہ کو شک تھا کہ قیدی بذریعہ موبائل کسی سے رابطہ کرتے ہیں جس کا اظہار انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اعلیٰ سطح کی مٹینگ میں کیا۔ انتظامیہ کی شکایت پر حساس ادارے کے اہلکار متحرک ہوگئے اور نیٹ ورک کا پتہ کرنے کے لیے حکمت عملی اپنائی۔

    حساس اداروں اور انتظامیہ کو اُس وقت کامیابی ملی جب انہوں نے رات کے وقت جیل میں داخل ہونے والی بلی کو پکڑا اور اُس کے جسم سے لپٹی چادر کو کھولا تو اُس کے اندر سے موبائل فون، چارجر اور ہیڈ فون برآمد ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلی کو حراست میں لینے کے بعد قیدیوں سے تفتیش شروع کردی۔

    یہ بھی پڑھیں: اپنے لیے خود خریداری کرنے والی حیرت انگیز بلی، ویڈیو دیکھیں

    مقامی نیوز چینل کی جانب سے ساری کارروائی کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلی کے پیٹ کے نچلے حصے میں چارجر اور ہیڈ فون جبکہ گردن کے بالوں میں موبائل فون چھپا ہوا تھا۔

    بلی اپنی ماہرانہ تربیت کی وجہ سے خراماں خراماں چلتی ہوئی مذکورہ بیرک تک جاتی اور پھر قیدی کو موبائل دے کر انتظار میں بیٹھی رہتی تھی، بات چیت ختم ہونے کے بعد جیل میں بند شخص اُسی طرح بلی کے جسم پر کپڑا لپیٹ دیتا تھا اور وہ باہر چلی جاتی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یوم پاکستان : سندھ کے قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان

    یوم پاکستان : سندھ کے قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان

    کراچی: یومِ پاکستان کی خوشی کے موقع پر سندھ حکومت نے جیلوں میں بند قیدیوں کی سزا میں 60 روز کی کمی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق 78ویں دن کی خوشی کے موقع پر آئی جی جیل خانہ جات نے جیلوں میں بند قیدیوں کی سزا میں 60 روز کمی کا اعلان کیا۔

    قیدیوں کی سزا میں کمی پاکستان پینل کوڈ کی شق نمبر 16 کے تحت کی گئی تاہم ملک مخالف سرگرمیوں یا دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کی سزا میں کوئی نرمی نہیں کی گئی۔

    مزید پڑھیں: یوم پاکستان پرپریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں 78واں یوم پاکستان ملی جوش جو جذبے سے منایا گیا، دن کا آغاز  وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ چاروں صوبوں میں 31، 31 توپوں کے گولے فائر کر کے سلامی دی گئی  جبکہ نماز فجر میں ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی روایتی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، تقریب میں صدرِ مملکت ممنون حسین، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور تینوں مسلح افواج نے شرکت کی اور جوانوں کی سلامی قبول کی۔

    یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان پرتوپوں کی سلامی سے دن کاآغاز

    علاوہ ازیں وفاقی اور صوبائی سطح پر یومِ پاکستان کی مناسبت سے شاندار تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں قرار دادِ پاکستان کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔