Tag: Privilege

  • ویر پہاڑیہ نے سوشل میڈیا ٹرولنگ پر خاموشی توڑ دی

    ویر پہاڑیہ نے سوشل میڈیا ٹرولنگ پر خاموشی توڑ دی

    بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے اداکار ویر پہاڑیہ نے سوشل میڈیا پر آن لائن ٹرولنگ اور ان کی اداکاری کی صلاحیت پر سوال اٹھانے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔

    بالی ووڈ اداکار ویر پہاڑیہ حال ہی میں بالی ووڈ کی فلم ’اسکائی فورس‘ میں نظر آئے، اس فلم میں ان کے ساتھ بالی ووڈ کے اداکار اکشے کمار نے مرکزی کردار ادا کیا۔

    ادکار ویر پہاڑیہ بھارت کے بزنس ٹائیکون سنجے پہاڑیا کے بیٹے ہیں اور ان کے دادا سشیل کمار شندے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ تھے۔

    فلم اسکائی فورس کے ساتھ بالی ووڈ ڈیبیو پر ویر پہاڑیہ کو ان کے خاندانی پس منظر پر ٹرول کیا گیا اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے اپنے خاندانی روابط کی وجہ سے فلم میں یہ کردار حاصل کیا۔

    فلم اسکائے فورس کے اداکار ویر پہاڑیہ نے ٹرولز کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں خوش قسمت ہوں کہ ایک نامور گھرانے میں پیدا ہوا اور میں ہمیشہ سے ایک آرٹسٹ بننا چاہتا تھا۔

    اداکار نے کہا کہ ’ میں کیا کرسکتا ہوں یہ تو میری خوش قسمتی ہے کہ میں ایسے خاندان میں پیدا ہوا، بچپن سے میرا خواب تھا میں ایک اداکار ہی بننا چاہتا تھا، اب میں لوگوں کو خوش کرنے کے لیے ایسا کیا کروں، کیا اپنی جان لے کر واپس سے جنم لوں؟‘

    اداکار نے مزید کہ میں صرف اتنا کر سکتا ہوں کہ سخت محنت اور لگن کے ساتھ کام کروں تاکہ ہر کوئی یہ سمجھے کہ میں اس انڈسٹری میں آنے کا مستحق ہوں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Maddock Films (@maddockfilms)

    ویر پہاڑیہ نے کہا کہ میں منفی تبصرے کا جواب نہیں دیتا اور ممکن ہے کہ جو لوگ اس طرح کی بات کررہے ہیں انہوں نے اب تک میری فلم نہیں دیکھی ہو یا یہ ہوسکتا ہے کہ میں اس فلم میں شائقین کے دلوں تک نہیں پہنچ پایا ہوں، لیکن میں اپنی اگلی فلم سے ان کا دل بھی جیت لوں گا اور ان کی نفرت کو محبت میں بدلنے کی پوری کوشش کروں گا۔

    واضح رہے کہ اداکار اکشے کمار اور ویر پہاڑیہ کی پاکستان مخاکف فلم ’اسکائی فورس‘ نے اپنے پہلے ہفتے کے آخر میں باکس آفس پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

    یہ فلم 24 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی،  سندیپ کیولانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے افتتاحی دن 15.30 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا، فلم پہلے ہفتے میں 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔

  • سونم کپور کو اپنے ٹویٹ پر لینے کے دینے پڑ گئے

    سونم کپور کو اپنے ٹویٹ پر لینے کے دینے پڑ گئے

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد بالی ووڈ میں اقربا پروری اور نامور ڈائریکٹرز اور پروڈیوسر کے اسٹارز کے بچوں کو نوازنے پر سخت تنقید کی جارہی ہے، ایسے میں سونم کپور نے فادرز ڈے پر ٹویٹ کے ذریعے ان ساری توپوں کا رخ اپنی طرف کرلیا۔

    معروف اداکار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور نے، جو خود بھی ایک نامور اداکارہ ہیں، والد کے عالمی دن پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ میں آج اس مقام پر اپنے والد کی وجہ سے ہوں۔

    سونم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہاں مجھے بہت سی مراعات ملی ہیں کیونکہ میرے والد نے مجھے یہ سب کچھ دینے کے لیے بہت محنت کی ہے، اور مجھے حاصل یہ تمام مراعات اسی کا صلہ اور ان کی خوش قسمتی ہیں۔

    سونم کا یہ ٹویٹ کرنا تھا کہ ٹویٹر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، اس سے قبل بھی بالی ووڈ اسٹارز کے بچوں بشمول شاہ رخ خان کے بچوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے کہ وہ بغیر کسی محنت کے بالی ووڈ میں اس مقام پر پہنچ گئے جہاں پہنچنے کے لیے محنتی اداکار ساری زندگی جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔

    ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ ایک غریب باپ بھی اپنی اولاد کو سہولیات دینے کے لیے اتنی ہی محنت کرتا ہے، لیکن اس کی اولاد غریب رہتی ہے تو کیا یہ کوئی مکافات عمل ہے؟ کیا آپ کا نہیں خیال کہ آپ کو زندگی کی ساری مراعات اپنے بل بوتے پر حاصل کرنی چاہئیں اپنے والدین کے بل بوتے پر نہیں۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ آپ کے خیال میں کیا مراعات سے محروم لوگوں کو کسی غلطی کے بدلے ایسی زندگی ملتی ہے اور وہ غریب رہتے ہیں؟ مراعات یافتہ ہونا کسی کا پیدائشی حق نہیں ہاں لیکن کچھ لوگوں کو یہ مل جاتی ہیں۔

    ایک اور صارف نے سابق امریکی صدر بارک اوباما کی بیٹی کی تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ وہ صدر کی بیٹی ہوتے ہوئے ایک ریستوران میں کام کر رہی ہے، اصل قابل تقلید مثال یہ ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد یہ انکشافات سامنے آئے تھے کہ بالی ووڈ کے بڑے ہدایت کاروں نے انہیں نظر انداز کر رکھا تھا اور ان کی پہلی ترجیح کسی بڑے اسٹار کی بیٹی یا بیٹے کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنا تھا، ان حالات سے دلبرداشتہ ہو کر سشانت نے خودکشی کی۔

    اس کے بعد سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کے بڑے ہدایت کاروں کو ان کی اقربا پروری پر اس قدر تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ کئی افراد کو وضاحت پیش کرنی پڑ گئی۔

    اس دوران سوشل میڈیا پر سونم کپور کا ایک ویڈیو کلپ بھی وائرل ہوا جس میں وہ کرن جوہر کے شو کافی ود کرن میں موجود ہیں اور ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دریافت کیا کہ سشانت سنگھ راجپوت کون ہیں۔