Tag: private Airline

  • پاکستان آنے والے مسافر دو دن سے جدہ میں محصور

    پاکستان آنے والے مسافر دو دن سے جدہ میں محصور

    جدہ : سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کو نجی ائیر لائن  نے دربدر کردیا، جدہ سے اسلام آباد آنے والے مسافر دو دن سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں نجی ائیر لائن کا فلائٹ آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا، مسافر جدہ میں محصور ہوکر رہ گئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ائیرلائن کی جدہ سے اسلام آباد پرواز مسلسل 2دن سے تاخیر کا شکار ہے۔

    سعودی عرب سے اسلام آباد آنے والے مسافروں کا انتظار طویل ہوگیا، نجی ائیر لائن نے جدہ سے 16 مارچ کی رات 9 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہونا تھا جو اب تک نہ ہوسکی۔

    نجی ائیر لائن 16 مارچ سے آج تک 3 بار واپسی کا وقت تبدیل کرچکی ہے، نجی ائیر لائن کی پرواز میں تاخیر سے مسافر مہنگے ہوٹلوں اور سڑکوں پر وقت گرانے پر مجبور ہیں۔

    تاخیر کے بعد پرواز روانگی کا وقت 18 مارچ شام 5 بج کر 20 منٹ کاشیڈول کیا گیا جس پر عمل درآمد نہ ہوسکا، دوسری بار شیڈول تبدیل کرکے 18مارچ رات 10بج کر15 منٹ پر روانگی کا وقت دیا گیا تھا۔

    اس بار بھی ناکامی پر تیسری بار پھر روانگی کا وقت 19 مارچ رات 2 بج کر 50 منٹ کا وقت دیا گیا ہے۔ مسافروں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر ہوابازی سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے مذکورہ پرواز کے ایک مسافر کا کہنا ہے کہ نجی ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے تاحال 5 مرتبہ پرواز شیڈول تبدیل کیا جاچکا ہے۔

  • سیاحوں کے لئے اچھی خبر آگئی

    سیاحوں کے لئے اچھی خبر آگئی

    کرا چی : سیاحت کے فروغ کے لئے سول ایوی ایشن نے نجی ائیر لائن کو ٹی پی آر آئی لائسنس جاری کر دیا ، نارتھ ائیر اسلام آباد سے گلگت ، اسکردو، چترال اور گوادر کے لئے فلائیٹ آپریشن شروع کر ے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحوں کے لئے اچھی خبر آگئی، سول ایوی ایشن نے نجی ائیر لائن کو ٹی پی آر آئی لائسنس جاری کر دیا ، شعبہ ائیر ٹرانسپورٹ نے نارتھ ائیر کے نام سے لائسنس جاری کیا۔

    سی اے اے کے نئے لائسنس کو ٹورازم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن کا نام دیا ہے، نارتھ ائیر اسلام آباد سے گلگت ، اسکردو،چترال اور گوادر کے لئے فلائیٹ  آپریشن شروع کر ے گی۔

    سی اے اے نے ائیر لائن کو AOC ایئر آپریٹرز کے لائسنس کے اجراء اور تجدید کے نظرثانی شدہ تقاضے بھی جاری کر دیئے اور ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ کی اقسام تین سے بڑھا کر چار کر دی گئی ہیں، اس لائسنس کیلئے کمپنی کو ایس ای سی پی سے مربوط ہونا چاہئے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وزیراعظم کے سیاحت کو فروغ دینے کے وڑن کیلئے لائسنس جاری کیا ہے۔

  • کورونا متاثرہ مسافروں کی آمد : نجی ائیرلائن کا اجازت نامہ منسوخ

    کورونا متاثرہ مسافروں کی آمد : نجی ائیرلائن کا اجازت نامہ منسوخ

    کراچی : سول ایوی ایشن انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نجی ایئر لائن کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ائیر لائن کی لاپرواہی سے کورونا کیسز بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، مذکورہ ایئر لائن سی اے اے کی ہدایات نظر انداز کرتے ہوئے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی مرتکب قرار پائی۔

    حقائق منظر عام پر آنے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ائیرلائن کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے نجی ائیرلائن کی 17 مئی کو دبئی سے پشاور کی پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سعد بن ایوب نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اس سے قبل پرواز پی اے 611 دس مئی کو کورونا سے متاثرہ 24مسافروں کو دبئی سے پشاور لے کر پہنچی تھی۔

    ترجمان کے مطابق ایئر لائن انتظامیہ نے بار بار تنبیہ کے باوجود کورونا ایس او پیز نظر انداز کیے اور سولہ مئی کو دوبارہ 27 مثبت کیسز شارجہ سے پشاور لائے گئے۔

    ترجمان سعد بن ایوب کا مزید کہنا ہے کہ نجی ائیر لائن کی جانب سے کیے جانے والے اس عمل سے دیگر مسافروں کی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہورہے ہیں۔

  • سعودی عرب اور یو اے ای جانے والوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    سعودی عرب اور یو اے ای جانے والوں کیلئے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : سول ایوی ایشن نے نجی ایئرلائن کوانٹر نیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دے دی ، نجی ائیر لائن سعودی عرب اور یواے ای میں فلائٹ آپریشن شروع کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے نجی ایئرلائن کو انٹر نیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دے دی ، اس حوالے سے ڈائریکٹر ائیرٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    ایوی ایشن ڈویژن نے کابینہ کی منظوری کے بعد اجازت دی جبکہ سی اے اے نے نجی ایئرلائن کو فلائٹ شیڈول جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    نجی ائیر لائن سعودی عرب اور یو اے ای میں فلائٹ آپریشن شروع کرے گی ، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جنوری 2021 سے شروع ہوگا۔

    سعودی ایوی ایشن گاکا نے بھی نجی ایئرلائن کوفضائی آپریشن کی اجازت دے دی ، ائیر لائن پہلے مرحلے میں جدہ اور ریاض کے لیے جنوری 2021 سےپروازیں شروع کرے گی اور پھر متحدہ عرب امارات کےلیےپروازوں کا آغاز کرے گی۔

    نجی ایئرلائن انٹر نیشنل فلائٹ آپریشن کیلئے جدیدائیر بس 330 اوربوئنگ 737طیارےاستعمال کرے گی۔

  • نجی ایئرلائن کے مشکوک لائسنس والے 10پائلٹس کی فہرست منظرعام پر آگئی

    نجی ایئرلائن کے مشکوک لائسنس والے 10پائلٹس کی فہرست منظرعام پر آگئی

    اسلام آباد : نجی ایئرلائن کے مشکوک لائسنس والے 10پائلٹس کی فہرست منظرعام پر آگئی ، جس میں سے 7پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا گیا جبکہ 3 کپتان ایئرلائن چھوڑ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نجی ایئرلائن سیرین ایئر کے دس پائلٹس کے مشکوک لائسنسز کی فہرست سامنے آگئی، ایوی ایشن ڈویژن نے 10پائلٹس کی لسٹ نجی ایئرلائن کو بھجوا دی۔

    نجی ایئرلائن نےجواب میں کہا ہے کہ 3 کپتان ایئرلائن پہلے ہی چھوڑکر جا چکے ہیں جبکہ 7پائلٹس کو ایوی ایشن ڈویژن کی ہدایت پر گراؤنڈ کرچکے ہیں۔

    دوسری جانب نجی ایئرلائن کی پائلٹس کے مبینہ جعلی لائسنس سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی جمع کرادی ہے، جس میں بتایا گیا کہ مشتبہ لائسنس یافتہ 9 میں سے 7 پائلٹس ایئربلیو کو 2014اور 2015 میں چھوڑگئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا فدا محمدخلیل نے 5 جولائی 2020 کو استعفیٰ دیا، محمدنویدکھوکھرکو 26 جون 2020 کو معطل کیا گیا، محمد نویدکھوکھر نےمعطلی کا فیصلہ متعلقہ فورم پرچیلنج کررکھا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 19-2018 میں ایئربلیو کے 100پائلٹس میں سے 98 کےلائسنس درست نکلے اورموجودہ 85 پائلٹس کے لائسنس درست ہیں جبکہ محمدعبد اللہ اصغراور جاوید ملک کو 2019 میں برطرف کردیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے احتجاج : سول ایوی ایشن نے نجی ائیرلائن سے مدد طلب کرلی

    پی آئی اے احتجاج : سول ایوی ایشن نے نجی ائیرلائن سے مدد طلب کرلی

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ائیرلائن سے مدد مانگ لی، نجی ائیرلائن کواضافی ڈومیسٹک پروازیں چلانےکی ہدایت کردی گئی.

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو پریشانی سےبچانے کے لئے نجی ائیرلائن سے مدد طلب کرلی ہے۔

    پی آئی اے اسٹاف کے احتجاج کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ایئرلائن کو خصوصی پروازیں شروع کرنےکی ہدایت کردی.

    ذرائع کے مطابق نجی کمپنی سے لاہور،کراچی اوراسلام آباد کے لئےاضافی پروازوں کا کہا گیا ہے۔ لاہورسےکراچی کیلئےشام ساڑھے چھے بجے اوررات آٹھ بجےپروازیں روانہ ہونگی۔

    اسلام آباد سے کراچی کے لئے صبح پونے نوبجے اور رات گیارہ بجے پروازیں روانہ ہوں گی۔ جبکہ کراچی سے لاہور رات پونے گیارہ اور سوا گیارہ بجے پروازیں روانہ ہوں گی۔