Tag: Private School

  • نجی تعلیمی ادارے 10 فی صد طلبہ کو مفت پڑھانے کے پابند، محکمہ تعلیم نے عملی قدم اٹھا لیا

    نجی تعلیمی ادارے 10 فی صد طلبہ کو مفت پڑھانے کے پابند، محکمہ تعلیم نے عملی قدم اٹھا لیا

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی جانب سے 10 فی صد فری شپ کے لیے 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں، یہ ٹیمیں نجی اسکولوں کا معائنہ اور ڈیٹا جمع کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے نئے فری شپ قانون کے تحت نجی تعلیمی ادارے 10 فی صد طلبہ کو مفت پڑھانے کے پابند ہیں۔

    نئے تعلیمی سال کے آغاز پر دس فی صد فری شپ قانون پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ تعلیم نے اس سلسلے میں چار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جو نجی اسکولوں کا معائنہ اور ڈیٹا جمع کریں گی۔

    فری شپ قانون پر عمل نہ کرنے پر نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ کر دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے سندھ بھر کے نجی اسکولوں کے سربراہوں کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا ہے کہ یکم اگست سے نئے تعلیمی سال پر دس فی صد فری شپ کے فارمولے پر عمل کیا جائے۔ کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد کے ریجنل ڈائریکٹر کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے۔

    خط میں مزید کہا گیا کہ سندھ میں بچوں کے حقوق میں فری اور لازمی تعلیمی ایکٹ 2013 پر عمل کیا جائے، تمام نجی اسکول کے بچوں کی تعداد کے حوالے سے بھی مکمل ڈیٹا فراہم کیا جائے۔

  • نجی اسکول میں بچوں کی نیم بے ہوشی کا واقعہ، اسکول کو جرمانہ کیا جائے گا

    نجی اسکول میں بچوں کی نیم بے ہوشی کا واقعہ، اسکول کو جرمانہ کیا جائے گا

    کراچی: شہر قائد میں واقع ایک نجی اسکول میں بچوں کی نیم بے ہوشی کے واقعے پر اسکول کو محکمہ تعلیم کی جانب سے جرمانہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں واقع ایک نجی اسکول میں 8 بچوں کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی، ایڈیشنل ڈاٸریکٹر آف پراٸیوٹ اسکولز رفیعہ جاوید کا کہنا ہے کہ اسکول کو محکمہ تعلیم کی جانب سے جرمانہ کیا جاٸے گا۔

    انھوں نے کہا بچے جنریٹر کے دھوئیں سے نیم بے ہوش ہوٸے تھے، اسکول انتظامیہ سے معلوم کیا ہے کہ اب بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    رفیعہ جاوید نے کہا کہ مذکورہ نجی اسکول سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ رجسٹرڈ نہیں ہے، اور یہ ایک کمیونٹی اسکول ہے جس میں غریب بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے، تاہم واقعے کے سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

    کراچی کے نجی اسکول میں 8 بچوں کی طبیعت خراب

    ادھر بچوں کی ایمرجنسی میں ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گھنشام نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، 3 سے 4 گھنٹوں میں بچوں کو ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ 8 بچے چائلڈ ایمرجنسی میں ہیں، جب کہ 2 بچوں کو سول کی مین ایمرجنسی میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    نیم بے ہوش ہونے والے بچوں میں زین ولد سید 9 سال، حنان ولد اشرف 10 سال، ادریس ولد سلیم 11 سال، زین ولد شیر محمد، دانش ولد خرم، ہاجرہ دختر محمد انیس، آمنہ دختر عمران، اور فاطمہ دختر نامعلوم شامل ہیں۔

  • کراچی میں کورونا کا پھیلاؤ ،  پرائمری کلاسز بند کرنے کا اعلان

    کراچی میں کورونا کا پھیلاؤ ، پرائمری کلاسز بند کرنے کا اعلان

    کراچی : شہر قائد میں کورونا خدشات کے پیش نظر نجی اسکول پہلی سے پانچویں جماعت تک بند کردیا ، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چھٹی سے آٹھویں کے طلبا کو گروپ کی صورت بلایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نجی اسکول انتظامیہ نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پرائمری کلاسز بند کردیں اور اس حوالے سے والدین کے لیے ہدایت نامہ بھی جاری کردیا ہے۔

    نجی اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلی سے پانچویں جماعت طلبہ آن لائن کلاسز لیں گے تاہم چھٹی سے آٹھویں کےطلباکوگروپ کی صورت بلایا جائے گا۔

    یاد رہے پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے ساتھ صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے ، صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے یا بند کرنے سے متعلق اہم فیصلہ آج ہوگا۔

    خیال رہے ملک بھرمیں کورونا کیسزکی تعدادمیں مسلسل اضافہ جاری ہے ، ملک بھر میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح آٹھ اعشاریہ سات ایک تک پہنچ گئی ہے جبکہ کراچی میں کورونا کی شرح تیس فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔

  • پرائیویٹ اسکول فیسوں سے متعلق عدالتی فیصلہ آگیا

    پرائیویٹ اسکول فیسوں سے متعلق عدالتی فیصلہ آگیا

    پشاور : نجی اسکولوں کی فیسوں سے متعلق پشاور ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، نجی اسکولوں کے داخلہ اور سالانہ فیس نہ لینے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔

    پشاور ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

    چیف جسٹس ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو اہم ہدایات دیں، فیصلے میںکہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے بتایا کہ سالانہ فیس نہ لینے کا فیصلہ کے پی حکومت کرچکی ہے۔

    پشاور ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ وکیل درخواست کے مطابق اعلامیے کے باوجود شکایات موصول ہوئی، اتھارٹی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اعلامیہ جاری کرے۔

  • واش روم میں خفیہ کیمروں کی تنصیب، نجی  اسکول  کو سیل کردیا گیا

    واش روم میں خفیہ کیمروں کی تنصیب، نجی اسکول کو سیل کردیا گیا

    کراچی : ڈپٹی کمشنرشرقی نے واش روم میں خفیہ کیمرے لگانے پر نجی اسکول کو سیل کردیا، ڈی جی اسکولز منصوب صدیقی نے اسکول سیل کرنے کیلئے ڈی سی ایسٹ کو خط لکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صفوراکےقریب نجی اسکول میں خفیہ کیمرے لگانے سے متعلق کیس میں ڈپٹی کمشنرشرقی نے نجی اسکول کوسیل کردیا، نجی اسکول کوڈی جی اسکولزکی درخواست پرسیل کیا گیا۔

    یاد رہے ڈی جی اسکولز نےخفیہ کیمروں کی تنصیب کے معاملے پر اسکول سیل کرنے کےلیے ڈی سی ایسٹ کو خط لکھا تھا۔

    ڈی جی اسکولزمنصوب صدیقی نے خط میں کہا تھا کہ اسکول کو سیل کیا جائے، 3نومبر کو نجی اسکول میں ٹیچرشکایت پر دورہ کیا گیا، ٹیم کو اسکول کے اندر خفیہ کیمروں کی تنصیب کا پتا چلا۔

    منصوب صدیقی کا کہنا تھا کہ پرنسپل کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے، قوانین کے تحت اسکول کی رجسٹریشن کینسل کردی گئی۔

    دوسری جانب ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم عمران ریاض نے صفورا کےقریب اسکول میں خفیہ کیمروں کی تنصیب سے متعلق کیس میں کہا ہے کہ ڈی جی اسکولز نےتا حال تحریری درخواست نہیں دی ، زبانی درخواست پر ایف آئی اے کام نہیں کر سکتی۔

    عمران ریاض کا کہنا تھا کہ اسکول کو بھی تاحال سیل نہیں کیا گیا ہے ، کیا ایک چھاپہ مارنے کے بعد محکمہ تعلیم کا کام ختم ہوگیا ؟

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے ایک نجی اسکول کے واش رومز میں خفیہ کیمروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

    محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ خفیہ کیمرے سے ویڈیوز بنائی جاتی تھیں، محکمہ تعلیم کی ٹیم نے اسکول کے دورے کے دوران واش رومز سے خفیہ کیمرے بر آمد کیے، اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی تھی۔

  • کورونا کی لہر ،  اسکول  فیسوں سے متعلق والدین کیلئے بڑی خبر

    کورونا کی لہر ، اسکول فیسوں سے متعلق والدین کیلئے بڑی خبر

    کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے کورونا میں بندش کے دوران نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا پرائمری سے ہائیر سکینڈری تک کے طلبا کو یکم اپریل سے فیس میں رعایت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے نجی تعلیمی اداروں کو 20 فیصد کم فیس لینے کی ہدایت کردی ، اس حوالے سے نجی تعلیم ریگولیٹری اتھارٹی نےاعلامیہ جاری کردیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ کورونا میں بندش کے دوران نجی اسکول 20 فیصد کم فیس لیں۔

    پرائمری سے ہائیر سکینڈری تک کے طلبا کو یکم اپریل سے فیس میں رعایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن سے پوری فیس وصول کی جاچکی وہ آئندہ ماہ ایڈجسٹ کی جائے۔

    یاد رہے کورونا کی تیسری لہر میں وزارت تعلیم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد کےنجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا تھا۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ اپریل اور مئی کے فیسوں میں 20فیصد کمی کی جائے اور فیسوں میں کمی کا اطلاق 8ہزار زائدفیسوں والےاداروں پرہوگا۔

  • حکومت کا ٹیچرز کو تنخواہ نہ دینے پر نجی اسکولوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

    حکومت کا ٹیچرز کو تنخواہ نہ دینے پر نجی اسکولوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ٹیچرز کوتنخواہ نہ دینے پر نجی تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی کا اعلان کردیا اور کہا صوبوں کو بھی تنخواہ نہ دینے پر اسکولوں کیخلاف کارروائی کی تجویز دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب ساٗٹ ٹوئٹر پر وفاقی حکومت کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کے ٹیچرز کوتنخواہ نہ دینے پر کارروائی کا اعلان کردیا۔

    وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ جواسکول اساتذہ کوتنخواہ نہیں دیں گے ، ان کےخلاف کارروائی ہوگی، تمام نجی اسکولز اساتذہ کو مستقل تنخواہیں دیں، ، تنخواہ نہ دینے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبوں کو بھی تنخواہ نہ دینےپر اسکولزکیخلاف کارروائی کی تجویز دیں گے ، تجویز گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی دی جائے گی۔

  • اسکولوں نے فیس کم نہ کی تو انیل کپور کی طرح چھاپے ماروں گا، سید سردار شاہ

    اسکولوں نے فیس کم نہ کی تو انیل کپور کی طرح چھاپے ماروں گا، سید سردار شاہ

    کراچی : سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ اگر پرائیویٹ اسکولوں نے عدالتی حکم پر فیسوں میں کمی نہ کی تو انیل کپور کی طرح چھاپے مار کر اسکول بند کرادوں گا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ بالی ووڈ اسٹار انیل کپور کے فین نکلے۔

    ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پانچ ہزار سے زائد فیسیں لینے والے اسکول اپنی فیس میں بیس فیصد کمی کریں اگر نہیں کریں گے تو میں میڈیا کے ہمراہ انیل کپور کی فلم نائیک کی طرح چھاپے مار کر اسکول بند کردیں گے۔

    فلم نائیک کے ہیرو انیل کپور نے تو اپنی اسٹیٹ کی حالت بدل دی تھی اب دیکھنا یہ ہے کہ سید سردار شاہ صوبے میں تعلیم کی حالت بدلتے ہیں یا نہیں؟

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس کا تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے ستمبر2017 سے قبل کا فیس اسٹرکچر بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے نجی اسکولوں کو تین ماہ کی پیشگی فیس لینے سے روک دیا تھا۔

    نجی اسکولوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے 20 ستمبر 2017 سے قبل کا فیس اسٹرکچر بحال کرنے کا حکم دیا جبکہ 20 ستمبر 2017 کے بعد وصول کی جانے والی اضافی فیس غیر قانونی قرار دے دی تھی۔

    عدالت کا کہنا کہ اگر فیس وصول کربھی لی گئی ہے تو ایسے ایڈجسٹ کیا جائے ورنہ توہین عدالت میں فرد جرم عائد کریں گے۔

  • چیف جسٹس کا تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم

    چیف جسٹس کا تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم

    اسلام آباد: نجی اسکولوں میں زائد فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی، لاہور گرامر اور بیکن ہاؤس اسکول کے اکاؤنٹس منجمد کرنے اور ایف بی آر کو دونوں اسکولوں سے متعلق تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نجی اسکولوں میں زائد فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں بیکن ہاؤس اور لاہور گرامر اسکول کی آڈٹ رپورٹ جمع کروائی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سنہ 2017 میں سی سی او اور ڈائریکٹرز کو 62 ملین ادا کیے گئے۔ کل 512 ملین تنخواہیں ادا کی گئیں۔ 5 سالوں میں 5.2 بلین تنخواہیں ادا کی گئیں۔ تنخواہوں کے علاوہ دیگر سہولتیں الگ ہیں۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ناگواری سے استفسار کیا کہ ان اسکولوں نے یورینیم کی کانیں لی ہیں یا سونے کی؟ ایک ایک ڈائریکٹر کو 83 لاکھ تنخواہ دی جارہی ہے۔

    چیف جسٹس نے آڈٹ کمپنی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور گرامر اسکول کی آڈٹ رپورٹ غلط کیوں بنائی؟ ’پکڑ لیں اس کو اور ایف بی آر کے حوالے کریں، بچوں کو 2 روپے کا ریلیف نہیں دے سکتے‘۔

    انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو لاہور گرامر اور بیکن ہاؤس اسکول کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف بی آر دونوں اسکولوں سے متعلق تحقیقات کرے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ کرائے کی کوٹھیوں میں اسکول کھولے ہوئے ہیں، ایک ایک کمرے کے اسکول سے اتنا پیسہ بنایا جا رہا ہے۔ اسکول نہیں چلا رہے اب یہ صنعت کار بن گئے ہیں۔

    نجی اسکول کی وکیل عائشہ حامد نے کہا کہ تمام اسکول 8 فیصد فیس کم کرنے کو تیار ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 8 فیصد تو اونٹ کے منہ میں زیرے والی بات ہے۔ 20 سال کا آڈٹ کروایا تو نتائج بہت مختلف ہوں گے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اسکولوں نے اپنی آڈٹ رپورٹس میں غلط اعداد دیے، کیسے ڈائریکٹر 83، 83 لاکھ روپے تنخواہیں لے رہے ہیں۔

    بیکن ہاؤس کے وکیل شاہد حامد نے بتایا کہ بیکن ہاؤس نے 764 ملین ٹیکس دیا ہے جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ نے بہت ٹیکس دیا ہوگا لیکن اس کا طالب علم کو فائدہ نہیں، اس کا فائدہ تب ہوگا جب فیس کم ہوگی۔

    چیف جسٹس نے تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم بھی دے دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جن اسکولوں نے موسم سرما تعطیلات کی فیس لی وہ 50 فیصد واپس کریں۔ ’دوسری صورت میں آئندہ فیس میں لی گئی اضافی فیس ایڈجسٹ کریں‘۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ ہم طے کریں گے کتنی فیس بڑھنی ہے۔ جس نے اسکول بند کرنے کی کوشش کی اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔ صرف 5 فیصد اضافہ ٹھیک ہے اس سے زیادہ اضافہ ریگولیٹر طے کرے گا۔

    کیس کی مزید سماعت 2 ماہ کے لیے ملتوی کردی گئی۔