Tag: Priyantha Kumara

  • میں‌ سری لنکن شہری کو بچانا چاہتا تھا: ملک عدنان

    میں‌ سری لنکن شہری کو بچانا چاہتا تھا: ملک عدنان

    اسلام آباد: سیالکوٹ سانحے میں پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے پاکستانی شہری ملک عدنان نے کہا ہے کہ اس دن ان کا بس یہی ایک جذبہ تھا کہ کسی طرح‌ سری لنکن شہری کو بچا لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم آفس میں ملک عدنان نے وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دن میرا جذبہ یہی تھا کہ کسی طرح سری لنکن شہری کو بچا لوں، میں چاہتا تھا کہ کوئی ایسا واقعہ نہ پیش آ جائے جس سے ملک کا نام خراب ہو۔

    انھوں نے کہا شاید یہ قتل اب قوم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو، اور یہ واقعہ پورے پاکستان کی سوچ بدل کر رکھ دے، کیوں کہ سوچ بدلے گی تو آنے والی نسل کی بہتر پرورش ہو سکے گی۔

    دین کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے: عمران خان

    دریں اثنا، آج مقتول سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں ملک عدنان کو تمام وزرا، اور مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے خوب سراہا، علمائے کرام، سول سوسائٹی، اور میڈیا نے ملک عدنان کی بہادری کی تعریف کی۔

    عمران خان نے کہا ملک عدنان کو دیکھ کر ہمیں فخر ہوا کہ اس نے جان بچانے کی کوشش کی، ملک میں رول ماڈل کی بہت ضرورت ہوتی ہے، مجھے امید ہے ہماری یوتھ ملک عدنان کو دیکھ کر یاد کرے گی کہ ایک انسان تھا جو حیوانوں کے سامنے کھڑا ہوا تھا۔

  • دین کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے: عمران خان

    دین کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے: عمران خان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دین کے نام پر ملک میں کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے لیے سرکاری سطح پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہونے دینا، اور دین کے نام پر کسی نے ظلم کیا تو انھیں نہیں چھوڑیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا لوگوں پر توہین کا جھوٹا الزام لگا کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، پھر اسے کوئی وکیل ملتا ہے نہ ہی جج فیصلہ کرتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے پریانتھا کمارا کے اہل خانہ کے لیے ایک لاکھ ڈالر کا اعلان کیا ہے، بیوہ کو تنخواہ بھی دی جائے گی۔

    انھوں نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو بہادری اور شجاعت کے اعتراف میں سند سے بھی نوازا۔

    وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان نے آنجہانی پریانتھا کمارا کے خاندان، سری لنکن حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا، تقریب میں وفاقی وزرا، سری لنکن ہائی کمشنر نے بھی شرکت کی۔

    عمران خان نے کہا ملک عدنان کو دیکھ کر ہمیں فخر ہوا کہ اس نے جان بچانے کی کوشش کی، ملک میں رول ماڈل کی بہت ضرورت ہوتی ہے، مجھے امید ہے ہماری یوتھ ملک عدنان کو دیکھ کر یاد کرے گی کہ ایک انسان تھا جو حیوانوں کے سامنے کھڑا ہوا تھا۔

    انھوں نے کہا افسوس ہے کہ سیالکوٹ واقعے پر پوری دنیا سے پیغام آئے، سیالکوٹ واقعے پر اوورسیز پاکستانی شرمندہ ہیں، ملک عدنان کو ملک کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 23 مارچ کو ملک عدنان کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔

  • سانحہ سیالکوٹ پر سری لنکن کھلاڑی بھی بول پڑے

    سانحہ سیالکوٹ پر سری لنکن کھلاڑی بھی بول پڑے

    سری لنکن کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز بھی سانحہ سیالکوت پر بول پڑے۔

    سری لنکن کرکٹر اینجلو میتھیوز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’ایک سری لنکن شہری کے وحشیانہ قتل کا سن کر صدمہ اور افسوس ہوا۔‘

    اینجلو میتھیوز نے مطالبہ کیا کہ ’اس وحشت ناک واقعے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سزا دی جائے، کسی انسان کو کسی دوسرے کی قسمت کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔

    واضح رہے گزشتہ دنوں سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کے سری لنکن منیجر ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگئے تھے، مشتعل افراد ان کی لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی تھی۔

    مشتعل افراد کا دعویٰ تھا کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔

    سانحہ سیالکوٹ کی پولیس تحقیقات جاری ہیں، دوران تحقیقات اب تک 110 افراد کی شناخت ہوگئی ہے، جن میں 13 مرکزی ملزمان ہیں، ملزمان طلحہ اور فرحان نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

    یاد رہے کہ سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی میت سری لنکا کے شہر کولمبو پہنچ گئی ہے جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

  • ملک عدنان کو پروٹوکول کے ساتھ وزیر اعظم آفس لایا جائے گا

    ملک عدنان کو پروٹوکول کے ساتھ وزیر اعظم آفس لایا جائے گا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سانحہ سیالکوٹ کے ہیرو ملک عدنان کو اسلام آباد بلا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ کے ہیرو اور مقتول سری لنکن شہری کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کرنے والے پاکستانی شہری ملک عدنان کو پورے پروٹوکول کے ساتھ وزیر اعظم آفس لایا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان ملاقات میں ملک عدنان کو قومی ہیرو قرار دیں گے، اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ملک عدنان جنھوں نے سیالکوٹ واقعے میں بے مثال بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا، وہ آج رات وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم کے خاص مہمان کے طور پر قیام کر رہے ہیں۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ کل وزیر اعظم آفس میں ایک خصوصی تقریب میں ان کی خدمات کو سراہا جائے گا، جب کہ وزیر اعظم نے پہلے ہی انھیں تمغہ شجاعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں ملک عدنان کی بہادری کی تعریف

    اجلاس میں ملک عدنان کی بہادری اور جرأت کی بھی تعریف کی گئی، اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک عدنان نے سری لنکن شہری کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں ملک عدنان کی بہادری کی تعریف

    وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں ملک عدنان کی بہادری کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال پر جائزے کے لیے آج پیر کو اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر داخلہ شیخ رشید، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اعلیٰ عسکری و سول افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو بچانے کی جدوجہد کرنے والے ملک عدنان نے تفصیلات بتائیں، اجلاس میں سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے منیجر کے قتل کے ظالمانہ فعل پر شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیالکوٹ سانحے کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    اجلاس کے شرکا نے مؤقف اپنایا کہ افراد اور ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

    افسوسناک حادثے پر حکومت اور عوام کے رد عمل سے مطمئن ہیں: سری لنکن ہائی کمشنر

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا، تمام مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔

    اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی بہادری اور جرأت کی بھی تعریف کی گئی، اعلامیے کے مطابق ملک عدنان نے سری لنکن شہری کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔

    اجلاس میں سری لنکن شہری کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

  • پریانتھا کمارا پر تشدد اور جلانے میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

    پریانتھا کمارا پر تشدد اور جلانے میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

    پنجاب پولیس نے سری لنجن جنرل مینیجر کو قتل کرکے لاش کو جلانے میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم امتیاز عرف بلی کو بھی گرفتار کرلیا۔

    پنجاب پولیس کی جانب سے سیالکوٹ وزیرآباد روڈ پر واقع نجی فیکٹری کے غیرملکی جنرل مینیجر کو بدترین تشدد سے قتل کرکے لاش کو سرعام جلانے والے ملزمان کی گرفتاریوں اور ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کے خلاف چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    پنجاب پولیس نے سیالکوٹ واقعے میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم امتیاز عرف بلی کو بھی گرفتار کرلیا ہے جو سری لنکن مینیجر پر بہیمانہ تشدد اور لاش کی بے حرمتی میں شامل تھا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا اس حوالے کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کےلیے پولیس نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے لیکن امتیاز عرف بلی ہر بار اپنا ٹھکانہ تبدیل کرلیتا تھا تاہم پولیس نے ملزم کو راولپنڈی جانے والی بس پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔

    یاد رہے سیالکوٹ میں گزشتہ روز غیر ملکی مینجر قتل کیس میں ابتک ایک سو بیس افراد کو پولیس نے حراست میں لیا جبکہ موبائل ڈیٹا کے ذریعے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب غیر ملکی مینجر پریانتھا کی پورسٹ مارٹم رپورٹ بھی موصول ہو چکی ہے، جس میں دماغ کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے موت کی وجہ بتائی گئی ہے۔

    واضح رہے سیالکوٹ میں واقع وزیرآباد روڈ پر قائم لیدر فیکٹری میں گزشتہ 9 برس سے مینیجر کے عہدے پر کام کرنے والے سری لنکن شہری کو مشتعل ملازمین کے ہجوم نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور پھر لاش کو آگ لگا دی تھی۔

  • افسوسناک حادثے پر حکومت اور عوام کے رد عمل سے مطمئن ہیں: سری لنکن ہائی کمشنر

    افسوسناک حادثے پر حکومت اور عوام کے رد عمل سے مطمئن ہیں: سری لنکن ہائی کمشنر

    اسلام آباد: سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ وہ سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کے رد عمل سے مطمئن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آ ج وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سری لنکا ہائی کمیشن جا کر ہائی کمشنر اور وائس ایڈمرل موہن وجے کرما سے ملاقات کی، انھوں نے سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔

    وزیر داخلہ نے واقعے پر حکومت اور عوام کی طرف سے افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا پریانتھا کمارا کی افسوسناک موت پر پاکستانی عوام سوگوار ہیں، واقعے میں ملوث مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

    شیخ رشید نے یقین دہانی کرائی کہ پریانتھا کمارا پر تشدد اور موت میں ملوث کسی شخص کو رعایت نہیں ملے گی، اور اس کی ہلاکت کے تمام مجرمان کو حکومت مثالی سزا دلائے گی۔

    اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر  موہن وجے کرما نے کہا کہ پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کے رد عمل پر ہم مطمئن ہیں، اور افسوس ناک حادثے پر پاکستانی عوام کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    سری لنکن ہائی کمشنر نے واضح کیا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین تعلقات دیرینہ ہیں، حالیہ واقعے سے متاثر نہیں ہوں گے۔

    انھوں نے پرنتھا کمارا کی نعش سرکاری اعزاز کے ساتھ سری لنکا رخصت کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔