Tag: private school fees

  • اسکول فیسوں میں اضافے کیخلاف درخواستوں پر عدالت کا حکم جاری

    اسکول فیسوں میں اضافے کیخلاف درخواستوں پر عدالت کا حکم جاری

    لاہور : پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائی کورٹ نے تحریری حکم جاری کردیا، ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کو سات روز میں تمام اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواستوں پر تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی تمام اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لے اور یہ عمل سات روز میں مکمل کرے۔

    حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی سپریم کورٹ کے فیصلے کے برعکس بڑھائی گئی فیسوں کو کالعدم قرار دے اور طلبا سے وصول کی گئی اضافی فیسیں واپس کی جائیں جبکہ طلبا کے والدین قانون کے مطابق بڑھائی گئی فیسوں کے واجبات سات روز میں ادا کریں۔

    تحریری حکم میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے تک طلباء کو کلاسیں لینے کی اجازت ہوگی اور ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی طلبا کی داد رسی کرنے کا پابند ہو گا۔

    تحریری حکم میں تمام اسکولوں کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ بارہ اکتوبر کو ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے روبرو اپنا مؤقف پیش کریں۔

  • فیسوں میں رعایت نہ دینے والے اسکولوں کیخلاف کارروائی کا حکم

    فیسوں میں رعایت نہ دینے والے اسکولوں کیخلاف کارروائی کا حکم

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ طلباء و طالبات کو فیسوں میں20فیصد رعایت نہ دینے والے اسکولوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں نجی اسکولوں میں کورونا وائرس کی وباء کے دوران فیسوں میں رعایت نہ دینے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی،دوران سماعت عدالت نے فیس میں بیس فیصد رعایت نہ دینے والے اسکولوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے ڈی جی پرائیوٹ اسکولز کو ہدایت دی کہ اسکول فیسوں میں بیس فیصد رعایت کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرائیں، اس کے علاوہ والدین فیسوں میں رعایت نہ دینے والے اسکولوں کیخلاف شکایت درج کرائیں, شکایات ملنے پر ڈی جی پرائیویٹ اسکولز نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کریں۔

    عدالت نے حکم دیا کہ فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ بیس دن میں پیش کی جائے، اس موقع پر ڈی جی پرائیوٹ اسکولز نے عدالت کو فیسوں میں کمی نہ کرنے والے اسکولوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔

    مزید پڑھیں : سندھ حکومت نے اسکول فیسوں میں کمی کا نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا

    درخواست کی سماعت کے دوران سندھ حکومت کی جانب بھی اس رعایت پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا، بعد ازاں عدالت نے تمام فریقین کی رضامندی کے بعد درخواست نمٹادی۔

  • بھاری فیسیں لینے والے اسکولوں کی شامت آگئی،ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ ضبط

    بھاری فیسیں لینے والے اسکولوں کی شامت آگئی،ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ ضبط

    کراچی : سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کراچی ،لاہور اور سکھر میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے اسکولوں پر چھاپے مار کر ریکارڈ تحویل میں لے لیا جبکہ  ایف 22 بڑے نجی اسکولوں سے متعلق مراسلہ جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی اسکولوں کی فیسوں پر سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے حرکت میں آگئی، ایف آئی اے نے کراچی،لاہور،سکھرسمیت مختلف شہروں میں اسکولوں پر چھاپے مار کر ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔

    کراچی سمیت سندھ کے شہروں میں سولہ اسکولوں پر چھاپے مارے گئے ، بیکن ہاؤس اور سٹی اسکول کی متعدد برانچوں کاریکارڈضبط کیا گیا جبکہ بےویو اکیڈمی ، جنریشن اسکول، فروبل ایجوکیشن سینٹراورسولائزیشن اسکول کا ریکارڈبھی ضبط کرلیا گیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے لاہور میں تمام نجی اسکولوں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے، بیکن ہاؤس، لاہور گرامر،روٹس آئی وی اور دیگر کا ریکارڈ ضبط کیا گیا ہے جبکہ تمام اسکولوں کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔

      ایف آئی اے کا 22 بڑے نجی اسکولوں سے متعلق مراسلہ جاری


    اس سے قبل ایف آئی اے نے 22 بڑے نجی اسکولوں سے متعلق مراسلہ جاری کیا تھا ، مراسلہ ایف آئی اے کےتمام زونز کےسربراہان کو لکھا گیا، جس میں اسکولوں میں مالکان اورسی ای اوز کی کرپشن کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی۔

    مراسلے میں کہا گیا تھا کہ اسکولوں کامینوئل اور کمپیوٹرائیزڈ ریکارڈ تحویل میں لیا جائے،اسکولوں میں بیکن ہاؤس،سٹی اسکول سسٹم، لاہور گرامر اسکول، روٹس، ملینیم شامل روٹس آئی وی، لر ننگ الائنس، لاہور کالج آف آرٹس، فروبلز اسکول سسٹم ، سلامت اسکول سسٹم، جنریشن اسکول کراچی اور سولائیزیشن اسکول سسٹم کراچی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس کا تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم

    یاد رہے گذشتہ روز سپریم کورٹ نے پانچ ہزار سے زائد فیس لینے والے تمام نجی سکولوں کو بیس فیصد فیس کم کرنے اور گرمیوں کی چھٹیوں کی آدھی فیسیں والدین کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا اور ہدایت کی تھی فیسوں میں سالانہ پانچ فیصد سے زیادہ اضافہ نہ کیا جائے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ کوئی سکول بند نہیں کیا جائے گا اور کوئی بچہ سکول سے نہیں نکالا جائے گا، بصورت دیگر توہین عدالت کی کاروائی ہو گی۔

    چیف جسٹس نے چیئرمین ایف بی آر کو تمام سکولوں کے ٹیکس ریکارڈ کی پڑتال کرنے اور سکولوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات قبضے میں لینے کا بھی حکم دیا تھا۔

  • نجی اسکولوں کی فیس میں اضافہ نہیں ہوگا: وزیراعظم

    نجی اسکولوں کی فیس میں اضافہ نہیں ہوگا: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نجی اسکولوں کی فیسیں نا بڑھانے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز اتوار وزیراعظم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ سال 2015 میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ نہیں کیا جائے۔

    وزیراعظم نے وزارت تعلیم اورکیڈ کواحکامات جاری کردئیے ہیں، انکا کہنا ہے کہ وزارتِ تعلیم اور کیڈ اس معاملے پر دیگر تمام اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کرے گی۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ نجی اسکولوں نے فیس کی مد میں ہوشربا اضافہ کردیا تھا جس کے خلاف طلبہ اور والدین کی جانب سے احتجاج کیا جارہاتھا۔

    اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت موقف اپناتے ہوئے نجی اسکولوں کو فیس نہ بڑھانے کی ہدایت کی تھی جبکہ سندھ حکومت نے نجی اسکولوں کی فیس میں 10 فیصد اضافہ منظورکرلیا تھا۔

  • نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ، وزیرِاعظم نے نوٹس لے لیا

    نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ، وزیرِاعظم نے نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نے اے آر وائی نیوز کی خبر پر فیسوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا، اسلام آباد کے نجی اسکولوں نے فیسوں میں اضافہ واپس لے لیا لیکن لاہور کے نجی اسکول فیسیں کم کرنے کیلئے تیار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیسوں میں اضافے کے خلاف بچوں کے بہتر مستقبل کا خواب دیکھنے والے والدین سڑکوں پر آگئے، اسلام آباد کے اسکولوں نے تو اضافہ واپس لے لیا لیکن صوبوں کے اسکول اڑ گئے ہیں اور لاہور میں پرائیویٹ اسکولوں نے فیسوں میں کیا گیا اضافہ واپس لینے سے انکار کردیا ہے۔

    وزیرِاعظم نے سارے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کردی کہ نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں کو اعتدال پر لائیں جبکہ وزیرِاعظم نے جلد چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کا مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سے قبل سندھ حکومت نے نجی اسکولوں کی ماہانہ اسکول فیس اور سالانہ ٹیوشن فیس میں غیر قانونی اضافے کیخلاف30نجی اسکولوں کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

    ڈائریکٹر پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن حکومت سندھ کی جانب سے مذکورہ 30اسکولوں کے پرنسپلز کو انسپکشن کمیٹی نے اٹھارہ ستمبر کو طلب کرلیاہے۔

    جن اسکولوں کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں ان میں بیکن ہاوس اسکول سسٹم نارتھ ناظم آباد،بیکن ہاوس اسکول سسٹم مرکزی آفس،اسمارٹ اسکول کیمپس 2دارالسلام سوسائٹی،ہیپی ہوم سسٹم کے ڈی اے اسکیم 42،میٹروپولیٹن اسکول بلاک13،فاونڈیشن پبلک اسکول پی ای سی ایچ ایس،ایجوکیٹر اسکول سسٹم اور اسمارٹ اسکول سسٹم سمیت دیگر نجی اسکول شامل ہیں۔

    نجی اسکولوں کو جاری نوٹسز میں وضاحت طلب کی گئی ہے کہ انھوں نے کس قانون کے تحت فیسوں میں ہزاروں روپے کا اضافہ کیا ہے۔

    ڈائریکٹر پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن نے گذشتہ دو سالوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں جبکہ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ بھر کے کسی بھی نجی اسکول میں فیسوں میں غیر قانونی اضافہ کیا جائے تو فوری طور پر ڈی ڈی او اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر آگاہ کریں۔