Tag: private schools

  • موسم گرما کی چھٹیوں کے لیے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے اہم پیغام جاری

    موسم گرما کی چھٹیوں کے لیے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے اہم پیغام جاری

    کراچی: موسم گرما کی چھٹیوں کے حوالے سے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رفیعہ جاوید نے والدین کے لیے اہم پیغام جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز رفیعہ جاوید نے والدین اور طلبہ کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم گرما کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک جاری رہیں گی، اس دوران والدین اپنے بچوں کی ذہنی و اخلاقی تربیت کریں۔

    انھوں نے کہا ’’موسم گرما کی تعطیلات آرام کرنے، دھوپ سے بچنے، آرام کرنے، گزشتہ تعلیمی سال کے دوران خرچ کی گئی توانائی بحال کرنے کا وقت ہے تاہم، یہ ان چھٹیوں کا واحد مقصد نہیں ہے۔‘‘

    رفیعہ جاوید نے کہا ’’تعلیمی سرگرمیوں سے 60 دن کا وقفہ درحقیقت والدین کے لیے اپنے بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزارنے، ان کی پرورش اور کردار سازی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے اور ان کے ساتھ گہرا رشتہ استوار کرنے کا سنہری موقع ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’میں والدین سے گزارش کروں گی کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزاریں، ان میں وقت کی اہمیت کو اجاگر کریں اور یہ کہ اسے بہترین طریقے سے کیسے گزارنا ہے۔‘‘

    رفیعہ جاوید کا کہنا تھا کہ ان تعطیلات میں بچے کی صحت پر توجہ دی جانی چاہیے، اور بچوں کو صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ وہ اپنا وقت الیکٹرانک آلات یعنی ٹی وی، ویڈیو گیم، موبائل فون سے دور اور کھیل کے میدان میں گزار سکیں۔

    انھوں ںے کہا بچوں کو موبائل اور انٹرنیٹ سے دور رکھیں، انٹرنیٹ کی بجائے کھیلوں کی سرگرمیوں پر توجہ رکھیں، بچوں کو پاکستان کے تاریخی مقامات کی سیر کرائیں۔

  • نجی اسکولوں میں سالانہ چارجز ادا کرنے والے والدین کے لیے خوش خبری

    نجی اسکولوں میں سالانہ چارجز ادا کرنے والے والدین کے لیے خوش خبری

    کراچی: ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹیٹیوشن نے سالانہ چارجز وصول کرنے والے نجی اسکولوں کو رقم والدین کو واپس کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سالانہ چارجز وصول کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، والدین کی شکایت پر گلستان جوہر، کراچی میں واقع ایک بڑے نجی اسکول سے وضاحت طلب کر لی گئی۔

    نجی اسکول میں سال میں 2 مرتبہ 5 ہزار روپے فی طالب علم سالانہ چارج وصول کیے گئے تھے، ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹیٹیوشن نے رقم فوری والدین کو واپس کرنے کی ہدایت کر دی۔

    ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹیٹیوشن کے مطابق سندھ پرائیوٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن رولز 2005 اور سب رولز 7 (4) کی خلاف ورزی کی گئی ہے، مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر سالانہ فیس اور دیگر چارجز وصول نہیں کیے جا سکتے۔

    واضح رہے کہ نجی اسکول کے ایئر پورٹ کیمپس میں بھی والدین سے سالانہ اضافی فیسیں وصول کی گئی تھیں، جس پر والدین کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹیٹیوشن کو شکایت جمع کرائی گئی تھی۔

  • اسکول انتظامیہ صرف ماہانہ فیس لینے کی پابند ہے، عدالتی احکامات

    اسکول انتظامیہ صرف ماہانہ فیس لینے کی پابند ہے، عدالتی احکامات

    پشاور : عدالت کی جانب سے نجی اسکولوں کی فیسوں سے متعلق فیصلہ آنے کے بعد پشاور ریگولیٹری اتھارٹی نے اعلامیہ جاری کردیا۔

    صوبہ خیبر پختونخوا کے نجی اسکولوں میں داخلہ فیس، سالانہ فیس وصولی غیرقانونی ہونے کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ فیصلے کی روشنی میں ریگولیٹری اتھارٹی نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

    اتھارٹی اعلامیے میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ طلباء و طالبات کے والدین سے ماہانہ فیس کےعلاوہ کسی قسم کی کوئی اور فیس نہیں لے گی۔

    اعلامیہ کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے اسکول مالکان کےخلاف سخت کا رروائی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والا اسکول عدالتی حکم کی بھی خلاف ورزی کا مرتکب قرار پائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا۔

    پرائیویٹ اسکول فیسوں سے متعلق عدالتی فیصلہ آگیا

    چیف جسٹس ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو اہم ہدایات دیں، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اتھارٹی نے بتایا تھا کہ سالانہ فیس نہ لینے کا فیصلہ کے پی حکومت کرچکی ہے۔

  • سعودی عرب : بچے کہاں جائیں؟ نجی اسکولوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    سعودی عرب : بچے کہاں جائیں؟ نجی اسکولوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    ریاض : سعودی عرب میں نجی اسکول مالکان نے فیصلہ کیا ہے کہ اسکولوں کی نرسری کلاسز بند کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ٹیچرز کی ملازمت بھی ختم کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی ریجن ایوان تجارت میں نجی تعلیم و تربیت کمیٹی کے چیئرمین خالد الجویرۃ نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے باعث نرسری اسکولوں کے مالکان کو بھاری نقصان ہوا ہے اس لیے انہوں نے ناقابل برداشت خسارے کے بعد نرسری کلاسز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق خالد الجویرۃ نے بتایا کہ نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے نرسری کی نوے فیصد ٹیچرز کی ملازمت کے معاہدے بھی ختم کردیے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نقصانات سے تنگ آکر نرسری اسکولوں کے مالکان نے اپنے اسکول فروخت کرنا شروع کردیے ہیں۔ مالکان کا کہنا ہے کہ اب وہ مزید خسارے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

    مشرقی ریجن میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ناصر الشلعان نے وعدہ کیا ہے کہ وہ نجی اسکولوں کے مالکان کے مطالبات وزارت تعلیم کے فیصلہ ساز عہدیداروں تک پہنچائیں گے۔

    انہوں نے یہ وعدہ ایسے وقت کیا ہے جب نجی اسکولوں کے مالکان نے ان کے سامنے اپنے مطالبات رکھے تھے۔ خالد الجویرۃ نے بتایا کہ اسکولوں میں حاضری کی معطلی اور بیشتر طلبہ کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ لے لینے کے باعث نرسری اسکول ٹریننگ سینٹر اور دیگر اسکول خسارے میں چلے گئے ہیں۔ مجبوراً سکول فروخت کرنا پڑ رہے ہیں جبکہ نرسری اسکولوں کی ٹیچرز کوایک سال کی چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔

  • کراچی: جعلی ناموں والے نجی اسکولوں کے خلاف گھیرا تنگ

    کراچی: جعلی ناموں والے نجی اسکولوں کے خلاف گھیرا تنگ

    کراچی: ڈائریکٹوریٹ اسکولز نے شہر قائد میں غیر ملکی تعلیمی اداروں اور غیر ملکی ناموں پر قائم اسکولوں کے خلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا، غیر ملکی نام والے پرائیوٹ اسکولوں کو متعلقہ ملک کے ساتھ اپنی دستاویزی وابستگی ظاہر کرنی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ اسکولز نے جعلی ناموں والے نجی اسکولوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا، غیر ملکی تعلیمی اداروں اور غیر ملکی ناموں پر قائم اسکولوں کے خلاف کاروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ڈی جی اسکولز منسوب صدیقی کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر ملکی ناموں سے اسکولوں کی بھر مار ہے، غیر ملکی نام والے پرائیوٹ اسکولوں کو متعلقہ ملک کے ساتھ اپنی دستاویزی وابستگی ظاہر کرنی ہوگی۔

    ڈی جی کے مطابق آکسفورڈ، دی امریکن اور لندن جیسے دیگر ناموں سے منسوب اسکولوں کو اپنے مکمل دستاویزات ڈائریکٹوریٹ میں جمع کروانے ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے کئی غیر ملکی ناموں سے منسوب اسکول بغیر رجسٹریشن کے اسکول چلا رہے ہیں، ایسے اسکولوں کو نوٹسز جاری کردیے گئے، دستاویزات نہ ہونے پر ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

  • سوات میں 5 ماہ سے بند نجی تعلیمی ادارے کھل گئے،  انتظامیہ کی کارروائی 4 پرنسپلز گرفتار

    سوات میں 5 ماہ سے بند نجی تعلیمی ادارے کھل گئے، انتظامیہ کی کارروائی 4 پرنسپلز گرفتار

    سوات : خیبر پختونخواہ میں حکومتی احکامات کے باوجود کورونا وائرس کے باعث 5 ماہ سے بند نجی تعلیمی ادارے کھل گئے، انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے اسکول بند کرادیے اور 4 پرنسپلز کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں حکومتی احکامات کو اسکول مالکان نے ہوا میں اڑادیا، نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے کورونا کے باعث 5ماہ سے بند تعلیمی ادارے کھول دیئے تاہم حاضری انتہائی کم ہے اور والدین اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ رہے ہیں۔

    مینگورہ میں اسکولوں کو بند کرنے کیلئے انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد اسکولوں کو بند کرادیا گیا اور 4 پرنسپلز کو گرفتار کرلیا۔

    گذشتہ ہفتے کے پی کی صوبائی کابینہ نے 15 ستمبر سے اسکول کھولنے سے متعلق این سی او سی کے فیصلوں کی تائید کی تھی۔

    یاد رےہے آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کو نہیں مانتے، 15 اگست سے ہر صورت تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے، حکومت اگر گرفتاریاں کرنا چاہتی ہے تو کر لے، لیکن نجی تعلیمی ادارے کھول کر رہیں گے

    خیال رہے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا تھا کہ صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔

  • نجی اسکولوں کی من مانیاں، آن لائن کلاسز والدین کیلئے درد سربن گئیں

    نجی اسکولوں کی من مانیاں، آن لائن کلاسز والدین کیلئے درد سربن گئیں

    کراچی : کورونا وبا کے دوران نجی اسکولوں کی من مانیاں جاری ہیں، آن لائن کلاسز والدین کیلئے مشکلات کا سبب بن گئیں، نجی اسکولوں کی جانب 3ماہ کی فیس جمع کرانے کیلئے والدین کو پیغامات بھیجے جارہے ہیں۔

    اس کے علاوہ وین ڈرائیورز کی جانب سے بھی طلباء و طالبات کے والدین سے فیس ادا کرنے پر اصرار کیا جا رہا ہے، دوسری جانب بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے آئن لائن کلاسز کا انعقاد بھی چیلنج بن گیا، آن لائن کلاسز کیلئے کمپیوٹر سمیت دیگر آلات کی خریداری کا اضافی بوجھ بھی والدین پر آن پڑا ہے۔

    نجی اسکولوں کی غیر یقینی صورت حال پر والدین اور بچے تذبذب کا شکار ہیں، اس کے علاوہ محکمہ تعلیم کی جانب سے فیسوں میں20 فیصد کمی کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے بیشتر اسکول مالکان تیار نہیں ہیں۔

    والدین کا کہنا ہے کہ چند اسکولوں نے تو ابتدائی دو ماہ فیس میں رعایت دی، والدین کی ایک بڑی تعداد نے فیس جمع نہیں کرائی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکول عملے کو تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

    اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے نجی اسکولوں کو  ریلیف فراہم نہیں کیا اس کے باوجود ہماری جانب سے والدین کے ساتھ ہرممکن طریقے سے تعاون کیا گیا۔

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا ریلیف آرڈیننس بھی والدین کے کام نہیں آسکا، سندھ کے نجی اسکولوں میں زیر تعلیم40 لاکھ سے زائد طلبا کو فیسوں میں رعایت ملی اور نہ ہی اساتذہ کو تنخواہ ادا کی جاسکی ہے۔

    ہزاروں اساتذہ تنخواہوں سے محروم ہیں، محکمہ تعلیم سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ بھر کے 12 ہزار 8 سو 40 نجی اسکولوں میں سے اب تک صرف 20فیصد اسکولوں نے والدین کو فیسوں میں رعایت دی ہے۔

  • نجی اسکولز مالکان کا فیسوں میں 20فیصد رعایت دینے سے انکار

    نجی اسکولز مالکان کا فیسوں میں 20فیصد رعایت دینے سے انکار

    کراچی: نجی اسکولوں کے مالکان نے فیسوں میں 20فیصد رعایت دینے سےانکار کردیا ، صوبائی حکومتوں نے فیسوں میں 20 فیصد کی رعایت کا اعلان کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں نجی اسکولزمالکان نے فیسوں میں 20فیصد رعایت دینے سےانکار کردیا ، والدین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اسکولز کی فیس اداکرنےکی پوزیشن نہیں، فیسوں میں خصوصی رعایت پرنجی اسکولز نے شرائط لگا دیں۔

    والدین نے مزید کہا کہ مستحق ہونے یا نہ ہونے کی درخواست اور ثبوت مانگے جارہےہیں ، محکمہ تعلیم اور پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایکشن لے۔

    والدین نے وزیر تعلیم سندھ سے مطالبہ کیا کہ گمراہ کرنیوالے اسکولوں کیخلاف ایکشن لیں اور شرائط لگانے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    دوسری جانب پنجاب میں بھی نجی اسکول مالکان نے حکومت کی جانب سےفیسوں میں کمی کا فیصلہ ماننےسےانکار کرتے ہوئے اپریل اور مئی کی فیس میں 20 فیصد کمی کافیصلے واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    آل پاکستان پرائیویٹ ا سکولز کا کہنا ہے کہ پنجاب اورسندھ حکومت کےفیصلےآئین و قانون سے متصادم ہیں، ہم فیس سےمتعلق سپریم کورٹ کےفیصلےکےپابندہیں، ہم غیر قانونی فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

    خیال رہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نجی اسکولوں کو چھٹیوں کے دوران فیسوں میں 20 فیصد کمی کی ہدایت کی تھی۔

  • نجی اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے والدین کے لیے بڑی خبر

    نجی اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے والدین کے لیے بڑی خبر

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو ٹیوشن فیس کے علاوہ زائد فیس لینے سے روک دیا اور ڈائریکٹرنجی اسکولز کو قوانین اور عدالتی حکم کےمطابق معاملہ حل کرنے کا حکم بھی دیا، عدالت نے ریمارکس دئیے بچوں کی فیسیں ادا کر کے والدین کی کمرٹوٹ گئی ہے، ہم تعلیم کے نام پر دھندے نہیں چلنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں نجی اسکولزمیں مختلف ایونٹس کےنام پر زائد فیسوں کے معاملے پر سماعت ہوئی ، اسکول منیجر عدالت میں پیش ہوئے، عدالت کا استفسار کیا کونسا ایونٹ آپ روز کرتے ہیں؟

    جسٹس محمدعلی نے ریمارکس میں کہا آپ لوگوں نےعجیب دھندا بنایا ہوا ہے؟ والدین کو بلیک میل کرتے ہو، خود بھی کچھ کروگے یا سب کچھ والدین سے لو گے؟ اب کیا پانی کافی گلاس بھی 5روپے میں فروخت کروگے؟.

    عدالت کا کہنا تھا کہ مادر علمی جیسے الفاظ صرف کتابوں میں رہ گئے ہیں، تعلیم کے نام پر لوگوں کولوٹ رہے ہیں، احساس نام کی چیز نہیں ہے۔

    ڈائریکٹرنجی اسکولز ڈاکٹر منصوب صدیقی بھی عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس محمدعلی مظہر استفسار کیا اسکولوں میں کیا ہو رہا ہے؟ کچھ علم بھی ہے؟ جس پر ڈاکٹرمنصوب صدیقی نے بتایا اسکولوں کو پابند کیاگیا ہے، ٹیوشن فیس کے علاوہ کچھ نہیں لینا، باقی اضافی فیسیں غلط ہیں۔

    عدالت نے کہا اسکولوں میں ٹیوشن فیس کےعلاوہ کوئی اورفیس نہیں لینی ہے، فوٹواسٹیٹ، اسپورٹس ڈے کے نام پر ماہانہ1000،1000 کس بات کی لیتے ہیں، ہوٹل کےمینیو کارڈ کی طرح فیسیں لکھی ہیں، اسپورٹس فیس الگ لے رہے ہو تو فزکس اور انگریزی کی بھی الگ الگ لو۔

    عدالت نےنجی اسکولز کو ٹیوشن فیس کے علاوہ زائدفیسیں لینے سے روکتے ہوئے ڈائریکٹر نجی اسکولز کو حکم دیا قوانین اور عدالتی حکم کے مطابق معاملے کو حل کریں۔

    عدالت نے ڈائریکٹرنجی اسکولزکو19 مارچ کو اسکول انتظامیہ سے میٹنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا اسکول کوپابندکیاجائےکہ وہ کس کس مدمیں فیس وصول کر سکتے ہیں۔

    عدالت نے ریمارکس دیئے نجی اسکولز مافیا نے کاروبار بنایا ہوا ہے، تعلیم کے نام پر دھندے نہیں چلنے دیں گے، بچوں کی فیسیں ادا کرکےوالدین کی کمرٹوٹ گئی ہے، لائف اسکیم پروگرام اور فلاناپروگرام آخر ان فیسوں کا کیا تُک ہے؟

    عدالت نے ایک ماہ میں ڈائریکٹر نجی اسکولوں کومعاملے کو حل کرنے کا حکم بھی دیا۔

  • نجی اسکولوں میں  اضافی فیسوں کی وصولی، والدین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    نجی اسکولوں میں اضافی فیسوں کی وصولی، والدین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو وصول کی گئی 5 فیصد سے زائد اضافی فیسیں واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے 2017 کے بعد نجی اسکولزکی5فیصد سے زائد فیسوں کوکالعدم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے نجی اسکولوں کی جانب سے اضافی فیسیس وصول کرنے سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کر دیا ہے، فیصلہ چھ صفحات پر مشتمل ہے۔

    فیصلے میں عدالت نے نجی اسکولوں کی جانب سے وصول اضافی فیسیں واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے 2017 کے بعد نجی اسکولوں کی جانب سے پانچ فیصد سے زائد بڑھائی گئی فیسوں کو کالعدم قرار دے دیا۔

    عدالت نے فیسوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرنے کا حکم دیا اور ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کی جانب سے اسکولوں کی فیسوں میں پانچ سے 8 فیصد اضافہ کا حکم کالعدم قرار دیا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ نجی اسکول فیسوں میں سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی رعایت کو واپس نہیں لے سکتے، درخواست گزاروں کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ نجی اسکول سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود اضافی فیسیں وصول.کر رہے ہیں ، لہذا عدالت سکولوں کو اضافی فیسیں وصول کرنے سے روکے۔

    یاد رہے سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کا فیسوں میں اضافہ کالعدم قرار دیا تھا ، حکمنامے میں کہا گیا تھا کہ اسکول جنوری دو ہزار سترہ  والی فیسیں وصول کریں اور لی گئی اضافی فیس آئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کریں۔

    عدالت نے حکم دیا تھا کہ نجی اسکول قانون کے مطابق اپنی فیسوں کا دوبارہ تعین کریں، اسکول فیس کی ری کیلکولیشن کی نگرانی متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کرے گی، متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کی منظورشدہ فیس ہی والدین سے لی جاسکےگی۔