Tag: Project

  • سعودی عرب: وژن 2030 کے تحت تفریحی منصوبوں کا افتتاح

    سعودی عرب: وژن 2030 کے تحت تفریحی منصوبوں کا افتتاح

    ریاض: سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت ولی عہد محمد بن سلمان نے تفریحی منصوبوں کا افتتاح کردیا، منصوبے کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے 86 بلین درہم سے تیار کردہ تفریحی منصوبوں کا افتتاح کردیا، منصوبے میں تفریحی امور کے علاوہ جزوی طور پر ترقیاتی سرگرمیاں بھی منصوبے کا حصہ ہوں گی۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں پر تئیس بلین ڈالر کی خطیر رقوم خرچ کی جائیں گی، منصوبوں میں ایک تفریحی پارک، ایک اسپورٹس ٹریک اور ایک آرٹ سینٹر کی تعمیر بھی شامل ہے۔

    منصوبے کے تحت 70 ہزار سے زائد نئی نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گی، جبکہ بین الاقوامی سرمایہ کار بھی سعودی عرب کا رخ کریں گے اور کاروبار میں حصہ ڈالیں گے۔

    عرب حکام سعودی شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ملک میں بھرپور اقدامات کررہے ہیں، وژن کے تحت خواتین کو گاڑیاں چلانے کی اجازت سمیت سینماؤں کو بھی بحال کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس تین جون کو ایک تاریخ سا ز فیصلے کے نتیجے میں سعودی خواتین کو گاڑی چلا نے کی اجازت ملی تھی جو کہ ایک قدامت پسند معاشرے میں بڑا اقدام تھا، جس کے بعد متعدد شعبوں میں خواتین اپنی صلاحتیوں کا لوہا منواتی رہیں۔

    سعودی حکومت حقوق نسواں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدام کرے گی، بندر العیبان

    عرب میڈیا کے مطابق رواں ماہ سعودی خاتون عدوا الدخیل نے بلندی سے گرنے کے خوف کو شکست دیتے ہوئے پہلی سعودی خاتون پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کی عمران خان سے ملاقات، صوبے میں نئے منصوبوں کی یقین دہانی

    وزیراعلیٰ سندھ کی عمران خان سے ملاقات، صوبے میں نئے منصوبوں کی یقین دہانی

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس دوران عمران خان نے صوبے میں نئے منصوبوں کی یقین دہائی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ نے وزیراعظم سے 2 بجکر 20 منٹ پر تفصیلی ملاقات کی، وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کے ساتھ دوپہر کا کھانا بھی ساتھ کھایا۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق دوپہر کے کھانے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے، مراد علی شاہ نے وزیراعظم سے کہا صوبے اور وفاق مل کر کام کرسکتے ہیں، صوبے اور وفاق کو ایک دوسرے کی آئینی حیثیت اور اہمیت تسلیم کرنا ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاق کے فور، کراچی سرکلر ریلوے منصوبوں پر وعدہ نبھائے، ہم چاہتے ہیں وفاق بجلی اور گیس کے منصوبے سندھ میں شروع کرے۔

    دوسری جانب وزیراعظم نے سندھ میں نئے منصوبوں کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی، اس دوران وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ سے دیہی علاقوں میں امن وامان کی صورتحال معلوم کی۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے بتایا کہ ماضی میں سندھ میں قافلے میں سفر کیا تھا، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا اب پورے صوبے میں امن وامان بہترین ہے، وزیراعظم بغیر کانوائے کے سفر کرسکتے ہیں۔

  • اقوام متحدہ کا چار مسلم ممالک کے لیےنئے منصوبے شروع کرنے کا اعلان

    اقوام متحدہ کا چار مسلم ممالک کے لیےنئے منصوبے شروع کرنے کا اعلان

    نیویارک : اقوام متحدہ نے براعظم افریقہ کے چار مسلم ممالک اردن، تیونس، مراکش، اور لیبیا کے نوجوانوں  کے لیے تعلیم، سانئس، ثقافت اور میڈیا میں معاونت کا منصوبہ شروع کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے بر اعظم افریقہ میں تعلیم، سانئس، ثقافت اور میڈیا پر کام کرنے والے نوجوانوں کی تربیت کا منصوبہ متعارف کروایا ہے۔

    اقوام متحدہ انسداد دہشت گردی کے سربراہ ولادی میر ورونکو کی یو این کی ثقافتی ایجنسی کے سربراہ اودرے زولے سے جمعرات کے روز پیرس میں ملاقات کے بعد مشترکہ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے جاری اعلامیے میں ولادی میر ورنوکو کا کہنا ہے کہ  نوجوانوں کو بااختیار  بنانے کے بعد ہی اردن، لیبیا، موروکو اور تیونس میں تشدد اور انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’نوجوانوں کے ساتھ مل کر مقامی سطح پر کام کرنے سے ہی تشدد اور انتہا پسندی کو روک کر عوام کے دل جیتے جاسکتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ منصوبے کے تحت ذمہ دار مرد و خواتین کو مدد فراہم کی جائے۔ جو انتہا پسندی، تشدد اور بد سلوکی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوں۔

    ولادی میر ورنوکو نے نوجوان قیادت میں چلنے والے امن پروگرامز اور دنیا کو بہتر بنانے کے لیے ان کے آئیڈیاز کی قدر کرنے پر زور دیا۔

    اقوام متحدہ کے شعبہ تعلیم، سانئس اور ثقافت کے ڈائریکٹر ازولے کا کہنا تھا کہ ’اقوام متحدہ نوجوانوں کے ساتھ کام کرکے ہی امن کے مقاصد کو حاصل کرسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • سنیل گروور اب سلمان خان اور پرینکا چوپڑا کے ساتھ فلم ’بھارت‘ میں نظر آئیں‌ گے

    سنیل گروور اب سلمان خان اور پرینکا چوپڑا کے ساتھ فلم ’بھارت‘ میں نظر آئیں‌ گے

    ممبئی: بالی ووڈ کے معروف کامیڈین اداکار سنیل گروور اب سلمان خان اور پرینکا چوپڑا کے ساتھ آنے والی فلم ’بھارت‘ میں جلوہ گر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سنیل گروور کو بالی ووڈ کے سلطان کی فلم ’بھارت‘ میں کاسٹ کرلیا گیا ہے جہاں وہ سلمان خان کے قریبی دوست کا کردار ادا کریں گے جب کہ ان کا یہ کردار ان کی اب تک کی تمام فلموں سے دلچسپ اور اہم ہوگا۔

    خیال رہے کہ اداکار سنیل گروور گجنی، ہیروپنتی، ضلع غازی آباد، گبر از بیک اور باغی جیسے کامیاب فلموں میں کام کرچکے ہیں لیکن ان میں وہ مختصر کردار میں ہی دکھائی دیے جب کہ ان کی پہلی فلم ’کافی ود ڈی‘ ناکامی سے دوچار ہوئی تھی تاہم اب وہ فلم ’بھارت‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

    سابق حسینہ عالم پرینکا چوپڑا اب سپراسٹار سلمان خان کی ہیروئین بنیں‌ گی

    فلم ’بھارت‘ کے ہدایت کار عباس ظفر کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم میں نئے کاسٹ کیے جانے والے اداکار سے متعلق کہنا تھا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ سنیل گروور ہمارے اس پروجیکٹ کا حصہ ہوں گے، ردعمل میں اداکار نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ فلم ’بھارت‘ سلمان خان کی اب تک کی سب سے بڑی بجٹ کی فلم ہوگی جو 2018 میں عید کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

    فلم پنڈتوں کے مطابق سنیل گروور کو فلم میں کاسٹ کرنے اور سلمان خان، پرینکا چوپڑا کے فین فالوئنگ کو دکھاتے ہوئے یوں لگتا ہے کہ عباس ظفر کی یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوگی، اپنے ایک تازہ بیان میں پرینکا نے فلم کی شوٹنگ کے آغاز اور سلمان خان کے مدمقابل دوبارہ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیلم جہلم پاور پروجیکٹ کے تحت بجلی کی فراہمی کا آغاز ہوگیا

    نیلم جہلم پاور پروجیکٹ کے تحت بجلی کی فراہمی کا آغاز ہوگیا

    لاہور: نیلم جہلم پاور پروجیکٹ کے تحت آزمائشی بنیاد پر بجلی کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں منصوبے کے پہلے یونٹ سے نیشل گرڈ کو 60 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے شارٹ فل سے پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کے لیے نیلم جہلم پاور پروجیکٹ کی بنیاد رکھی گئی جس سے اب بجلی کی فراہمی شروع ہوچکی ہے۔

    انتطامیہ کے مطابق منصوبے کا پہلا یونٹ 2 روز میں پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرے گا اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے 4 پیداواری یونٹ ہیں جس میں ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 242 میگاواٹ ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں 10گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ، عوام مشکلات کاشکار

    منصوبے کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 969 میگاواٹ ہے دوسری جانب دیگر 3 یونٹس ایک ایک مہینے کے وقفے سے بجلی کی پیداوار شروع کریں گے، جبکہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح 13 اپریل کو کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جلی کے شارٹ فال اور  پیداوار میں کمی کے باعث شہری بھی سراپا احتجاج ہیں۔

    لوڈشیڈنگ کی معلومات کے لیے موبائل ایپ متعارف

    دوسری جانب بجلی صارفین کا کہنا ہے کہ ملک میں آٹھ سے نو گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، بجلی نہ ہونے کے باوجود گھروں میں اضافی بل بھیجے جاتے ہیں، جس سے غریب عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تھرپارکر: خواتین کو سبزیاں اور پھل کاشت کرنے کی خصوصی تربیت کا آغاز

    تھرپارکر: خواتین کو سبزیاں اور پھل کاشت کرنے کی خصوصی تربیت کا آغاز

    تھرپارکر: سماجی تنظیم رورل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (آر ڈی اے) کی جانب سے تھرپارکر کی خواتین کو مقامی سطح پر سبزیاں اور پھل کاشت کرنے کی تربیتی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ولی نھڑیو کے مطابق تھر میں جاری غذائیت کی کمی کے شکار باشندوں کے لئے مقامی سماجی تنظیم (آر ڈی اے ) نے تھر کے گوٹھوں قصبوں میں موجود کنوؤں کے قریب سبزیاں اور پھل کاشت کرنے کے لیے خواتین کو تربیت دینے کا منصوبہ شروع کیا ہے کیوں کہ تھر کے باشندے سبزیاں اور پھل خریدنے کی قوت نہیں رکھتے او غذائی قلت کا شکار ہیں۔

    تھر پارکر قحط سالی سے موروں کی اموات کا سلسلہ نہ رک سکا

    سماجی ادارہ (آر ڈی اے) کی جانب سے تھر کے مختلف دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ گھریلو سطح پر سبزیان اور پھل کاشت کرنے کے چھوٹے چھوٹے منصوبوں کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے تھر کے تین تحصیلوں جن میں اسلام کوٹ اور ڈیپلو میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے شمشی توانائی پر چلنے والے سمر پمپ اور ہینڈ پمپ نصب کئے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ ضلع تھرپارکر کے مختلف دیہاتوں اور قصبوں میں گزشتہ سال کے دوران غذائی قلت سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد ساڑھے تین سو سے بھی تجاوز کرگئی تھی اور رواں سال  سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 101معصوم بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    تھر پارکر: صوبائی حکومت کی مجرمانہ غفلت یا کچھ اور،بچوں کی اموات 95 ہوگئیں

    خیال رہے کہ 22 ہزار مربع کلومیٹر پر پھیلے تھر کے 17 لاکھ باسی کئی سالوں سے قحط سالی اور غذائی قلت کا شکار ہیں اور تھرپارکر میں 80فیصد سے زائد آبادی موجودہ صورتحال میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگیاں بسر کرنے پر مجبور ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سی پیک کے تحت پاکستان میں 9 انڈسٹریل پارکس بنائے جائیں گے

    سی پیک کے تحت پاکستان میں 9 انڈسٹریل پارکس بنائے جائیں گے

    اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت پاکستان میں 9 صنعت سے متعلق خصوصی پارکس بنائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کی جانب سے جن نو صنعتی پارکس بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا ان میں سے تین رواں برس مکمل کر لیے جائیں گے جس کے لیے کام تیز سے جاری ہے۔

    چین میں موجود پاکستانی سفیر مسعود خالد نے مقامی میڈیا انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چین کا ہمشیہ سے صنعتی پارکس بنانے کا ریکارڈ کامیاب رہا ہے اور چین پاکستان میں بھی نو انڈسٹریل پارکس بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    ملکی ترقی اور سی پیک کی ناکامی کیلئےدشمن ایجنسیاں کام کررہی ہیں،احسن اقبال

    انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے اب تک پاکستان میں ساٹھ ہزار لوگوں کو روزگار ملا، علاوہ صنعتی پارکس کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ چین کو بھی فائدہ ہوگیا جس کے تحت سرمایہ کاروں کے اشتراک سے صنعتی یونٹس لگائے جائیں گے جس سے بڑے پیمانے پر لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

    مسعود خالد کا کہنا تھا کہ 22 ہزار پاکستانی طلب علم سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف مضامین میں چین میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان نہ صرف معیشت بلکہ سماجی شعبوں میں بھی تعلقات بڑھتے جا رہے ہیں۔

    سی پیک کی ترقی سے ہمارا دشمن پریشان ہوگا‘ ڈی جی کوسٹ گارڈ

    پوچھے گئے سوال پر پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں اس وقت بائیس چھوٹے بڑے منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہے جو تکمیل کے مختلف مراحلے ہیں، جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے لیے منصوبہ انتہائی اہم ہے جس سے معیشت مضبوط ہوگی اور دو طرفہ تعلقات میں مزید اضافہ بھی ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ابوظہبی میں پہلے مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ابوظہبی میں پہلے مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    ابوظہبی : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ابوظہبی میں پہلے مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا، مندر دو ہزار بیس میں مکمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو متحدہ عرب امارات پہنچے اور یو اے ای کے دارالحکومت ابوظہبی میں پہلے مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ابوظہبی کا یہ پہلا مندر 2020 میں مکمل ہوگا۔

    مندر کا افتتاح کرتے ہوئے مودی کا کہنا تھا کہ اس سے خلیج کی مسلم اقوام کے ساتھ رواداری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، بھارت مایوسی کے دور سے نکل چکا ہے اور اس سے اب یقین ہو گیا ہے کہ چیزیں تبدیل ہوجائیں گی۔

    مندر کے لیے زمین ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النیہان نے عطیہ کی ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نے بھی ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النیہان کا مندر کے لیے زمین عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ یہ مشر ق وسطیٰ میں بھی پہلا ہندو مندر ہوگا۔

    اس سے قبل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور متحدہ عرب امارات کے شہزادے شیخ محمد بن زید النیہان کے ساتھ ملاقات میں پچہتر بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر معاہدے کیے۔

    خلیج میں نو ملین بھارتی ہر سال پینتیس بلین ڈالر زرمبادلہ کی شکل میں بھیجتے ہیں۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ابو ظہبی کے شہزادےکی جانب سے مزید سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں نریندر مودی کو شہزادے کی جانب سے مندر کے تحفے بھی پیش کئے گئے۔

    خیال رہے کہ 2015 میں نریندر مودی کے دورے پر امارتی حکومت نے ابوظہبی کی تاریخ میں بننے والے پہلے ہندو مندر بنانے کی منظوری دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ناظم آباد پل، ایک تاریخی عہد تمام ہوا

    ناظم آباد پل، ایک تاریخی عہد تمام ہوا

    کراچی: ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کا قدیمی پُل منہدم کرنے کا آغاز کردیا گیا، پل منہدم ہوتے وقت علاقہ مکینوں سمیت عوام کی بڑی تعداد 1950 میں تعمیر کیے گئے پل سے وابستہ یادوں کو تازہ کرنے کے لیے اس مقام پر موجود تھی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس اور ناظم آباد پل کے نام مشہور پل کو گرین لائن بس پروجیکٹ کے ترقیاتی کام میں رکاوٹ کے باعث آج سے مہندم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

    اس پل کی تعمیر اُس وقت شروع کی گئی تھی جب ناظم آباد سے شمال کی طرف جانے والا راستہ گویا جنگل پار کرنے کے مترادف ہوتا تھا، حکومت پاکستان نے عوام کی مشکلات کو دور کرنے کےلیے 1950 میں اس منصوبے کے پہلے مرحلے کا سنگِ بنیاد رکھا، چونکہ اُس وقت ناظم آباد سے آگے آبادی کم تھی لہذا پُل کا ایک ہی حصہ تعمیر کیا گیا تھا۔

    4

    خیال رہے جس وقت اس کا ایک حصہ تعمیر کیا گیا تھا اُس وقت شہر قائد میں آبادی آج کے لحاظ سے بہت کم تھی اور نارتھ ناظم آباد سے آگے بستیاں موجود نہیں تھیں تاہم وقت نے کروٹ لی اور آبادی آہستہ آہستہ آگے کی جانب بڑھنا شروع ہوئی تو ناگن چورنگی اور پھر سرجانی ٹاؤن اور اب خدا کی بستی سے آگے تک کے علاقے آباد ہوگیے۔

    3

    گرین لائن اور اورنج لائن منصوبے پر جہاں عوام خوش ہیں وہیں اس پُل کے مسمار ہونے پر افسردہ بھی ہیں، عوام کا ماننا ہے کہ یہ بسوں کا ترقیاتی منصوبے کی تکمیل نہ جانے کب ہوگی مگر اُس وقت تک ٹریفک جام کے باعث اذیت سے دوچار ہونا پڑے گا۔2

    اس پل کی گولڈن جوبلی مکمل ہونے پر عوام جہاں خوش ہیں وہیں منہدم ہونے پر مایوسی کا شکار بھی ہیں، پُل کے ابتداء پر لگے ہوئے ایک فلاحی ادارے کے پوائنٹ پر بیٹھے رضا کار نے اس کے منہدم ہونے پر کہا کہ ’’ہماری کوشش ہوتی ہے کہ مریض کو بروقت اسپتال پہنچا کر اُس کی قیمتی جان کو محفوظ کر سکیں مگر ٹریفک جام کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں بروقت اسپتال نہ پہنچنے پر ضائع ہوجاتی ہیں‘‘۔

    1

    انہوں نے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’اس منصوبے کی تکمیل تک اپنے عزیزواقارب (مریضوں) کو ایمرجنسی کی صورت میں عباسی شہید اسپتال لانے کا نہ سوچیں کیونکہ پل منہدم ہونے سے ٹریفک جام کی صورتحال بدتر ہوگی اور مریض اسپتال نہیں پہنچ سکے گا‘‘۔

    ایک اور بزرگ شہری نے پل گرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت نے ہم سے ساری قدیمی چیزیں چھین لیں، پہلے اس پل کے نیچے ٹرام چلتی تھی اُس کی سہولت بند ہوئی اور پٹریاں غائب ہوگئیں، اب  آبادی بھی بڑھ گئی حکومت ہمارے لیے جو بھی اقدامات کرے مگر ہمیں تکلیف سے نجات دلانا بھی اُس ہی کی ذمہ داری ہے‘‘۔

    5

    ایک اور نوجوان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ پل کالج آنے جانے میں کارآمد ثابت ہوتا تھا، بچپن سے نوجوانی تک اس پل پر سفر کیا پہلے والد کے ساتھ اور اب اکیلے، نوجوان کا کہنا ہے کہ ’’نہ جانے اس پل کے ختم ہونے سے ہمیں کیا فائدہ حاصل ہوگا، کیونکہ گرین بس کا منصوبہ صوبائی سطح پر پہلے بھی شروع کیا گیا مگر اُس کا کیا حال ہوا یہ سب جانتے ہیں‘‘۔

    جاوید نامی شخص کا کہنا تھا کہ ’’ہماری پرانی یادیں گرین لائن منصوبے کے لیے قربان کردی گئیں اور ایک اہم قدیمی تاریخ کو مٹایا جارہا ہے، امید ہے بس منصوبہ عوام کے لیے ہو، نہ ہی اس کا فائدہ کسی شخص کو کمیشن کی صورت میں ہو‘‘۔

    پل کے ساتھ بیٹھے پنکچر والے کا خیال ہے کہ’’ ترقیاتی منصوبوں میں امیروں نہیں بلکہ غربیوں کو نشانے پر رکھا جاتا ہے، آئندہ 6 ماہ سے زیادہ مجھ جیسے کئی لوگ بے روزگار رہیں گے، حکومت کو منصوبے سے قبل روزگار متاثر ہونے والے افراد کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے‘‘۔

    رکشہ ڈرائیور جو پل منہدم ہونے کا منظر دیکھ رہا تھا اس کا ماننا ہے کہ ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے مگر لوگوں کو متبادل روٹ فراہم کرنا بھی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ہر کام سے قبل اچھی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے تاکہ عوام کو مشکلات پیش نہ آئیں، ناقص حکمت عملی کے باعث اب شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین نوعیت اختیار کرے گا کیونکہ گرومندر پر بھی کھدائی کا کام جاری ہے۔

    یاد رہے گرین لائن بس پروجیکٹ کا روٹ 19 کلومیٹر ہے، جو سرجانی ٹاؤن سے ٹاور تک محیط ہے، اس منصوبے کے تحت 100 بسیں چلائی جائیں گی اور روٹ پر 21 سے زائد اسٹیشنز تعمیر کیے جارہے ہیں۔

    اس منصوبے کی تکمیل کے بعد یومیہ 3 لاکھ افراد بسوں میں سفر کریں گے، ہر اسٹیشن پر گاڑی رکنے کا وقت ڈیڑھ منٹ مقرر کیا جائے گا اور پل پر مخصوص بسوں کے علاوہ کسی اور گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔