Tag: Program

  • ملک بھر کے شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ ہوگی

    ملک بھر کے شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ ہوگی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک گیر سطح پر ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا ہے، 5 سال کے دوران نصف آبادی کی مرض کی اسکریننگ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ہیپاٹائٹس سی کے بڑھتے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملکی سطح پر ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی آبادی کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، اسکریننگ پلان وزارت قومی صحت نے تیار کیا ہے۔ منصوبہ پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے نام سے شروع کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام کا 5 سالہ پی سی ون تیار ہے، پروگرام کا باضابطہ اعلان رواں ماہ ہوگا۔ پی ایم ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے لیے بجٹ میں 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ پروگرام کی فنڈنگ کے لیے مختلف آپشنز زیر غور ہیں، پروگرام کے لیے نصف فنڈنگ وفاق اور نصف صوبے کریں گے۔

    پی ایم ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے لیے عالمی ڈونرز سے رابطے کیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 سال کے دوران نصف آبادی کی اسکریننگ کی جائے گی، 12 سال سے زائد عمر کے شہریوں کا ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ ہوگا، ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ ریپڈ ڈائیگناسٹک ٹیسٹ سے ہوگی۔ ٹیسٹ پازیٹو ہونے پر شہری کی ہیپاٹائٹس سی ویکسی نیشن ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے تک شہری کا علاج معالجہ جاری رہے گا، شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ اور علاج فری ہوگا۔

    یاد رہے کہ پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام سنہ 2015 میں بند کر دیا گیا تھا، قومی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ پلان کا مقصد مرض کا پھیلاؤ روکنا ہے، مرض کا پھیلاؤ روکنے سے شرح اموات میں کمی آئے گی۔

    دوسری جانب ماہر امراض معدہ و جگر ڈاکٹر حیدر عباسی کا کہنا ہے کہ ملکی آبادی کی 5 فیصد آبادی ہیپاٹائٹس سی سے متاثرہ ہے، ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد 80 لاکھ سے زائد ہے۔

    ڈاکٹر حیدر کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی کے کیسز کا تعلق سندھ اور بلوچستان سے ہے، مرض غیر ضروری انجکشن اور ناقص ڈرپس لگوانے، سرجری کے ناقص آلات اور حجامت کے گندے آلات سے پھیلتا ہے۔

  • سعودی عرب میں پنشنرز کے لیے خصوصی منصوبے

    سعودی عرب میں پنشنرز کے لیے خصوصی منصوبے

    ریاض: سعودی عرب میں مقامی پنشنرز کے لیے خصوصی منصوبے متعارف کروائے گئے ہیں جس سے انہیں مزید سہولیات حاصل ہوں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق تقدیر پروگرام ایک غیر منافع بخش اقدام ہے جسے گزشتہ سال جنوری میں جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس (جی او ایس آئی) نے شروع کیا تھا، سعودی پنشنرز کے لیے یہ پروگرام ملک کے لیے پنشنرز کی خدمات کی تعریف میں تیار کیا گیا ہے۔

    اس کے بنیادی اہداف میں ریٹائر ہونے والوں اور جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس سے مستفید ہونے والوں کو پورے ملک میں نجی اور سرکاری شعبوں کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر فوائد دینا شامل ہے۔

    یہ پروگرام اپنے مستفید کنندگان کو اپنے مخصوص آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے مملکت کی بہت سی کمپنیوں بشمول لی میریڈین ہوٹل، سعودیہ ایئر لائن اور عبداللطیف جمیل فنانسنگ کے ساتھ شراکت میں متعدد خدمات اور خصوصی پیشکشیں دیتا ہے۔

    سرکاری اور نجی شعبوں میں تمام ریٹائرڈ سعودی مرد و خواتین اور ان کے زیر کفالت افراد اس خصوصی پروگرام کے فوائد تک رسائی کے اہل ہیں۔

    تقدیر پروگرام کی ایک سروس ریٹائر ہونے والوں کو ان کے گذشتہ برسوں کے پیشہ ورانہ تجربے کے مطابق کام کے نئے مواقع بھی فراہم کرتی ہے، پنشنرز کے لیے دوسری سروس مملکت کے تمام خطوں میں ہوٹلوں، تعلیم، تفریح، ادویات اور نقل و حمل پر خصوصی رعایت فراہم کرتی ہے۔

    تمام پنشنرز تقدیر پروگرام کے اندر مختلف فنانسنگ اسکیموں کے ذریعے قرض حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں تاکہ اپنے ذاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں۔

  • سعودیہ، چین کی معاونت سے بیلسٹک میزائل پروگرام تیار کررہا ہے، امریکی میڈٰیا کا دعویٰ

    سعودیہ، چین کی معاونت سے بیلسٹک میزائل پروگرام تیار کررہا ہے، امریکی میڈٰیا کا دعویٰ

    ریاض/واشنگٹن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی حکومت صحرا چین کے تعاون سے بیلسٹک میزائل پروگرام تیار کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا شمار امریکا کے خاص اتحادیوں میں ہوتا ہے جو مشرق وسطیٰ میں امریکی ہتھیاروں کا بڑا خریدار بھی ہے تاہم امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیاہےکہ سعودی عرب امریکی حریف چین کی معاونت سے صحرا کے وسط میں ایک خفیہ پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کے تحت بیلسٹک میزائل کی تیاری کو تیزی سے عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔

    امریکی نشریاتی ادارے نے مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سعودی رژیم بیلسٹک میزائل کی تیاری کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے اور ٹیکنالوجی کو جدید کرچکا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکی خفیہ اداروں کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ سعودی عرب بیلسٹک میزائل منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

    سی این این کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خفیہ ایجنسیوں کو موصولہ اطلاعات سے کانگریس کو لاعلم رکھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی سفارتے خانے نے مذکورہ واقعے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا تاہم چینی حکام کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک عسکری سمیت تمام تزویراتی شعبوں میں ایک دوسرے کے معاونت کار ہیں اور یہ تعاون عالمی قوانین کی خلاف وزری کے زمرے سے باہر ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ انتظامیہ سعودیہ میں ایٹمی پلانٹ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، رپورٹ

    خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی کانگریس نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ  امریکا سعودی عرب میں جوہری ری ایکٹر تعمیر کرنے کی تیاری کررہا ہے، ایٹمی ری ایکٹر کی سعودی عرب منتقلی کا معاملہ ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر نگرانی چل رہا ہے۔

  • منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری سے مملکت کو فوائد پہنچیں گے، وزارت محنت

    منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری سے مملکت کو فوائد پہنچیں گے، وزارت محنت

    ریاض : سعودی وزارت محنت کا کہنا ہے کہ منفرد اقامہ پروگرام کے مملکت میں متعدد اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور مرد و خواتین شہریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں محنت اور سماجی ترقی کی وزارت کے سرکاری ترجمان خالد ابا الخیل کا کہنا ہے کہ کابینہ کی جانب سے منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری سے مملکت کو فوائد پہنچیں گے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان فوائد میں مسابقت میں اضافہ، سرمایہ کاروں کے لیے کشش اور تجارتی پردہ پوشی پر روک شامل ہے جب کہ اس سے سعودی مرد اور خواتین شہریوں کی ملازمتوں کے مواقع متاثر نہیں ہوں گے۔

    وزارت کے سرکاری ترجمان نے عرب ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ منفرد اقامہ پروگرام کے مملکت میں متعدد اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور مرد اور خواتین شہریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

    ابا الخیل نے باور کرایا کہ وزارت محنت کی جانب سے مملکت میں بہت سے پیشوں، سرگرمیوں اور سیکٹروں میں کام کو سعودی مرد اور خواتین تک محدود رکھنے کی پالیسی جاری رہے گی۔

    سعودی وزارت محنت میں باخبر ذرائع نے عرب ٹی وی کو بتایا تھا کہ کابینہ کی جانب سے منظور ہونے والا منفرد اقامہ پروگرام سعودی شہریوں کی ملازمتوں کو ہر گز متاثر نہیں کرے گا۔

    مذکورہ ذرائع کے مطابق منفرد اقامہ پروگرام سے مستفید ہونے والوں پر سعودیوں کے لیے مخصوص پیشوں میں کام کرنے پر پابندی ہو گی۔سعودی عرب میں منفرد اقامہ پروگرام کا فیصلہ ملک میں اقتصادی ترقی اور معاشی تنوع سے متعلق اصلاحات کے نفاذ کاحصہ ہے۔

    گذشتہ بدھ کو سعودی شوریٰ کونسل نے منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری دی تھی جس کے تحت کاروباری اداروں، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور باصلاحیت تارکین وطن کو مملکت میں محدود پیمانے پر کفیل سے آزاد رہ کر زندگی گذارنے اور کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

    منفرد اقامہ پروگرام دائمی اور عارضی دو اقسام پر مشتمل ہو گا۔ عارضی اقامہ پروگرام محدود اور مخصوص فیس ادا کر کے حاصل کیا جا سکے گا۔ مملکت میں رائج کئے جانے والے منفرد اقامہ پر مقیم تارک وطن کو سعودی عرب میں بعض اضافی مراعات حاصل ہوں گی۔ وہ محدود پیمانے پر سعودی عرب میں کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لے سکے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ منفرد اقامہ پروگرام رکھنے والے غیر ملکی کو اپنے خاندان کو ساتھ رکھنے، رشتے داروں کو ملاقات کے لیے بلانے، مزورد منگوانے، جائیداد بنانے، نقل وحمل کے وسائل کی ملکیت حاصل کرنے کی اجازت ہو گی۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ اس کے عوض طے شدہ ضوابط کے مطابق فیس ادا کرنا ہو گی۔ منفرد اقامہ حاصل کرنے والے کو سعودی عرب میں آمد و رفت کی اجازت ہو گی۔ دائمی اقامہ غیر معینہ مدت کے لیے ہو گا، یا اس کی تجدید کرائی جا سکے گی۔

  • اونرا کا فلسطینی پناہ گزینوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کر نے کا اعلان

    اونرا کا فلسطینی پناہ گزینوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کر نے کا اعلان

    یروشلم : فلسطینی پناہ گزینوں کے امور کی ذمہ دار اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی اونروا کی طرف سے اسکولوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کیے جانے کے خلاف فلسطینیوں نے احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اونروا کی طرف سے اسکولوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کرنے پر فلسطین کے بعد لبنان میں بھی موجود فلسطینی پناہ گزینوں نے احتجاج کیا اور اونروا کے خلاف دھرنا دیا۔

    اونروا نے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ وہ مالی بحران کے باعث فلسطینی پناہ گزینوں میں اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کر دیں گے۔اونروا کے اس اعلان کے بعد لبنان میں سول سوسائٹی، ملازمین یونین، عوامی کمیٹیوں اور این جی اوز کے ساتھ ساتھ اقوامتحدہ میں فلسطینی ملازمین نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اونروا کی طرف سے اسٹڈی سپورٹ پروگرام ختم کرنے سے 3000 فلسطینی طلباءکا مستقبل داﺅ پر لگ جائے گا جب کہ 10 ہزار طلباءکے موسم سرما کے تعلیمی پروگرام متاثر ہوں گے اور 250 فلسطینی ملازمین کو ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

    فلسطینی پناہ گزینوں کے دفاع کی ذمہ دار کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل علی ھویدی نے بیروت میں منعقدہ مظاہرے سے ٹیلیونک خطاب میں کہا کہ انہیں اس ریلی میں براہ راست شرکت نہ کرنے کا افسوس ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اونروا کے اسٹڈی سپورٹ پروگرام کے ذریعے فلسطینی پناہ گزین طلباءکے 70 فی صد تعلیمی اخراجات ادا کیے جاتے ہیں۔

  • امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے نے عوام کی نگرانی کا پروگرام بند کردیا

    امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے نے عوام کی نگرانی کا پروگرام بند کردیا

    واشنگٹن : امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے پر عوام کی نگرانی کا پروگرام بوجھ بن گیا، نیشنل سیکورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ان کا عوام کی نگرانی کا پروگرام اب کسی کام کا نہیں رہا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے عوام کی نگرانی کے لیے بنایا گیا پروگرام این ایس اے کےلیے چلانا مشکل ہوگیا، جس کے باعث خفیہ ایجنسی نے مذکورہ پروگرام کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ این ایس اے نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد امریکی شہریوں کی نگرانی شروع کی تھی۔ جس کے لیے این ایس اے نے یومیہ اربوں فون کالز ریکارڈ کرنا شروع کیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر ان اقدامات کا مقصد دہشت گردوں کے رابطہ کاروں کا پتا چلانا تھا، تاہم 2013 میں سابق انٹیلی جنس کنٹریکٹر ایڈورڈ سنوڈن نے این ایس اے کے پروگرام کی تفصیلات لیک کر دیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایڈورڈ سنوڈن کے پروگرام کی تفصیلات لیک کرنے کے بعد کانگرس نے 2015 میں یو ایس اے فریڈم ایکٹ پاس کیا۔ جس کے بعد اس پروگرام کا دائرہ کافی کم کر دیا گیا اور فون کا محدود ریکارڈ فون کمپنیوں کو رکھنے کا کہا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس سال کے شروع میں ریپبلیکن کانگرس کے نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر لیوک مرے نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ این ایس اے نے تیکنیکی اور دوسری وجوہات کی بنا پر پچھلے 6 ماہ سے اس نظام کو استعمال نہیں کیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سینئر انٹیلی جنس حکام سمجھتے ہیں کہ این ایس اے کے نگرانی کے نظام کی اہمیت بہت محدود ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب یہ ٹرمپ انتظامیہ پر ہے کہ وہ اس پروگرام کی تجدید کرتے ہیں یاختم کرتے ہیں۔

  • خصوصی افراد کا عالمی دن، پاک فضائیہ کے زیر اہتمام پروقار تقریب

    خصوصی افراد کا عالمی دن، پاک فضائیہ کے زیر اہتمام پروقار تقریب

    اسلام آباد: پاک فضائیہ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عالمی دن پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں آج خصوصی افراد کا عالمی دن منایا گیا، اسی موقع کی مناسبت سے پاک فضائیہ نے نورخان آڈیٹوریم، ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    ائیر وائس مارشل عامر مسعود، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (سپورٹ) نے خطبہ استقبالیہ میں معاشرے کو خصوصی افراد کے لیے سازگار بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

    خصوصی بچوں کے والدین سے گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف نے پاک فضائیہ کو خصوصی افراد کے لیے ایک مشفق ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم سب یہاں خصوصی افراد کے بارے میں آگاہی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں اور پاک فضائیہ ان افراد کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

    تقریب میں پی اے ایف اسپیشل اسکول اسلام آباد کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا اور اسٹیج پر مختلف خاکے پیش کیے۔ پی اے ایف اسپتال کے سینئر سائیکاٹرسٹ ونگ کمانڈر نجم نے اسپیشل بچوں کے ساتھ برتاؤ کے بارے میں گفتگو کی۔ اس دوران شرکاء کے ساتھ تبادلہ خیال میں ان بچوں کے والدین نے اپنے تجربات پررو شنی ڈالی۔

    خیال رہے کہ 1992ء سے اقوام متحدہ 3 دسمبر کو سالانہ خصوصی افراد کے عالمی دن کے طور پر مناتی ہے۔ اس سال اس دن کا موضوع ’’ خصوصی افراد کو مکمل اختیارات دینا اور انہیں برابری کے مواقع فراہم کرنے کو یقینی بنانا‘‘ ہے۔

    واضح رہے کہ پاک فضائیہ نے ان بچوں کو برابری کے موقع فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں میں تیرہ اسپیشل اسکول قائم کئے ہیں جہاں نہ صرف ان بچوں کو جدید سمعی وبصری آلات کے ذریعے تعلیم دی جاتی ہے بلکہ ان کے والدین کو بھی بہترین رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔

  • جوہری تجربہ گاہ کے انہدام کے بعد شمالی کوریا نے معائنے کی اجازت دے دی

    جوہری تجربہ گاہ کے انہدام کے بعد شمالی کوریا نے معائنے کی اجازت دے دی

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے اپنے جوہری تجربہ گاہ کے انہدام کے بعد بین الاقوامی معائنہ کاروں کو معائنے کی اجازت دے دی۔

    تفصصیلات کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اس نے اپنے جوہری پروگراموں کے تنصیبات منہدم کردیے ہیں تاہم کسی کو معائنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا اپنے جوہری تجربات کے مقام پُونگی ری کے معائنے پر رضامند ہے، بین الاقومی معائنہ کار جگہ کا دورہ کریں گے۔

    رواں ماہ کے آغاز میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان بین الاقوامی معائنہ کاروں کو شمالی کوریا کی جوہری اور میزائل تنصیبات میں داخلے کی اجازت دینے پر تیار ہیں۔

    کم جونگ اور میں ایک دوسرے کے عشق میں مبتلا ہوگئے ہیں، ٹرمپ

    خیال رہے کہ 8 اکتوبر کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مختصر دورے کے دوران کم جونگ سے ملاقات کی تھی، انہوں نے بتایا تھا کہ معائنہ کاروں کی ٹیم میزائلوں کے انجن ٹیسٹ کرنے کی تنصیب اور جوہری تجربات کے مقام کا دورہ کرے گی، یہ دورہ فریقین کے بیچ لوجسٹک امور پر اتفاق رائے ہونے کے فوری بعد کیا جائے گا۔

    شمالی کوریا حکام کے مطابق انہوں نے گزشتہ برس اپنا جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام ترک کر دیا تھا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے مابین رواں سال جون کے مہینے میں سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی، ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا تھا کہ اب شمالی کوریا سے کسی قسم کا جوہری خطرہ نہیں ہے۔

  • اپوزیشن حکومت کو 100 دن کا وقت دینا چاہتی ہے: ناصرشاہ

    اپوزیشن حکومت کو 100 دن کا وقت دینا چاہتی ہے: ناصرشاہ

    کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت کو 100 دن کا وقت دینا چاہتی ہے، پی پی جمہوریت پر عمل رکھتی ہے مسائل کے حل کے لیے سیاست کرتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن تنقید برائے تعمیر پر یقین رکھتی ہے، حکومتی کارکردگی پر عوام نے اپنا ردعمل دینا شروع کردیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کرے گی، ہماری پارٹی چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت 5سال پورے کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پہلے نہیں جانا چاہتی تھی اب انھیں آئی ایم ایف اچھی لگ رہی ہے، بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ پی ٹی آئی خود کو حکومت میں نہیں سمجھتی۔

    جام خان شورو الزامات سے سرخرو ہوں گے، ناصر حسین شاہ

    جعلی اکاؤنٹس سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس اور ٹرانزکشنز میں ملوث لوگوں کا نام سامنے لایا جائے، ایف آئی اے کو کسی کیس میں لگتا ہے پیپلزپارٹی ملوث ہے تو منی لانڈرنگ کا نام دے دیتی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑی برائی کے آنے سے اپوزیشن کو چھوٹی برائی کو قریب لانا پڑتا ہے، الیکشن کے دوران 2014 کے مقدمے سے پی پی قیادت کو تنگ کیا گیا۔

  • ٹیلنٹ کی تلاش میں کراچی کنگز کا قافلہ بورے والہ پہنچ گیا

    ٹیلنٹ کی تلاش میں کراچی کنگز کا قافلہ بورے والہ پہنچ گیا

    لاہور: ٹیلنٹ کی تلاش میں کراچی کنگز کا قافلہ بورے والہ پہنچ گیا، کراچی کنگز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں کھلاڑی کی کھوج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز ٹیلنٹ ہنٹ میں ملک کے مختلف شہروں سے بچے اور نوجوان کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

    کراچی کنگز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں آج بُورے والہ میں کھلاڑی کی کھوج کی جائے گی۔

    قبل ازیں خانیوال کے شبیر اسٹیڈیم میں بہترین بالرز، فیلڈرز اوربیٹسمین کا امتحان بھی لیا گیا۔

    ٹیلنٹ کی تلاش میں کراچی کنگز کا قافلہ ہری پور پہنچ گیا

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے ہری پور میں باصلاحیت کھلاڑی کی کھوج لگائی گئی تھی۔

    ہری پور میں ٹیلنٹ کی تلاش میں بچوں اور نوجوان کرکٹرز کے ٹرائلز کراچی کنگز کے ڈائریکٹر راشد لطیف اور سابق کرکٹر ارشد خان نے لیے تھے۔

    کراچی کنگز کا اگلا اسٹاپ ڈیرہ اسماعیل خان ہوگا، جہاں ٹیلنٹ ہنٹ کے سلسلے میں ٹرائلز 21 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز نے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے پُر عزم ہو کر ’کھلاڑی کی کھوج‘ کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا سوات سے آغاز کیا، دو روز قبل اس کھوج میں کھلاڑیوں کی بڑی تعداد ٹرائلز دینے پہنچ گئی تھی۔